Tag: Running

  • امریکا سے ڈاکٹریٹ‌ کرنے والا سعودی شہری اوبر کیوں چلارہا تھا؟

    امریکا سے ڈاکٹریٹ‌ کرنے والا سعودی شہری اوبر کیوں چلارہا تھا؟

    ریاض : امریکا سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والا سعودی نوجوان گھر بنانے کی خاطر اوبر چلانے لگا۔

    دنیا بھر میں خصوصاً پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ روزگار نہ ملنے یا کم آمدنی کے باعث جز وقتی ملازمت کو اپناتے ہیں تاکہ گھریلو اخراجات کو پورا کرسکیں۔

    ایسا ہی ایک نوجوان تیل کی دولت سے مالا مال ریاست سعودی عرب میں مقیم ہے جس نے امریکا نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کررکھی ہے اس کے باوجود وہ سعودی عرب میں اوبر ٹیکسی چلاتے ہیں۔

    اوبر چلانے کی وجہ روزگار کا نہ ہونا یا گھریلو اخراجات کےلیے مالی وسائل کی کمی نہیں بلکہ خوابوں کے گھر کی تعمیر ہے۔

    المدینہ اخبار کے کالم نگار ڈاکٹر عبداللہ صادق دحلان نے اس بات کا انکشاف اپنے خصوصی کالم میں کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے جدہ کے ایک اسپتال سے گھر جانے کےلیے اوبر ٹیکسی بُک کی اور کچھ دیر بعد گاڑی آگئی۔

    دحلان کہتے ہیں کہ ڈرائیور حیران کن پوشاک پہنے ہوئے اور اعلی درجے کے اخلاق اور شاندار تہذیب سے آراستہ تھا-

    اسپتال سے گھر جاتے ہوئے گپ شپ شروع ہوگئی، میرے دل میں آرزو پیدا ہوئی کہ کاش اسپتال سے مکہ مکرمہ کا سفر ہوتا تو زیادہ بہتر ہوتا تاکہ اوبر ڈرائیور کے ساتھ اعلی درجے کے مکالمے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتا۔

    دحلان نے محسوس کیا کہ اوبر کا ڈرائیور کوئی عام شخص نہیں بلکہ منفرد شخصیت کا مالک ہے، جس کے بعد انہوں نے ڈرائیور سے تعارف کرانے کا اسرار کیا۔

    شدید اصرار پر ڈرائیور نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ امریکا سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کرکے آیا ہے اور یہاں اپنے خوابوں کا گھر حاصل کرنےکےلیے اوبر ٹیکسی چلا رہا ہے جس کی ماہانہ قسط 15 ہزار ریال ہے۔

    نوجوان نے بتایا کہ وہ روزانہ پانچ گھنٹے اوبر چلاتا ہے جس سے وہ روزانہ پانچ سو ریال اوسطا کما لیتا ہے۔

  • دوڑنا گھٹنوں کے لیے فائدہ مند یا نقصان دہ؟

    دوڑنا گھٹنوں کے لیے فائدہ مند یا نقصان دہ؟

    جاگنگ کرنا یا بھاگنا ورزش کرنے اور جسم کو فعال رکھنے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ بعض طبی ماہرین کا خیال ہے کہ روزانہ بھاگنے کی عادت گھٹنوں کے لیے نقصان دہ ہے اور یہ گھٹنوں کی تکلیف کا سبب بن سکتی ہے۔

    حال ہی میں امریکی ماہرین نے اس خیال کی حقیقت جاننے کے لیے ایک سروے کیا جس میں حیرت انگیز نتائج سامنے آئے۔

    اس تحقیق کے لیے ماہرین نے باقاعدگی سے جاگنگ کرنے والے 15 افراد کے خون اور گھٹنوں میں موجود سیال مادے کی جانچ کی۔

    ماہرین نے یہ نمونے دو بار لیے۔ ایک اس وقت جب انہوں نے 30 منٹ تک جاگنگ کی اس کے فوری بعد ان کے جسمانی نمونے لیے گئے۔ دوسرے اس وقت جب وہ کافی دیر تک بیٹھے رہے اور انہوں نے کوئی جسمانی حرکت نہیں کی۔

    ماہرین کا خیال تھا کہ 30 منٹ جاگنگ کے بعد ان افراد کے گھٹنوں میں موجود سیال مادے کے مالیکیولز میں تبدیلیاں واقع ہوئی ہوں گی جو گھٹنوں میں سوزش یا تکلیف کا سبب بن سکتی ہے۔

    running-2

    لیکن نتیجہ اس کے برعکس نکلا جس نے ماہرین کو بھی حیران کردیا۔

    انہوں نے دیکھا کہ 30 منٹ کی جاگنگ کے بعد گھٹنوں کی تکلیف اور سوزش کا سبب بنے والے عوامل میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

    ماہرین نے دیکھا کہ مستقل بیٹھے رہنے کے باعث گھٹنوں میں سوزش کا جو امکان تھا وہ بھاگنے دوڑنے کے بعد کم ہوگیا۔

    تاہم ماہرین نے چھوٹے پیمانے پر کی گئی اس تحقیق کے نتائج کو حتمی قرار دینے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مصدقہ و حتمی نتائج کے لیے انہیں بڑے پیمانے پر، ہر عمر اور ہر عادات کے افراد کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    علاوہ ازیں انہیں علم نہیں کہ مستقل دوڑنے والے افراد جیسے میراتھن کے کھلاڑیوں پر بھی یہی نتائج مرتب ہوتے ہیں یا نہیں، کیونکہ تحقیق میں کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔

    ماہرین اس امر کے متعلق بھی اندھیرے میں ہیں کہ گھٹنوں کے مختلف امراض اور مسائل کا شکار افراد اس طریقے سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں یا انہیں مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

  • یادداشت بہتر بنانے کے لیے ننگے پاؤں دوڑیں

    یادداشت بہتر بنانے کے لیے ننگے پاؤں دوڑیں

    کیا آپ جانتے ہیں جوتے پہن کر بھاگنے کی بہ نسبت ننگے پاؤں بھاگنا یادداشت کے لیے فائدہ مند ہے؟

    امریکا کی نارتھ فلوریڈا یونیورسٹی کے پروفیسر کے مطابق یادداشت کو فعال رکھنا زیادہ ضروری ہے۔ اگر کوئی چیز ہماری یادداشت میں ہے لیکن جب اس کی ضرورت پڑے اس وقت وہ یاد نہ آئے تو اس کا مطلب ہے آپ کو اپنی یادداشت بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    اس تحقیق کے لیے 18 سے 44 سال کی عمر کے افراد کو ننگے پاؤں اور جوتے پہن کر دوڑایا گیا اور اس دوران ان کی یادداشت کا جائزہ لیا گیا۔ نتیجے کے مطابق جو لوگ ننگے پاؤں دوڑے تھے ان کی یادداشت نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    ماہرین کے مطابق یہ تحقیق ان لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوگی جو اپنی یادداشت کو فعال رکھنے کے لیے کسی آسان طریقے کی تلاش میں ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اگر آپ یادداشت بہتر کرنے کے اس طریقے پر عمل کرنے جارہے ہیں تو اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ کسی ایسی جگہ دوڑیں جہاں آپ کے پیروں کو چوٹ نہ لگے ورنہ آپ یادداشت بہتر بنانے کے چکر میں اپنے پاؤں زخمی کروا بیٹھیں گے۔