Tag: San Francisco

  • غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

    غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

    سان فرانسسکو : غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں امریکی سان فرانسسکو میں سڑکوں پر نکل آئے اور  جنگ بندی کا پر زور مطالبہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ برج پر غزہ میں جنگ بندی کیلئے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرین نے گولڈن گیٹ برج پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی، احتجاجی دھرنے کے باعث اہم شاہراہ پر ہزاروں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    مشتعل مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ امریکا غزہ میں جنگ رکوائے اور فوری طور پر اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کی جائے۔

    یاد رہے کہ امریکی عوام کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے اس ضمن میں مختلف امریکی ریاستوں میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    گزشتہ ہفتے کینیڈا کے عوام نے فلسطینی قوم کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا جبکہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد فلسطینی عوام کی حمایت میں احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئی۔

     واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے تاہم اب تک اس کی شدت میں کمی نہ ہوسکی اور جنگ بندی سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرت کیمپ میں مزید 5 فلسطینیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی ہوگئے۔

    اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے 24 گھنٹے میں 43 فلسطینیوں کو شہید کیا، صیہونی طیاروں نے خان یونس میں یورپین پسپتال کے اطراف بھی بم برسائے۔

  • مکان اچانک سڑک پر چل پڑا، لوگ حیران (ویڈیو وائرل)

    مکان اچانک سڑک پر چل پڑا، لوگ حیران (ویڈیو وائرل)

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک سڑک پر جب لوگوں نے اچانک ایک گھر کو چلتے ہوئے دیکھا تو پہلے تو ان کی آنکھیں حیرت سے پھٹی کی پھٹی رہ گئیں اور پھر لگے ویڈیوز بنانے۔

    آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ سان فرانسسکو کی 807 فرینکلن اسٹریٹ پر واقع 139 سال پرانے دو منزلہ وکٹورین گھر کا پتا اب بدل چکا ہے، اور اس کے لیے پورا گھر ہی نئے پتے پر منتقل ہو گیا تھا۔

    ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی کھڑکیوں اور براؤن فرنٹ ڈور کے ساتھ یہ گرین ہوم دیوہیکل ڈولیوں پر لاد کر 6 بلاکس کے فاصلے پر ایک اور مقام پر منتقل کیا گیا۔

    چھ بیڈ رومز والے اس گھر کا مالک سان فرانسسکو کا بروکر ٹِم براؤن ہے، اس کی منتقلی کے لیے شہر کے 15 سے زائد ایجنسیوں سے اجازت نامے حاصل کیے گئے، اور مالک مکان کو اس کی منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 4 لاکھ امریکی ڈالر ادا کرنے پڑے۔

    اس گھر کی منتقلی نہایت مشکل کام اس لیے تھا کیوں کہ گھر نے ڈھلان والے علاقے کی طرف جانا تھا، راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا گیا، جیسا کہ پارکنگ میٹر ہٹائے گئے، درختوں کی شاخیں کاٹنی پڑیں، اور ٹریفک کے سگنلز کو ہٹایا گیا۔

    دراصل یہ گھر، جسے بڑے پیمانے پر منتقلی کی وجہ سے مرمت کی ضرورت پڑی تھی، ایک پرائم لاٹ پر واقع تھا، یہ قیمتی پلاٹ مالک نے ایک ڈویلپر کو بیچ دیا تھا جس نے اس سائٹ پر اپارٹمنٹ بلاک بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس گھر کی شفٹنگ کی منصوبہ بندی میں کئی سال لگے، اور شفٹنگ کے وقت سڑکوں کو خالی کرایا گیا تھا۔

  • چور دن دہاڑے اسٹور میں واردات کرکے کیسے فرار ہوا، لوگ دیکھتے رہ گئے

    چور دن دہاڑے اسٹور میں واردات کرکے کیسے فرار ہوا، لوگ دیکھتے رہ گئے

    سان فرانسسکو : کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں چور نے دن دہاڑے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے تھیلا بھر کر سامان نکالا اور اور باآسانی فرار ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے پوری دنیا کے صارفین کو حیران کردیا کہ جس میں ایک سائیکل سوار نوجوان دن کی روشنی میں ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے چوری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اس ویڈیو کو لیان میلینڈیز نامی ایک خاتون صحافی نے شیئر کیا جس کو 5ملین سے زائد لوگوں نے دیکھا اور اپنے کمنٹس میں ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔

