Tag: sanctions-on-iran

  • امریکا ایران پر کیا نئی پابندیاں لگانے جا رہا ہے؟

    امریکا ایران پر کیا نئی پابندیاں لگانے جا رہا ہے؟

    واشنگٹن: اسرائیل پر حملے کے بعد امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں لگانے کی تیاری کر لی۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرامز پر نئی پابندیاں لگائی جائیں گی، امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیوں کا مقصد اس کی عسکری طاقت کو محدود کرنا ہے۔

    جیک سلیوان نے کہا کہ پابندیوں اور دیگر اقدامات سے ہم ایران پر دباؤ برقرار رکھیں گے۔ بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ امریکا اور یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے کے بعد ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں اس سلسلے میں اقدام اٹھائے جانے کی توقع رکھتی ہیں، جب کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ بلاک پابندیوں کے سلسلے میں کام کر رہا ہے۔

    اسرائیل نے ایرانی میزائل کے دیو قامت فیول ٹینک کی ویڈیو جاری کر دی

    اسرائیل نے اپنے اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تہران کے میزائل پروگرام پر پابندی لگائیں، واضح رہے کہ اس پروگرام پر اقوام متحدہ کی پابندیاں گزشتہ اکتوبر میں ختم ہو گئی ہیں، یہ پابندیاں ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے وسیع معاہدے سے منسلک تھیں۔

    یاد رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیل پر ایران کے پہلے براہ راست حملے میں ایران، عراق، شام اور یمن سے فائر کیے گئے 300 سے زیادہ میزائلوں اور ڈرونز کی ایک لہر دیکھی گئی، جن میں سے زیادہ تر کو اسرائیل اور اس کے اتحادیوں نے مار گرایا۔ تہران نے کہا کہ یہ حملہ یکم اپریل کو شام میں اس کے قونصل خانے پر اسرائیلی فضائی حملے کا بدلہ ہے، جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    دوسری طرف برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کی آج رات اسرائیل آمد متوقع ہے، وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون غزہ میں امداد بڑھانے، یرغمالیوں کی رہائی اور ایرانی حملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

  • ایران پر پابندیوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا، امریکا

    ایران پر پابندیوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا، امریکا

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ قیدیوں کے معاہدے کے باوجود ایران پر عائد تمام پابندیاں برقرار رہیں گی اور کوئی ریلیف بھی نہیں دیا جائے گا۔

    انٹونی بلینکن نے صحافیوں کی جانب سے منجمد ایرانی فنڈز میں 6 بلین ڈالر کی متوقع ریلیز کے بارے میں سوال پوچھنے پر کہا کہ ایران کو پابندیوں سے کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔

    ذرائع کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے بعض رہنمائوں کی جانب سے مبینہ "تاوان” کی رقم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس معاہدے میں تقریباً 10 ارب ڈالرز شامل ہیں جن میں جنوبی کوریا میں منجمد چھ ارب کے علاوہ عراق اور جاپان میں مزید 4 ارب روپے بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ ایران نے 5 امریکیوں (4 مرد اور ایک خاتون) کو جیل سے رہا کر کے انہیں گھر میں نظر بند کر دیا، جس کے بعد ایک ایسے معاہدے تک پہنچنے کی امید پیدا ہوئی ہے جس سے وہ ملک چھوڑ سکیں گے۔

    اس معاہدہ واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر تنقید کے دوران سامنے آیا ہے، ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے کہا کہ ہم ہمیشہ امریکی یرغمالیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں

  • ایران نے عالمی مالی پابندیوں کا حل نکال لیا

    ایران نے عالمی مالی پابندیوں کا حل نکال لیا

    تہران: ایران نے عالمی مالی پابندیوں کا حل نکال لیا، تہران نے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل کرنسیوں میں لین دین شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرپٹو کرنسی ایکسچینج ’ایف ٹی ایکس‘ پر گزشتہ ہفتے کے اختتام تک ایران کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسیوں کا استعمال سرخیوں میں رہا۔

    ایران کرپٹو کرنسیوں کا استعمال عالمی مالیاتی نظام سے کٹ جانے کے نقصانات پر قابو پانے کے لیے کر رہا ہے۔

    رواں ماہ کے آغاز میں جاری ہونے والی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران پر وسیع امریکی مالی پابندیوں کے باوجود ایک معروف کرپٹو ایکسچینج ’بائنانس‘ نے 2018 سے اب تک 7.8 بلین ڈالر مالیت کے ایرانی کرپٹو میں لین دین کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹرون ٹوکن کے علاوہ ایرانی لین دین بٹ کوائن، ایتھر، ٹیتھر اور ایکس آر پی جیسی معروف کرپٹو کرنسیوں اور ایک چھوٹے ٹوکن لائٹیکوئن میں بھی ہو رہا ہے۔

    سائبر سیکیورٹی تجزیہ کار علی پلوسنسکی کے مطابق ایران نے حالیہ برسوں میں امریکی پابندیوں کے اثرات سے بچنے اور ملکی آمدنی کو کامیابی کے ساتھ بڑھانے کے لیے کرپٹو کرنسیوں اور کرپٹو مائننگ کو تیزی سے استعمال کیا ہے۔

