Tag: sacked

  • سندھ میں 4 سال سے تنخواہیں لینے والے گھوسٹ اساتذہ برطرف

    سندھ میں 4 سال سے تنخواہیں لینے والے گھوسٹ اساتذہ برطرف

    کراچی: صوبہ سندھ کے محکمہ تعلیم نے سنہ 2018 سے تنخواہیں لینے والے 19 گھوسٹ اساتذہ کو نوکری سے برطرف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 19 گھوسٹ اساتذہ کو نوکریوں سے برطرف کردیا، ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن لاڑکانہ نے برطرفیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ برطرف 19 اساتذہ کا تعلق ضلع شکار پور سے ہے، کارروائیاں وزیر تعلیم سردار شاہ کی ہدایات پر کی گئیں۔

    ڈائریکٹر کے مطابق برطرف اساتذہ 2018 سے گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن میں مزید انکوائری چل رہی ہے، گھوسٹ ملازمین کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔

  • خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    کراچی: شہر قائد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والے ملازم معراج الدین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، معراج پہلے ہی ہراسگی کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع نادرا میگا سینٹر کے ملازم معراج الدین کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نادرا نے مذکورہ ملازم کو برطرف کردیا ہے۔

    ڈی جی نادرا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم کے ملازمتی لیٹر کے مطابق معراج الدین ڈیلی ویجز پر ملازمت پر رکھا گیا تھا، ملازم خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے میں ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔

    ڈی جی کے مطابق معراج الدین کو نادرا کے کلاز نمبر 4 کے تحت برطرف کیا گیا ہے اور اسے ایچ آر برانچ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    معراج کو گزشتہ روز پولیس نے چھاپہ مار کر ہراسگی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیٹا انٹری ملازم خواتین کے نمبرز نکلوا کر ان سے رابطے کرتا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بھیجتا تھا، نادرا ملازم کے خلاف ایک شہری نے تھانے میں شکایت درج کروائی تھی۔

    پولیس کے مطابق اس کے پاس کئی نمبرز تھے جن سے وہ خواتین کو ناشائستہ میسج بھیج کر ہراساں کیا کرتا، ملزم کے خلاف تفتیش کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم معراج کی گرفتاری ڈرامائی انداز میں عمل میں آئی، ملزم کو متاثرہ خاتون کے شوہر نے ملنے کے لیے بلا کر اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، متاثرہ خاندان نے واٹس ایپ پر بھیجا گیا غیراخلاقی مواد بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

  • لاہور: صفائی کی ناقص صورتحال پر اہم افسر عہدے سے فارغ

    لاہور: صفائی کی ناقص صورتحال پر اہم افسر عہدے سے فارغ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صفائی کی ناقص صورتحال پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی وارننگ کو عملی جامہ پہنا دیا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہ زیب حسن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہ زیب حسن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، شاہ زیب حسن کو لاہور میں صفائی کے ناقص اقدامات پر ہٹایا گیا۔

    گزشتہ روز لاہور ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میٹنگ میں ایم ڈی پر تحفظات کا اظہار ہوا تھا جبکہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی لاہور میں صفائی کی ناقص صورتحال پر افسران کو وارننگ دی تھی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے بعد کہا تھا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ نے شہر میں صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ شہروں کی صفائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کردیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے کے دوران انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال دیکھ کر غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا تھا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرکاری فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، فرائض میں غفلت برتنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں ہے۔

  • خراب کارکردگی پر 2 جج برطرف

    خراب کارکردگی پر 2 جج برطرف

    ریاض: سعودی عرب میں 2 ججوں کو خراب کارکردگی کی بنیاد پر برطرف کردیا گیا، ججوں پر ڈیوٹی کے سلسلے میں ڈسپلن کے فقدان کا الزام ثابت ہوگیا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر برائے انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی نے 2 ججوں کو خراب کارکردگی، علمی لیاقت کی کمی اور فیصلوں کی وجوہ غلط بیان کرنے پر برطرف کردیا۔

    ڈاکٹر ولید الصمانی اعلیٰ عدالتی کونسل کے سربراہ بھی ہیں اور اعلیٰ عدالتی کونسل، عدالتی عملے کی کارکردگی اور عدالتوں میں کارروائی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

