Tag: Sanctions

  • کروناوائرس: ’’ ایران پر عائد معاشی پابندیاں انسانیت کے ناطے ہٹائی جائیں‘‘

    کروناوائرس: ’’ ایران پر عائد معاشی پابندیاں انسانیت کے ناطے ہٹائی جائیں‘‘

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کروناوائرس کے پیش نظر ایران سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں تہران حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے ایران پر عائد پابندیوں کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایران پر عائد معاشی پابندیاں انسانیت کے ناطے ہٹائی جائیں، کرونا وبا کی وجہ سے ایران شدید مشکلات کا شکار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ وبا سے متاثر ہیں، اموات کی شرح زیادہ ہے، معاشی پابندیوں کے باعث ایران کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم سے بذریعہ خط کردار ادا کرنے کی بھی درخواست کی، بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ سے بات ہوئی تو انہوں نے بھی یہی درخواست کی۔

    ایرانی سفیر کا شہباز شریف کو خط، امریکی پابندیوں کا معاملہ اٹھانے کی اپیل

    وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جائے، ایران کو دواؤں، وینٹی لیٹرز اور متعلقہ سامان کی اشد ضرورت ہے، معاشی پابندیاں ان اشیا کے حصول میں آڑے آ رہی ہیں، پاکستان نے پابندیوں کے خلاف خاتمے کے لیے کاوشوں کا آغاز کر دیا، باہمی تعاون کے ذریعے عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں ایران کےسفیر سید محمد علی حسینی نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو بھی خط لکھ کر امریکی پابندیوں کے باعث کررونا سے نمٹنے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

    ایرانی سفیر کے خط میں کہا گیا تھا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے ادویات اور ضروری سامان درکار ہے تاہم امریکی پابندیوں کی وجہ سےعلاج میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

  • کرونا وائرس ، شاہ محمود قریشی کا ایران پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    کرونا وائرس ، شاہ محمود قریشی کا ایران پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ایران پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران وسائل کا استعمال کرکے لوگوں کی قیمتی جانیں بچاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا عالمی برادری غیرمعمولی وباسےلڑرہی ہے، ایسے مشکل، چیلنج کے دور میں بطور لیڈرز درگزر کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ایران پرعائد پابندیاں ختم ہونی چاہئیں، ایران وسائل کا استعمال کرکے لوگوں کی قیمتی جانیں بچاسکے۔

    وزیر خارجہ نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ایران میں کرونا سے ہر 10منٹ بعدایک شخص کی موت ہو رہی ہے، ایران میں ہرگھنٹے کےدوران 50لوگ وائرس کا شکار ہو رہے ہیں، عالمی رہنماؤں ،یواین سیکرٹری جنرل کے بیان کی روشنی میں ردعمل دیناہوگا، انسانیت کو بچانے کیلئے متحد ہوکر فوری اور مربوط عالمی ردعمل دیناہوگا۔

    یاد رہے گزشتہ روز ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کے نتیجے میں ہر 10 منٹ میں ایک شخص ہلاک ہورہا ہے اور ہر گھنٹے میں 50 افراد وائرس میں مبتلا ہورہے ہیں۔

    ترجمان نے کہا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 18407 ہوچکی ہے جبکہ 1284 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، حکومت نے اسکول، یونیورسٹیز کو بند رکھنے، کھیلوں، ثقافتی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔

  • ترک صدر نے شام میں آپریشن روکنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا

    ترک صدر نے شام میں آپریشن روکنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا

    انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے مشرقی شام میں بڑے پیمانے پر جاری فوجی آپریشن ختم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی نہیں کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردوان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے عائد پابندیوں سے خوفزدہ نہیں، کرد جنگجوؤں کے خلاف فوجی کارروائیاں شام میں جاری رہیں گی۔

    انہوں نے واشنگٹن حکام کو واضح کردیا کہ ترکی اقتصادی پابندیوں کے باعث دباؤ میں نہیں آئے گا، اپنے مقصد کے حصول کے لیے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق ترکی کی جانب سے سرحد سے متصل شامی علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی جاری ہے، ترکی اپنی سرحد سے شام کے اندر بیس میل تک محفوظ علاقہ قائم کرکے شامی مہاجرین کو بسانا چاہتا ہے۔

