Tag: Russia

  • ماں کے اسکول جانے کی تاکید کرنے پر بیٹے کا لرزہ خیز اقدام

    ماں کے اسکول جانے کی تاکید کرنے پر بیٹے کا لرزہ خیز اقدام

    ماسکو: روس میں ایک 17 سالہ نوجوان نے اسکول جانے کی تاکید کرنے پر والدین اور بہن کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کردیا، لڑکے نے والد کا چہرہ کچل کر انہیں اپنے کپڑے بھی پہنا دیے تاکہ پولیس کو یہ تاثر جائے کہ باپ قتل کرنے کے بعد فرار ہوچکا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق اس لرزہ خیز واردات نے نہ صرف اہل علاقہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ پولیس کو بھی چکرا دیا، 17 سالہ وڈیم گوربونوف نے والدین کے بار بار اسکول جانے کی تاکید پر ہولناک قدم اٹھا لیا۔

    پولیس کے مطابق لڑکے نے کلہاڑی کے وار کر کے والدین اور بہن کو قتل کردیا اور گھر سے فرار ہوگیا۔ لڑکے نے والد کی لاش کچل کر ان کا چہرہ مسخ کردیا اور انہیں اپنے کپڑے پہنا دیے تاکہ پولیس کو لگے کہ وہ خود بھی قتل ہوچکا ہے۔

    ملزم کی یہ چال کامیاب رہی اور پولیس ابتدائی طور پر اس گمان میں رہی کہ کہ قتل والد نے کیا ہے جو اب فرار ہوچکا ہے۔

    بعد ازاں فرانزک رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ لاش بچے کی نہیں بلکہ والد کی ہے۔

    2 دن بعد پولیس نے نوجوان کو جائے وقوع سے 362 کلومیٹر دور گرفتار کرلیا، لڑکے نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسکول نہیں جانا چاہتا تھا اور اس کی والدہ زبردستی اسے اسکول بھیجنے کی تیاری کر رہی تھیں۔

    لڑکے کے مطابق ماں بیٹے کے درمیان شدید لڑائی ہوئی جس کے بعد ملزم نے غصے میں کلہاڑی اٹھا کر پہلے والدہ پر وار کیا اور پھر والد پر حملہ کردیا۔ آخر میں لڑکے نے اپنی بہن کو بھی قتل کردیا۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔

  • امریکا نے روس پر پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے روس پر پابندیاں عائد کردیں

    ماسکو: امریکا نے روسی بلاگر کو زہر دینے کی سازش کے الزام میں روس پر پابندیاں عائد کردیں، بین الاقوامی ماہرین ان امریکی پابندیوں کو محض علامتی قرار دے رہے ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں یورپی یونین کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد اب امریکا نے بھی روسی بلاگر الیکسی نوالنی کو زہر دینے کی سازش کے الزام میں روس پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے متعدد روسی حکومتی عہدے داروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    بائیڈن انتظامیہ اس سے قبل نوالنی کے قتل کی سازش کا الزام روسی صدر پر عائد کرتی رہی ہے تاہم امریکا نے ان پر پابندی عائد نہیں کی تھیں، بین الاقوامی ماہرین ان امریکی پابندیوں کو محض علامتی قرار دے رہے ہیں۔

    قبل ازیں یورپی یونین کے کئی ملک بھی اس معاملے پر روسی حکام پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

    روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے امریکا کے اس اقدام کے بعد خبردار کیا ہے کہ روس اس معاملے پر جوابی اقدامات اٹھائے گا۔

    روس کی وزارت خارجہ کے مطابق روس کا جواب مناسب اور برابری کی سطح پر ہوگا، روسی حکومت کے ترجمان دیمتری بیسکوف نے کہا ہے کہ مغرب کی طرف سے روس کے خلاف پابندیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ جو اس طرح کے اقدامات کی خواہش رکھتے ہیں، انہیں سوچنا چاہیئے کہ اس پالیسی سے کچھ مقصد حاصل نہ ہوگا۔

