Tag: salaries

  • عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تمام سرکاری ملازمین کو عید سے قبل 17 اپریل کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو عید الفطر کے باعث 17 اپریل کو تنخواہ ادا کی جائے گی۔

    امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کی تنخواہیں سوموار 17 اپریل 2023 کو جاری کی جائیں گی۔

    امارات کے نائب صدر نے یہ ہدایت عید الفطر کی تعطیلات قریب آنے پر دی ہیں تاکہ تمام سرکاری ملازمین اپنے اہل و عیال کے لیے عید پر خریداری اور عید کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

  • عرب امارات: ملازمین کی تنخواہ کے حوالے سے اہم اعلان

    عرب امارات: ملازمین کی تنخواہ کے حوالے سے اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں بینک کے ذریعے ادا کرنے پر مالکان کو رعایتیں دی جائیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت و اماراتائزیشن نے کمپنیوں اور اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کریں۔

    وزارت افرادی قوت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کریں گے انہیں تحفظ اجرت قانون میں اندراج کے حوالے سے رعایتیں دی جائیں گی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بینکوں کے ذریعے تنخواہ ادا کرنے کے متعدد فائدے ہیں، پہلا یہ ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا ریکارڈ محفوظ ہوجائے گا۔

    دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ آجر اور اجیر کے درمیان اچھے تعلقات استوار ہوں گے، اجیروں کو مقررہ وقت پر تنخواہ ملتی رہے گی، علاوہ ازیں ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ملازمین کو شفاف نظام کے تحت آسانی سے تنخواہ وصول ہوتی رہے گی۔

  • یورپی یونین میں شامل ملک نے یکم اپریل سے تنخواہیں بڑھا دیں

    یورپی یونین میں شامل ملک نے یکم اپریل سے تنخواہیں بڑھا دیں

    ایتھنز: یونانی حکومت نے یکم اپریل سے تنخواہیں بڑھا دیں، محنت کشوں کی کم از کم تنخواہ 713 یورو سے بڑھا کر 780 یورو کر دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونان میں حکومت نے تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، وزیر لیبر کا کہنا ہے کہ تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ مختلف پہلوؤں کو دیکھ کر کیا گیا ہے، یونانی معیشت اب ترقی کر رہی ہے۔

    گزشتہ برس مئی میں یونانی حکومت نے کم از کم تنخواہ 663 یورو سے بڑھا کر 713 یورو کی تھی۔

    یونانی وزیر لیبر کوسٹس ہٹزیداکِس کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں یونانی معیشت مستحکم ہوئی ہے، بے روزگاری میں نمایاں کمی آئی، 2019 میں بے روزگاری کی شرح ساڑھے 17 فی صد تھی، جو اب کم ہو کر 10 فی صد کے قریب آ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ یونان کا شمار یورپی یونین کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں تنخواہیں کم ہیں، یونانی معیشت گزرے برسوں میں بحران کا شکار رہی ہے، لیکن اب یہ بحران سے نکل آئی ہے۔

  • سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز 8 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

    سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز 8 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

    کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں نہ ملنے پر کراچی پریس کلب کے سامنے محو احتجاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

    درجنوں ویکسی نیٹرز کراچی پریس کلب کے سامنے تیسرے روز بھی احتجاج کر رہے ہیں، مظاہرین نے ریڈ زون جانے کی بھی کوشش کی جو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے ناکام بنا دی۔

    ویکسی نیٹرز کا کہنا ہے کہ آج شام 4 بجے تک تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

    ملازمین نے فوری طور پر تنخواہیں دینے کے ساتھ ساتھ مستقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • نئی تنخواہیں مقرر: کویت میں کام کرنے والوں کے لیے اہم اقدام

    نئی تنخواہیں مقرر: کویت میں کام کرنے والوں کے لیے اہم اقدام

    کویت سٹی: کویت میں کوآپریٹو سوسائٹیز (جمعیہ) میں کام کرنے والے نئے کویتی ملازمین کی تنخواہیں مقرر کردی گئی ہیں۔