    مذکورہ ملزم سائیکل پر ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آیا اور سیدھا ایک شیلف کے پاس جاکر سامان نکالا اور ایک بڑے سے تھیلے میں رکھنا شروع کردیا۔ اس دوران وہاں موجود خریدار میلینڈیز اور سیکیورٹی گارڈ نے اس کی ویڈیو بنائی۔

    سامان اپنے تھیلے میں رکھنے کے بعد اس نے اسے سائیکل پر رکھا اور ان دونوں کے سامنے سے گزر گیا، جیسے ہی وہ وہاں سے گزرا تو گارڈ نے اس سے تھیلا چھیننے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا اور وہ آرام سے باہر چلا گیا۔

    خاتون صحافی نے جیسے ہی وہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی تو دیکھتے دیکھتے وائرل ہوگئی اور ویڈیو پر 5.7ملین مرتبہ لائیکس اور کمنٹس کیے گئے۔

    واضح رہے کہ کیلیفورنیا میں اس طر ح کسی بھی اسٹور سے سامان چوری کرنے (شاپ لفٹنگ) کو پہلے سنگین جرم سمجھا جاتا تھا تاہم سال2014 میں پروپوزیشن 47 کے نام سے ایک شہری قانون نے اس بحث کو جنم دیا کہ جرم کتنا سنگین ہے؟ جس کے تحت سامان950ڈالر سے کم مالیت کی چوری کرنا جرم کی بجائے” بدعنوانی” سمجھا جائے گا جس کی وجہ سے مجرم کیخلاف جرمانے کو کم کیا جائے گا۔

    وائرل ویڈیو نے اس حوالے سے ایک بہت بڑی آن لائن بحث چھیڑ دی ہے، بہت سے صارفین نے محسوس کیا کہ لڑکے کو سزا ملنی چاہئے تھی۔ انہوں نے قانون کو کسی سنگین جرم کے لیے اس قدر نرمی کرنے پر بھی سخت تنقید کی۔

  • پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    سان فرانسسکو: امریکی ریاست شمالی کیلی فورنیا کے شہر میں ایک پہاڑی شیر 2 دن تک سڑکوں پر مزے سے آزادانہ گھومتا رہا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سان فرانسسکو میں اوریکل پارک کے قریب ایک پولیس افسر نے پہاڑی شیر کو ایک عمارت کے باہر پودوں کے ایک بڑے باکس میں مزے سے لیٹے دیکھا تو حیران رہ گیا۔

    معلوم ہوا کہ اپنا راستہ کھونے والا پہاڑی شیر دو دن سے سڑکوں پر گھوم رہا تھا، جب پولیس افسر آدم لوبسنگر نے اسے دیکھا تو فوری طور پر محکمہ جنگلی حیات کو مطلع کر دیا، جنھوں نے آ کر اسے بہ آسانی پکڑ لیا۔

    انیمل کنٹرول کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پچاس پونڈ وزن کا یہ شیر ایک اپارٹمنٹ کے سامنے گرین ایریا میں لیٹا ہوا تھا، اسے پکڑنے کے لیے بے ہوشی کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ ترجمان ڈیب کیمبل کا کہنا تھا کہ شیر نے چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف چند ہی بلاکس کا سفر کیا، اسے شاید سچ میں مدد کی ضرورت تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ سال میں ایک بار جنگلی حیات کے حکام کو پہاڑی شیر کی آمد کی اطلاع ملتی ہے، یہ شیر سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع پہاڑیوں سے اتر کر آتے ہیں لیکن پھر اپنے راستے پر واپس بھی چلے جاتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پہاڑی شیر سان فرانسسکو شہر کے بیچ میں نکل آیا ہو۔

