Tag: S Korea

  • شمالی کوریا کے جواب میں امریکا اور جنوبی کوریا نے 8 میزائل داغ دیے

    شمالی کوریا کے جواب میں امریکا اور جنوبی کوریا نے 8 میزائل داغ دیے

    سیئول: شمالی کوریا کے جواب میں امریکا اور جنوبی کوریا نے مل کر 8 میزائل داغ دیے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے تجربات کے جواب میں جنوبی کوریا اور امریکا نے آٹھ میزائل فائر کیے ہیں، جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پیانگ یانگ کی ’اشتعال انگیزی‘ کا جواب دینے کے لیے اتحادیوں کی تیاری کا مظہر ہے۔

    دریں اثنا، جنوبی کوریا اور امریکا نے شمالی کوریا کے تازہ ترین میزائل تجربات کی سخت مذمت کی، اور طاقت کے مظاہرے میں اپنے طور پر آٹھ بیلسٹک میزائل فائر کیے۔

    پیر کے روز سویرے یہ میزائل تجربات، شمالی کوریا کی جانب سے اپنے مشرقی ساحل سے سمندر کی طرف 8 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے جانے کے ایک دن بعد سامنے آئے ہیں، تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک کا اب تک کا یہ سب سے بڑا تجربہ تھا۔

    ایک بیان میں جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ ہماری فوج شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل پر مبنی اشتعال انگیزی کے سلسلے کی شدید مذمت کرتی ہے اور سنجیدگی سے اس پر زور دیتی ہے کہ وہ ایسی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے جو جزیرہ نما پر فوجی کشیدگی کو بڑھاتے ہیں اور سیکیورٹی خدشات میں اضافہ کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عہدہ سنبھالنے والے جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے شمالی کوریا کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

  • جنوبی کوریا کے سابق صدر کو کرپشن الزامات میں 15 برس قید

    جنوبی کوریا کے سابق صدر کو کرپشن الزامات میں 15 برس قید

    سیئول : جنوبی کوریا کی عدالت نے سابق صدر لی میونگ بک پر کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر 15 برس قید کی سزا سناتے ہوئے اربوں وون جرمانے عائد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کی عدالت نے کرپشن کیس کی سماعت کرتے ہوئے سابق صدر لی میونگ بک پر عائد کرپشن الزامات ثابت ہونے پر 15 برس قید اور 13 ارب وون ’کورین کرنسی‘ جرمانے کی سزا سنا دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے سابق صدر خراب طبعیت کے باعث سیئول کی عدالت میں پیش ہونے سے قاصر تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیئول کی عدالت نے وکیل صفائی اور مدعی کے دلائل سننے کے بعد لیومیونگ بک کو مجرم قرار دیتے ہوئے لی میونگ بک کی غیر موجودگی میں ہی سزا سنادی۔

    جنوبی کوریا کے سابق صدر لی میونگ بک نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ان پر بنائے گئے کرپشن کے مقدمات سیاسی مقاصد کے لیے ہیں‘۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ لی میونگ بک قید کی سزا پانے والے جنوبی کوریا کے چوتھے سابق صدر ہیں، ان سے قبل جنوبی کوریا کے سابق صدر پارک گوئن کو بھی کرپشن کے الزامات کے تحت 33 برس قید کی سزا ہوئی تھی۔

    سیئول کی عدالت کے جج نے کیس کی سماعت کے دوران کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کے سابق صدر نے معروف الیکٹرانک کمپنی سام سنگ کے چیئرمین سے معذرت کے بدلے اربوں وون رشوت کے طور پر وصول کیے تھے اور دوران تفتیش اعتراف بھی کیا تھا۔