Tag: sajjan jindal

  • نوازشریف کے دوست سجن جندال مقبوضہ کشمیر سے متعلق مودی کے اقدام پر خوشی سے نہال

    نوازشریف کے دوست سجن جندال مقبوضہ کشمیر سے متعلق مودی کے اقدام پر خوشی سے نہال

    نئی دہلی : سابق وزیراعظم نوازشریف کےبھارتی دوست سجن جندال مقبوضہ کشمیر سے متعلق مودی کے اقدام پر خوشی سے نہال ہیں ، جندال کا مطالبہ تھا کہ مودی سرکار کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے بھارتی دوست سجن جندال سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق مودی کے اقدام پر کہا کہ خوشی ہوئی بی جے پی نے انتخابی منشور کےتحت قدم اٹھایا اور کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی۔

    سجن جندال نے ایک دن پہلے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ آرٹیکل تھری سیونٹی ختم ہو جانا چاہیے۔

    اس سے قبل بھی پندرہ فروری کوسجن جندال نے آرٹیکل تھری سیونٹی کے خاتمےکامطالبہ کیا تھا، نوازشریف کےدوست آرٹیکل تھری
    سیونٹی کو مسئلہ کشمیر پر سیاست کی جڑ سمجھتے تھے۔

    نوازشریف سے بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی ملاقات پرپاکستان میں بڑی لے دے ہوئی تھی، جندال کے حوالے سے تنقید پر مریم نواز نے دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ سجن جندال وزیراعظم نوازشریف کے پرانے دوست ہیں، نواز جندال ملاقات میں کچھ بھی خفیہ نہیں تھا، ملاقات کی باتوں کو بڑھا چڑھا کربیان نہ کیا جائے۔

    خیال رہے سجن جندال بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دوست ہیں اور ماضی میں نواز شریف اور مودی کے درمیان ایلچی کا کردار ادا کیا اس کے علاوہ مودی کے دورہ پاکستان میں بھی سجن جندال نے اہم کردار ادا کیا تھا، نوازشریف کی سالگرہ اور ان کی نواسی کی شادی پر بھی سجن جندال اہلیہ کے ساتھ پاکستان آچکے ہیں، شریف خاندان اور جندال خاندان کے درمیان تعلق کی بڑی وجہ لوہے کا کاروبار ہے۔

    واضح‌ رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی۔

  • نواز جندال ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ: بی بی سی کا دعویٰ

    نواز جندال ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ: بی بی سی کا دعویٰ

    غیر ملکی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال اور وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ تھی۔ نشریاتی ادارے کے مطابق ملاقات پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی بھارتی کوشش کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بی بی سی میں شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق سجن جندال اور نواز شریف کی ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ تھی۔

    ملاقات کے بعد دفتر خارجہ نے اس غیر رسمی ملاقات کو نجی قرار دیا تھا۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی صاحبزادی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دو دوستوں کی ملاقات ہے، اسے غلط رنگ نہ دیا جائے۔

    تاہم بی بی سی کا دعویٰ ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے بیک چینل ڈپلومیسی کے تحت کی جانے والی اس ملاقات کے بارے فوجی قیادت کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم نواز شریف سے بھارتی اسٹیل ٹائیکون کی ملاقات

    رپورٹ کے مطابق، ’بعض اہم سرکاری ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنی ایک حالیہ ملاقات میں سجن جندال کے دورہ پاکستان کے بارے میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اعتماد میں لیا ہے‘۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا، ’ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے فوجی قیادت کو بتایا ہے کہ سجن جندال اہم بھارتی حکام کی ایما پر ان سے ملے تھے اور یہ ملاقات پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کم کرنے کی بھارتی کوشش کا حصہ ہے‘۔

    بی بی سی کا کہنا ہے کہ فوجی قیادت نے بھی سجن جندال کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بارے میں اپنے افسران کو اعتماد میں لیا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ساتھیوں کو بتایا ہے کہ سجن جندال کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فوجی قیادت نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو کسی بھی قیمت پر کسی لین دین کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 27 اپریل کو بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال سمیت بھارت کا 3 رکنی وفد خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

