Tag: sadiqabad

  • پنجاب : برقع پوش ملزم نے چار بچوں پر تیزاب پھینک دیا

    پنجاب : برقع پوش ملزم نے چار بچوں پر تیزاب پھینک دیا

    صادق آباد : استاد نے اپنے ہی شاگردوں پر تیزاب پھینک کر جھلسا دیا، لوگوں نے موقع پر پکڑ کر  پولیس کے حوالے کردیا، ملزم بچوں کو ٹیوشن پڑھاتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے علاقے حق ٹاؤن میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ملزم نے گلی میں کھیلنے والے چار بچوں پر تیزاب ڈال کر انہیں شدید زخمی کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے4بچوں پر تیزاب پھینکا ہے، بچوں کو فوری طبی امداد کیلیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ صادق آباد پولیس کے مطابق ملزم بچوں کو پڑھاتا تھا اور بچوں ساتھ سختی کرنے پر والدین کی جانب سے اسے بچوں کو ہراساں کرنے سے منع کیا گیا تھا جس کا اس کو رنج تھا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ہے کہ ملزم واردات کرنے کیلئے برقع پہن کرآیا اور گلی میں کھیلنے والے چار بچوں پرتیزاب پھینک دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی، اہل محلہ نے تعاقب کے بعد ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    خیال رہے کہ ملک میں اس سے قبل بھی تیزاب گردی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، زیادہ تر تیزاب گردی کے واقعات شادی سے انکار پر پیش آئے۔ 9 فروری کو شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا تھا جس کے نتیجے میں شوہر اور 10 سالہ بیٹا زخمی ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : شادی سے انکار پر ملزم نے منگیتر پر تیزاب پھینک دیا

    اس کے علاوہ ملتان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے پانچ سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔

  • ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    صادق آباد: ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ باندھی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں چک نمبر 215 کے قریب پیش آیا جب اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ فنی خرابی کے باعث کریش کرگیا۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق طیارے نے رحیم یار خان ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ طیارہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسپرے کے لیے منگوایا گیا تھا اور یہ طیارہ وفاق کی جانب سے اسپرے مہم کے لیے پنجاب حکومت کو دیا گیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں ٹڈی دل نے فصلوں پر حملہ کردیا تھا جس کے باعث چاول، مٹر اور کپاس سمیت متعدد فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    شکارپور میں ٹڈی دل گھروں میں بھی داخل ہوگئے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ گزشتہ برس جون سے شروع ہوا تھا جب خیرپور، سکھر اور گھوٹکی میں ٹڈیوں کے جھنڈ کے جھنڈ شہر میں داخل ہوگئے۔ ٹڈیوں کے حملوں کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کی فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔

  • صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    صادق آباد: مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی جبکہ 84 افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اکبرایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی، ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کا کہنا ہے کہ ملبے سے 5 سالہ بچی کی لاش نکال لی گئی، حادثے میں 84 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    صادق آباد میں گزشتہ روز لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس مین لائن سے ہٹ کر ولہار اسٹیشن کی لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، المناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 تک پہنچ گئی ہے۔

    حادثے میں شاہ کوٹ کے ڈاکٹر بشیر، ان کی اہلیہ اور دو بیٹے جاں بحق اور ایک بیٹا اور بیٹی زخمی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان جمیل احمد جمیل کے مطابق حادثہ سگنل تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔

    افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 4 بوگیاں الٹیں جبکہ 7 کو نقصان پہنچا لاشوں کو زخمیوں کو اکبرایکسپریس کی بوگیاں کاٹ کر نکالا گیا۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبرایکسپریس حادثے کو انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے9،9 لاکھ جبکہ شدید زخمیوں کو پانچ لاکھ اور کم زخمی افراد کو 2،2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہارافسوس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے صادق آباد ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی عشروں سے ریلوے کے انفراسٹرکچرکونظراندازکیا گیا۔ انہوں نے انفرااسٹرکچربہترکرنے اور سیفٹی اسٹینڈرڈ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

  • صادق آباد: نجی بینک میں دھماکا، 20 افراد زخمی

    صادق آباد: نجی بینک میں دھماکا، 20 افراد زخمی

    صادق آباد: تحصیل صادق آباد کے ایک نجی بینک میں ہونے والے دھماکے سے 20 افراد زخمی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں ہونے والے دھماکے سے نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی، واقعے میں کئی افراد زخمی ہوئے.