    کویت نیوز کے مطابق کوآپریٹو سوسائٹیز (جمعیہ) میں ملازمتوں کو کویتائز کرنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

    ایک حالیہ میٹنگ کے دوران، سپروائزر کے لیے ماہانہ تنخواہ کے پیمانے کا تعین کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جو مستقبل قریب میں کوآپریٹو باڈی میں شامل ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل مینیجر کی تنخواہ 2 ہزار دینار مقرر کی گئی ہے جبکہ تجارتی، انتظامی اور مالیاتی امور کے ہر نائب کو 1500 دینار ملیں گے۔

    اس کے علاوہ محکمہ کے سربراہوں کو 1 ہزار دینار ادا کیے جائیں گے، ٹیم نے ان شہریوں کی تنخواہیں بھی مقرر کی ہیں جو کوآپریٹو محکموں میں 500 دینار میں ملازمت کریں گے۔

    اس کے علاوہ انہیں پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت سے روزگار کی امداد بھی ملے گی۔

    اس کا مقصد جمعیہ کے اندر کام کرنے کو ایک پرکشش امکان بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کا کلیدی کام جمعیہ کے لیے ایک تنظیمی ڈھانچہ اور عملہ تیار کرنا ہے۔

  • عرب امارات: مقامی اور غیر مقامی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں

    عرب امارات: مقامی اور غیر مقامی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں مختلف شعبوں میں مقامی اور غیر ملکی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت اماراتائزیشن نے کہا ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر میں تنخواہوں کے حوالے سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔

    وزیر افرادی قوت و اماراتائزیشن ڈاکٹر عبد الرحمٰن العور کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں و اداروں میں تنخواہوں یا چھٹیوں یا لچکدار ڈیوٹی کے سلسلے میں مقامی شہریوں اور غیر ملکی ملازمین کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔

    اماراتی وزیر کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں کام کرنے والے مقامی ملازمین کو اوسط تنخواہ جتنی دی جاتی ہے وہ غیر ملکی ملازمین کی بھی تنخواہوں سے ملتی جلتی ہے۔

    اماراتی وزیر کا کہنا تھا کہ لیبر مارکیٹ میں شرح نمو 13 فیصد سے زیادہ ہے، وزارت میں رجسٹرڈ کمپنیوں میں شرح نمو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن العور نے کہا کہ ہماری حکومت منسٹرز کونسل سیکریٹریٹ کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے پرائیوٹ سیکٹر میں اماراتائزیشن کا گراف چیک کرتی رہتی ہے۔

  • خیبر پختونخواہ بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافے کا اعلان

    خیبر پختونخواہ بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافے کا اعلان

    پشاور: خیبرپختوانخواہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 جبکہ پینشن میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے ساتھ ہی سرکاری ملازمین کے لئے فیول استعمال کی حد بھی مقرر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر محمودجان کی زیرصدارت کے پی اسمبلی کابجٹ اجلاس ہوا، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بجٹ دو ہزار بائیس اور تئیس کے اہم خدوخال اسمبلی میں پیش کئے۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ آئندہ بجٹ کا کل حجم 1332 ارب روپے رکھا گیا ہے، بندوبستی اضلاع کے اخراجات کا تخمینہ 1109 ارب روپے لگایا ہے جبکہ ضم اضلاع کے اخراجات 223 ارب ہوں گے۔

    تیمور سلیم جھگڑا نے ایوان کو بتایا کہ دوسری جنگ عظیم کےبعد دنیا کے بدترین معاشی بدحالی میں ہم نےترقی کرکے دکھائی، عمران خان کی حکومت نے احساس ،پناہ گاہ ،صحت کارڈجیسےتاریخی پروگرام دیئے۔

    انہوں نے شہباز حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دوماہ میں ڈالر178سے202پرپہنچ گیا،بجلی 17سے25روپےفی یونٹ ہوگئی،پیٹرول اورڈیزل 60روپےمہنگا ہوگیا جب حکومت نہیں چلاسکتےتھےتو اقتدارمیں کیوں آئے؟