    رپورٹس کے مطابق حکام اس شیر کی نقل و حرکت منگل سے نوٹ کر رہے تھے جب ایک موٹرسٹ نے اسے رشین ہلز کے پاس دیکھا تھا، پھر اسے ایک ٹی وی اسٹیشن کے پارکنگ لاٹ میں سی سی ٹی وی کے ذریعے دیکھا گیا، اور آخر میں اسے اوریکل پارک کے قریب دیکھا گیا، جسے جمعرات کو آخرکار پکڑ لیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس علاقے میں جب کوئی پہاڑی شیر نکل آتا ہے تو حکام اسے فوری پکڑنے کی بجائے اس کی نقل و حرکت نوٹ کرتے رہتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ وہ خود اپنے راستے پر لوٹ جائے، مذکورہ شیر سے متعلق بھی حکام نے انتظار کیا اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شیر کی نقل و حرکت نوٹ کر کے حکام کو مطلع کرتے رہیں۔

    علاقے کی پولیس نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ایک پہاڑی شیر علاقے میں نکل آیا ہے اس لیے اپنی حفاظت کریں، ایسا لگتا ہے کہ شیر راستہ بھول گیا ہے، تاہم وہ جلد جنوب میں اپنا راستہ ڈھونڈ لے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑی شیر (cougar) دو سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد خاندان چھوڑ دیتے ہیں، تاہم مذکورہ شیر ابھی چھوٹا تھا اور معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس نے اپنا خاندان کیوں چھوڑا۔ بعد ازاں، آکلینڈ زو میں شیر کا معائنہ کیے جانے کے بعد وائلڈ لائف نے اسے پہاڑیوں میں چھوڑ دیا۔

  • سان فرانسسکو میں برقی سگریٹ پر پابندی عائد

    سان فرانسسکو میں برقی سگریٹ پر پابندی عائد

    واشنگٹن : سان فرانسسکو کی انتطامیہ نے شہر میں برقی سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائد کردی جس کے بعدسان فرانسسکو ای سگریٹ پر قدغن لگانے والا پہلا امریکی شہر بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سان فرانسسکو کی انتظامیہ نے منگلکے روز برقی سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائدکرنے اورآن لائن فروخت کرنے کو غیر قانونی قرار دینے کےلیےووٹنگ کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریاست کیلیفورنیا کےشہر سان فرانسسکو امریکا کی سب سے مشہور برقی سگریٹ تیار کرنے والی کمپنی جول لیبز کا گھر سمجھا جاتا ہے۔

    جول لیبز کا کہنا تھا کہ سٹی انتطامیہ کا یہ اقدام سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو واپس سگریٹ کی جانب مبذول کرے گا اور ’کالا بازاری کا باعث بھی بنے گا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سان فرانسسکو کی میئر لندن بریڈ کے پاس اس قانون پر دستخط کرنے کے لیے 10 دن ہیں۔ قانون دستخط کیے جانے کے 7 ماہ کے اندر نافذ العمل ہوجائے گا۔

    خدشہ ہے کہ مختلف فرمز اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتی ہیں۔

    برقی سگریٹ کے مخالفین نے کہا ہے کہ کمپنیاں مختلف ذائقہ شدہ مصنوعات کےذریعے نوجوانوں کو نشانہ بناتی ہیں ۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ ای سگریٹ کے باعث صحت پر پڑنے والے اثرات کی سائنسی تحقیقات ہونا ضروری ہیں، برقی سگریٹ نوجوانوں کو سگریٹ کی عادت سے بچانے کےلیے ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) قومی ریگولیٹری نے برقی سگریٹ تیار کرنے والی کمپنیوں سگریٹ کی قیمت کا تعین کرنے والے 2021 تک کی ڈیڈ لائن دی ہے جبکہ یہ ڈیڈ لائن پہلے اگست 2018 تک تھی جسے بڑھا2021 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    امریکا کا بیماری کنٹرول اورجرایثم کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے مرکز کے مطابق امریکا میں نیکوٹین استعمال کرنے والے نوجوانوں کی تعداد گزشتہ برس 36 فیصدتھی جو برقی سگریٹ کے استعمال کے باعث بڑھ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے وفاقی قوانین کے تحت سگریٹ نوشی کی کم از کم عمر 18 برس ہےجبکہ کیلیفورنیا اور دیگر ریاستوں میں تمباکو نوشی کی عمر 21 برس معین ہے۔