    دھماکے سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، قریب کھڑی موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں، کار اور ایک بس کو شدید نقصان پہنچا۔

    واقعے کی اطلاعت ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہل کار موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں‌ کو اسپتال پہنچا دیا گیا. اسپتالوں میں‌ ایمرجینسی نافذ کر دی گئی.

    دھماکے کے اسباب کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے، نہ تو یہ سلنڈر دھماکا ہے، نہ ہی بینک میں شارٹ سرکٹ کے شواہد ملے ہیں.

    مزید پڑھیں: مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک

    ابتدا میں ڈی پی او صادق آباد نے اسے سلنڈر کا دھماکا قرار دیا تھا، مگر اس ضمن میں حکام کا حتمی موقف سامنے نہیں آیا.

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صادق آباد بینک میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • صادق آباد میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    صادق آباد میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    صادق آباد: صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں گاڑی اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں کوٹ سبزل چیک پوسٹ کے قریب گاڑی اور ٹرک میں تصادم ہوا، حادثے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق افسوس ناک حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    مظفرگڑھ : بس اور ٹرک میں تصادم‘ 3 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں مسافر بس اور تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    گوجرانوالہ میں بس حادثہ ‘ 1 شخص جاں بحق ‘ 15 زخمی

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تیزرفتار بس فٹ پاتھ سے ٹکرا کرالٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق بس جڑانوالہ سے سیالکوٹ ایئرپورٹ جارہی تھی، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عمرہ عازمین سوارتھے۔

  • صادق آباد : گیس پائپ لائن میں دھماکہ کے بعد آتشزدگی، پنجاب کو سپلائی معطل

    صادق آباد : گیس پائپ لائن میں دھماکہ کے بعد آتشزدگی، پنجاب کو سپلائی معطل

    صادق آباد : بھونگ میں گزشتہ رات گئے دھماکے سے گیس پائپ لائن میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، پنجاب کی صنعتوں اور توانائی سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل کردی گئی، گیس کمپنی نے شرپسندوں کی کارروائی قرار دیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے علاقہ بھونگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی شب گیس پائپ لائن میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد ٹرانسمیشن لائن میں شدید آگ بھڑک اٹھی، آگ میں اتنی شدت تھی کہ اس نے آس پاس گنے کے کھیت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ رات سوا دو بجے لگی، اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیوں کے عملے نے چارگھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، امدادی اہلکاروں نے علاقے سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    دھماکے سے پائپ لائن تباہ اور پنجاب کی انڈسٹری ، فرٹیلائزر اور پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل ہے۔ سوئی ناردرن کا عملہ پائپ لائن کی مرمت میں مصروف ہے، آج رات تک تمام مرمتی و بحالی کا کام مکمل کر لیا جا ئے گا۔

    اس حوالے سے ترجمان سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچایا تاہم پولیس حکام نے تخریب کاری کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں اس قسم کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • ہماری لڑائی کسی سیاسی جماعت سے نہیں مسائل سے ہے، بلاول بھٹو