  • روس 45 برسوں میں پہلی بار چاند کی کھوج دوبارہ شروع کر رہا ہے

    روس 45 برسوں میں پہلی بار چاند کی کھوج دوبارہ شروع کر رہا ہے

    ماسکو: رواں برس خلائی سائنس کے بڑے منصوبے شروع کرتے ہوئے روس برسوں بعد چاند کی کھوج دوبارہ شروع کر رہا ہے، قومی خلائی ادارے کے چیف نے کہا ہے کہ روس 45 برسوں میں پہلی بار چاند کی کھوج دوبارہ شروع کرنے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس رواں برس 2021 میں خلائی سائنس میں بڑے منصوبے رکھتا ہے، روس کی جانب سے 29 راکٹ خلا میں چھوڑے جائیں گے۔

    اس سلسلے میں روسی خلائی سرگرمیوں کے لیے قائم روسکوسموس (Roscosmos) کارپوریشن کے سی ای او دمتری روگوزین نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو ہفتے کو بتایا کہ ٹائم ٹیبل کے مطابق روس 2021 میں 29 خلائی راکٹ چھوڑے گا۔

    روسی قومی خلائی ایجنسی کے چیف کا کہنا تھا کہ 2020 میں 17 خلائی راکٹ چھوڑے گئے تھے اور 7 فوجی میزائل لانچ کیے گئے تھے۔

    روگوزین نے کہا کہ رواں برس ہم نے بہت اہم منصوبوں پر عمل درآمد کرنا ہے، 45 برسوں میں پہلی بار ہم چاند کی چھان بین دوبارہ شروع کریں گے۔

    روسی کمپنی کلاشنکوف کا جدید ترین سب مشین گنز کی فراہمی کا اعلان

    انھوں نے بتایا کہ اکتوبر میں اسپیس پورٹ ’ووستوچنی‘ سے گرنے والے ماڈیول (خلائی جہاز سے الگ ہونے والا حصے) کو لانچ کیا جائے گا، اس کے بعد چاند کی خود کار کھوج شروع کی جائے گی، اور پھر آدمی بردار پروگرام شروع کیا جائے گا۔

    روگوزین کا کہنا تھا دو ماڈیولز انٹرنیشنل اسپیس سینٹر (آئی ایس ایس) بھیجے جائیں گے، دونوں جنوبی قازقستان میں قائم اسپیس پورٹ بیکانور پر پہلے سے موجود ہیں، اور ان کے الیکٹرک ٹیسٹ مکمل ہونے جا رہے ہیں، سب سے بڑا ماڈیول نوکا (Nauka) مئی میں لانچ کیا جائے گا، جب کہ انگارہ (Angara) نامی خلائی راکٹ کے ٹیسٹ کا عمل اس دوران جاری رہے گا۔

  • روسی کمپنی کلاشنکوف کا جدید ترین سب مشین گنز کی فراہمی کا اعلان

    روسی کمپنی کلاشنکوف کا جدید ترین سب مشین گنز کی فراہمی کا اعلان

    ابوظبی: روسی اسلحہ ساز گروپ آف کمپنیز کلاشنکوف نے رواں سال نئی جدید ترین سب مشین گنز کی فراہمی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلحہ ساز کمپنی کلاشنکوف کے سی ای او نے کہا ہے کہ کمپنی 2021 میں نئی سب میشین گنز کی فراہمی شروع کر دے گا۔

    کلاشنکوف کے سی ای او دمتری تاراسوف نے ابوظبی میں منعقدہ IDX-2021 بین الاقوامی اسلحہ نمائش میں بتایا کہ کلاشنکوف گروپ آف کمپنیوں کا منصوبہ ہے کہ رواں سال میں 9 ملی میٹر PPK-20 میٹرو سب میشین گنز کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔

    تاراسوف کا کہنا تھا ’پی پی کے‘ سب میشین گنز کی فراہمی ابھی شروع نہیں ہوئی، منصوبہ بندی کے تحت اس کی سپلائی 2021 میں شروع ہوگی، انھوں نے کہا کہ یہ جدید ترین سب میشین گنز Vityaz-SN سب میشین گنز کی بنیاد پر تیار کی گئی ہیں جو کہ ثابت شدہ مشین گنیں ہیں۔