  • سان فرانسیسکو ملازمین کو سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والا شہر قرار

    سان فرانسیسکو ملازمین کو سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والا شہر قرار

    برلن : ڈوئچے بنک نے سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والا شہر سان فرانسیسکو ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر زیورخ اور نیویارک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے ڈوئچے بنک کی جانب سے سال 2019ء کی سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے شہروں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس فہرست میں امریکا کے مغربی ساحل پر واقع کیلیفورنیا ریاست کے شہر سان فرانسیسکو کو سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والا شہر قرار دیا گیا ہے۔ اس شہرمیں لوگوں کا معیار زندگی سب سے بہتر اور بلند ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کی بنیادی وجہ امریکا بالخصوص شہر میں ٹیکنالوجی کی منصوعات کی ترقی اور کاروبار ہے۔

    عرب نشریاتی ادارے کے مطابق ایک سال قبل یہ اعزاز سوئٹرزلینڈ کے شہرزیورخ کو حاصل تھا مگر سان فرانسیسکو نے پچھلے پانچ سال میں اپنا ریکارڈ مسلسل بہتر بنانے کے بعد تنخواہوں کے حوالے سے دنیا کے نمبر ون شہر کا درجہ حاصل کرلیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تنخواہوں کے اعتبار سے زیورخ اب دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے، سال 2019ء کے انڈیکس کے مطابق سان فرانسیسکو کی معیشت میں بہتری میں ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

    دوسرے نمبر پر زیورخ، تیسرے پرنیو یارک، چوتھے پر امریکی شہر بوسٹن، پانچویں پر شکاگو، چھٹے پر آسٹریلیا کا شہر سڈنی، آٹھویں پر ڈنمارک کا کوپن ہیگن، نویں پر آسٹریلیا کا دارالحکومت ملبرن اور دسویں نمبر پر برطانیہ کا دارالحکومت لندن شامل ہے۔

  • سان فرانسسکو کی پہلی سیاہ فام خاتون میئر سے ملیے

    سان فرانسسکو کی پہلی سیاہ فام خاتون میئر سے ملیے

    کیلیفورنیا : امریکا کے شہر سان فرانسسکو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 43 سالہ افریقی خاتون لندن بریڈ 50 فیصد ووٹ حاصل کرکے شہر کی میئر بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فارم امریکی خاتون نے میئر کا حلف اٹھایا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افریقی نژاد لندن بریڈ لمبے عرصے سے اپنی کمیونٹی میں سرگرم تھی، میئر کے انتخابات کے ایک ہفتے بعد لندن بریڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 43 سالہ لندن بریڈ نے کل 50 فیصد ووٹ حاصل کرکے میئر کے انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں۔

    لندن بریڈ واحد خاتون میئر ہیں جو امریکا کے پندرہ بڑے شہروں میں ایک سان فرانسسکو میں اپنی خدمات انجام دیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سان فرانسسکو میں تیزی سے بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، شہر کی گلیوں میں بڑی تعداد میں جھگی بستیاں آباد ہیں کیوں کہ زمینوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ہیں۔

    سان فرانسسکو کی نو منتخب میئر مسز بریڈ شہری حکومت میں قانون ساز بورڈ کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور گذشتہ برس دسمبر میں میئر کے انتقال کے بعد نگراں میئر کے فرائض کی انجام دہی بھی کرچکی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سان فرانسسکو کے انتخابات رواں ماہ 5 جون کو ہوئے تھے، لیکن الیکشن کے نتائج تاخیر کا شکار ہوگئے تھے کیوں کہ الیکشن کمیشن کے اہلکاروں نے ہزاروں ووٹ غلط شمار کیے تھے۔

