Tag: sales

  • ترکی کو اسلحہ فروخت پر پابندی کے لئے نیا امریکی اقدام

    ترکی کو اسلحہ فروخت پر پابندی کے لئے نیا امریکی اقدام

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان نے ترکی کو اسلحہ کی فروخت پر پابندی کے لیے کانگریس میں ایک نیا بل لانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان نمائندگان کی طرف سے کانگریس میں ایک نیا بل لایا جا رہا ہے جس میں ترکی کی جانب سے روس کے ایس 400 دفاعی نظام کی خریداری کی صورت میں انقرہ کو ایف 35 جنگی طیاروں اور دیگر اسلحہ کی فروخت پر پابندی کی سفارش کی جائے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی تین رکنی مسلح فوج کمیٹی، جس میں ری پبلیکن اور ڈیموکریٹ پارٹی کے مائیک ٹیرنر، جون گرامنڈی اور پال کک شامل ہیں، نے 2019ء کے دوران نیٹو کا فضائی تحفظ کے عنوان سے نیا بل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بل کی حمایت کرنے والوں میں سینیٹر جیمز لانکفورڈ اور کئی دوسرے ارکان کانگریس بھی پیش پیش ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ رکن کانگریس گارامنڈی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اگر ترکی روسی ساختہ ایس 400 فضائی دفاعی نظام خرید کرتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ امریکا سے ایف 35 جنگی طیارے بھی خرید لیتا ہے تو یہ سودا امریکی طیاروں، اس کی ترقی یافتہ ٹکنالوجی کو خطرے میں ڈالنے کا سبب بنے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے امریکا اور نیٹو کے مشترکہ دفاعی مشن کو بھی شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایوان نمائندگان میں لایا جانے والا بل ترکی کے لیے سخت پیغام ہو گا تاکہ وہ روس سے ایس 400 کی خریداری کا فیصلہ واپس لے۔ یہ مسودہ قانون ترکی کے لیے پیغام ہوگا کہ واشنگٹن، انقرہ کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی اور لچک دکھانے کے لیے تیار نہیں ہے۔

  • جائیداد کی خرید و فروخت کا معاہدہ ترک کرنسی میں طے کیا جائے، اردوگان

    جائیداد کی خرید و فروخت کا معاہدہ ترک کرنسی میں طے کیا جائے، اردوگان

    انقرہ : ترک صدر طیب اردوگان نے حکم جاری ہے کہ ترکی میں جائیداد کی خرید فروخت کے معاہدے ’لیرا‘ میں طے کیے جائیں، ترکی میں موجود غیر ملکی شہری بھی ترک کرنسی کا استعمال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں کے بعد تجارت و سامان کی خرید و فروخت مقامی کرنسی لیرا میں کرنے کا حکم دے چکے تھے، تاہم صدر اردوگان  نے گذشتہ روز ایک حکم جاری کیا ہے جس کے تحت جائیداد کی خرید و فروخت بھی لیرا میں کرنے کا حکم دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے ترک صدر کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے کے بعد غیر ملکی کرنسی میں ہونے والے جائیداد کے معاہدوں کو ایک ماہ کے دوران ترک کرنسی ’لیرا‘ میں منتقل کرنے کا کہا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدارتی بیان میں رئیل اسٹیٹ اور جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والے ڈیلروں کو مذکورہ حکم پر پابندی سے عمل کرنے کا کہا گیا ہے اور ساتھ ساتھ کرائے پر دئیے جانے والے فلیٹ و مکانات کے معاہدے بھی لیرا میں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیب اردوگان نے غیر ملکی شہریوں کو بھی ترکی میں لیرا استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ترکی میں جائیداد کی خرید و فروخت یا مکانات کرائے پر دینے کے معاہدے عموماً غیر ملکی کرنسی میں طے کے جاتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث ترک کرنسی لیرا کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 40 فیصد نیچے گرچکی ہے جس نے ترکی کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اس لیے طیب اردوگان لیرا کی قدر کو بحال کرنے کی کوششیں کررہے ہیں اور مذکورہ اقدامات بھی اسی کوشش کا حصّہ ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، اس کی وجہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی، جسے اپنے خلاف دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس پادری کو رہاکیا جائے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 اگست کو یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔

  • ٹریول ایجنٹس سیلز میں اضافہ کریں، ہرممکن تعاون کریں گے، پی آئی اے

    ٹریول ایجنٹس سیلز میں اضافہ کریں، ہرممکن تعاون کریں گے، پی آئی اے

    کراچی: پی آئی اے کے قائم مقائم چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے ٹریول ایجنٹس کو یورپ، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے لیے سیلز میں اضافے کی صورت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    یہ یقین دہانی انہوں نے  آج لاہور کے ٹریول ایجنٹس کے ساتھ اجلاس میں کرائی۔ اجلاس میں میں قائم مقام چیف کمرشل آفیسر طاہر نیاز، ڈسٹرکٹ مینیجر لاہور اسد اﷲ غوری اور پی آئی اے لاہور کی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ٹریول ایجنٹس کو اپنا اہم کاروباری ساتھی سمجھتی ہے اور ہم ان کے ساتھ مل جل کر قومی ایئر لائن کی بہتری اور پی آئی اے کی سیلز کو بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے یورپ، برطانیہ، امریکا،کینیڈا کے لیے سیلز میں اضافے پر زور دیتے ہوئے پی آئی اے کی جانب سے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ٹریول ایجنٹس کی بہتری کےلیے پی آئی اے کے سسٹم کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے جو کہ ان کےلیے مفید ثابت ہوگا۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے پی آئی اے لاہور سیلز ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور دیانت داری سے کام کرتے ہوئے مستقبل میں مزید بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، پی آئی اے انتظامیہ سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے تا کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