    ترکی کی معیشت کو فوری تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں، امریکی صدر

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا حکم نامہ جاری کیا ہے، امریکا نے ترک وزیردفاع، وزیرداخلہ اور وزیرتوانائی پر پابندی عائد کردی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔

  • امریکا نے ترکی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا

    امریکا نے ترکی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا

    واشنگٹن: شام میں جاری ترک فوجی آپریشن کے تناظر میں امریکی حکام نے ترکی پر پابندی عائد کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ترکی پر اقتصادی پابندیاں رواں ہفتے عائد کیے جانے کا امکان ہے، جس کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تصدیق کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو متنبہ کیا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ پابندیاں لگانے کو تیار ہے، یہ پابندیاں سرکاری سطح پرہوں گی۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک میں کانگریس، ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ترکی پر اقتصادی پابندی عاید کرنے کے لیے شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے، پابندی رواں ہفتے عاید کردی جائے گی۔

    امریکی سیکریٹری خزانہ اسٹیون میونچن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ترکی پر اقتصادی پابندی عاید کی جائے گی، جس کا گہرا اثر انقرہ حکومت کی معیشت کو پہنچے گا۔

    ترک صدر نے پابندی کی دھمکیاں مسترد کردیں، فوجی آپریشن جاری رکھنے کا عزم

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔

    دریں اثنا صدر ٹرمپ نے اس بات کا بھی اقرار کیا کہ امریکا کے ترکی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، لیکن نہیں چاہتے تھے ترک فوج کے ہاتھوں بہت سے لوگ مارے جائیں۔

    دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی دباؤ اور پابندی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے شام میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

  • ایران کا امریکی پابندیوں سے متاثٖر ہونے کا اعتراف، تیل کی صنعت خسارے کا شکار

    ایران کا امریکی پابندیوں سے متاثٖر ہونے کا اعتراف، تیل کی صنعت خسارے کا شکار

    تہران: ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے امریکی پابندیوں سے متاثر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ان پابندیوں کے خلاف مزاحمت بھی جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر ملکی پابندیوں نے ایران کی تیل کی صنعت کو متاثر کیا ہے لیکن تہران حکومت ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر تیل نے یہ بات منگل کے روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے اب حالات یہ ہیں کہ ہر چند سال بعد تیل کی ملکی صنعت کو اقتصادی پابندیوں اور کسی نہ کسی بڑے دھچکے کا سامنا رہتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اثرات کے باوجود ایران ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گا، تیل کی معیشت کو مزید تقویت دی جائے گی۔

    جنرل اسمبلی اجلاس، ایرانی صدرکونیویارک میں سفری پابندیوں کا سامنا

    دوسری جانب وزیرخارجہ جواد ظریف واضح کرچکے ہیں کہ پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایران تیل کی برآمد ہر صورت جاری رکھے گا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی اور معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں جبکہ معاہدے کے دیگر عالمی فریقین برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور چین نے ایران سے معاہدہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں گزشتہ ماہ اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جس کے بعد تیل برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے اپنی پیداوار روک دی تھی۔

  • امریکا کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ

    امریکا کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیرخارجہ برائےجنوبی ایشیا ایلس ویلز نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔

    اپنے ایک بیان میں ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں وسیع پیمانے پر گرفتاریوں اور پابندیوں پر امریکا کو تشویش ہے، بھارت کشمیر میں فوری طور پر پابندیاں ختم کرے۔

    انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سیاستدان اور تاجر رہنما بھی زیر حراست ہیں، بھارت زیرحراست افراد کو رہا کرے، بھارتی حکومت کے مقامی سیاسی قائدین سے مذاکرات کی بحالی کے منتظر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انتخابات کا انعقاد جلد یقینی بنائے، کشمیر میں بھارت کی طرف سے جلد اقدامات کی توقع ہے، امریکا نے بھارت سے اعلیٰ ترین سطح پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی نائب وزیرخارجہ برائےجنوبی ایشیا ایلس ویلز کا مزید کہنا تھا کہ اگردونوں ممالک تیارہوں تو ٹرمپ ثالثی کیلئے تیار ہیں، بھارت طویل عرصے سے معاملے پر کسی بیرونی کردار کو مسترد کرتا آرہا ہے۔

