Tag: runway

  • یو اے ای آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ، مسافر پھنس گئے

    یو اے ای آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ، مسافر پھنس گئے

    دبئی : یو اے ای میں ہونے والی تیز بارشوں سے ملکی و غیرملکی ائیر لائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا۔ متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کے رن وے پر کئی فٹ بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا،دبئی سے لاہور آنے جانے والی پروازیں شدید متاثر ہوگئیں سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے203منسوخ جبکہ دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے204 بھی منسوخ کردی گئی۔

    اس کے علاوہ لاہور سے شارجہ جانے والی پرواز پی کے185کو منسوخ جبکہ لاہور سے دبئی، نجی ایئرلائن کی پرواز ای آر1723دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

    rain

    ذرائع کے مطابق دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ای آر1724نو گھنٹے تاخیرسے صبح لاہور پہنچے گی۔

    دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ای کے622ساڑھے 3گھنٹے تاخیر اور رات گئے لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ای کے623بھی 4گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    اس کے علاوہ لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے416تاخیر جبکہ دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے411ساڑھے 3گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

  • کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے متعلق اہم خبر

    کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے متعلق اہم خبر

    کوئٹہ: کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے آپریشنل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے (13L/31R) کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گئی اور اسے آپریشنل کر دیا گیا ہے۔

    مین رن وے پر پہلی پرواز پی کے 325 صبح 6 بجکر 20 منٹ پر اتری، جو اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے تھی، لینڈنگ کے موقع پع ایئرپورٹ منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر موجود تھے۔

    اپ گریڈ ہونے والے رن وے پر اترنے کے بعد جہاز کے پائلٹس نے ایئرپورٹ منیجر سے ملاقات کی، اور انھیں پراجیکٹ مکمل ہونے پر مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا ’’ہم نے ایک ہموار اور خوب صورت لینڈنگ کا لطف اٹھایا، رن وے پر نصب پاپی لائٹس شان دار ہیں۔‘‘

    ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق رَن وے کی اپ گریڈیشن پر 5 ارب روپے لاگت آئی ہے، رن وے کو جدید ترین ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے لیس کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایکاؤ کوڈ 4 ای (ICAO code 4E) طیارے جیسا کہ بوئنگ 777 اور اس کے مساوی جہاز ہر قسم کے موسم (دن/رات) میں اس رن وے پر اتر سکیں گے۔

  • فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند

    فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے ایئرپورٹ پر مرکزی رن وے کو بند کردیا گیا، رن وے 17 مئی تک بند رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے اپنے جاری کردہ نوٹس ٹو دی ایئر مین (نوٹم) میں کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے 03 آر تعمیراتی کام کے باعث 24 اپریل تا 17 مئی 2023 تک بند رہے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے باعث رن وے نمبر 03 آر پر بھاری مشینری لگادی گئی ہے۔

    نوٹم میں پائلٹس کو طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند

    لاہور ایئرپورٹ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو شدید دھند کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند کردیا گیا، بیرون ملک سے آنے والی 5 پروازوں کو بھی لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر ہے۔

    شدید دھند کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ کو طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند کردیا گیا۔

    دھند کی وجہ سے لاہور آنے والی 5 پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی، بیرون ملک سے آنے والی 5 پروازیں فضا میں ہی موجود ہیں جنہیں گو راؤنڈ کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جن پروازوں کو اترنے سے روکا گیا ہے ان میں مدینہ سے آنے والی پرواز پی کے 748، دوحہ سے آنے والی پرواز کیو آر 628، جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 760، راس الخیمہ سے آنے والی پرواز جی 9854 اور دمام سے آنے والی پرواز پی کے 248 شامل ہیں۔

    مذکورہ تمام پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی اور پروازیں فضا میں ہی چکر لگا رہی ہیں۔

  • سیالکوٹ ایئرپورٹ کے رن وے کی خستہ حالی، پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    سیالکوٹ ایئرپورٹ کے رن وے کی خستہ حالی، پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : سیالکوٹ ائیرپورٹ کے رن وے کی حالت انتہائی خراب ہوگئی جس کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا ہے، جدہ سے سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے746 سیالکوٹ ائیرپورٹ کا رن وے خراب ہونے کی وجہ سے طیارے کے ٹائروں کو نقصان پہنچا۔

    طیارہ لینڈنگ کے بعد موڑ لے رہا تھا کہ اس دوران رن وے اچانک بیٹھ گیا، رن وے خراب ہونے کی وجہ سے بوئنگ 777 طیارے کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث ٹائر مکمل طور ناکارہ ہو ٓگیا، حادثے کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

    ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے کے ٹائربیرون ملک سے منگوائے جاتے ہیں، ایک ٹائر پر سے8 سے 10 لاکھ روپے لاگت آتی ہے۔

    سیالکوٹ ائیر پورٹ کے رن کی کچھ عرصے قبل ہی مرمت کی گئی تھی، واقعے کے بعد بوئنگ 777 طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا گیا

    طیارہ سیالکوٹ ائیر پورٹ پر تین گھنٹے سے زائد گراونڈ رہا، طیارے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کے ٹائر کو لاہور سے منگوا کر تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد لاھور سے جدہ جانے والی پراوز پی کے 759تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

    اس کے علاوہ جبکہ جدہ سے لاھور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760طیارہ نہ ھونے کی وجہ سے3 کھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

  • ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی:بھارت میں پراسرار حرکتوں کا حامل ایک شخص ممبئی ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگ کر ایک طیارے کے نیچے چلتا پھرتا نظر آرہا ہے، یہ طیارہ روانگی کے لیے رن وے پر آنے کی باری کا انتظار کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پیش آنے والے واقعے کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا،یہ کلپ ایک دوسرے طیارے کے کاک پٹ سے بنایا گیا تھا،بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وڈیو میں نمودار ہونے والا اجنبی ایک طیارے کے نزدیک گھومتا پھرتا اور اس کا معائنہ کرتا نظر آیا۔

    داخلہ سیکورٹی فورسز کے ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جمعرات کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چالیس منٹ پر ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگی اورایک بج کر 42منٹ پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    ذریعے نے مزید بتایا کہ گرفتاری کے بعد اس شخص کی اچھی طرح تلاشی لی گئی مگر اس ے قبضے سے کچھ برآمد نہ ہوا، اس شخص کے پاس کوئی شناختی دستاویز بھی نہیں تھی۔

    ایئرپورٹ پر پولیس کے ایک افسر کے بیان کے مطابق دراندازی کرنے والے شخص کی عمر 24 سال ہے اور وہ سیون میں رہتا ہے، پولیس نے اس نوجوان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کسی طبی مسئلے کے تحت زیر علاج ہے۔

    اہل خانہ نے مزید بتایا کہ دوا نہ کھانے پر یہ شخص پریشان کن حرکات کا ارتکاب کرتا ہے۔ گذشتہ ہفتے وہ علاقے میں ایک بس کی چھت پر چڑھ گیا تھا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا، تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا۔ پائلٹ نے کمال مہارت سے دوران لینڈنگ طیارے پر قابو پالیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں، قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ارکان اسلام آباد سے گلگت روانہ ہوگیا ہے۔ ارکان طیارے کے کپتان سے معلومات حاصل کریں گے اور اس کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

    ایس آئی بی کے بعد پی آئی اے بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ پی آئی اے کی انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گلگت روانہ ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب گلگت آنے والے مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے پرواز روانہ کردی گئی ہے۔

  • امریکا میں مسافر بردار طیارہ پھسل کر دریا میں چلا گیا، طیارے میں سوار 136 افراد محفوظ

    امریکا میں مسافر بردار طیارہ پھسل کر دریا میں چلا گیا، طیارے میں سوار 136 افراد محفوظ

    واشنگٹن : امریکہ میں ایک مسافر طیارہ پھسل کر دریا میں چلا گیا، حادثے کے دوران طیارے میں سوار 136 افراد محفوظ رہے تاہم 21 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بوئنگ 737 کمرشل پرواز امریکی ریاست فلوریڈا میں اس وقت رن وے سے پھسل کر دریا میں چلی گئی جب وہ 136 مسافروں کو گوانتانا موبے نیول اسٹیشن سے لیکر جیکسن ویل کے قریب دریائے سینٹ جانز کے کنارے واقع نیول ائر بیس پراتری تھی۔

    ایئر اسٹیشن کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ فلائٹ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 40 منٹ پر رن وے سے پھسل کر دریا میں چلی گئی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ جیکسن ویل کے مئیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پرواز میں موجود تمام افراد محفوظ ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں پانی پر موجود فیول کو کنٹرول کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔

    جیکسن ویل کے شیرف آفس یعنی امن وامان قائم رکھنے والے دفترکی طرف سے بتایا گیا کہ طیارہ پانی میں ڈوبانہیں ہے اور طیارے میں سوار تمام مسافر زندہ ہیں، محفوظ ہیں۔

    جیکسن ویل میں امن و امان قائم رکھنے والے دفتر کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دو تصاویر بھی شئیر کی گئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میامی ایئر کے لوگوکے ساتھ طیارہ دریا میں کھڑا ہے اور مکمل محفوظ دکھائی دے رہا ہے۔

