Tag: salman But

  • محمد آصف اور سلمان بٹ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی

    محمد آصف اور سلمان بٹ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی

    حیدرآباد : سلمان بٹ اور محمد آصف کی ڈومیسٹک کرکٹ میں دھماکہ خیز واپسی ہوگئی، سلمان بٹ نے واپڈا کی طرف سے فاٹا کے خلاف سنچری بناڈالی۔ جبکہ محمد آصف نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

    تفصیلات کے مطابق سزا یافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف نے ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کرلیا ہے۔ حیدرآباد میں جاری قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں سلمان بٹ اور محمد آصف واپڈا کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    پانچ سالہ پابندی کے بعد سلمان بٹ نے فاٹاکےخلاف اپنے پہلے ہی میچ میں بلے بازی کے جوہر دکھاتے ہوئے سنچری اسکورکی۔

    اے آر وائی نیوزسے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کاپہلامیچ کھیل کرخوشی محسوس کررہاہوں۔ جوغلطی کی اس کی پانچ سال تک سزا بھگتی۔ پابندی کاعرصہ بہت مشکل سے گزارا۔

    انہوں نے کہا کہ سوئنگ بالر ہوں اس لئےجلد ردھم میں آجاؤں گا، ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی سےسلیکڑکی توجہ حاصل کرنےکی کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے جانے پر آئی سی سی نے سلمان بٹ اور محمد آصف پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

  • سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک سیزن کی اجازت مل گئی

    سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک سیزن کی اجازت مل گئی

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے بحالی پروگرام مکمل کرنے پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سزا یافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ ۔

    تفصیلات کے مطابق سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کا پروانہ مل گیا، سابق ٹیسٹ ٹیم کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف آئندہ سال کے آغاز میں ایک روزہ ڈومیسٹک سیزن کیلئے دستیاب ہونگے۔

    دونوں کھلاڑیوں نے سزا مکمل ہونے کے بعد واپڈا کا ڈیپارٹمنٹ جوائن کیا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سزا یافتہ کرکٹرز نے بڑی تیزی کیساتھ پی سی بی بحالی پروگرام کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی آپ بیتی پر لیکچرز مکمل کرلئے ہیں۔

    محمد عامر پہلے ہی ڈومیسٹک کیساتھ اب بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بھی جلوگر ہیں۔ عمدہ کارکردگی نے سیلکٹرز اور مینجمنٹ کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

    تینوں کرکٹرز کی پاکستان ٹیم میں واپسی کو یقینی بنانا اب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہوگی یا نہیں ؟

  • سلمان بٹ، آصف اورعامر نے پی سی بی کے بحالی پروگرام کا آغاز کردیا

    سلمان بٹ، آصف اورعامر نے پی سی بی کے بحالی پروگرام کا آغاز کردیا

    لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا مکمل کرنے والے کھلاڑی سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر نے پی سی بی کے بحالی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محمد عامر کے بعد اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی ڈومیسٹک اور انٹرنیشل کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل چکی،آئی سی سی نے پابندی ختم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مستقبل کا معاملہ پی سی بی پر چھوڑ دیا ہے، مگر بورڈ حکام دونوں کو فوری طور پر کسی ریجنل ٹیم میں بھی شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان اور پیسر کو ابھی مزید امتحانوں سے گزرنا ہے جس کیلیے پلان بنایا جاچکا،انھیں 26 اگست سے 1 ستمبر تک ایجوکیشن پروگرام کے تحت ریجنز میں جاکر نوجوان کھلاڑیوں کو کرپشن کے حوالے سے آگاہی دینا ہوگی، بعد ازاں وہ اینٹی کرپشن کے حوالے سے کوچز، پلیئرزاور آفیشلز کو لیکچرز دینگے، ماہر نفسیات کے ساتھ سیشن بھی ہوں گے۔

    چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ آئی سی سی چاہتی ہے کہ ان کھلاڑیوں کا بحالی پروگرام شروع  کیا جائے، وہ دیگرکرکٹرز کو آگاہ کریں کہ کس طرح کرپشن کی دلدل میں گرکر ملک کی بدنامی کا باعث بنے، اس دوران دونوں کلب اور گریڈ ٹو کرکٹ کھیلیں گے۔

    محمد عامر کے حوالے سے بھی یہی پالیسی اختیار کی گئی تھی، انھوں نے کہا کہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو صرف ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب نہیں کیا جاسکتا، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ 5سال کے وقفے اور بڑھتی عمر نے ان پر کتنا اثر کیا ہے۔

    چیئرمین بورڈ نے کہا کہ کہ ماضی میں ملک کو بڑی بدنامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اہم نکتہ یہ ہے کہ عوام اور خاص طور پر ساتھی کرکٹرز ان کو قبول کریں، کئی کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ نہیں کھیلیں گے، بحالی پروگرام میں شرکت  سے ڈریسنگ روم میں ان کی آمد گوارا ہوسکتی ہے۔

  • آئی سی سی نے کرکٹر سلمان بٹ کو طلب کرلیا

    آئی سی سی نے کرکٹر سلمان بٹ کو طلب کرلیا

    دبئی : آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے سلمان بٹ کو طلب کرلیا، سلمان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا اجازت ملنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی کے شکار پاکستانی کرکٹر سلمان بٹ کو طلب کرلیا۔ محمد عامر کے بعد اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار سلمان بٹ کی بھی مشکلات آسان ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان کی خصوصی دلچسپی پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے سلمان بٹ کو طلب کرلیا ہے۔

    ٹیسٹ اوپنر جلد دبئی میں اینٹی کرپشن یونٹ سے ملاقات کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے سلمان بٹ کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل سکتی ہے۔