Tag: Sajjad ali

  • سجاد علی کا نوجوان گلوکاروں کو اہم مشورہ

    سجاد علی کا نوجوان گلوکاروں کو اہم مشورہ

    پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی نے نوجوان گلوکاروں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے انہیں اہم مشورہ دیا ہے۔

    حال ہی میں آرٹس کانسل آف پاکستان میں  ایک خصوصی ماسٹر کلاس کا انعقاد کیا گیا، جہاں سجاد علی نے نوجوان گلوکاروں سے گفتگو کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ گائیکی ایک فطری صلاحیت ہے، جو محض سیکھنے سے نہیں آتی اور اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جو گاتے ہیں وہ سیکھنے پر توجہ نہیں دیتے اور جو سیکھتے ہیں، وہ گائیکی میں دل سے کام نہیں لیتے۔

    گلوکار نے کہا کہ گلوکار پیدا ہوتے ہیں، بنائے نہیں جاتے لیکن گائیکی میں جس قدر محنت کی جائے، اسی تناسب سے نتائج حاصل ہوتے ہیں آج کے نوجوانوں میں جوش و جذبے کو اکثر ‘موڈ‘ کا نام دیا جاتا ہے، جو وقتی ہوتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sajjad-ali-video-message-pathaan-besharm-rang-music-copy/

    سجاد علی نے کہا کامیابی کے لیے صرف موڈ پر انحصار کافی نہیں، بلکہ ایک منظم حکمتِ عملی اور تسلسل ضروری ہے، پیشن کو عادت اور نظم و ضبط میں ڈھالنا ہی اصل کامیابی ہے۔

    گلوکار نے اپنی کامیابی کا راز ڈسپلن کو قرار دیا اور کہا کہ میں نے بہت سے باصلاحیت افراد کو دیکھا ہے لیکن کامیاب وہی ہوئے جنہوں نے خود کو ڈسپلن میں رکھا، ٹیلنٹ بھی اہم ہے، لیکن اگر اس کے ساتھ نظم و ضبط نہ ہو تو وہ ضائع ہو جاتا ہے۔

  • لائٹ جاندی اے: سجاد علی کا گنگنا کر پریشانی کا اظہار

    لائٹ جاندی اے: سجاد علی کا گنگنا کر پریشانی کا اظہار

    ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے سب کو پریشان کر رکھا ہے اور فنکار بھی اس پریشانی سے آزاد نہیں، لیکن معروف گلوکار سجاد علی نے اس پریشانی کو بھی گانے کی شکل دے دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سجاد علی نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی ٹیم کے ساتھ اسٹوڈیو میں موجود ہیں۔

    غالباً اس دوران انہیں بجلی کی آنکھ مچولی نے پریشان کر رکھا ہے، تبھی وہ پنجابی میں گانا شروع کرتے ہیں، لائٹ آندی اے، لائٹ جاندی اے۔

    اس کے ساتھ ہی ان کی ٹیم اس پر موسیقی بجانا شروع کردیتی ہے جس کے بعد یہ اچھے خاصے گانے کی شکل اختیار کرجاتا ہے۔

    سجاد علی کی اس ویڈیو پر مداح بہت لطف اندوز ہوئے، کئی لوگوں نے خود کو بھی اسی پریشانی کا شکار قرار دیا جبکہ کچھ نے سجاد علی کے گانے کی تعریف کی۔

  • گھر میں کس چیز کی پابندی ہے؟ سجاد علی کا چونکا دینے والا انکشاف

    گھر میں کس چیز کی پابندی ہے؟ سجاد علی کا چونکا دینے والا انکشاف

    معروف گلوکار سجاد علی کے گھر میں کس چیز کی پابندی ہے؟ جانئے ان کی زبانی۔

    تفصیلات کے مطاقب پاکستان کے مشہور و معروف گلوکار سجاد علی اپنی بیٹی زاو علی کے ہمراہ آج اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ‘ گڈ مارننگ پاکستان’ کے مہمان بنے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر کی جانب سے سجاد علی اور ان کی بیٹی زاو علی سے سوال کیا گیا کہ گھر میں کس چیز کی پابندی ہے؟ جس پر سجاد علی نے بتایا کہ ہمارے گھر میں جھوٹ بولنے پر سخت پابندی ہے، گھر میں جھوٹ بولنے کا سین نہیں ہے۔