    تاراسوف نے مزید کہا کہ نئی مشین گنوں اور وٹیاز میں کئی لحاظ سے فرق ہے جس میں اس کے فائرنگ مکینزم میں لائی جانے والی تبدیلیاں، زیادہ اعلیٰ درجے کا بٹ اسٹاک، سائلنسر اور نیا سوئچ شامل ہیں۔

    کمپنی کے اعلیٰ منیجر نے بتایا کہ اس سے قبل ’پی پی کے 20‘ نے 2020 میں ریاستی ٹرائلز پاس کیے تھے۔

  • روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج پاکستان پہنچیں گے

    روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، دورہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستانی روابط کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے جبکہ پاکستانی ہم منصب محمد صادق سمیت دوسری حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں میں افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دورہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستانی روابط کا حصہ ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دورے سے پاک روس تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

  • روس کے بحری جہاز ہائپر سونک ہتھیاروں سے لیس

    روس کے بحری جہاز ہائپر سونک ہتھیاروں سے لیس

    ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ روسی بحریہ کے جدید فریگیٹس ہائپر سونک ہتھیاروں سے لیس ہوں گے، ان جہازوں پر زیادہ مقدار میں گولہ بارود ہوگا۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی ملکی شپ بلڈنگ انڈسٹری کے ایک ادارے نے بتایا ہے کہ روسی بحریہ کے جدید پروجیکٹ 22350 فرگیٹ ایڈمرل امیلکو اور ایڈمرل چیچاگوف ہائپر سونک ہتھیاروں کے کیریئر بن جائیں گے اور ہر بحری جہاز 32 کروز میزائل لے جانے کے قابل ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ یہ دونوں جہاز، فرگیٹ ایڈمرل آملو اور ایڈمرل چیچاگوف اس سلسلے کے معیاری سیریل تیار کردہ جہازوں کو دیے گئے اہداف کو پورا کرنے کے قابل ہوں گے۔

    اطلاعات کے مطابق ان جہازوں پر زیادہ مقدار میں گولہ بارود ہوگا، اس کے علاوہ انہیں ہائپر سونک ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جا سکے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں روس نے خوفناک انٹر سیپٹر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    وزارت دفاع کے مطابق اے بی ایم سسٹم کے نئے انٹر سیپٹر میزائل نے متعدد تجربات میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا اور پہلے سے طے شدہ تصوراتی ہدف کو نشانہ بنایا۔

    اسی ماہ روس نے نئے ہائپر سونک اینٹی شپ کروز میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    ہائپر سونک میزائل نے برنٹس سمندر میں 450 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو نشانہ بنایا اور ماک 8 کی رفتار کو چھوا جو آواز کی رفتار سے 8 گنا زیادہ ہے۔

  • 200 سال قبل جنگ میں ہلاک سپاہیوں کی آخری رسومات ادا

    200 سال قبل جنگ میں ہلاک سپاہیوں کی آخری رسومات ادا

    ماسکو: ماضی کے معروف فرانسيسی جنرل نپولين کے دور ميں سنہ 1812 ميں لڑی گئی ايک جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے فرانسيسی اور روسی فوجيوں کی آخری رسومات دوبارہ ماسکو میں ادا کی گئیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مغربی روس کے چھوٹے سے شہر ويازما ميں 13 فروری کے روز 126 افراد کی آخری رسومات ادا کی گئيں۔

    تابوتوں ميں 120 فرانسيسی اور روسی فوجیوں سميت 3 عورتوں اور 3 نوجوانوں کی باقيات تھيں، ماسکو سے لگ بھگ 200 کلو ميٹر مغرب کی طرف واقع اس شہر ميں منفی 15 ڈگری سينٹی گريڈ درجہ حرارت اور سخت برفباری ميں ملٹری بينڈ نے ترانہ بجايا اور فوجيوں نے پوری عقيدت اور احترام کے ساتھ مرنے والوں کو سپرد خاک کيا۔