    سعودی وزیر انصاف نے کہا کہ برطرف کیے جانے والے ججوں پر ڈیوٹی کے سلسلے میں ڈسپلن کے فقدان کا الزام ثابت ہوگیا تھا۔

    اعلیٰ عدالتی کونسل اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام عدالتیں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں اور عدل و انصاف کے سلسلے میں ادنیٰ کوتاہی سے کام نہ لیں۔

    نئے نظام کے مطابق تمام ججوں پر یہ پابندی ہے کہ وہ اپنی علمی لیاقت بڑھاتے رہیں اور کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت عدالتی قوانین کو صحیح طریقے سے لاگو کریں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل مکہ مکرمہ کی ایک یونیورسٹی کے 6 عہدیداروں کو بھی بدعنوان ثابت ہوجانے پر قید بامشقت اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

    مذکورہ عہدیدار ٹھیکوں میں گھپلے بازی میں ملوث پائے گئے تھے، ان عہدیداروں نے اپنے عہدے سے ناجائز فائدہ اٹھایا۔

    مذکورہ افسران نے ایک کمپنی کو جان بوجھ کر ٹھیکہ نہیں دیا اور دوسری کمپنی کو جس نے زیادہ بڑی رقم کا ٹینڈر بھرا تھا ٹھیکہ دے دیا، اور سرکاری خزانے پر 1 کروڑ 40 لاکھ ریال سے زیادہ کا بوجھ ڈالا۔

    عہدیداران پر سرکاری خزانہ لوٹنے سمیت مختلف الزامات لگائے گئے جو ثابت ہوگئے ہیں جس کے بعد فوجداری عدالت نے 4 ملزمان کو 1، 1 لاکھ ریال جرمانے کی سزا دی تھی۔

  • مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    اوٹاوا/واشنگٹن : کینیڈین پبلیشنگ کمپنی نے مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش پر گولف کھیلتے ٹرمپ کی ڈرائنگ بنانے والے کارٹونسٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 جون کو امریکا اور میکسیکو کے بارڈر پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران دریائے ریو گرینڈے میں پانی کی لہروں میں چل بسنے والے ایل سلواڈور کے مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ پانی کی لہروں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایل سلواڈور کے 25 سالہ آسکر البرٹو اور ان کی 2 سالہ بیٹی کی پانی میں تیرتی لاش کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں غم کی لہر چھاگئی تھی اور لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا اور میکسیکو کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے وسطی اور شمالی امریکی ممالک کے سیکڑوں مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران یا تو گرفتار ہو جاتے ہیں یا پھر وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    ایل سلواڈور کے مہاجر والد اور ان کی بیٹی کی موت کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کینیڈا کے ایک کارٹونسٹ نے باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈرائنگ تیار کی تھی۔

    کینیڈین کارٹونسٹ مائیکل ڈی آدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ڈرائنگ 26 جون کو ہی بنائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، مائیکل ڈی آدر نے اپنی ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر پر گولف کھیلنے کے لیے تیار دکھایا گیا تھا۔

    ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں گولف ریکٹ دکھائی گئی تھی اور انہیں گولف گاڑی کے ساتھ مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش کے قریب پہنچ کر پریشان دکھایا گیا تھا،ساتھ ہی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مرنے والے باپ اور بیٹی کو تعجب سے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا اور ڈرائنگ میں امریکی صدر کی جانب سے سوالیہ جملہ لکھا گیا تھا کہ ’اگر آپ برا نہ منائیں تو میں آپ کی لاشوں پر گولف کھیل لوں‘۔

    مائیکل ڈی آدر کی یہ ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد اب انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، مائیکل ڈی آردر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی بنائی گئی ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد ان کا کام کرنے کا فری لانس معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔

  • ٹرمپ کو ’پاگل‘ کہنے پر امریکی وزیر دفاع کو برطرف کیے جانے کا امکان

    ٹرمپ کو ’پاگل‘ کہنے پر امریکی وزیر دفاع کو برطرف کیے جانے کا امکان

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ کو وزیر دفاع جیمز میٹس کی جانب سے ’پاگل‘ کہے جانے پر امریکا کی وفاقی کابینہ سے برطرف کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصب صدارت سنبھالنے کے بعد سے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے کی انخلا، شمالی کوریا کے ساتھ جنگی مشقیں اور دیگر معاملات میں جارحانہ فیصلوں کے باعث امریکا کی وفاقی کابینہ کے افراد بھی ٹرمپ کی مخالفت کرنے لگے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع جیمز میٹس کے درمیان نیٹو سے متعلق پالیسی پر شدید اختلافات چل رہے ہیں۔