    ہماری لڑائی کسی سیاسی جماعت سے نہیں مسائل سے ہے، بلاول بھٹو

    صادق آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی کسی سیاسی جماعت یا سیاست دان سے نہیں بکہ مسائل سے ہے، اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں 14 یونیورسٹیاں بنائیں، سندھ میں 1800 کلو میٹر کینال پکی کی، جس سے پانی کی بچت ہوتی ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ غربت کا سندھ میں غربت مٹاؤ پروگرام سے غریبوں کو بلاسود قرضے دئیے، غربت کا مقابلہ کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، غربت مٹاؤ پروگرام پورے پنجاب میں متعارف کرائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم میٹرو نہیں بناتے بلکہ غریب عوام کی خدمت کرتے ہیں، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے تخت رائے ونڈ نے کچھ نہیں کیا، ہم نے جنوبی پنجاب کو پہلا وزیر اعظم دیا، اب صوبہ بھی بنا کر دیں گے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسانوں کو رجسٹرڈ کرکے بینظیر کسان کارڈ دیں گے، بینظیر کسان کارڈ سے سبسڈی اور بلاسود قرضے ملیں گے، ہمارا منشور کسان مزدور دوست ہے، زرعی انقلاب کا پروگرام لائیں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بی بی کے بعد ایک خلاء پیدا ہوگیا تھا، آج جس طرح یہاں استقبال ہوا ہے فخر سے کہہ سکتا ہوں بی بی تیرا قافلا رکا نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی ہر جگہ سے جیتے گی، لوٹے اور مفاد پرستوں کے لیے سیاست میں مثال قائم کرنا ہوگی، پاکستان غیر جمہوری اقدامات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے، نوازشریف

    آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے، نوازشریف

    صادق آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کا مقابلہ زرداری کے ساتھ ہے نہ عمران کے ساتھ بلکہ ہمارا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے، اب پاکستان کی بدنصیبی کا70سالہ دور دوبارہ نہیں آئے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق آباد میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف تو کوئی شے ہی کچھ نہیں ہے، یہ بلا لے کر نکلنے والے لوگ قوم سے مذاق کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی والوں کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے، شاید یہ لوگ میری کرکٹ کے لئے خدمات کو بھی بھول گئے ہیں، یہ لوگ شوکت خانم میموریل کیلئے میری خدمت کو بھی بھول گئے، انہوں نے بتایا کہ میں نے 1990میں شوکت میموریل اسپتال کیلئے جو خدمت کی وہ فرض سمجھ کرکی۔

    نواز شریف نے مزید کہا کہ میرا عمران خان سے کوئی مقابلہ نہیں آپ میرے سامنے کوئی شے ہی نہیں ہو اور زرداری صاحب آپ کا بھی مجھ سے کوئی مقابلہ نہیں ہے بلکہ ن لیگ کا مقابلہ ایک خلائی مخلوق کے ساتھ ہے ، اب پاکستان کی بدنصیبی کا70سالہ دور دوبارہ نہیں آئے گا۔

    نوازشریف نے کہا کہ میں نے پچھلے 4سال قوم کی خدمت کی اور ملک سے اندھیرے دور کئے، دہشت گردی کو ختم کیا کراچی کا امن بحال کیا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، صادق آباد سے اغواء برائے تاوان کی وارداتیں ختم کیں، موٹرویز بنائی ہیں۔

    آپ کو مبارک ہو کراچی تا ملتان موٹروے بھی زیرتعمیر ہے، موٹر وے کو پشاور سے اسلام آباد اور پھر لاہور پہنچائی، لاہور سے موٹروے کوملتان اور پھر سکھر اور کراچی پہنچائیں گے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ قوم کیلئے اتنی خدمات ہیں کیا اس لئے مجھے فارغ کردیا گیا، دن رات خدمت کرنیوالے کو راہ چلتے چلے فارغ کررہے ہیں، نواز شریف نے شرکاء سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ن لیگ کا منشور بھی پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ 2018کے الیکشن کو ریفرنڈم سمجھیں، میرے خلاف فیصلہ بدلنا چاہتے ہو تو ن لیگ کے شیروں کو کامیاب کراؤ، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کےلئے ن لیگ کو ووٹ دو، میرے خلاف فیصلے کو اسمبلی سے ختم یا بدلا جاسکتا ہے تاکہ ہم ترقی کا سفر جاری رکھ سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آئی تو پاکستان کے تمام غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دینگے، ہمارے منشور میں شامل ہوگا کہ ہر غریب کو چھت اور گھر ملے گا، ن لیگ نے کسانوں کو ٹیوب ویلوں پر سبسڈی دی۔

