Tag: Sadiq Sanjarani

  • قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نیب آرڈیننس پر دستخط کردیے

    قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نیب آرڈیننس پر دستخط کردیے

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کی جانب سے نیب مجوزہ ترامیم کی منظوری کے بعد قائمقام صدرصادق سنجرانی نے نیب آرڈیننس پر دستخط کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نیب ترامیم سے متعلق نیا صدارتی آرڈیننس جاری کردیا ہے، جس کے مطابق چیئرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پر ملزمان کے وارنٹ جاری کرسکیں گے، قومی احتساب بیورو (نیب) کو تحقیقات کے دوران ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

    نیب قوانین کے تحت گرفتار ملزم کو14کے بجائے30 دن تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جاسکے گا۔ نیب کے ملزم کو اپنی بے گناہی خود ہی ثابت کرنا ہوگی جبکہ وہ کسی بھی انکوائری کیخلاف عدالت سے رجوع نہیں کرسکے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قانون میں نیب کے ہاتھ باندھ دیے گئے تھے جس کی بنیاد پر قانون میں 6 ترامیم کر کے آرڈیننس جاری کیا گیا اور اس کے ساتھ ہی نیب کو انکوائری پر ملزم کی گرفتاری کا اختیار دے دیا گیا

    قبل ازیں ذرائع وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفاقی کابینہ نے نیب مجوزہ ترامیم کی منظوری دی تھی۔

  • چیئرمین سینیٹ کا انتخاب :صادق سنجرانی اوریوسف رضاگیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور

    چیئرمین سینیٹ کا انتخاب :صادق سنجرانی اوریوسف رضاگیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی اور یوسف رضاگیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ، چیئرمین سینیٹ کے لیے رائے شماری 3 بجے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سینیٹ کیلئے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی اور یوسف رضاگیلانی نے کرائے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزاآفریدی اور غفور حیدری نے جمع کرائے۔

    کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی، یوسف رضاگیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزاآفریدی اور غفور حیدری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے، پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ ووٹ کی سکریسی کو برقرار رکھا جائے گا۔

    چیئرمین ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں سے پولنگ ایجنٹس کے نام طلب کرتے ہوئے سیکریٹری سینیٹ کے پاس نام جمع کرانے کی ہدایت کردی ، پریزائیڈنگ آفیسر نے کہا ووٹ کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔

    بعد ازاں صادق سنجرانی کی جانب سے محسن عزیز، یوسف رضا گیلانی نے فاروق ایج نائیک ، مرزا آفریدی کےلئے ہدایت اللہ اور عبدالغفورحیدری نے کامران مرتضیٰ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کردیا۔

    کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر صادق سنجرانی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا انشااللہ جیت ہماری ہے ، سینیٹ ممبران سے درخواست کرتے ہیں کہ انھیں ووٹ دیں، میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔

    بعد ازاں یوسف رضا گیلانی نے نے فاروق ایچ نائیک اور عبدالغفور حیدری نےکامران مرتضیٰ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کردیا۔

    خیال رہے ایوان بالا میں چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا ، چیئر مین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ڈی ایم کے عبد الغفور حیدری اور حکومت کے مرزا محمد آفریدی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ بننے کے لیے کم ازکم 51ووٹ درکار ہیں ، نمبر گیم میں اپوزیشن اکیاون ووٹ کے ساتھ آگے ہے اور حکومتی اتحاد کے پاس اڑتالیس ووٹ ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے اکلوتا ووٹ کسی کونہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • ‘صادق سنجرانی ہی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومت کے امیدوار ہوں گے’

    ‘صادق سنجرانی ہی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومت کے امیدوار ہوں گے’

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے نامزد کردیا جبکہ اسپیکرقومی اسمبلی نے صادق سنجرانی کی بطورچیئرمین سینیٹ امیدوار کی حمایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے کی تصدیق کردی۔

    اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوراسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں اسپیکرقومی اسمبلی نے صادق سنجرانی کی بطورچیئرمین سینیٹ امیدوار کی حمایت کی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کی ، صحافی نے سوال کیا 17 اراکین اسمبلی نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا؟ جس پر اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا آپ یہ کیوں نہیں کہتے ہماری خاتون امیدوارجیتی ہیں، یہ اعتمادوعدم اعتماد کی بات نہیں یہ سیاسی عمل ہے،ہوتا رہتاہے۔

    صحافی نے سوال کیا کہ آپکی کیا رائے ہے کہ چیئرمین سینیٹ کا حکومتی امیدوار کون ہوگا؟ جس پر اسد قیصر نے جواب میں کہا میری ذاتی رائے ہے صادق سنجرانی سےبہترکوئی نہیں،فیصلہ پارٹی کرے گی ۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کے لئے اجلاس جلد بلایا جائے گا ، وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے تو181اراکین حمایت میں کھڑے ہوں گے۔

    خیال رہے پیپلزپارٹی نومنتخب یوسف رضاگیلانی کوچیئرمین سینیٹ بنانے کیلئے کوشاں ہیں ، سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز کہا تھا یوسف رضا گیلانی کوچیئرمین سینیٹ کاامیدوار بنانے کافیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