    ایران کے پاس اہم قدرتی وسائل ہیں، خاص طور پر قدرتی توانائی کے وسائل، ایران نے تیل اور گیس کے شعبے پر سخت امریکی پابندیوں کے جواب میں ان میں سے کچھ وسائل کو بجلی کی پیداوار کی طرف موڑ دیا ہے، تاکہ کرپٹو مائننگ اور کرپٹو کرنسیوں کو اکٹھا کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ ایران میں ذاتی فائدے کے لیے کرپٹو مائننگ ممنوع ہے، اس لیے غیر قانونی مائننگ کے خلاف پولیس پورے ملک میں باقاعدگی کے ساتھ کریک ڈاؤن میں مصروف ہے۔

  • یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

    یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

    برسلز: یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔

    الجزیرہ کے مطابق ایران میں 22 سالہ کُرد خاتون کی ہلاکت پر مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن اور طاقت کے بھر پُور استعمال پر یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔

    یورپی یونین نے حکومتی حراست میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد پھوٹ پڑنے والے حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف سیکیورٹی کریک ڈاؤن میں مبینہ کردار ادا کرنے پر ایران کی موریلیٹی پولیس اور وزیر اطلاعات پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

    پابندیوں میں موریلیٹی پولیس اور وزیرِ اطلاعات سمیت 4 ایرانی اداروں کے علاوہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی پیرا ملٹری فورس بھی شامل ہے۔ ان اداروں کے 11 افسران پر یورپی یونین کے رُکن ممالک کے ویزوں پر پابندی ہوگی، ان کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔

    ایران نے یورپی یونی کی پابندیوں کو زیادتی قرار دیتے ہوئے فوری جواب دینے کا عندیہ دے دیا، ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ اور فسادات کہیں بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا جاتے جاتے ایران پر ایک اور وار

    ڈونلڈ ٹرمپ کا جاتے جاتے ایران پر ایک اور وار

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مدت پوری کرنے کے آخری مراحل میں بھی روش نہ بدلی، ایران کی 12کمپنیوں کیخلاف نئی پابندیاں عائد کردیں،  ، ٹرمپ کی مدت صدارت 20 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔

    امریکا نے ایران کی اسٹیل اور دیگر دھاتیں تیار کرنے والی 12 کمپنیوں اور ان میں سے ایک کمپنی کی غیر ممالک میں موجود تین ایجنٹ کمپنیوں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    امریکا نے اسٹیل اور دھاتیں تیار کرنے والی ایک درجن ایرانی کمپنیوں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ دھاتوں اور کانکنی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی کی تین غیر ملکی ایجنٹ کمپنیوں کے خلاف بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد ایران کو اقتصادی طور پر مزید مشکلات میں ڈالنا ہے۔

    امریکا نے دھات سازی کے لیے سامان تیار کرنے والی ایک چینی کمپنی پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں۔ امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق چینی کمپنی کائیفینگ پِنگمائی نامی کمپنی نے دسمبر 2019ء سے جون 2020ء کے دوران ایرانی دھات ساز کمپنیوں کو ہزاروں میٹرک ٹن ایسا کاربن میٹیریل فراہم کیا جو اسٹیل کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

    امریکا کی طرف سے جن 12 ایرانی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے ان میں ‘مڈل ایسٹ مائنز اینڈ منرل انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ ہولڈنگ بھی شامل ہے۔ ایرانی وزارت خزانہ کے مطابق اسی کمپنی کے جرمن شہر ہیمبرگ میں واقع ذیلی ادارے جی ایم ای پراجیکٹس ہیمبرگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسی کمپنی کے چین اور برطانیہ میں قائم ذیلی ادارے بھی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔

    امریکی سیکرٹری خزانہ اسٹیون منوچن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایرانی حکومت کو پیسے کی فراہمی روکنے کے فیصلے پر قائم ہے کیونکہ اس نے دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی، جابرانہ حکومتوں کی مدد اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت 20 جنوری کو ختم ہو رہی ہے جب ڈیموکریٹک پارٹی کے نو منتخب شدہ صدر جو بائیڈن اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد یہ عہدہ سنھبالیں گے۔

  • امریکا نے ایران پر ایک مرتبہ پھر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے ایران پر ایک مرتبہ پھر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    تہران/واشنگٹن : امریکی حکام نے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد ایران کے ملت اور مہر بینک سمیت کئی کمپنیوں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے رواں برس جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ایران پر اقتصاد پابندیاں عائد کردی ہیں جن اداروں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ان میں ایران کا مہر اور ملت بینک بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران کی ٹریکٹر ساز کمپنی، سپاہ پاسداران کی مالی معاونت کرنے والا بڑا مالیاتی ادارہ اور ایک بینک کو ایرانی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مالیاتی ادارے پر ایرانی سپاہ پاسداران کے پیراملٹری گروپ کی معاونت کا الزام عائد کیا ہے، جو کم عمر بچوں کو فوجی تربیت فراہم کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے ملت بینک پر بسیج فورس کے مہر بینک سے تعاون کرنے کا الزام عائد کرکے قدغنیں لگائی ہیں جبکہ مہر اقتصاد بینک کے زیر انتظام کام کرنے والی کمپنیوں پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد رواں سال جون میں عالمی طیارہ ساز کمپنی نے بھی ایران کو جہاز کی فروخت روک دی تھی۔

    امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں جس کے باعث امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر سخت پابندیاں لگائیں گے، ایران سے جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