    مزید پڑھیں: بہترہوگازرداری صاحب ذاتی الزام تراشیوں کا دفتر نہ کھولیں ،نوازشریف

    ان کا کہنا تھا کہ آج نوازشریف اپنے لئے نہیں بکلہ آپ کے اچھے مستقبل کیلئے آپ کے پاس آیا ہے، میرا ہر اول دستہ بنیں گے تو ملک میں ہرطرف انقلاب برپاکردینگے، الیکشن کے بعد صادق آباد سے ٹلو روڈ دوبارہ تعمیر اور دو رویہ بنائیں گے، صادق آباد سے رحیم یارخان تک سڑک کو بھی دو رویہ کرینگے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • مسلم لیگ ن آج صادق آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    مسلم لیگ ن آج صادق آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    صادق آباد : صوبہ پنجاب کے شہرصادق آباد میں مسلم لیگ ن سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن آج صادق آباد میں جلسہ کرے گی، سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت دیگرپارٹی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔

    جلسے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جلسہ گاہ میں شرکاء کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کی جانب سے صادق آباد میں مسلم لیگ ن کے جلسے کی سیکورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔


    ہمارا مقابلہ عمران یا آصف زرداری سے نہیں ہے‘ نوازشریف

    خیال رہے کہ گزشتہ روزساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ عمران یا آصف زرداری سے نہیں ہے، بلکہ ایسی قوتوں کے ساتھ ہے جو نظر نہیں آتیں لیکن انھیں آپ سمجھتے ہیں۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے واپس لانے کا ایک راستہ ہے، ن لیگ کو اتنے ووٹ دو کہ قانون اور اس کے فیصلے کو اٹھا کر باہر پھینکا جاسکے، آپ کا ووٹ قانونی فیصلوں کو ختم کرسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • صادق آباد: ماں نے 2 بچوں کوزہردے کرخودکشی کرلی

    صادق آباد: ماں نے 2 بچوں کوزہردے کرخودکشی کرلی

    صادق آباد : صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں ماں نے 2 بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے علاقے سونا چوک کی بلوچ کالونی میں 27 سالہ فاطمہ نے اپنے تین بچوں کو دہی میں زہر ملا کر دے دیا اور خود بھی زہر کھا لیا جس کے نتیجے میں چھ سالہ بچی اور ماں نے دم توڑ دیا۔

    زہریلا دہی کھانے والے آٹھ سالہ بچے کو تشویش ناک حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سب سے بڑی بیٹی زہریلا دہی نہ پینے کے باعث بچ گئی۔

    خاتون کے خاوند نے بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ بیوی کے ماں باپ کے گھر میں مقیم ہے وقوعہ کے وقت گھر میں کوئی بھی بڑا موجود نہیں تھا جاں بحق ہونے والی ماں بیٹی کی لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا پوسٹ مارٹم ہوگا۔


    لیہ میں باپ نے 5 بچوں کو زہردے کرخودکشی کرلی


    خیال رہے کہ گزشتہ سال 27 اپریل کو پنجاب کے شہر لیہ میں باپ نے اپنے بچوں کو زہردے کرخود بھی زہرکھا لیا تھا جس کے نتیجے میں 5 بچے اورباپ جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 5 نومبر2017 کو جڑانوالہ کی رہائشی ریما نے اپنے شوہر فرحان سے گھریلو جھگڑے کے بعد طیش میں آکر مبینہ طور پر اپنی دو بچیوں کو زہریلی دوا پلا کر خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں