Tag: russian plane bombing in syria

  • شام میں روسی طیاروں کی بمباری، 26 افراد ہلاک

    شام میں روسی طیاروں کی بمباری، 26 افراد ہلاک

    دمشق : شام کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں اسد رجیم اور اس کے اتحادی روس کے ہفتے کے روز مختلف فضائی حملوں میں آٹھ بچّوں سمیت 26 شہری ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ روسی طیارے نے ادلب کے جنوب میں واقع گاؤں البرا پر بمباری کی جس سے ایک بچّے سمیت چار شہری مارے گئے۔

    فضائی حملے میں ایک دو منزلہ مکان ملبے کا ڈھیر بن گیا ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکالی ہے، وہ کمبل میں لپٹی ہوئی تھی اور اس کو اسٹریچر پر ڈال کر تباہ شدہ مکان سے باہر لایا گیا تھا۔

    انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق اس گاوں کے نزدیک واقع علاقے جبل الزاویہ پر بھی روسی لڑاکا طیارے نے بمباری کی جس سے ایک بچّے سمیت دو افراد مارے گئے۔

    شامی فوج نے ہیلی کاپٹروں سے ادلب کے اسی علاقے میں واقع ایک گاوں عبدیتا پرتباہ کن بیرل بم گرائے، ان کے دھماکوں سے 11 شہری ہلاک ہوئے، ان میں تین کم سن بچّے بھی شامل ہیں۔

    شامی فوج قبل ازیں بھی باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر بیرل بموں سے حملے کرتی رہی ہے اور ان خام بموں سے بھاری جانی اور مالی نقصان ہوتا ہے۔

    رصدگاہ نے مزید بتایا کہ ادلب کے جنوب مشرق میں واقع گاوں باجغس پر شامی فوج کے ایک لڑاکا طیارے کے حملے میں ایک بچّہ کام آیا ہے۔

    رصدگاہ جنگ زدہ شام کے مختلف علاقوں میں اپنے رضاکاروں کی فراہم کردہ اطلاعات پر انحصار کرتی ہے، وہ پرواز کے انداز، حملوں میں استعمال کیے گئے بموں سے، روس، شام یا امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں کا تعیّن کرتی ہے۔

  • شام : روس کی داعش کے خلاف کارروائی،داعش کے ٹھکانے، اسلحہ ڈپو تباہ

    شام : روس کی داعش کے خلاف کارروائی،داعش کے ٹھکانے، اسلحہ ڈپو تباہ

    شام : روس کی داعش کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تازہ کارروائی میں دیرالزور میں داعش کے ٹھکانے، اسلحہ ڈپو اور کنٹرول سینٹر کو تباہ کردیا۔

    روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی طیاروں نے روس اور ایران میں موجود بیس سے شام میں کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، تازہ کارروائی میں دیرالزورمیں داعش کے ٹھکانے، اسلحہ ڈپو اور کنٹرول سینٹر کو تباہ کردیا گیا ہے، کارروائی میں داعش جنگجو بھی مارے گئے۔


     

    مزید پڑھیں:  روس کی شام میں فضائی کارروائی،30افراد ہلاک


     

    دوسری جانب روس نے شامی صوبے حلب میں ہفتہ وار اڑتالیس گھنٹے کیلئے جنگ بندی کی تجویز کی بھی تائید کردی ہے۔

    حلب میں انسانی بنیادوں پر ہفتہ وار اڑتالیس گھنٹے کی جنگ بندی کی تجویز اقوام متحدہ کی جانب سے دی گئی تھی، روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے سے جنگ بندی پر عملدرآمد کیلئے تیار ہیں۔


     

    مزید پڑھیں : اقوام متحدہ کاشامی شہرحلب میں فی الفور جنگ بندی کامطالبہ


     

    واضح رہے کہ بدھ کے روز سے روس نے شام میں فضائی حملوں کے لئے پہلی بار ایران کے فضائی اڈوں کا استعمال کیا ، روسی وزرات دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے حلب، ادلب اور دیر الزورمیں عسکریت پسندوں کےاڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے مغربی ایران کے فوجی اڈے کا استعمال کیا ہے۔