    امریکی صدر اور وزیر دفاع کے درمیان نیٹو پالیسی کے حوالے سے چپقلش اس بات پر ہے کہ شمالی کوریا کے ہمراہ فوجی مشقیں کی جائیں یا نہیں، دوسری جانب جیمز میٹس اور ٹرمپ، ایران کے ساتھ طے ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے پر بھی معاملات خراب ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع جیمز میٹس نے اخلاقیات سے عاری ہوکر امریکی صدر ٹرمپ کو پاگل کہہ دیا تھا،جس کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ٹرمپ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے بعد برطرف نہ کردیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جیمز میٹس نے امریکی انتظامیہ میں جو مدت گزاری ہے اس دوران انہوں نے خود کو معاملات سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے۔

    خیال رہے کہ اسی ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم اقتصادی مشیر گیری کوہن اور مشیر برائے قومی سلامتی جنرل مک ماسٹر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں، دونوں امریکی رہنماؤں کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتصادی پالیسیوں سے اختلاف تھا۔

  • بورس جانسن کی برطرفی کا مطالبہ، لارڈ شیخ کو دھمکی آمیز کالز موصول

    بورس جانسن کی برطرفی کا مطالبہ، لارڈ شیخ کو دھمکی آمیز کالز موصول

    لندن : کنزرویٹو پارٹی مسلم فوررم کے بانی لارڈ شیخ نے کہا ہے کہ بورس جانسن کی پارٹی سے برطرفی کے مطالبے پر اسلام فوبیا میں مبتلا افراد کے بدسلوکی پر مبنی فون اور پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے مسلم فورم کے بانی لارڈ شیخ نے کہا ہے کہ مسلمان خواتین کی توہین کرنے پر برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن پر تنقید کرنے کے بعد بدسلوکی پر مبنی فون کالز اور میسجز موصول ہورہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم فورم کے بانی لارڈ شیخ نے بتایا کہ بورس جانسن کو پارٹی سے برطرف کرنے کا مطالبہ کرنے کے بعد سے اسلام فوبیا میں مبتلا افراد کی جانب سے شدت پسندی پر منحصر دھمکی آمیز پیغامات اور فون کالز موصول ہورہی ہیں۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے اپنے کالم میں کہا تھا کہ مسلمان خواتین برقعہ پہن کر ’لیٹر بُکس‘ اور بینک چوروں کی طرح لگتی ہیں۔ جس کے بعد بورس جانسن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    دوسری جانب دنیا کے معروف ترین مزاحیہ اداکار روون اٹکنسن (مسٹر بین) نے بورس جانسن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جانسن کا بیان ایک اچھا لطیفہ ہے‘ جس پر انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    برطانوی اداکار مسٹر بین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ٹائمز نیوز پیپرز‘  کو ارسال کیے گئے خط میں تحریر کیا کہ سابق وزیر خارجہ کو مذہب کی تضحیک کرنے پر ’معافی مانگنے کی ضرورت نہیں‘ کیوں کہ انہیں کسی بھی مذہب کا مذاق اڑانے کا حق حاصل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو بورس جانسن کے حوالے سے درجنوں شکایات موصول ہوچکی ہیں، جس میں بورس جانسن سے معافی اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بورس جونسن اپنے بیان پر ڈٹے ہوئے ہیں اور انھوں نے معافی مانگنے سے بھی انکار کردیا ہے۔

    بورس جونسن نے ڈنمارک کی جانب سے سڑکوں پر برقعہ یا نقاب اوڑھنے پر جرمانہ عائد کرنے کو غلط اور باپردہ مسلمان خواتین کو لیٹر باکس سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا موازنا بینک لوٹنے والوں اور باغی نوجوانوں سے کیا جاسکتا ہے۔