    خیال رہے کہ لندن بریڈ شہر کی پہلی خاتون میئر نہیں ہیں، ان سے قبل ڈیانے فین سٹین 1978 میں سان فرانسسکو کی میئر رہ چکی ہیں جو تاحال کیلیفورنیا کی سینیٹر ہیں۔

    یاد رہے کہ لندن بریڈ کی بہن سنہ 2006 میں بہت زیادہ منشیات استعمال کرنے کے باعث ہلاک ہوگئی تھیں جبکہ ان کا بھائی کئی دنوں میں جیل میں قید ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کرسمس پر دہشت گردی کا منصوبہ ،  سابق امریکی میرین اہلکار گرفتار

    کرسمس پر دہشت گردی کا منصوبہ ، سابق امریکی میرین اہلکار گرفتار

    کیلیفورنیا : کرسمس پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں سابق امریکی میرین اہلکار کوگرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سان فرانسسکو میں کرسمس پردہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، سیکیورٹی فورسزنے سابق امریکی میرین ایورٹ آرن جیمسن کو دہشتگردی کے الزام میں گرفتارکرلیا ہے۔

    امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کو داعش سے تعلق پر نارتھ کیرولینا سے گرفتارکیا۔

    ایف بی آئی حکام کے مطابق چھبیس سال کے ایرون جمیزسن امریکی میرین کاسابق اہلکار ہے، جو کرسمس سے پہلے سان فرانسسکو میں شاپنگ مال، ریستوران اور پبلک مقامات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک پر شدت پسند مواد میں دلچسپی رکھنے کے بعد ملزم کی نگرانی کی جارہی تھی جبکہ ملزم نے نیویارک میں ہونے والے ٹرک حملے کی بھی حمایت کی تھی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیش داعش سے تعلق کا اعتراف کیا ہے۔


    مزید پڑھیں :  برطانیہ میں کرسمس پردہشت گردی کا منصوبہ ناکام‘ 4 افراد گرفتار


    یاد رہے کہ 3 روز قبل برطانیہ میں انسداد دہشت گردی فورس نے دہشت گردی کی سازش ناکام بناتے ہوئے شیفلیڈ سے 3 اور چیسٹرفیلڈ سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا تھا۔

    رطانوی پولیس حکام کے مطابق چار مشتبہ افراد کو دہشت گردی ایکٹ 2000 کے سیکشن 41 کے تحت دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مارک زکربرگ دوسری باربیٹی کے باپ بن گئے

    مارک زکربرگ دوسری باربیٹی کے باپ بن گئے

    سان فرانسسکو : فیس بک کے بانی کے گھر دوسری بار رحمت اتر آئی، مارک زکربرگ کی اہلیہ پریسلا نے ایک اور بیٹی کو جنم دیا ہے، بیٹی کا نام اس کی پیدائش کے مہینے پراگست رکھ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ دوسری بار ایک پیاری سی بیٹی کے باپ بن گئے، ان کی اہلیہ پریسلا نے مقامی اسپتال میں ایک اور بچی کو جنم دے دیا، گھر میں بیٹی کی آمد پر دونوں بے حد خوش ہیں۔

    مارک زکربرگ نے اگست میں پیدا ہونے والی بیٹی کا نام بھی اگست ہی رکھ دیا ہےاور انہوں نے یہ خوشخبری فیس بک کے ذریعے دی۔

    انہوں نے لکھا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ پریسلا کو دوسری بیٹی کی آمد سے بے انتہا خوشی ہوئی ہے، مارک نے اگست کے نام خط میں لکھا کہ آپ اور آپ کی بہن ایسی دنیا میں بڑی ہونگی جہاں بہتر تعلیم اور مساوات ہوگی۔


    مزید پڑھیں: فیس بک کے بانی مارک زكر برگ بیٹی کے باپ بننے والے ہیں


    انہوں نے خط میں لکھا کہ مجھے امید ہے کہ تم کمرے اور آنگن میں خوب دوڑو گی، میں چاہتا ہوں کہ تم اچھی نیند لو اور یہ محسوس کرو کہ ہم تمہیں کتنا چاہتے ہیں۔