    کشمیر بھارت کے رحم وکرم پر رہا تو جنگ کو کوئی نہیں‌ روک سکے گا، سردار مسعود خان

    ادھر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ نہتے اور پرامن کشمیری بھارت کی نو لاکھ مسلح ترین فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں، اقوام متحدہ اپنے چارٹر کے باب چھ اور سات کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کرے۔

    سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات ٹالنے اور اسی لاکھ کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے فوری مداخلت کریں، کشمیر بھارت کے رحم وکرم پر رہا تو جنگ کو کوئی نہیں‌ روک سکے گا۔

  • خود کش بمباروں کے خاندانوں کی کفالت کرنے والے لبنانی بنک پرامریکی پابندیاں

    خود کش بمباروں کے خاندانوں کی کفالت کرنے والے لبنانی بنک پرامریکی پابندیاں

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہےکہ جمال ٹرسٹ بنک جیسے لبنانی مالیاتی ادارے کرپٹ ،لبنان کی خود مختاری اور اس کے مالیاتی نظام کے لیے خطرہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے لبنان کے ایک بنک جمال ٹرسٹ بنک اور اس کے ماتحت متعدد کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے، اس بنک پر ایرانی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا حزب اللہ کی معالی معاونت اور معاشی سہولت کاری کا الزام عاید کیا ہے۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن کافی عرصے سے لبنان کے ہر اس ادارے، تنظیم اور فرم پر پابندیاں عاید کررہا ہے جو دہشت گردوں کی معاونت میں ملوث پائے جاتے ہیں۔

    جمال ٹرسٹ بنک پر حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کی مالی معاونت اور ایران میں قائم ‘شہدا فاﺅنڈیشن’ کی مدد کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ لبنانی بنک خود کش بمباروں کے اہل خانہ کی کفالت کررہا ہے۔

    امریکی حکومت نے ایرانی پاسدارا انقلاب کے چار عہدیداروں پربھی پابندیاں عاید کی ہیں جن پر حزب اللہ کے ذریعے فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کو فنڈز کی فراہمی کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ جمال ٹرسٹ کا شمار لبنان کے چھوٹے بنکوں میں ہوتا ہے، جمال ٹرسٹ بنک کے کل اثاثوں کی مالیت لبنانی بنکنگ سیکٹر کے اثاثوں کی نسبت صفر اعشاریہ 39 فی صد ہے۔

    امریکی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی مالی مدد کرنے والے لبنانی بنک پر تنظیم کو ٹیکنالوجی میں معاونت اور ایران میں قائم شہداءفاﺅنڈیشن کی مالی مدد بھی شامل ہے۔

    امریکی وزارت خزانہ کے سیکرٹری برائے انسداد دہشت گردی سیگل منڈلکر کا کہنا تھا کہ جمال ٹرسٹ بنک جیسے لبنانی مالیاتی ادارے کرپٹ ہیں جو لبنان کی خود مختاری اور اس کے مالیاتی نظام کے لیے خطرہ ہیں۔

  • امریکا کا جلد حزب اللہ کے اتحادیوں پر بھی پابندیاں عائد نے کا عندیہ

    امریکا کا جلد حزب اللہ کے اتحادیوں پر بھی پابندیاں عائد نے کا عندیہ

    بیروت : لبنان کے سیاسی حلقوں کی طرف سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا جلد ہی ایران نواز حزب اللہ ملیشیا کے اتحادیوں پر بھی پابندیاں عاید کر سکتی ہے، امکان ہے کہ دو لبنانی سیاسی جماعتیں اور دو مرکزی وزراء کو بلیک لسٹ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی طرف سے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کی اتحادی نیشنل فریڈم موومنٹ پر اقتصادی پابندیاں عاید کی جاسکتی ہیں،حال ہی میں امریکی وزیرخزانہ کے معاون برائے انسداد دہشت گردی نے لبنانی وزیر خارجہ جبران باسیل پر الزام عاید کیا تھا کہ وہ اپنے عیسائی طرز عمل کو تحفظ دینے کے لیے حزب اللہ کی حمایت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    لبنان کی نیشنل فریڈم پارٹی بھی بلیک لسٹ ہونے والی لبنانی قوتوں میں شامل ہوسکتی ہے، فریڈم پارٹی سے تعلق رکھنے والے جبران باسیل اپنے عیسائی مذہب سے تعلق پر پردہ ڈالنے کے لیے حزب اللہ کی حمایت کر رہے ہیں۔

