کراچی : کلفٹن کے علاقے سے گزشتہ روز ملنے والی میاں بیوی کی لاشوں کا معمہ حل ہوگیا، مقتولہ ثناء کے بھائی وقاص نے دہرے قتل کا اعتراف کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ سے پسند کی شادی کرنے کراچی آنے والے جوڑے کے قتل کے ملزم کا سراغ مل گیا، مقتولہ کا بھائی ہی بہن بہنوئی کے قتل میں ملوث نکلا۔
واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ واردات میں مقتولہ ثناء کے بھائی وقاص کا رشتہ دار عاصم اور اس کا دوست عمران بھی ملوث ہیں۔
زیرحراست مقتولہ کے بھائی وقاص نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ عاصم اور عمران مقتولہ ثناء اور ساجد کے پیچھے کراچی گئے تھے۔
وقاص نے بتایا کہ عاصم کاپلان تھا کہ شوٹرز کے ذریعے دونوں کو قتل کرایا جائے گا، پولیس کے مطابق 19جولائی کو عاصم اور عمران لاہور سے کراچی گئےاور25کو واپس آئے۔
عاصم نے واپس آکر وقاص کو بتایا کہ ایک دو دن میں کام ہوجائے گا، مفرور ملزمان عاصم اور عمران کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں : ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن میں چائنہ پورٹ کے قریب ملنے والی میاں بیوی کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جوڑے کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا، دونوں کو سر کے پچھلے حصے پر ایک ایک گولی ماری گئی، جائے وقوع سے ملنے والے موبائل فون میں سم نہیں ہے۔