Tag: Safety Measures

  • کراچی ایئر پورٹ آنے والے شہریوں پر نئی پابندی لگانے کا فیصلہ

    کراچی ایئر پورٹ آنے والے شہریوں پر نئی پابندی لگانے کا فیصلہ

    کراچی ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آنے والے شہری مذکورہ شرط پوری کیے بغیر داخل نہیں ہو سکیں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپوٹ پر مسافروں کو لینے یا رخصت کرنے کیلئے آنے والے شہریوں کو بھی اب ٹکٹس کی کاپی لازمی ساتھ رکھنا ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ آنے والے شہریوں کو سیکورٹی اہلکاروں کے چیک کرنے پر ٹکٹس دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    اب ایک مسافر کے ساتھ 4 شہری ایئرپورٹ میں داخل ہوسکیں گے، جن شہریوں کے پاس ٹکٹ کی کاپی نہیں ہوگی انہیں ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سیکورٹی کیلئے اقدامات کرلیے، اس کے علاوہ کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو لینے کے لیے آنے والے شہریوں کو ٹکٹ کے ساتھ شناختی کارڈ بھی لازمی رکھنا ہوگا۔

    پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب حالیہ دہشت گرد حملے کے پیش نظر مسافروں کے حوالے سے نئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ اقدام سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

    ذرائع کا خبر کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے شعبہ ویجلنس نے پلان ترتیب دے دیا، نئے فیصلے پر عمل درآمد جلد شروع کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر فضائی سفر میں سخت احتیاط کی جانے لگی، ایئرپورٹس کے تمام حصوں اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے کیے جا رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے مسافروں کی سلامتی اور فضائی سفر کو وبائی بیماریوں سے پاک رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کردی ہیں۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سفر سے پہلے، سفر کے دوران اور سفر کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق سفر سے پہلے تمام مسافروں کا طبی معائنہ ہوتا ہے، پرواز کے دوران کام کرنے والے عملے کو دستانے اور ماسک پہنے رکھنے کی سختی سے تاکید کر دی گئی ہے۔

    محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران کسی مریض پر شبہ ہوجائے تو اسے کس طرح باقی مسافروں سے دور رکھا جائے اور اس کی استعمال کی جانے والی جگہ کو کس طرح وائرس سے پاک کیا جائے اس کی مکمل تربیت عملے کو دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق جہاز میں سوار ہونے سے پہلے تمام مسافروں کا اسکین کیا جاتا ہے تاکہ یقین ہوجائے کہ کسی میں کرونا کا شبہ نہیں ہے، جہازوں کے علاوہ ایئرپورٹ کے تمام حصوں کو بھی جراثیم کش مواد سے صاف کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سفر کے بعد منزل مقصود تک پہنچنے پر جب تمام مسافر جہاز سے اتر جاتے ہیں تو جہاز کے اندرونی حصے کو بھی اچھی طرح سے صاف کیا جاتا ہے اور اس میں جراثیم کش مواد کا سپرے کیا جاتا ہے۔