    زاو علی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چھپ کر کچھ کرنا ہمارے گھر کا اصول نہیں ہے، اگر کوئی بات ہوبھی جاتی ہے تو والد اور والدہ کو سامنے بٹھا کر انہیں تمام معاملات سے آگاہ کرتی ہوں ۔

    یہ بھی پڑھیں: گلوکار سجاد علی کا نیا گانا پردیسیوں کے نام

    ندا یاسر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ بچوں کی باتوں میں جلدی کون آتا ہے؟ جس پر سجاد علی نے معصومانہ انداز میں کہا کہ میری بیوی جلد ہی بچوں کے کہنے میں آجاتی ہے، وہ بہت معصوم ہیں۔

  • سجادعلی کا بیٹا خوبی علی بھی والد کے نقش قدم پر

    سجادعلی کا بیٹا خوبی علی بھی والد کے نقش قدم پر

    کراچی : پاکستانی لیجنڈ گلوکار سجاد علی کے صاحبزادے خوبی علی نے اپنی سریلی آواز اور گائیکی سے سننے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کردیا جس کی مثال ان کا پہلا گانا "اداس” ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔

    اپنے والد سجاد علی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اُن کے بیٹے خوبی علی نے گزشتہ دنوں موسیقی کی دنیا میں باضابطہ طور پر قدم رکھنے کیلئے اپنے والد کے مشہور گانے کا انتخاب کیا جسے سننے اور دیکھنے والوں نے بے حد پسند کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے خوبی علی نے بتایا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ لوگوں نے میرے گانے کو پسند کیا میں مزید اچھا گانے کی کوشش کرتا رہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی فی الحال میرا فوکس گانے کی طرف ہے لیکن آئندہ آنے والے دنوں میں پروڈکشن اور دیگر کاموں پر بھی توجہ دوں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں خوبی علی نے کہا کہ ردھم میں رہنے کیلیے میں بھی ریاض کرتا ہوں اور میں ایک نیا گانا لاؤنچ کرنے کی تیاری کررہاہوں امید ہے لوگ اسے بھی پسند کریں گے۔

  • کرونا کے باعث پابندیاں ، گلوکارسجاد علی نے مداحوں کو مایوس نہ ہونے دیا

    کرونا کے باعث پابندیاں ، گلوکارسجاد علی نے مداحوں کو مایوس نہ ہونے دیا

    کراچی : کرونا وائرس کے باعث  پابندیوں  کے بعد گلوکارسجاد علی نے مداحوں کو مایوس نہ ہونے دیا اورآن لائن کنسرٹس کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا ائرس کے باعث عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ، اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار سجاد علی نے ویڈیو پیغام میں آن لائن کنسرٹس کا اعلان کردیا۔

    ویڈیو پیغام میں سجاد علی نے کہا کہ کروڑوں مداح گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے تو کیا کنسرٹس نہیں ہوں گے؟ کنسرٹس توہوں گے،مگر آن لائن ہوں گے۔

    انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’Music Revolution‘ کا استعمال کرتے ہوئے کہا آئیے کمرشل شوز آن لائن کر کے ایک انقلاب لاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہیش ٹیگ ’SajjadAliOnline‘ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو پیغام میں کہا کیا سننا پسندکریں گے؟گانےکی فرمائش کریں، آن لائن گانا گائیں گے۔

  • گلوکار سجاد علی نے نیا گانا ’بارش‘ ریلیز کردیا

    گلوکار سجاد علی نے نیا گانا ’بارش‘ ریلیز کردیا

    کراچی: گلوکار سجاد علی نے اپنا نیا گانا ’بارش‘ ریلیز کردیا جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار سجاد علی نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر نئے گانے ’بارش‘ کی ویڈیو شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    سجاد علی کی جانب سے گزشتہ روز گانے کی ویڈیو شیئر کی گئی جسے یو ٹیوب پر اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔

    گلوکار سجاد علی کے نئے گانے ’بارش‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ویڈیو میں پاکستانی اداکارہ ریما کے ساتھ سجاد علی کا بیٹا بھی موجود ہے۔

    گانے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سجاد علی کا بیٹا اپنے ہی والد کی جوانی کا ایک کردار ادا کررہا ہے۔

    سجاد علی کے نئے گانے کی ویڈیو دو محبت کرنے والے لوگوں کے گرد گھومتی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ بارش کے موقع پر دونوں ہی اپنی راہیں جدا کرلیتے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سجاد علی کا گانا ’لگایا دل بہت‘ گایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔

  • گلوکار سجاد علی کا نیا گانا پردیسیوں کے نام

    گلوکار سجاد علی کا نیا گانا پردیسیوں کے نام

    کراچی: معروف گلوکار سجاد علی نے اپنا نیا گانا پردیسیوں کے نام کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار سجاد علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں اپنے نئے گانے کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے نیا گانا پردیسیوں کے لیے بنایا ہے۔

    گلوکار سجاد علی نے کہا کہ ہمیشہ سے مداحوں کی جانب سے میری گلوکاری کو پسند کیا گیا ہے اور امید کرتا ہوں کہ اس گانے کو بھی پسند کیا جائے گا۔

    اس سے قبل سجاد علی نے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ وہ جلد ایک گانا ریلیز کررہے ہیں جس میں تمام پردیسیوں کے لیے پیغام ہوگا۔

    واضح رہے کہ سجاد علی گلوکاری کے ساتھ ساتھ کمپوزنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں جس کا ثبوت ان کے ہرگانے کی کامیابی ہے۔

    ٹویٹر پر ایک صارف نے کہا کہ آپ کا یہ گانا بھی ہٹ ہوگا، ایک اور صارف ارسلام مجتبیٰ نے کہا کہ ہم اس گانے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سجاد علی کا گانا ’لگایا دل بہت‘ گایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔

  • معروف گلوکار سجاد علی کی دوران سفر گنگنانے کی ویڈیو وائرل

    معروف گلوکار سجاد علی کی دوران سفر گنگنانے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: معروف شخصیات مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کافی متحرک نظر آتی اور اپنی ویڈیوز شیئر کرتی ہیں جن کا مقصد مداحوں کے ساتھ وقتاً فوقتاً رابطہ رکھنا اور انہیں اپنے کام یا زندگی سے متعلق آگاہی دینا ہوتا ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین اور خصو صاً مداح تصاویر اور ویڈیوز کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ اپنی ہردل عزیز شخصیت کو نئے روپ میں دیکھ کر خوش بھی ہوتے ہیں۔

    آج ہم بات کررہے ہیں معروف گلوکار سجاد علی کی جنہوں نے اپنے ماضی کے مقبول گانے ’میں بھی خریدار ہوں، میں بھی خریدوں گا، پیار کہاں بکتا ہے، پتا بتادو‘ گاڑی میں سفر کے دوران گنگنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سجاد علی خوش گوار موڈ میں ڈرائیونگ کررہے ہیں اور ساتھ ہی گانا بھی گنگنا رہے ہیں، مداحوں نے سجاد علی کی ویڈیو کو بے حد پسند کیا۔

    سجاد علی کی ویڈیو کو ساڑھے تین ہزار افراد نے پسند کیا، 635 افراد نے ری ٹویٹ کیا اور 179 افراد نے ان کی ویڈیو پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں پاکستانی گلوکار سجاد علی نے اپنے مداحوں کو معروف شاعر جون ایلیا کی شاعری پڑھنے کا مشورہ دیا تھا۔

    گلوکار سجاد علی نے اپنے ریلیز ہونے والے گانے ’لگایا دل‘ کے بول کی مکمل ویڈیو جاری کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث گانے میں صرف پانچ اشعار پیش کیے گئے تھے البتہ اب آپ اُسے پورا سُن سکیں گے۔

  • سجاد علی نے منقبت نئے انداز سے پیش کردی

    سجاد علی نے منقبت نئے انداز سے پیش کردی

    کراچی: پاپ و کلاسیکل موسیقی پر مہارت رکھنے والے نامور پاکستانی گلوکار سجاد علی نے اپنی پرانی منقبت کو نئے انداز کے ساتھ پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی میوزک کی دنیا میں نام بنانے والے سجاد علی نے اپنی تازہ ویڈیو شیئر کی جس میں وہ نوجوان موسیقاروں کے ساتھ بیٹھ کر اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں۔

    سجاد علی نے ماضی کی مشہور منقبت ’بولو حیدر قلندر علی علی‘ گایا، اس موقع پر اُن کی صاحبزادی زو بھی موجود تھیں جبکہ نوجوان گٹارسٹ اور وائلن بجانے والے میوزیشن بھی اپنے فن کا مظاہرہ کررہے تھے۔

    پاکستانی گلوکار کسی بالکونی میں بیٹھے ہیں، انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’باہر کی محفل‘۔ سجاد علی خود ہارمونیم بجا رہے ہیں جبکہ دیگر ساتھی اُن کا کسی نہ کسی طرح ساتھ دیتے نظر آرہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سجاد علی کا جون ایلیا کو پڑھنے کا مشورہ

    اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دو بھائی جو میوزک انڈسٹری میں ’لیو ٹوئنس‘ کے نام سے کام کرتے ہیں، وہ بھی اس ویڈیو میں موجود ہیں اور اپنے فن کا مظاہرہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    وائلن اور گٹار پر سولو پرفارم کرنے والے میوزیشنز نے بہت عمدہ طریقے سے سجاد علی کا ساتھ نبھایا اور گلوکار نے بھی مدھر آواز میں خوب سر بکھیر کر منقبت کو نئے انداز سے پیش کیا۔

    سجاد علی دھیمی اور دلوں کو چھو جانے والی موسیقی ترتیب دینے کے حوالے سے مشہور ہیں، ان کا گزشتہ برس ریلیز ہونے والے گانے ’لگایا دل‘میں بھی اس کی جھلک واضح طور پر نظر آئی تھی، پاکستانی گلوکار کا ’چیف صاحب، تم ناراض ہو، ہر ظلم تیرا یاد ہے‘ آج بھی مداحوں میں مقبول ہے۔

    پرانی ویڈیو

  • سجاد علی کا جون ایلیا کو پڑھنے کا مشورہ، ویڈیو دیکھیں

    سجاد علی کا جون ایلیا کو پڑھنے کا مشورہ، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: نامور پاپ اور کلاسیکل موسیقی پر مہارت رکھنے والے پاکستانی گلوکار سجاد علی نے اپنے مداحوں کو معروف شاعر جون ایلیا کی شاعری پڑھنے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار سجاد علی نے اپنے حالیہ ریلیز ہونے والے گانے ’لگایا دل‘ کے بول کی مکمل ویڈیو جاری کردی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث گانے میں صرف پانچ اشعار پیش کیے گئے تھے البتہ اب آپ اُسے پورا سُن سکیں گے۔

    سجاد علی نے گانے میں ایک شعر پڑھا جس کے ذریعے انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ اگر شاعری پڑھنی ہو تو جون ایلیا کو پڑھو کیونکہ میں نے بڑے بڑے شاعروں کو پڑھا ہوگا مگر  ایسا کبھی نہیں پڑھا، ساتھ ہی گلوکار کا کہنا تھا کہ یہ شعر اُن کا پسندیدہ ہے جس سے اب بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دیگر لوگوں کی طرح سجاد علی بھی جون ایلیا کی شاعری اور فلسفے سے متاثر ہیں۔

    اگر پڑھنے لگو تو جون پڑھنا

    بڑے شاعر پڑھے ایسا پڑھا نئیں

    واضح رہے کہ سجاد علی کے نئے گانے ’لگایا دل‘ کی ویڈیو 7 اپریل 2018 کو ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایت کا اُن کی صاحبزادی تھیں، منفرد ویڈیو میں کالج کے طلباء کی محبت کی اور کہانی بیان بتائی گئی تھی کہ کس طرح وہ ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوتے ہیں اور جب ان کے دل ٹوٹتے ہیں تو ان کے کیا احساسات ہوتے ہیں۔

    سجاد علی دھیمی اور دلوں کو چھو جانے والی موسیقی ترتیب دینے کے حوالے سے مشہور ہیں، ان کے نئے گانے میں بھی اس کی جھلک واضح طور پر نظر آئی، سجاد علی کا 2013 میں ریلیز کیا گیا گانا ’ہر ظلم تیرا یاد ہے‘ آج بھی لوگوں کے دلوں میں رچا بسا ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا ستم ہے کہ ہم لوگ مر جائیں گے

    اپریل میں ریلیز ہونے والی چار منٹ کی ویڈیو میں گانے کے صرف پانچ اشعار تھے جسے مداحوں نے بہت پسند کیا تھا تاہم اب گلوکار نے مکمل گانے کے بول کی ویڈیو ریلیز کردی۔

    ویڈیو دیکھیں

    خیال رہے کہ سجاد علی نے جون ایلیا کی مشہور و معروف غزل ‘میرا ایک مشورہ ہے التجا نئیں‘ کی زمین پر گانے کے بول خود تحریر کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