Tag: Russian officials

  • روس: کریمیا کے کالج میں طالب علم کا حملہ، 19 افراد ہلاک

    روس: کریمیا کے کالج میں طالب علم کا حملہ، 19 افراد ہلاک

    ماسکو: روس کے زیر انتظام علاقے کریمیا کے ایک کالج میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 19 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس سے الحاق شدہ سابق یوکرینی علاقے کریمیا کے پولی ٹیکنیک کالج میں ایک طالب علم نے کیفے ٹیریا میں پہلے دھماکا خیز مواد پھینکا اور پھر کالج کی عمارت میں فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوئے جبکہ حملہ آور نے خود کو گولی مار لی۔

    حملے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

    حملے کے بعد مقامی حکام نے جزیرہ نما کریمیا میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے 19 کلو میٹر طویل پل پر بھی سیکیورٹی تعینات کردی جو روس کو کریمیا سے ملاتا ہے جسے رواں برس ہی آمدورفت کے لیے کھولا گیا تھا۔

    روسی صدر کے ترجمان کے مطابق اس حملے کی تحقیقات جاری ہیں، پیوٹن نے تفتیش کاروں کو واقعے کی تحقیقات کرنے اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ وہ حملے سے کچھ دیر قبل ہی گراؤنڈ سے گئیں تھیں، ان کا کہنا تھا کہ متاثرین میں طلباء اور اساتذہ شامل ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق حملہ آور طالب علم کے دوست کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکنیکل کالج سے سخت نفرت کرتا تھا۔

    روسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ایک 18 سالہ طالب علم واقعے کا ذمہ دار تھا جس نے بعدازاں اپنی جان بھی لے لی، طالب علم کی شناخت ولادیسلاف روسلیا کے نام سے ہوئی ہے۔

  • امریکی صدر نے روس سے خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا، امریکی حکام

    امریکی صدر نے روس سے خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا، امریکی حکام

    واشنگٹن : امریکی حکام نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے بارے میں انتہائی خفیہ معلومات فراہم کیں۔

    امریکی حکام نے تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدرٹرمپ نے روس سے خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا، حکومتی حکام نے امریکی اخبار کو بتایا کہ روسی سفیر سے دولتِ اسلامیہ کے بارے میں گفتگو کے دوران امریکی صدر مسودے سے ہٹ گئے تھے اور روسی وزیرِ خارجہ اور روسی سفیر کو دہشتگرد گروہ داعش کے بارے میں انتہائی خفیہ اور حساس ترین معلومات فراہم کیں۔

    23

    امریکی اخبار کے مطابق خفیہ معلومات اس قدرحساس تھیں کہ انہیں دوسرے امریکی اتحادیوں کو نہیں بتایا جا سکتا، اس بارے میں سی آئی اے اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو مطلع کر دیا گیا تھا۔

    تاہم امریکی وزیرِ خارجہ اور قوم سلامتی کے مشیر نے اس خبر کی تردید کردی یہ واقعہ تب پیش آیا جب صدر ٹرمپ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو روس کیساتھ تعلقات پر برطرف کیا تھا۔

    24

    اس ملاقات کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ اس میں روسی فوٹوگرافر موجود تھے تاہم امریکی میڈیا کو اس کی رپورٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کے روس کے ساتھ تعلقات کا معاملہ خاصا گرم ہے، اور اس بارے میں متعدد تحقیقات جاری ہیں لیکن امریکی صدر ان الزامات کو جعلی خبر کہہ کر مسترد کرتے آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر پہلے ہی یہ الزام  بھی ہے کہ انہوں نے اپنی صدارتی انتخابی مہم کے دوران اعلی روسی حکام سے رابطے کیے تھے جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ان کے خصوصی تعلقات بھی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