    مزید پڑھیں: دہشت گردوں کے خلاف فیس بک بانی بھی میدان میں آگئے


     اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ  مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • رنگوں اور غباروں سے بھرا دنیا کا انوکھا ترین میوزیم

    رنگوں اور غباروں سے بھرا دنیا کا انوکھا ترین میوزیم

    یوں تو دنیا بھر میں موجود مختلف عجائب گھر یا میوزیم اپنے اندر بے پناہ مسحور کن کشش رکھتے ہیں اور کسی عجائب گھر کا دورہ کرنا ایک نہایت شاندار تجربہ ہوسکتا ہے۔

    تاہم امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک انوکھا ترین میوزیم کھولا گیا ہے جہاں رنگوں کی مدد سے مختلف عجائبات پیش کیے گئے ہیں۔

    کلر فیکٹری کے نام سے جانا جانے والا یہ میوزیم اس وقت پورے سان فرانسسکو کا موضوع گفتگو بن چکا ہے۔ یہ میوزیم ستمبر کے اختتام تک کھلا رکھا جائے گا لیکن ابھی سے ہی اس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

    سان فرانسسکو کے شہری اس کا دورہ کرنے کے لیے نہایت بے تاب ہیں اور جو لوگ ٹکٹس حاصل نہیں کر پائے وہ سخت پریشان ہیں۔

    آئیں دیکھتے ہیں اس میوزیم میں ایسی کیا خاص بات ہے۔


    میوزیم کے ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے آپ کا واسطہ رنگ برنگی قوس قزح جیسی سیڑھیوں سے پڑتا ہے جنہیں صرف دیکھنا ہی دل و دماغ کو خوشی سے بھر دیتا ہے۔

    رجسٹریشن کروانے کے بعد آپ کو پولکا ڈاٹ کی شکل کے کارڈز دیے جاتے ہیں جنہیں دکھا کر آپ میوزیم کے تمام حصوں کی سیر کرسکتے ہیں۔

    اندر داخل ہوتے ہی آپ میٹھی میٹھی سی خوشبو محسوس کرتے ہیں جو عموماً مختلف چاکلیٹس یا ٹافیوں میں سے محسوس ہوتی ہے۔

    ایک رنگین سلائیڈ پر آپ کی تواضع کے لیے میکرون (میٹھے بسکٹ نما) بھی رکھے ہیں۔

    میوزیم کے ایک کمرے میں رنگوں بھری روشنیوں کا کھیل موجود ہے۔

    ایک اور کمرا نیلے رنگ کے غباروں سے بھرا ہوا ہے۔

    گرین روم نامی ایک کمرے میں آپ کے لیے بڑے سے سبز مارکرز رکھے ہیں جن کی مدد سے آپ دیواروں پر سبز نقش و نگار بنا سکتے ہیں۔

    ایک اور کمرے میں رنگ برنگی ربنز آویزاں کی گئی ہیں جن کے اندر جا کر یقیناً آپ کا دل کسی بچے کی طرح ان سے کھیلنے کو چاہے گا۔

    کنفٹی روم نامی کمرے میں چھت سے رنگ برنگے کاغذ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کی بارش ہوتی ہے۔

    اور آخر میں میوزیم کا سب سے بہترین حصہ زرد غباروں سے بھرا ہوا کمرہ ہے۔ ان زرد غباروں کے درمیان تیرنا یقیناً ایک مزیدار تجربہ ہوگا۔

    یہاں آپ کو زرد فلیورز جیسے مینگو یا ونیلا کی تیار کردہ آئس کریم بھی دستیاب ہوگی۔

    اور جب آپ اس انوکھے میوزیم کی سیر کر کے تھک جائیں تو سستانے کے لیے رنگین شیشوں سے بنا ہوا ایک خوبصورت کمرہ حاضر ہے جہاں سے باہر کےمناظر خوبصورت رنگوں میں ڈھل کر انوکھا سماں باندھ دیتے ہیں۔

    کیسی لگی آپ کو اس انوکھے میوزیم کی سیر؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