    تفہن کے بعد انہیں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

    یہ افراد سنہ 1812 کی جنگ کے دوران ہلاک ہوئے تھے اور انيسويں صدی کے ان روسی اور فرانسيسی فوجيوں کو علامتی طور پر دوبارہ سپرد خاک کيا گيا ہے۔

    ان تمام افراد کی ہلاکت فرانسيسی فوجی کمانڈر نپولين بونا پارٹ کے ماسکو سے پسپائی کے بعد واپسی کے وقت، 3 نومبر سنہ 1812 کو جنگ ويازما ميں ہوئی تھی۔ يہ اس وقت کی بات ہے جب روس سے نپولين کی فوج کی پسپائی ابھی شروع ہی ہوئی تھی۔

    روسی اور فرانسيسی ماہرين آثار قديمہ کو جنگ ويازما ميں ہلاک ہونے والے ان فوجيوں کی باقيات سن 2019 ميں ايک اجتماعی قبر سے ملی تھيں۔ ان ميں سے 120 فوجی تھے، 3 عورتيں زخميوں کو طبی امداد فراہم کرنے والی کارکن تھیں اور 3 نوجوان ڈھول پيٹنے والے تھے۔

    ان سب کی دوبارہ تدفين کا مقصد محض علامتی تھا، تعميراتی کام کے دوران جب يہ قبر دريافت ہوئی، تو پہلے سمجھا گيا کہ يہ دوسری عالمی جنگ کے دور کی کوئی اجتماعی قبر ہے۔

    تاہم فوجيوں کی جسمانی باقيات اور ان کی وردیوں پر لگے بٹنوں سے پتا چلا کہ ان کا تعلق فرانسيسی فوج کی 30 ویں اور روسی فوج کی 55 ويں انفنٹری سے تھا اور وہ سب ويازما کی جنگ ميں مارے جانے والے افراد تھے۔

    مذکورہ تقریب میں پرنس يوآخم مورات بھی شریک ہوئے جن کا تعلق نپولين کے سب سے مشہور مارشل کے خاندان سے تھا۔

  • روسی بحریہ نے آبدوز عملے کو بچانے کا جدید ترین تجربہ کر لیا

    روسی بحریہ نے آبدوز عملے کو بچانے کا جدید ترین تجربہ کر لیا

    ماسکو: روسی بحریہ نے سب مرینرز کی زندگی بچانے کے لیے جدید ترین نئے گیئر کا تجربہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی بحریہ کے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ریسکیو اینڈ انڈر واٹر ٹیکنالوجیز نے اپنے تجرباتی مرکز میں آب دوزوں کے عملے کی زندگی بچانے والے نئے گیئر کا تجربہ کیا ہے۔

    اس تجربے کے دوران آب دوز کے تارپیڈو ٹیوبز اور ہنگامی اخراج (اسکیپ ہیچ) کے ذریعے عملے کے بہ حفاظت نکلنے کی مشق کی گئی۔

    نئے SSP-M gear کی خصوصیات پہلے والے سے کہیں زیادہ ہیں، جیسا کہ اوپر چڑھنے کی رفتار، تھرمل خواص، کارکردگی جانچنے کا سسٹم، سروس لائف اور عملے کی سیفٹی کی سطح۔

    روسی سائنسی مرکز کی جانب سے تیار کردہ اس جدید ترین سسٹم کی وجہ سے سب مرینز کے آپریٹرز کی زندگی کو بچایا جا سکتا ہے۔

    اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جان بچانے والے اس نئے سسٹم کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اس گیئر کو پہن کر آب دوز کا عملہ اسکیپ ہیچ کے ذریعے پانی میں 200 میٹر کی گہرائی سے بھی سانس کے آلات کے بغیر بہ حفاظت نکل کر اوپر آ سکتا ہے۔

    اس ریسکیو گیئر کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ باہر کی طرف پھیلا ہوا نہیں، جس کی وجہ سے عملہ آسانی سے ہنگامی اخراج کے چھوٹے سے حصے سے گزر سکتا ہے۔

