Tag: Salman ahmad

  • نامور گلوکار و موسیقار سلمان احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    نامور گلوکار و موسیقار سلمان احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    نیویارک : جنون بینڈ گروپ کے گٹارسٹ اور نامور گلوکار و موسیقار سلمان احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، انہوں نے خود کو سب سے الگ تھلگ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ‘ایک بری خبر ہے اور وہ یہ ہے کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ میں مکمنہ طور پر کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد نے کہا کہ میری طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، کھانسی اور نزلے کی بھی شکایت ہے ، اور سر بھی چکرا رہا ہے۔

    سلمان احمد ان دنوں امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہیں، انہوں نے رواں ہفتے ہی طبیعت خراب ہونے پر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا، سلمان کے بقول انہیں فلو کی شکایت ہے تاہم احتیاطاَ وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

    گلوکار سلمان احمد کا اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام  میں کہنا ہے کہ ان کے بھتیجے ڈاکٹر سلمان نے ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا ہے جو مثبت آیا ہے۔

    ڈاکٹر سلمان امریکی کی ریاست فلاڈلفیا کے ایک اسپتال میں سرجن ہیں اور کرونا وائرس کے مریضوں کا 24 گھنٹے علاج کرنے والی ٹیم میں شامل ہیں،انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں اپنی خوارک سے متعلق بھی کئی باتیں اپنے مداحوں سے شیئر کی ہیں۔

    ساتھ ہی سلمان احمد نے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ اس وقت امریکا کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جب کہ صرف نیو یارک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

  • جنون – ایک بار پھر واپس آرہا ہے

    جنون – ایک بار پھر واپس آرہا ہے

    موسیقی کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جنون دی بینڈ کے تینوں ارکان تیرہ سال بعد ایک ساتھ اپنے مداحوں کے لیے ایک اور شاندار پرفارمنس دینے کو اکھٹے ہوچکے ہیں۔

    موسیقی کو روح کی غذا کہا جاتا ہے اور جب بات ہو راک کی دھنوں پر صوفی کلام کی تو سوائے ’جنون‘ دی بینڈ کے ایسا کون سا نام ہے جو ذہن میں آتا ہو۔ جنون سلمان احمد، علی عظمت اور برائن – او – کونل نامی امریکی نژاد گٹارسٹ پر مبنی ہے۔

    آج سے لگ بھگ 25 سال قبل جنون – دی بینڈ کے قیام عمل میں آیا تھا اور اپنے مخصوص صوفی راک اسٹائل کے سبب یہ بینڈ دیکھتے ہی دیکھتے بر صغیر کے کروڑوں دلوں کی دھڑکن بن گیا تھا ۔ 20 سال قبل انہوں نے اپنا شہر ہ آفاق البم ’آزادی‘ پیش کیا جس کے بعد جنون واقعی موسیقی کے مداحوں کا جنون بن گیا تھا۔

    کروڑوں دلوں کی دھڑکن بنے اس بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد اور گلوکار علی عظمت کے درمیان اختلافات کے سبب عوام میں دیوانگی کی حد تک مقبول یہ بینڈ13 سال قبل بکھر گیا تھا ۔ اس کے بعد سے موسیقی کے شائقین صوفی راک میوزک سننے کو ترس ہی گئے تھے ۔ گزشتہ سال بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد نے اشارے دینا شروع کیے کہ وہ ایک بار پھر بینڈ کو یکجا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    اس مقصد کے لیے انہوں نے مختلف ٹی وی انٹرویوز میں بھی اپنی اس خواہش کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اپنے گروپ کی ماضی کی تصاویر شیئر کرنا شروع کی تو عوام کی جانب سے بینڈ کے دوبارہ متحد ہونے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

    گزشتہ برس کوک اسٹوڈیو نے اس بینڈ کے سب سے مقبول گانے ’سیونی‘ کو اپنے سیزن کے لیے ریکارڈ کیا تو اس میں سلمان احمد تو گٹاربجاتے دکھائی دیے تاہم علی عظمت کی جگہ راحت علی خان اور علی نور اس مشہور زمانہ گانے کو گارہے تھے ۔ اس ویڈیو کے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر گویا ایک کہرام مچ گیا ، ہر کسی نے ’ جنون بینڈ کی ماضی کی ویڈیو شیئر کرکے مطالبہ کیا کہ یہ گانا صرف علی عظمت اور سلمان احمد کے لیے ہی بنا ہے۔

    بینڈ کی اس مقبولیت اور عوامی اصرار کو مدنظر رکھتے ہوئے علی عظمت ، سلمان احمد اور برائن ایک بار پھر اپنے آپس کے اختلافات بھلا کر یکجا ہوئے ہیں اور بہت جلد یہ بینڈ کروڑوں دلوں کو ایک بار پھر اپنے مخصوص انداز میں گرمائے گا۔ پاکستان کےمیوزک شائقین پر امید ہیں کہ ایک بار پھر انہیں وہ ’جنون‘ دیکھنے کو ملے گا جو کبھی ان کی دیوانگی کا مرکز ہوا کرتا تھا۔