    میامی ائر انٹرنیشنل چارٹر ائر لائن ہے جو بوئنگ 800-737چلاتی ہے۔ بوئنگ کے ترجمان نے بتایا کہ وہ اس حادثے سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے معلومات جمع کی جارہی ہیں۔

    امریکا: مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 1 مسافر ہلاک، 7 زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکی فضائی کمپنی کے مسافر بردار طیارے کی امریکی شہر فلاڈیلیفیا میں انجن پھٹنے کے باعث ہنگامی لینڈنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ایک مسافر خاتون ہلاک جبکہ سات مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

  • برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع

    برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع

    لندن : مشکوک ڈرون کی رن وے پر پرواز کے باعث کئی گھنٹے بند رہنے والا برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے گیٹ وک انٹرنشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر گذشتہ شام سے 2 مشکوک ڈرونز پرواز کررہے تھے، جس باعث انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن معطل کرکے پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مشکوک ڈرونز کے باعث کل شام سے اب تک 800 پروازیں منسوخ کی گئی تھی، پروازوں کی منسوخی کے باعث ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    گیٹ وک ایئرپورٹ کے سی ای او چیرس ووڈروف کا کہنا ہے کہ تاحال ڈرونز اڑانے والے افراد لاتپہ ہیں اور ممکن ہے وہ ماحولیات کے لیے کام کرنے والے کارکن ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور فوج کی جانب سے اقدامات کو بہتر کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے ایک لاکھ 20 ہزار مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس ڈرونز اڑانے والے افراد کو ڈھونڈنے میں ناکام رہی جس کے بعد پولیس نے ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    یاد رہے کہ برطانیہ مصروف ترین انٹرنیشنل گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن گذشتہ شام سے رن وے پر مشکوک ڈرونز کی پرواز کے باعث بن ہے، جس کے باعث بدھ کی شب پروازوں کی معطلی کے باعث 10 ہزار مسافر متاثر ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔

  • شارجہ: منگیتر سے ملاقات کی خواہش، نوجوان رن وے سے گرفتار

    شارجہ: منگیتر سے ملاقات کی خواہش، نوجوان رن وے سے گرفتار

    شارجہ: بھارتی انجیئنر  نے اپنی منگیتر سے ملاقات کرنے کے لیے بغیر ویزہ، ٹکٹ سفر کرنے کا ارادہ کیا اور ائیرپورٹ کی دیوار پھلانگ کر جہاز میں بیٹھنے کی کوشش کی تو پولیس نے اُسے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں ملازمت کرنے والے 26 سالہ بھارتی نوجوان نے کمپنی سے گھر جانے کی اجازت طلب کی جو اُسے نہ مل سکی تو اُس نے منگیتر سے ملاقات کی خاطر اپنی جان کی پرواہ تک نہ کی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے سے بھارتی باشندہ گرفتار ہوا جس کی شناخت آر کے کے نام سے ہوئی، پولیس نے مذکورہ نوجوان سے تفتیش شروع کی تو سب حیران رہ گئے۔

    دو روز قبل پولیس نے رن وے پر ایک نوجوان کو دوڑتے ہوئے دیکھا تو پولیس اُسے دہشت گرد سمجھی اور اُس کی طرف پستولیں تان کر رکنے کی ہدایت کی۔

    نوجوان نے پولیس کی ہدایت پر رک گیا جس کے بعد اُسے گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا، بھارتی انجیئنر کا کہنا ہے کہ ’میں اپنی منگیتر کے بغیر نہیں رہ سکتا اور لڑکی کے والدین بھی ہماری شادی کروانے کے حق میں نہیں ہیں‘۔

    اُس کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی منگیتر کے والدین کو قائل کرنے کی کوشش کرنا چاہتا ہوں، چونکہ میرا ویزہ کمپنی کے پاس موجود ہے اس لیے ویزہ اور دیگر کاغذات کے بغیر بھارت جانے والے طیارے میں سوار ہونے کی کوشش کی  جو بہت خطرناک ثابت ہوسکتی تھی مگر مجھے اس کی پرواہ نہیں کیونکہ میرے لیے موجودہ صورتحال زیادہ دردناک ہے‘۔

    پولیس کے مطابق آر کے دیوار پھلانگ کر رن کی وجہ دوڑا جہاں ملازمین کو جانے کی بھی اجازت نہیں ، حراست میں لینے کے بعد جب اُس کی تلاشی لی گئی تو اُس کے پاس سے پاسپورٹ بھی یا دیگر کاغذات بھی برآمد نہیں ہوئے‘۔

    عدالت میں پیشی کے موقع پر نوجوان نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنی منگیتر اور اُس کے اہل خانہ سے ہر صورت ملنے کا خواہش مند ہے تاکہ میری شادی اُسی لڑکی سے ہوسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