    اس ضمن میں لبنانی وزیر محنت یوسف فنیانوس، وزیر مملکت برائے صدارتی امورسلیم جریصاتی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ طلال ارسلان پر حزب اللہ کے ساتھ تعاون کے عہد و پیمان کرنے پر امریکا کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جاسکتے ہیں۔

  • ایرانی سپر ٹینکر کے مدد گاروں پر بھرپور پابندیاں عائد کریں گے،امریکا

    ایرانی سپر ٹینکر کے مدد گاروں پر بھرپور پابندیاں عائد کریں گے،امریکا

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا بحیرہ روم میں گامزن تیل بردار جہاز کو ضبط کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک ذمے دار نے باور کرایا ہے کہ امریکا نجی سیکٹر کو ایرانی تیل بردار جہاز گریس 1 (جس کا نام اب ایڈریان ڈاریا 1 ہو چکا ہے) کی مدد کرنے سے روکنے کے لیے اعلان کردہ پابندیوں کو عائد کرنے کے لیے پُرعزم ہے،امریکا بحیرہ روم میں گامزن تیل بردار جہاز کو ضبط کرنا چاہتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ ذمے دار نے بتایا کہ شپمنٹ سیکٹر کو اس بات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ امریکی پابندیوں کو پوری طاقت کے ساتھ لاگو کیا جائے گا۔

    بحری جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایڈریان ڈاریا 1 یونان کی سمت رواں دواں تھا جب کہ یونان کے وزیراعظم کا یہ کہنا تھا کہ یہ جہاز ان کے ملک کی جانب نہیں آ رہا۔

    امریکی ذمے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر خبردار کیا کہ کسی نے بھی اس تیل بردار جہاز کی براہ راست یا بالواسطہ مدد یا معاونت کی تو ان کا ملک اس کے خلاف متحرک ہو جائے گا۔

  • سابق سوڈانی سیکیورٹی چیف کا امریکا میں‌ داخلہ بند

    سابق سوڈانی سیکیورٹی چیف کا امریکا میں‌ داخلہ بند

    واشنگٹن : مائیک پومپیو نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ صلاح قوش سوڈان میں بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان کے سیکورٹی ادارے کے سابق چیف صلاح قوش اور ان کے اہل خانہ کے امریکا میں داخلے کی ممانعت ہو گی کیوں کہ قوش سوڈان میں بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

    پومپیو نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں لکھا کہ سوڈان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں قوش اور دیگر افراد کا احتساب عمل میں آئے گا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انتظامیہ کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ صلاح قوش سیکورٹی اینڈ نیشنل انٹیلی جنس ادارے کی سربراہی کے دوران تشدد اور عقوبت کی کارروائیوں میں ملوث رہے۔

    امریکا میں داخلے کی ممانعت کے فیصلے کا اطلاق صلاح قوش کی اہلیہ عواطف احمد سعید اور ان کی بیٹی شیماء صلاح پر بھی ہو گا۔

    سوڈان میں اپریل میں صدر عمر البشیر کو معزول کرنے والی عبوری کونسل کی قیادت کے بیان کے مطابق صلاح قوش نے ملکی حالات کو عوامی انقلاب میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تبدیلی واقع ہونے کے دو روز بعد قوش اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ عبوری کونسل کے ذمے داران نے اْس وقت بتایا تھا کہ قوش کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں یہ اعلان کیا گیا کہ وہ نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے ہیں۔

    سوڈان میں سرکاری استغاثہ پہلے ہی عبوری عسکری کونسل سے یہ مطالبہ کر چکی ہے کہ سیکورٹی ادارے کے سابق ڈائریکٹر صلاح عبداللہ قوش کو حالیہ عوامی احتجاجات کے دوران سوڈانی مظاہرین کے قتل کے الزام میں طلب کیا جائے۔

    استغاثہ کے ذرائع نے العربیہ نیوز چینل کو بتایا کہ انہیں قوش کے بیرون ملک سفر کرنے کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق یہ موقف ان خبروں کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ قوش امریکا اور مصر کا بیرونی سفر کر رہے ہیں۔