    بیان کے مطابق سب مرینرز یہ ایس جی پی ایم ڈائیونگ سوٹ بغیر کسی اور کی مدد کے کم سے کم وقت میں خود ہی پہن سکتا ہے۔

  • اگر امن چاہتے ہیں تو جنگ کے لیے تیاری کریں: روس

    اگر امن چاہتے ہیں تو جنگ کے لیے تیاری کریں: روس

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے یورپی یونین کے کہا ہے کہ اگر آپ امن چاہتے ہیں تو جنگ کے لیے تیاری کریں۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ برسلز میں زیر غور تازہ اقتصادی پابندیوں کے جواب میں روس یورپی یونین کے ساتھ مکمل طور پر معاملات ختم کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔

    ایک لائیو یوٹیوب چینل پر اپنے انٹرویو میں سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ماسکو یورپ کے ساتھ تعلقات ترک کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ یقیناً ہم خود کو دنیا میں الگ تھلگ نہیں کرنا چاہتے لیکن ہمیں اس کے لیے تیار رہنا چاہیئے، انہوں نے زور دیا کہ اگر آپ امن چاہتے ہیں تو جنگ کے لیے تیاری کریں۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورریل کے اس اعلان کے بعد کہ وہ روس کے خلاف نئی پابندیوں کا ادارہ رکھتے ہیں، ماسکو نے شدید رد عمل کا اعلان کیا تھا۔

  • روس: آدم خور اپنے تین دوستوں کو کاٹ کر کھا گیا

    روس: آدم خور اپنے تین دوستوں کو کاٹ کر کھا گیا

    ماسکو: روس میں ایک شخص اپنے تین دوستوں کو مارنے کے بعد ان کا گوشت کھا گیا، تاہم وہ قانون کے ہاتھوں سے بچ نہ سکا، اور عمر قید کے لیے جیل پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روسی آدم خور کو عمر قید کی سزا ہو گئی ہے جو اپنے دوستوں کو قتل کر نے کے بعد ان کے جسم کے کچھ حصوں کو کھا گیا تھا۔

    ارخانجلسک اوبلاسٹ کے علاقے کے 51 سالہ ایڈورڈ سیلزنیف نے مارچ 2016 اور مارچ 2017 کے درمیان تین دوستوں کو قتل کیا تھا، عدالت میں آدم خور قاتل نے اقرار جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دوستوں کو شراب پلا کر چاقو سے مارا اور پھر ان کے گوشت کو ابال کر کھا لیا۔

    رپورٹ کے مطابق قاتل نے دوستوں کے جسم کے گوشت کے وہ حصے جو کھائے جانے تھے، پلاسٹک کی تھیلیوں میں رکھے اور باقی قریبی دریا میں بہا دیے تھے، ایک دوست کو کھانے کے بعد وہ اس کے فلیٹ گیا اور اس کے والدین کو بتایا کہ ان کا بیٹا کام کے سلسلے میں دوسرے شہر چلا گیا ہے۔

    قاتل نے پولیس کو بھی یہی کہانی بتائی، باقی دیگر دو افراد کی فیملی نہیں تھی، اس لیے اسے پریشانی نہیں ہوئی، عدالت میں یہ انکشاف بھی ہوا قاتل گلیوں میں آوارہ پھرنے والے کتے بلیوں اور پرندوں کو بھی پکڑ کر کھا لیتا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جب مرے ہوئے لوگوں کے حصے ملے تو ان کی شناخت بے حد مشکل تھی، ماہرین نفسیات نے سیلزنیف کو صحیح الحواس قرار دیا اور کہا کہ وہ دوستوں کے قتل کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔

    واضح رہے کہ روسی کریمنل کوڈ میں آدم خوری کے لیے ضابطے موجود نہیں ہیں، اس لیے مدعا علیہ کے خلاف قتل اور متاثرہ افراد کے جسمانی اعضا کی قطع و برید کا کیس چلایا گیا۔