    مزید پڑھیں: سجن جندال کو 10 روزہ ویزا جاری کرنے کا انکشاف

    بھارتی وفد میں سجن جندال، سوکیت سنگال، وریندر ببر سنگھ شامل تھے۔ 3 رکنی وفد کو وزیر اعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر 10 روزہ بزنس ویزا جاری کیا گیا جو لاہور اور اسلام آباد کے لیے تھا۔

    تاہم سجن جندال اور ان کے ساتھی ویزا نہ ہونے کے باوجود مری کی سیر کو بھی گئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کینسر سے جنگ لڑتی نائلہ جعفری نے حکومتی امداد ٹھکرا دی

    کینسر سے جنگ لڑتی نائلہ جعفری نے حکومتی امداد ٹھکرا دی

    لاہور: کینسر سے جنگ لڑتی اداکارہ نائلہ جعفری نے بھارتی بزنس ٹائیکون سجن جندال کی پاکستان آمد پر احتجاجاً علاج کے لیے دی جانے والی حکومتی امداد لینے سے انکار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینسر کے مرض میں مبتلا اداکارہ نائلہ جعفری نے سجن جندال کی پاکستان آمد اور خفیہ ملاقاتوں پر وفاق کی امداد لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مرجاؤں گی لیکن وفاق کی امداد نہیں لوں گی۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت سے کون سی محبت جاگ اٹھی ہے، سرحد پر شہید ہونے والے میرے ہی خاندان کے لوگ ہیں۔ دشمن سے ہاتھ ملانے والوں سے کون مدد لیتا ہے؟

    واضح رہے کہ نائلہ جعفری کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث شدید علیل ہیں اور کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نائلہ جعفری کا کینسر تیسری اسٹیج پر ہے۔

    انہوں نے صدر ممنون حسین کے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ سے علاج کے لیے امداد کی درخواست دی تھی تاہم بعد ازاں انہوں نے چیک لینے سے بھی انکار کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ اداکارہ نائلہ جعفری کا شمار پاکستان کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ نائلہ جعفری اب تک مختلف ڈراموں میں کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں تاہم ایک برس قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی جن میں اداکارہ کو کینسر کی تشخیص ہوئی۔

  • سجن جندال کو 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا گیا

    سجن جندال کو 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا گیا

    اسلام آباد: بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال اور ان کے ساتھیوں کو پاکستان نے 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا تھا جو وزیراعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا، جندال مری کا ویزا نہ ہونے کے باوجود وہاں بھی گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سے آنے والے اسٹیل کے بہت بڑے تاجر سجن جندال اور ان کے ساتھ آنے والے دو افراد کو لاہوراور اسلام آباد کا ویزا جاری کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نے سجن جندال کے ویزے کی کاپی حاصل کرلی، جس کے مطابق سجن جندال اور ان کے دو ساتھیوں کو 10 دن کے لیے پاکستان میں بزنس کیٹگری کا ویزا جاری کیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق ویزا 25 اپریل کو دہلی سے جاری ہوا جو وزیراعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر جاری ہوا۔

    اطلاعات ہیں کہ سجن جندال اور ان کے ساتھیوں کے پاس صرف اسلام آباد اور لاہور کا ویزا تھا لیکن وہ خلاف قانون مری کی سیر کو گئے اور کسی بھی سیکیورٹی ادارے نے انہیں گرفتار نہیں کیا نہ ہی پوچھ گچھ کی زحمت گوارا کی۔

    یاد رہے کہ بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال سمیت بھارت کا تین رکنی وفد خصوصی طیارے سے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

    بھارتی وفد میں سجن جندال، سوکیت سنگال، وریندر ببرسنگھ شامل تھے، تین رکنی وفد گزشتہ رات 10بجے اسلام آباد سے مری گیا تھا۔