Tag: Saleem mandawi wala

  • مجھ پر کرپشن کا کوئی کیس تھا نہ ہے، واپس کیسے ہوگیا ؟ سلیم مانڈوی والا

    مجھ پر کرپشن کا کوئی کیس تھا نہ ہے، واپس کیسے ہوگیا ؟ سلیم مانڈوی والا

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ نیب میں میرے خلاف کرپشن ریفرنس کبھی دائر ہی نہیں ہوا تو واپس کب اور کیسے ہوگیا؟

    انہوں نے کہا کہ میرے خلاف مسلسل کرپشن کا ریفرنس واپس ہوجانے کی خبریں چلائی جا رہی ہیں، میرے اوپر نہ کبھی کرپشن کا الزام لگا ہے اور نہ ہی کبھی کرپشن کا ریفرنس دائر ہوا تھا۔

    سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ میرے خلاف نیب نے سیاسی انجنیئرنگ کے لئے ایک جھوٹا کڈنی ہلز ریفرنس بنایا تھا، کڈنی ہلز ریفرنس میں صرف الاٹمنٹ کا معاملہ تھا کرپشن کا نہیں۔

    سینیٹر نے مزید کہا کہ کڈنی ہلز ریفرنس میں کرپشن نہیں بلکہ الاٹمنٹ سے متعلق جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے تھے،

    انہوں نے کہا کہ سیاسی انجنیئرنگ کے لئے قومی احتساب بیورو نے مخالفین کی ایما پر اس وقت ایک الاٹمنٹ کا کیس بنا کر میرے اوپر دباو ڈالا تھا۔

    سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حقیقت آج سب کے سامنے ہے کہ ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہے لیکن نیب ہمارے خلاف آج تک کچھ بھی ثابت نہ کرسکا۔

    مزید پڑھیں : قانون میں تبدیلی، شہباز، حمزہ، پرویز اور گیلانی کے نیب مقدمات ختم

    واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں قومی احتساب بیورو قوانین میں کی جانے والی ترامیم کے بعد نیب مقدمات میں ملوث بڑے بڑے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے ہیں۔

    اس کے علاوہ جن ملزمان کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون کیخلاف کرپشن ریفرنس بھی قومی احتساب بیورو نے واپس کردیا ہے۔

  • یومِ پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، صادق سنجرانی

    یومِ پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، صادق سنجرانی

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قیام جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت تھا، یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، اختلافات بھلاکر تعمیروترقی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کےحوالے سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے، پاکستان کا قیام جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت تھا۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے، اختلافات بھلاکرتعمیر وترقی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ملک کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا قوم کوملکی استحکام کی خاطر متحد ہونا ہو گا، وفاق کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ذمے داریاں پوری کرنا ہوں گی، جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ کاوشیں کرناہوں گی۔

    یومِ پاکستان ہمیں تحریک پاکستان کی قربانیوں کی یاددلاتاہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ


    دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان ہمیں تحریک پاکستان کی قربانیوں کی یاددلاتاہے، ہمارے آباؤ اجداد نے کئی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا۔

    سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کامقصدہرشہری کویکساں حقوق فراہم کرناتھا، قائداعظم نےپہلی تقریرمیں ہی پاکستانی ریاست کامقصدواضح کردیاتھا، یہاں مذہب، رنگ نسل اورمرتبےکی بنیادپرکوئی فرق نہیں ہوناچاہئے، امیراورغریب کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوناچاہئے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم پاکستان جوش وجذبے سےمنایا جا رہا ہے، 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں مسلم لیگ نے برصغیر سے علیحدگی کے لیے قرار داد پیش کی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ ملک قائم کیا جائے کیونکہ ہندو اور مسلم علیحدہ نظریات کی حامل اقوام ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایوان کی بالادستی کو قید نہیں کیا جاسکتا، آئین کی حکمرانی ہم پرفرض ہے، رضا ربانی

    ایوان کی بالادستی کو قید نہیں کیا جاسکتا، آئین کی حکمرانی ہم پرفرض ہے، رضا ربانی

    اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی کو جیل میں قید نہیں کیا جاسکتا، اسے ہتھکڑی نہیں پہنائی جاسکتی، ایوان کی بالا دستی کی جنگ ہر فورم پر لڑیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آپ نے انتہائی مشکل وقت میں منصب سنبھالا ہے، ایک پیغام پارلیمان سے واضح طور پر جانا چاہیے کہ سینیٹ کی بالادستی کو قید نہیں کیا جاسکتا۔

    سینیٹ الیکشن: سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب، عثمان کاکٹر کو شکست

    انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہم دونوں نمائندوں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں، پارلیمان کی بالا دستی ہم سب کا مشن ہے، اداروں کی مضبوطی اور آئین کی حکمرانی ہم سب پر فرض ہے۔

    رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تین سال کے لیے نامزد کیا تھا جس پر آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، بلاول بھٹو کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ دیا، مجھ پر اعتماد کرنے پر نواز شریف، سراج الحق، حاصل بزنجو کا بھی شکر گزار ہوں۔

    میرصادق سنجرانی : شکایات سیل کے سربراہ سے چیئرمین سینیٹ تک

    واضح رہے کہ آج ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات منعقد ہوئے، جس میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار میر صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوئے۔ ان کے مدمقابل راجا ظفر الحق 46 ووٹ لے سکے۔

    بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین کے لیے الیکشن ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی 54 ووٹ لے کر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے، جبکہ حکومتی اتحاد کے ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار عثمان کاکڑ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نومنتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نے حلف اٹھا لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