Tag: San Diego

  • والدین کے سامنے دیدہ دلیری سے بچہ اغوا کرنے کی کوشش ناکام

    والدین کے سامنے دیدہ دلیری سے بچہ اغوا کرنے کی کوشش ناکام

    امریکا میں نشے میں دھت ایک شخص نے نہایت دیدہ دلیری سے والدین کے سامنے ایک 2 سالہ بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کی، ماں نے پھرتی دکھا کر ملزم کو پکڑ لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سان ڈیاگو کاؤنٹی میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے جاری کردی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی میں بیٹھی خاتون گاڑی کو ریورس کر رہی ہیں، اسی دوران ایک شخص گاڑی کی طرف بڑھتا ہے اور بغیر کسی خوف کے پچھلا دروازہ کھول کر اندر موجود 2 سالہ بچے کو اٹھانے کی کوشش کرتا ہے۔

    دروازہ کھلتے ہی اگلی سیٹ سے ماں بھی اترتی ہے اور مذکورہ شخص کو دھکے دے کر شور کرنے لگتی ہے۔

    تھوڑی دیر بعد بچے کا باپ بھی گاڑی سے اترتا ہے اور ملزم کی طرف دوڑتا ہے، عینی شاہدین کے مطابق باپ نے مذکورہ شخص سے ہاتھا پائی بھی کی۔

    اس موقع پر ہجوم جمع ہوگیا جنہوں نے بچے کے باپ اور اغوا کار کو ایک دوسرے سے علیحدہ کیا اور پولیس کے آنے تک ملزم کو پکڑے رکھا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر 37 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کسی نشہ آور شے کے زیر اثر لگ رہا تھا، اس پر اقدام اغوا کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

  • امریکی بحریہ کے جنگی جہاز میں لگی آگ دوسرے دن بھی نہ بجھ سکی

    امریکی بحریہ کے جنگی جہاز میں لگی آگ دوسرے دن بھی نہ بجھ سکی

    واشنگٹن : امریکی بحریہ کا جنگی بحری جہاز بون ہوم رچرڈ مسلسل دوسرے روز بھی آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔ اب تک اس آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں مذکورہ جہاز کیلی فورنیا میں سان ڈیاگو کی بندرگاہ میں لنگر انداز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی شہر سان ڈیاگو کے نیول بیس پر بحری جہاز میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک صورت اختیار کرلی۔

    شپ یارڈ پر کھڑے ہوئے اس جنگی بحری جہاز میں آگ اتوار بارہ جولائی کے روز لگی تھی جس پر کل پیر تیرہ جولائی کی رات تک بھی قابو نہ پایا جا سکا تھا۔

    آگ بجھانے والے کارکنان اس آگ پر قابو پانے کی مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں تاہم انہیں تاحال کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، اب تک زخمی ہونے والے کل 59 افراد میں سے 23 سویلین اور 36 امریکی بحریہ کے اہلکار بتائے گئے ہیں۔

    بحریہ کے اہلکاروں اور ریسکیو کارکنوں کے مطابق اس بحری جہاز پر 3.7 ملین لٹر تیل بھی موجود ہے اور آگ بجھانے والے کارکنوں کی پوری کوشش ہے کہ شعلوں کو اس تیل تک کسی صورت نہ پہنچنے دیا جائے۔

    مزید پڑھیں : امریکا، سان ڈیاگو نیول بیس پر بحری جہاز میں خوف ناک دھماکا

    دریں اثنا امریکی کوسٹ گارڈز نے اس وجہ سے تیل صاف کرنے والے عملے کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں کہ ممکنہ طور پر اس جنگی جہاز سے تیل بہہ کر سمندر میں پھیل بھی سکتا ہے۔

  • امریکا: سان ڈیاگو نیول بیس پر بحری جہاز میں خوف ناک دھماکا

    امریکا: سان ڈیاگو نیول بیس پر بحری جہاز میں خوف ناک دھماکا

    سان ڈیاگو: امریکی شہر سان ڈیاگو کے نیول بیس پر بحری جہاز میں خوف ناک دھماکا ہوا، جس سے بحری جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سان ڈیاگو نیول بیس پر بحری جہاز میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے سے جہاز پر موجود 21 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ بجھا کر کولنگ شروع کر دی، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، امریکی نیول حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت جہاز پر 160 افراد سوار تھے، جن سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    زخمیوں میں بون ہوم رچرڈ نامی بحری جہاز کے عملے کے 17 ارکان شامل ہیں، جب کہ 4 سویلینز زخمی ہوئے، یہ واقعہ اتوار کی صبح کو پیش آیا، علاقے میں دھواں سارا دن پھیلا رہا، نیوی اور فائر حکام کی جانب سے واقعے کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

    حکام نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ آگ بحری جہاز کے نچلے کارگو سے شروع ہوئی، جہاں جہاز کا سامان اور گاڑیاں اسٹور تھیں۔ ابتدائی طور پر نقصان کا درست اندازا بھی نہیں لگایا جا سکا ہے، زخمی افراد کا بھی علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے، یہ افراد دھویں اور تپش سے زخمی ہوئے۔

    واقعے کے بعد سان ڈیاگو کاؤنٹی ایئر پلوشن کنٹرول ڈسٹرکٹ نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی کہ جہاں انھیں دھواں محسوس ہو، وہاں وہ اپنی سرگرمیاں محدود کر دیں، ممکن ہو تو گھروں کے اندر رہیں، تاکہ وہ فضا میں موجود نقصان دہ ذرات سے محفوظ رہیں۔

  • امریکہ : ظالم باپ کی سفاکی کا دلخراش واقعہ، ملزم گرفتار

    امریکہ : ظالم باپ کی سفاکی کا دلخراش واقعہ، ملزم گرفتار

    کیلیفورنیا : امریکہ میں اپنے جڑواں بچوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے سنگدل باپ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم نے بچوں کو کار میں بٹھا کر پل سے نیچے سمندر میں گرا کر خود کشی کی کوشش کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں پولیس نے ایک شخص کو دو جڑواں بچوں سمیت مرنے سے بچالیا، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خود کش حملے جیسا تھا۔

    پولیس نے ملزم رابرٹ برائنز کے خلاف قتل، اغوا اور بچوں پر مظالم کی کوشش کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے، مقامی میڈیا کے مطابق برائنز سے اس کا مؤقف جاننے کیلئے رابطہ نہیں کیا جاسکا اور یہ واضح نہیں تھا کہ اس کا کوئی وکیل ہے یا نہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برائنز کی اہلیہ نے ہفتے کی صبح ہیلپ لائن 911 کو فون کیا اور بتایا کہ اس کے شوہر نے ان کے 2 سالہ جڑواں بچوں کو اغواء کرلیا ہے اور وہ بچوں کے ساتھ کوروناڈو پل سے سمندر میں کود کر خودکشی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر پہنچی اور ملزم کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم ملزم نے تیز رفتاری کے ساتھ کار کو سمندر میں گرا دیا۔

    تاہم پولیس افسر نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے سو فٹ لمبی کینین پٹی کے استعمال ذریعے گاڑی ڈوبنے سے پہلے انہیں بچا لیا اور انہیں اسپتال منتقل کیا جہاں اب ان کی حالت بہتر ہے۔