Tag: Sacramento

  • کیلی فورنیا کے تجارتی علاقے میں فائرنگ، 6 ہلاکتیں

    کیلی فورنیا کے تجارتی علاقے میں فائرنگ، 6 ہلاکتیں

    نیویارک: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مصروف ترین کاروباری مرکز میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ نو سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کیلی فورنیا کے شہرسکرامنٹو کے تجارتی مرکز میں پیش آیا۔

    محکمہ پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے تجارتی حصےمیں واقع متعدد بلاکس بند کر دیئے گئے ہیں اور واقعہ کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، اب تک حاصل معلومات کے مطابق چھ افراد ہلاک جبکہ نو سے زائد زخمی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی مڈ ٹرم الیکشن، حالات بدترین ہونے کا خدشہ

    سیکرامینٹوپولیس کی سربراہ کیتھرائن لیسٹر نے بتایا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت مذکورہ مقام پر لوگوں کا کافی رش تھا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ حساس علاقے میں پیش آیا ہے، جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر اہم ریاستی دفاتر اور عمارتیں موجود ہیں، جن میں سیکرامینٹوسٹی ہال اورگولڈن ون مرکز بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران سیکرامینٹو فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے، چند ہفتے قبل ایک شخص نے اسی شہر میں اپنی جان لینے سے پہلے اپنے تین بچّوں اور ایک شخص کو گولی مار کرہلاک کردیا تھا۔

  • سب سے زیادہ درختوں والے شہر

    سب سے زیادہ درختوں والے شہر

    دنیا بھر میں کچھ شہر اپنی بلند و بالا عمارتوں، جھلملاتی روشنیوں، اور مصنوعی آرائش کی وجہ سے مشہور ہوتے ہیں جہاں دنیا بھر کے لوگ آنا اور سیاحت کرنا پسند کرتے ہیں۔

    تاہم آج ہم کو ایسے شہروں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو نہایت سرسبز ہیں اور ان کا زیادہ تر حصہ درختوں پر مشتمل ہے۔


    ایمسٹر ڈیم

    یورپی ملک نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم کا 20.6 فیصد حصہ جنگلات اور درختوں پر مشتمل ہے۔ یہاں کی حکومت نے اس سبزے میں اضافے کے لیے صرف سنہ 2015 میں 34 لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔


    جنیوا

    سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا سرسبز پارکس کا شہر کہلایا جاتا ہے جس کا 21.4 فیصد رقبہ سبزے پر مشتمل ہے۔


    فرینکفرٹ

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کا 21.5 فیصد حصہ درختوں اور جنگلات پر مشتمل ہے۔


    سیکریمنٹو

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سیکریمنٹو میں دا ٹری فاؤنڈیشن نامی تنظیم اسے شہری جنگل بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اب تک شہر کے 23.6 فیصد حصے پر درخت اگائے جاچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: شہری زراعت ۔ مستقبل کی اہم ضرورت

    یہاں کے خشک موسم کی وجہ سے اکثر و بیشتر جنگلات میں آگ بھی لگ جاتی ہے جو جانی و مالی نقصان کا سبب بنتی ہے۔


    جوہانسبرگ

    جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کا بھی 23.6 فیصد سبزے پر مشتمل ہے۔ پورا شہر 60 لاکھ درختوں سے ہرا بھرا ہے۔


    ڈربن

    جنوبی افریقہ کا ایک اور شہر ڈربن بھی اپنے رقبے کا 23.7 فیصد حصہ سبزے کے لیے مختص کر چکا ہے۔

    یہاں کی آبادی بھی مختصر سی ہے لہٰذا ایک تحقیق کے مطابق اگر اس شہر کے سبز رقبے کو لوگوں کی ملکیت میں دیا جائے تو ہر شخص کے حصے میں 187 اسکوائر میٹر سبز رقبہ آئے گا۔


    کیمبرج

    امریکی ریاست میساچوسٹس کا شہر کیمبرج 25.3 فیصد جنگلات پر مشتمل ہے۔ یہاں موجود ایک آئی ٹری کمپنی گوگل میپس کے ذریعے درختوں کی دیکھ بھال کرتی ہے۔


    وین کور

    کینیڈا کے شہر وین کور کا 25.9 فیصد حصہ سبزے پر محیط ہے۔ یہاں کی مقامی حکومت چاہتی ہے سنہ 2020 تک جب یہاں کے لوگ چہل قدمی کے لیے نکلیں تو ہر 5 منٹ کے فاصلے پر انہیں سبزہ نظر آئے۔


    سڈنی

    آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 400 پارکس کے علاوہ مختلف مقامات پر 188 ایکڑ کے سبزے کے ساتھ 25.9 فیصد حصہ رقبہ سبزے پر مشتمل ہے۔


    سنگاپور

    پہلے نمبر پر سنگاپور ہے جہاں کا 29.3 فیصد رقبہ سر سبز اور جنگلات پر مشتمل ہے۔ سنہ 2030 تک یہاں کی 85 فیصد آبادی سرسبز و شاداب مقامات پر رہنے لگے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