  • شارٹس پہن کر سعودی خاتون کے سامنے آنے والا جم ورکر ملک بدر

    شارٹس پہن کر سعودی خاتون کے سامنے آنے والا جم ورکر ملک بدر

    ریاض: فٹنس کلب میں خواتین کے لیے مختص جگہ پر نامناسب لباس کے ساتھ داخل ہونے والے غیر ملکی جم ورکر کو ملک بدر کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر پر سعودی حکام نے نوٹس لیتے ہوئے ناصرف غیر ملکی کو مملکت سے باہر نکال دیا بلکہ مذکورہ کلب کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غیر ملکی جم ورکر شارٹس پہنے خواتین کے لیے مختص جگہ میں داخل ہوگیا جبکہ اس کے عقب میں ایک خاتون برقع میں موجود ہیں۔

    ایک خاتون نے اس سارے منظر کو کیمرے میں محفوظ کرلیا اور بعدازاں سوشل میڈیا کے ذریعے حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی، سعودی وزارت لیبر اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے بعد غیر ملکی شخص کو ملک بدر کردیا جبکہ فٹنس جم کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    میڈیا کے مطابق واقعہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خواتین کے فٹنس کلب میں پیش آیا۔

    ریاض میں واقعہ فٹنس کلب میں متعدد خواتین ایکسرسائز کرنے کے لیے موجود ہوتی ہیں، ان کی موجودگی میں نوجوان کو کمرے میں داخل ہوتا دیکھ کر خواتین حیران رہ گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ اپریل 2018 میں بھی ریاض میں واقعہ ایک فٹنس کلب کے افتتاح کے دوران خواتین کے نامناسب لباس پہننے کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تاریخ پیدائش سے متعلق غلط بیانی: نیپالی چیف جسٹس عہدے سے برطرف

    تاریخ پیدائش سے متعلق غلط بیانی: نیپالی چیف جسٹس عہدے سے برطرف

    کٹھمنڈو:نیپال کے چیف جسٹس گوپال پاراجولی کو بدھ کے روز اپنی تاریخ پیدائش سے متعلق غلط بیانی اور دھوکا دہی کے الزام میں عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے چیف جسٹس کو سرکاری دستاویزات میں متعدد تاریخ پیدائش درج ہونے کے باعث اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    یہ معاملہ اس وقت سے زیربحث تھا، جب چیف جسٹس نے نیپال کے ایک معروف سماجی کارکن اور ایک بڑے خبر رساں ادارے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ اخبار اور سماجی کارکن کی جانب سے سب سے پہلے یہ متنازع مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔

    معاملے کی چھان بین کرنے والی عدلیہ کونسل نے پاراجولی کے حوالے سے کہا کہ وہ سات ماہ پہلے ہی ججز کی سبکدوشی کی متعین  حد ( 65 برس) عبور کرکے عہدے سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔

    کونسل کے سیکریٹری نریپڈوج نیراؤلا نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ گوپال پاراجولی گذشتہ سال اگست میں ہی ریٹائرڈ ہوگئے تھے، یہ بات ہمیں دوران تفتیش پتہ چلی، جس کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔

    متنازع تاریخ پیدائش کا فیصلہ ایسے وقت میں آیا، جب گوپال پاراجولی نیپال کے دوسری بار منتخب ہونے والے صدر بیدیا بھانداری سے حلف لے رہے تھے۔ جس کے باعث نیپال میں آئینی بحران پیدا ہوگیا ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ نیپالی صدر کو دوبارہ حلف لینا ہوگا یا نہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ فروری میں پاراجولی نے نیپال کے ایک بڑے خبر رساں ادارے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ادارے نے پاراجولی کی متنازعے تاریخ پیدائش کے حوالے سے کالمز کی پوری ایک سیریز لکھی تھی، جس میں چیف جسٹس کی مختلف سرکاری دستاویزات میں پانچ الگ الگ تاریخیں درج تھی۔

    عدلیہ کونسل کے سیکریٹری نریپڈوج نے توہین عدالت کے میڈیا پر لگائے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ پاراجولی ان طریقوں سے اپنے لیے مزید نفرت پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ان مقدمات کو دیکھیں گے۔

    جنوری میں پاراجولی نے بدعنوانی کے خلاف سرگرم ڈاکٹر گوویندا کے سی کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا، ڈاکٹر گوویندا نے بھی پاراجولی کی متنازعے تاریخ پیدائش کے حوالے سے سخت سوالات اٹھائے تھے۔

    گوپال پاراجولی کے برطرف کیے جانے کے بعد سوشیلا کارنے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا۔ وہ نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں