Tag: Saira Bano

  • حکمرانوں نے کبھی اپنی جیب سے گاڑیوں میں فیول نہیں ڈلوایا، سائرہ بانو

    حکمرانوں نے کبھی اپنی جیب سے گاڑیوں میں فیول نہیں ڈلوایا، سائرہ بانو

    جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا کہنا ہے حکمران کہتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع نہیں کرسکتے، ان لوگوں  نے کبھی اپنی جیب سے گاڑیوں میں فیول نہیں ڈلوایا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے کبھی اپنی گاڑیوں میں اپنی جیب سے فیول نہیں ڈلوایا انہیں عوام کی مشکلات کا کیسے احساس ہوگا۔ ان سے ویگو گاڑیاں واپس لیں، پیٹرول کے پیسے بھی ان سے واپس لیں۔

    سائرہ بانو نے کہا کہ یہ لوگ حکومت میں بیٹھے ہی کیوں ہیں، انہوں نے اپنے مفاد کی تمام قانون سازیاں مکمل کرلیں اور اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہی وہ لوگ تھے جو پیٹرول بم کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے مہنگائی مارچ لے کر نکلتے تھے، ایک وہ خاتون بھی تھی جو کہتی تھی کہ رات کی تاریکی میں پیسے بڑھا دیئے جاتے ہیں۔

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ شہبازشریف ہی کہتے تھے کہ میرا نام تبدیل کرلینا اب انہیں کیا کہیں؟ اپنی مراعات میں تو انہوں نے اضافہ کردیا لیکن ان لوگوں کو عوام کی کوئی فکر ہی نہیں۔

    رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ تو نئی آنے والی حکومت کیلئے بھی مشکلات چھوڑ کر جارہے ہیں۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یہ لوگ عدالت کے سامنے احتجاج کرتے تھے اب وزیراعظم ہاؤس کے سامنے بھی کریں، گزشتہ حکومت میں مہنگائی مارچ کرنے والے مولانا فضل الرحمان بھی اب تک خاموش ہیں۔

  • سائرہ بانو نے انسٹاگرام کی دنیا میں قدم رکھ دیا

    سائرہ بانو نے انسٹاگرام کی دنیا میں قدم رکھ دیا

    بھارتی فلم انڈسٹری کے ”شہنشاہِ جذبات“ کہلائے جانے والے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو اس دنیا سے رخصت ہوئے دو سال کا عرصہ بیت گیا۔

    بر صغیر پاک و ہند میں یکساں مقبول دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو اپنے شوہر کی دوسری برسی پر بھی اپنے جذبات پر قابو نہ کرسکیں اور انہیں یاد کرکے افسردہ ہوگئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے شاعرانہ انداز میں اپنے شوہر کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے لکھا کہ

    سکون دل کے لئے کچھ تو اہتمام کروں
    ذرا نظر جو ملے پھر انہیں سلام کروں
    مجھے تو ہوش نہیں آپ مشورہ دیجئے
    کہاں سے چھیڑوں فسانہ کہاں تمام کروں

    دلیپ کمار کی دوسری برسی کے موقع پر اہلیہ سائرہ بانو کے جذباتی الفاظ وائرل ہوگئے اور مداحوں نے بھی ان کے ساتھ لیجنڈ اداکار کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ کہ میں اس تحریر کے ذریعے اپنے دوستوں اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے کوہِ نور کے دنیا سے جانے کے بعد بھی مجھے بہت زیادہ پیار و عزت بخشتی اور پلکوں پر بٹھائے رکھا۔

    ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ آج ہی کے دن سات جولائی سات بجے میری محبت ایک گہری نیند میں چلی گئی اور میرے لیے وقت رک سا گیا ۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں آج تک ان کی کمی محسوس کرتی ہوں ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم اب بھی زندگی کے راستے پر ایک ساتھ چلیں گے، ہاتھ میں ہاتھ ملا کر،اپنے خیالات میں ایک رہیں گے اور آخری وقت تک ساتھ رہیں گے۔

    واضح رہے کہ برصغیر کے عہد ساز اداکار دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو طویل علالت کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

  • وفاقی حکومت میں ضرور کوئی کھچڑی پک رہی ہے، سائرہ بانو

    وفاقی حکومت میں ضرور کوئی کھچڑی پک رہی ہے، سائرہ بانو

    اسلام آباد : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے حکومت کے خلاف بیان دیا ہے ضرور کوئی کھچڑی پک رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے حکومت مخالف بیان کے بعد جو کھچڑی پکائی جارہی ہے اس کا پتہ ڈھکن کھلنے کے بعد ہی چلے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں ایوان میں مثبت بات کرنے کی کوشش کرتی ہوں، اسپیکر صاحب نے مجھے کہا کہ تقریر کرکے چلی جائیں،5ارکان بیٹھے ہوتے ہیں تو بلز پاس کردیے جاتے ہیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ اس وقت افراتفری کا عالم ہے، پتہ نہیں چل رہا کون کہاں جارہا ہے،
    اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ آئندہ ٹکٹ ن لیگ سے لینے ہیں، مجھے سمجھ نہیں آتا ایسی اپوزیشن کہاں ہوتی ہے؟

    جی ڈی اے رہنما نے بتایا کہ اس وقت تو سب کو ترقیاتی فنڈز کی فکر لگی ہوئی ہے، مجھے بھی ترقیاتی فنڈ کا کہا گیا لیکن میں نے انکار کردیا، پیپلزپارٹی کے لیے ماحول تو بنا ہوا ہے اصل مسئلہ اس وقت ن لیگ کو درپیش ہے۔

    استحکام پاکستان پارٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سائرہ بانو نے کہا کہ ابھی یہ نہیں معلوم کہ آئی پی پی کس کے پلڑے میں بیٹھتی ہے، حالانکہ پاور سیکٹر کی آئی پی پی نے تو ملک کو نقصان ہی پہنچایا ہے اور گرشی قرضے بڑھ گئے ہیں۔

  • کچرے سے بجلی بنائی جاتی ہے ہم نے پارٹی بنالی، سائرہ بانو

    کچرے سے بجلی بنائی جاتی ہے ہم نے پارٹی بنالی، سائرہ بانو

    کراچی : گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا ہے کہ کچرے سے بجلی بنائی جاتی ہے لیکن ہم نے پارٹی بنائی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کو وجود میں لایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے4سال تک ہمیں بتایا کہ جہانگیر ترین اے ٹی ایم ہیں، آج وہ سب اچھے ہوگئے، اب عطا تارڑ کہتے ہیں کہ مل کر چلیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کرچکا ہے اس کی کوئی تردید بھی نہیں آئی، گزشتہ ٹیکس ہدف پورا نہیں کیا گیا تو اس بار کیسے ہوگا؟ ملک نے ڈیفالٹ نہیں کیا لیکن عوام ڈیفالٹ کرگئے ہیں۔

    سائرہ بانو نے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن کا مضبوط کردار ہوتا ہے لیکن ہمیں اپوزیشن وہاں نظر نہیں آرہی بلکہ اپوزیشن لیڈر تو یہ کہتے ہیں کہ آئندہ الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔

    پیپلز پارٹی کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ زرداری صاحب پنجاب میں متحرک ہیں،الیکشن ضرور ہوں گے، وہ اپنی زبان کے پکے ہیں، ن لیگ کیلئے الارمنگ صورتحال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وقت پر انتخابات کے حق میں ہے، مسئلہ ن لیگ کو ہے، زرداری صاحب کے پاس جنوبی پنجاب میں سیٹیں ہیں۔

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں اپنا ووٹ بینک ڈھونڈ رہی ہے، اب سیاسی گیم دلچسپ مراحل میں داخل ہوچکا ہے، جس طرح ہارنے والا بچہ لڈو کی گوٹیاں اڑا دیتا ہے شاید ن لیگ بھی ایسا ہی کرے۔

  • خاتون رکن قومی اسمبلی کا اسحاق ڈار کی تقریر پر شدید ردعمل

    خاتون رکن قومی اسمبلی کا اسحاق ڈار کی تقریر پر شدید ردعمل

    اسلام آباد : جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

    پارلیمنٹ سے باہر رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے اسحاق ڈار پڑھ رہے تھے اسے دیکھ کر حیرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے کوئی راجہ آیا اوربم گرا کرچلا گیا، اسحاق ڈار آئے اور لکھی ہوئی تقریر پڑھ کر چلے گئے۔

    سائرہ بانو نے کہا کہ ان کو اندازہ ہی نہیں ہے وہ جو پڑھ رہے ہیں اس کے کیا اثرات مرتب ہونگے، تقریر میں سارا کچھ جھوٹ تھا کہ غریبوں پرٹیکس نہیں ہوگا صرف امیروں پر ہوگا۔

    جی ڈی اے کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مجھے اس وقت ہنسی آرہی تھی جب وہ کہہ رہے تھےکہ سادگی اپنائیں، کیا سادگی صرف عوام کیلئے رہ گئی ہے؟ عوام کیا کیڑےمکوڑے ہیں؟ پہلے خود تو سادگی اپنائیں ان کے لباس اور گاڑیاں دیکھی ہیں آپ نے؟

    انہوں نے کہا کہ اپنی بڑی گاڑیوں کے لئے پانچ سوروپے فی لیٹر پیٹرول کریں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول سستا کریں۔

    صرف شہداد پور میں اب تک چار لوگ خودکشی کرکے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں، اب آگے پتا نہیں کیا ہوگا، یہ سارے پیسے جو آئیں گے آدھے ان کی عیاشیوں پرلگ جائیں گے۔

  • مرحوم دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو اسپتال سے گھر منتقل

    مرحوم دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو اسپتال سے گھر منتقل

    ممبئی : بھارت کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو کو طبیعت بہتر ہونے پر اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے پر داخل کیا گیا تھا۔

    77سالہ اداکارہ کو28 اگست کو سانس کی تکلیف، ہائی بلڈ پریشر اور ہائی شوگر لیول کے بعد ہندوجا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    میڈ یا رپورٹس کے مطابق دلیپ فیملی کے ترجمان فیصل فاروقی نے بتایا کہ طبیعت بہتر ہونے پر سائرہ بانو کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر منتقل ہوگئی ہیں۔

    فیصل فاروقی کے مطابق دلیپ کمار کی موت کا گہرا اثر سائرہ بانو کی صحت پر ہوا ہے اور اپنے شوہر کے انتقال کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو کو سانس لینے میں دشواری، ہائی بلڈ پریشر اور ہائی شوگر کی شکایات لاحق تھیں، 28 اگست کو انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جس کے بعد اُن کے کچھ ٹیسٹ کیے گئے۔

    مذکورہ ٹیسٹوں کے بعد مریضہ کو دوائیں تجویز کی گئیں اور طبیعت میں بہتری آنے کے بعد آج انہیں اسپتال سے چھٹی دے کر گھر بھیج دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ سائرہ بانو اپنے شوہر دلیپ کمار کی موت کے بعد سے ڈپریشن سے بھی لڑ رہی ہیں اُنھیں زیادہ نیند نہیں آتی اور وہ گھر واپس جانا چاہتی ہیں۔

    سائرہ بانو میں کورونری سنڈروم کی تشخیص

    یاد رہے کہ 7 جولائی 2021 کو بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے تھے۔

  • بھارتی اداکارہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز، آئی سی یو منتقل

    بھارتی اداکارہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز، آئی سی یو منتقل

    ممبئی : بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ اور دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 77 سالہ اداکارہ سائرہ بانو جنہوں نے حال ہی میں اپنے شوہر اور برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو کھویا ہے ان کی بھی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں۔

    سائرہ بانو کی طبیعت سے متعلق فی الحال زیادہ تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ انہیں اچانک کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ برصغیر کے مایہ ناز اداکار اور بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کا 98 برس کی عمر میں 7 جولائی 2021 کو انتقال ہوگیا تھا۔

    ان کی موت کی خبر نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے چاہنے والوں کو غمزدہ کردیا تھا۔ سائرہ بانو اپنے شوہر دلیپ کمار سے بے حد محبت کرتی تھیں اورآخری وقت تک ان کے ساتھ رہیں۔

  • دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی، ڈاکٹر کی تصدیق

    دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی، ڈاکٹر کی تصدیق

    ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی تاہم وہ اب بھی ڈاکٹر کی نگہداشت میں موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ممتاز اداکار یوسف خان (دلیپ کمار) کو ایک روز قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے مرض کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ کروائے جن کی رپورٹس آنے پر یہ بات سامنے آئی کہ اداکار کو نمونیا کا مرض لاحق ہوگیا جس کے باعث اُن کے سینے میں انفکیشن اور بخار کی شکایت ہے۔

    مزید پڑھیں: دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان

    لیلا وتی اسپتال کے نائب صدر اور ترجمان ڈاکٹر اجے کمار کا کہنا ہے کہ ’دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ اب پہلے سے بہتر ہیں  مگر انہیں ابھی نگہداشت کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا‘۔

    قبل ازیں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور یوسف خان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھی بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے طبیعت پر اطمینان کا اظہا کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایک روز قبل لیجنڈری اداکار کے قریبی رشتے دار فیصل فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دلیپ کمار کی ہی آئی ڈی سے اُن کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں‌ داخل کرا دیا گیا

    یاد رہے کہ 95 سالہ اداکار کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے، انھیں ایک برس قبل  بھی طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس کے بعد وہ روبہ صحت ہو کر گھر لوٹ آئے تھے۔

    6 دہائیوں تک بالی ووڈ فلم نگری پر راج کرنے والے دلیپ کمار نے بے شمار فلمیں کیں، “مغلِ اعظم” میں شہزادہ سلیم کا کردار ان کی زندگی کا یادگار کردار بن گیا جبکہ اُن کی آخری فلم ’’قلعہ‘‘ 1998 میں ریلیز کی گئی تھی۔