  • بھارتی فلم’راک اسٹار‘ اصل میں سلمان احمد کا کردار ہے‘ جنون بینڈ کا دعویٰ

    بھارتی فلم’راک اسٹار‘ اصل میں سلمان احمد کا کردار ہے‘ جنون بینڈ کا دعویٰ

    پاکستان کے ہر دل عزیز جنون بینڈ کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا‘ بینڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم ’راک اسٹار‘ کے ڈائریکٹر نے ان کے گٹارسٹ سلمان احمد سے تحریک لے کر اپنا کردار تخلیق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنون دی بینڈ کے فیس بک پیج سے ایک تصویر شیئر کی گئی ہے‘ جس میں ایک جانب سلمان احمد کی ماضی کی کنسرٹ کے دوران لی گئی تصویر ہے تو دوسری جانب ’روک اسٹار ‘ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور کی۔

    دیکھا جاسکتا ہے کہ ان دونوں تصاویر میں حیرت انگیز مماثلت ہے ‘ دونوں کا ہیئر اسٹائل ، گٹار پکڑنے کا انداز ‘ سر پر پہنی ٹوپی اور کاسٹیوم بھی تقریباً ایک جیسے ہیں ۔ فرق صرف اتنا ہے کہ سلمان احمد کی یہ تصویر اصلی کنسرٹ میں لی گئی تھی‘ جبکہ رنبیر کپور کی تصویر ’راک اسٹار ‘ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی۔

    دونوں تصاویر کو دیکھ کر جنون دی بینڈ کے اس دعوے کو تقویت ملتی ہے کہ بھارتی ڈائریکٹر امتیاز علی نے اپنے اس مثال کردار کے لیے تحریک کہاں سے لی ہے۔ یہی نہیں بلکہ اگر آپ نے راک اسٹار دیکھی ہے ا ور آپ ماضی میں جنون کی پرفارمنس دیکھتے رہے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ سلمان احمد اور رنبیر کپور کے انداز میں حیرت انگیز مماثلت ہے۔

    یاد رہے کہ جنون بینڈ جو کہ سلمان احمد ‘ علی عظمت اور برائن -او- کونل پر مشتمل تھا‘ گٹارسٹ سلمان احمد اور گلوکار علی عظمت کے درمیان اختلافات کے سبب عوام میں دیوانگی کی حد تک مقبول یہ بینڈ بکھر گیا۔ تاہم اب سلمان احمد گزشتہ کئی دنوں سے ایک ری یونین کے لیے متحرک ہیں جس کا وہ سوشل میڈیا پر اظہار بھی کرچکے ہیں‘ کہا جارہا ہےکہ سنہ 2018 میں عوام ایک بار پھر مکمل جنون کو اکھٹے دیکھیں گے۔

    یہ فیصلہ جنون بینڈ کے قیام کے 25 سال اور ان کے ’آزادی‘ نامی بلاک بسٹر البم کے 20 سال مکمل ہونے کے زیرِ نظر کیا گیا ہے اور پاکستان کےمیوزک شائقین پر امید ہیں کہ ایک بار پھر انہیں وہ ’جنون‘ دیکھنے کو ملے گا جو کبھی ان کی دیوانگی کا مرکز ہوا کرتا تھا۔

    بھارتی فلم ’راک اسٹار ‘ سنہ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے ہدایت کار امتیاز علی تھے جبکہ فلم کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی تھی۔ فلم کی کہانی جناردن (رنبیر کپور) نامی میوزک کے دلدادہ ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے کہ کس طرح کالج کا ایک ناکام گلوکار شہرت کے آسمان کو چھوتا ہے۔ اداکارہ نرگس فخری نے ان کے مدمقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پولیو ویکسین سے بچے کی ہلاکت کا تعلق نہیں، آصفہ بھٹو، سلمان احمد

    پولیو ویکسین سے بچے کی ہلاکت کا تعلق نہیں، آصفہ بھٹو، سلمان احمد

    کراچی : کراچی میں بچے کی ہلاکت کا پولیو ویکسین سے کوئی تعلق نہیں، یہ بات پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو، گلوکار سلمان احمد اور ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ نے اپنے بیان میں کہی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی بچے کی موت سے پولیو ویکسین کا کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے کہ اکہ میڈیا کو غلط معلومات پھیلانے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچے کی ہلاکت کا الزام پولیو ویکسین کو دینا پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں رکاوٹ کا سبب بن سکتا ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان میں پولیو مہم کے سفیر اورمعروف گلوکارسلمان احمد نے کہا ہے کہ آج تک پولیو ویکسین سے دنیا بھرمیں کوئی بچہ متاثر نہیں ہوا، پولیو ویکسین سے متعلق جھوٹی خبروں سےنقصان ہوتا ہے، اس کے علاوہ جھوٹی خبروں سے گھر گھر جاکر ویکسین پلانے والے پولیو ورکرزکی جان کو بھی خطرات لاحق ہوتےہیں۔

    دریں اثناء ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے ترجمان نے بھی اس تاثر کی نفی کرتے ہوئے بچے کی پولیو ویکسین سے موت کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ آج تک کوئی بچہ پولیو ویکسین سےجاں بحق نہیں ہوا، انسداد پولیو کے قطرے کسی بھی صورت خطرناک نہیں، اس ویکسین کے قطرے دنیا بھرمیں پلائےجاتے ہیں اور آج تک اس قسم کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔

    مزید پڑھیں : مبینہ طورپرپولیو کے قطرے پینے سے بچہ ہلاک

    ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 80 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو رواں مہم میں قطرے پلائے گئے، پولیو ویکسین عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ دوا ہے، ویکسین کی بنیاد پرپاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جاسکتا ہے۔