    بجٹ کی چیدہ چیدہ نکات

    سرکاری ملازمین اور پینشنز کے لئے بڑا اعلان

    کے پی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16فیصد جبکہ پنشن میں 15فیصد اضافے کا اعلان کیا، صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس اضافے میں پولیس کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ پہلی بار ہوا ہے۔

    وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ ایگزیگٹیو الاؤنس کو کارکردگی الاؤنس میں تبدیل کررہے ہیں۔

    فیول بچت کا طریقہ کار متعارف

    بجٹ تقریر میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول کے بےدریغ استعمال سے بچنےکیلئےسرکاری ملازمین اور محکموں کو فلیٹ کارڈ دیا جائیگا، پیٹرول فلیٹ کارڈ میں حد متعین ہوگی، جس سے فیول کی بچت کے ساتھ ساتھ خزانے پر بھی بوجھ کم پڑے گا۔جبکہ فیول بجٹ اور توانائی کے بچت کے لئے سرکاری ملازمین جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کرینگے۔

    پولیس شہداء پیکج میں اضافے کا اعلان

    صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ گریڈ 7سے 16 تک کے پولیس اہلکاروں کے رسک الاؤنس میں ڈی آر اے کے برابر اضافہ کیا گیا ہے، ساتھ ہی پولیس شہداء پیکج کو بڑھا دیا گیا ہے۔

    صحت اور تعلیمی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں صحت کے بجٹ میں 55 ارب کا اضافہ کیا ہے جبکہ ابتدائی و ثانونی تعلیم کے بجٹ میں 47 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اعلیٰ تعلیم کےلیے34ارب روپےرکھےگئےہیں جوکہ علیحدہ ہیں۔

    موسمیاتی تبدیلیوں کے لئے خطیر رقم 

    تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے لیے دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ نوجوانوں کو 25 ارب روپے کے قرضے دئیے جائیں گے۔

    این ٹی ایس اساتذہ کے لئے اہم اعلان

    صوبائی وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے58000این ٹی ایس اساتذہ کو بھی مستقل کیاجارہاہے اسکے علاوہ آئندہ سال 600 نرسز کی بھرتیاں کی جائیں گی۔

    بلین ٹری سونامی کے فنڈز میں مزید اضافہ 

    آئندہ مالی سال کے دوران ماحول دوست سیاحت کے لیے 15.5 ارب روپے اور بلین ٹری سونامی کے لئے 1.8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سیاحت کے شعبے کا ترقیاتی بجٹ 14.6 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

  • سعودی عرب میں کام کرنے والوں کی تنخواہوں میں اضافہ

    سعودی عرب میں کام کرنے والوں کی تنخواہوں میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب کے نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں سال 2019 کے دوران اضافہ دیکھا گیا اور رواں برس مزید اضافہ متوقع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے نجی اداروں میں سنہ 2019 کے دوران سعودی ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ 6 ہزار 429 ریال تک پہنچ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 2018 میں اوسط تنخواہ 6 ہزار 106 ریال تھی اور 2019 میں اس میں 5.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے دوران نجی اداروں میں سعودی ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ میں اضافہ ہوا ہے۔

    کارپوریشن کا کہنا ہے کہ سنہ 2015 کے مقابلے میں اب سعودی ملازمین کی اوسط تنخواہ میں غیر معمولی اضافہ ہوا،  مرد ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ 7 ہزار 519 ہوگئی، 2018 میں یہ 7 ہزار 113 ریال تھی۔

    خواتین ملازمین کی اوسط ماہانہ تنخواہ سنہ 2019 میں 4 ہزار 134 ریال ہوگئی، سنہ 2018 میں یہ 3 ہزار 938 ریال تھی۔

    اسی طرح سنہ 2019 میں غیر ملکی ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ 2 ہزار 143 ریال ریکارڈ کی گئی جو 2018 میں 2 ہزار 18 ریال تھی۔

