Tag: sabika sheikhs death

  • ہیوسٹن میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ کی ادائیگی

    ہیوسٹن میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ کی ادائیگی

    ہیوسٹن : پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی،  نماز جنازہ میں قونصل جنرل سمیت پاکستانیوں کی بڑی تعداد شریک تھی، میت منگل تک کراچی لائے جانے کا امکان ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں ایک طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی جاں بحق ہوگئیں تھیں جن کی نماز جنازہ آج ہیوسٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں ادا کردی گئی۔

    نماز جنازہ میں پاکستانی قونصل جنرل سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سترہ سالہ سبیکا شیخ کی میت منگل تک کراچی لانے کا امکان ہے۔

    سبیکا کی والدہ کا کہنا ہے کہ نو جون کو بیٹی کی گھر واپسی کے لیے وہ ایک ایک دن گن رہی تھیں، چھوٹی بہن بھی آپی کی منتظر تھی، سبیکا کے والد کا کہنا ہے کہ میری بیٹی نے اپنے من پسند کھانوں کی ایک لمبی لسٹ دی تھی۔

    امریکہ جانے سے قبل بنائی گئی اپنی ایک ویڈیو میں سبیکا نے ایکسچینج پروگرام میں سلیکشن پر بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا مگر وہ یہ نہ جانتی تھی کہ اب کبھی گھر نہ لوٹ سکے گی۔

    واضح رہے کہ سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔ امریکی پولیس کے مطابق ہائی اسکول کے17سالہ حملہ آور طالبعلم دیمیتریوس پاگورٹزس کو گرفتارکرلیا گیا ہے جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

    بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیکساس فائرنگ واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سبیکاشیخ کی ناگہانی موت،  امریکہ ،پاکستان کے سفارتخانوں اور سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

    سبیکاشیخ کی ناگہانی موت، امریکہ ،پاکستان کے سفارتخانوں اور سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

    اسلام آباد : امریکی اسکول فائرنگ میں پاکستانی ذہین اورہونہارطالبہ سبیکا شیخ کی ناگہانی موت سب کو سوگوار کر گئیں، امریکی اور پاکستانی سفارتخانوں اور سیاسی رہنماؤں نے سبیکا کے اہلخانہ اور دوستوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سبیکا شیخ کی اچانک موت سب کو سوگوار کر گئیں، امریکا میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری نے اسکول میں فائرنگ سے اموات پر دکھ کا اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ سبیکا شیخ کے اہلخانہ کےغم میں برابرکے شریک ہیں۔

    ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد سے امریکی حکام سے رابطے میں ہے، مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

    امریکی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں امریکی سفیرڈیوڈہیل نے سبیکا شیخ کی فیملی سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ بطور ایکسچینج اسٹوڈنٹ، سبیکا نوجوانوں کی سفیر تھیں اور ہمارے عوام اور ثقافت کے درمیان پل تھیں، پاکستان میں امریکی مشن میں سبیکا کی موت پرہرشخص سوگوارہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سبیکا شیخ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا سبیکہ شیخ کی المناک موت پرصدمہ اوردکھ ہے، اللہ اہلخانہ کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانتافے ٹیکساس کے اسکول میں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ معصوم طلباکی اموات پربہت افسوس ہوا، پاکستانی لڑکی سبیکہ کی موت پر دلی صدمہ پہنچا۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ٹیکساس میں فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہارافسوس کرتے ہوئے فائرنگ سےجاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکاشیخ کے والدین سے اظہار تعزیت کیا۔

    سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ ٹیکساس میں فائرنگ سے سبیکاشیخ کی ہلاکت پرافسوس ہواہے، دکھ کی گھڑی میں والدین کےغم میں برابر کے شریک ہیں، امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات تشویش ناک ہیں۔

    ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے بھی امریکہ کے اسکول میں فائرنگ سے سبیکاشیخ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وہ ایکسچینج ایئر پروگرام کیلئے امریکہ میں تھی اور عید پر اپنے گھر واپس آنے والی تھی، سبیکا کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔


    مزید پڑھیں : امریکا، اسکول میں فائرنگ 10 افراد ہلاک، حملہ آور گرفتار


    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی شہرہیوسٹن کے قریب سانتافے کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت دس افرادجاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے سترہ سالہ حملہ آورطالب علم کوگرفتارکرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