  • ڈھاکا : تنخواہوں میں عدم اضافے کے خلاف گارمنٹس ملازمین کا احتجاج

    ڈھاکا : تنخواہوں میں عدم اضافے کے خلاف گارمنٹس ملازمین کا احتجاج

    ڈھاکا : بنگلا دیش میں گارمنٹس ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں گارمنٹس ملازمین گزشتہ ایک ہفتے سے تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج کررہے تھے اس دوران پولیس تشدد سے ایک شخص کی موت بھی واقع ہوئی تھی جس کے بعد فیکٹری مالکان نے ملازمین کی تخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گامنٹس فیکٹری کے مالکان کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ گاڑیوں اور فیکٹریوں کی توڑ پھوڑ روکنے کےلیے کیا گیا تھا جسے ملازمین نے مسترد کرتے ہوئے دوبارہ احتجاج شروع کردیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے فیکٹریوں کی توڑ پھوڑ اور سڑکوں کی بندش روکنے کےلیے مظاہرین پر آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا ہے۔

    انڈسٹریل پولیس کے ڈائریکٹر نے بیان دیا ہے کہ ’دارالحکومت کے مضافات میں دس فیکٹریوں کے ملازمین نے مظاہرے کے دوران ہائی وے کو بند کرنے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا۔

    پولیس ڈائریکٹر سمین الرحمٰن کا کہنا ہے کہ تمام فیکٹریاں دوبارہ کھل صرف دس گارمنٹس فیکٹریوں کے ملازمین کی احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    مزدور یونین کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کام پر واپس آگئے ہیں لیکن اکثر ملازمین تنخواہوں میں اضافے کے مسودے سے ناخوش ہیں۔

    بنگلا دیش گارمنٹس اور انڈسٹریل ورکرز فیڈریشن کے صدر بابل اختر کا کہنا تھا کہ ’ ہمیں یہ قبول کرنا پڑا کیونکہ یہ تجویز ہماری وزیراعظم کی طرف سے آئی تھی اور ہم کس طرح ان کی تذلیل کرسکے؟‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’ہم تمام ملازمین پر زور دیتے ہیں کہ وہ کام بحال کریں اور ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم عنقریب ہماری مناسب اجرت کو یقینی بنائیں گی‘۔

    یاد رہے کہ حکومت نے جنوری میں گارمنٹس ملازمین کی تنخواہوں میں 51 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

  • غربت کے خاتمے کا فنڈ تنخواہوں کی ادائیگی پر خرچ

    غربت کے خاتمے کا فنڈ تنخواہوں کی ادائیگی پر خرچ

    اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں غربت کے خاتمے کیلئے مختص کردہ فنڈ میں سے تین چوتھائی رقم تنخواہوں اور دیگر جاری اخراجات میں صرف کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نون لیگ کی معاشی ترقی اورغر بت ختم کرنے کی دعوے کھوکھلے نکلے، غربت کے خاتمے کا فنڈ تنخواہوں کی ادئیگی پر خرچ کردیا گیا۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے رواں مالی سال کیلئے چار سو باسٹھ ارب ستر کروڑ روپےغربت کےخاتمے کیلئے مختص کئے تھے، جن میں تین سو چوون ارب روپے تنخواہوں اور دیگر اخراجات میں خرچ ہوگئے۔

    حکومت کی جانب سے جاری پوورٹی ریڈکشن اسٹریٹیجی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال غربت کے خاتمے کیلئے گزشتہ سال سے دس فیصد زائد رقم مختص کی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق وفاقی اورچاروں صوبائی حکومتوں نے پچیس ارب بیس کروڑروپے سبسڈی پرخرچ کئے، بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت چوبیس ارب روپےخرچ کئے گئے جبکہ سوشل سیکیورٹی اور ویلفیئر کی مد میں آٹھ ارب روپے خرچ کئے گئے جو کہ گزشتہ سال سے ساڑھے اٹھارہ فیصد کم ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