Tag: Sanctions

  • شمالی کوریا نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دے دی

    شمالی کوریا نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دے دی

    پیانگ یانگ: امریکی پابندیوں کے نتیجے میں شمالی کوریا نے دوبارہ جوہری پروگرام شروع کرنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا حکام نے امریکا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اپنی اقتصادی پابندیاں ختم نہیں کرتا تو ہم جوہری پالیسی بحال کردیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر امريکا اس ملک پر عائد اقتصادی پابندياں ختم نہيں کرتا، تو جوہری ہتھيار تيار کرنے کی پاليسی بحال کرنے پر سنجيدگی سے سوچا جا سکتا ہے۔

    وزارت خارجہ کے مطابق امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن تعلقات ميں بہتری اور پابندياں بيک وقت جاری نہيں رہ سکتے۔

    شمالی کوریا نے اپنے جوہری تجربہ گاہ کے انہدام کے بعد بین الاقوامی معائنہ کاروں کو معائنے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم اس دھمکی کو بہت سنجیدہ لیا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مختصر دورے کے دوران کم جونگ سے ملاقات کی تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ معائنہ کاروں کی ٹیم میزائلوں کے انجن ٹیسٹ کرنے کی تنصیب اور جوہری تجربات کے مقام کا دورہ کرے گی، یہ دورہ فریقین کے بیچ لوجسٹک امور پر اتفاق رائے ہونے کے فوری بعد کیا جائے گا۔

    شمالی کوریا حکام کے مطابق انہوں نے گزشتہ برس اپنا جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام ترک کر دیا تھا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے مابین رواں سال جون کے مہینے میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ اب شمالی کوریا سے کسی قسم کا جوہری خطرہ نہیں ہے۔

  • عالمی برادری اب امریکی پابندیوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے: ایرانی وزیر خارجہ

    عالمی برادری اب امریکی پابندیوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے: ایرانی وزیر خارجہ

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اب امریکی پابندیوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، یورپی ممالک اقتصادی پابندیوں کی مذمت کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک اور یورپی اقوام واشنگٹن کے یک طرفہ اقدامات کی مزاحمت کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل پر پابندی عائد کرنے کی صورت میں معیشت پر اثرات مرتب ہوں گے لیکن اپنی پالیسی تبدیل نہیں کریں گے۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات بےسود ثابت ہوں گے، ایرانی عوام ان مشکل حالات میں حکومت کے ساتھ ہیں، کسی صورت امریکا اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔

    امریکا نے ایران پر ایک مرتبہ پھر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پابندیاں لگانے کا عادی ہے اور اس کو یقین ہے کہ یہ تمام مسائل کا مداوا ہوسکتی ہیں لیکن یہ پابندیاں مسائل کا علاج نہیں ہیں بلکہ ان سے عام لوگ متاثر ہوتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جواد ظریف نے کہا تھا کہ امریکا، ایران کے بعد اب عالمی فوجداری عدالت پر بھی پابندیاں لگانے کی دھمکیاں دینے لگا ہے، عالمی برادری کو چاہئے کہ امریکی حکومت کو سمجھائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی حکام نے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد ایران کے ملت اور مہر بینک سمیت کئی کمپنیوں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

  • امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    واشنگٹن: ترکی میں قید امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی رہائی کے بعد امریکا نے اپنی پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش سے ملاقات کی اس دوران ترکی پر امریکی پابندیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مولودی چاؤش اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات ترک دارالحکومت انقرہ میں ہوئی، اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کے دوران مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ترکی پر عائد امریکی پابندیاں اٹھائی جا سکتی ہیں۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی تعلقات میں بہتری کے علاوہ جمال خاشقجی کیس کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

    ترکی پہنچنے سے قبل بیلجیم میں صحافیوں سے گفتگو میں پومپیو نے کہا تھا کہ امریکی پادری کی ترکی میں حراست کے حوالے سے انقرہ حکومت پر عائد کی جانے والی پابندیوں کو اب ہٹایا جا سکتا ہے۔

    ترک عدالت نےامریکی پادری کو رہا کردیا

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ترکی کی عدالت نے دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہائی دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    ترک عدالت نے اکتوبر2016 میں امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی اور اگست میں انہیں ایک گھر میں نظربند کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے امریکی پادری کو رہا نہ کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرکے موجودہ حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے، ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے نفسیاتی اور اقتصادی حربے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد ایرانی پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی دشمنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی چار نومبر کو عائد کی جا رہی ہے۔

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    گذشتہ ہفتے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • امریکا کی اقتصادی پابندیاں، ایران مذاکرات کے لیے راضی ہوگیا

    امریکا کی اقتصادی پابندیاں، ایران مذاکرات کے لیے راضی ہوگیا

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں، لیکن مذاکرات ایسے ہوں جس پر عمل درآمد ہو، دونوں ممالک اس پر عمل کریں۔

    پوچھے گئے ایک سوال پر جواب ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران جوہری ڈیل سے دست برداری کے بعد یورپی ممالک نے ایران کا بہت ساتھ دیا۔

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    اس سے قبل رواں سال مئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد کہا تھا کہ ایران مذاکرات کرے یا پھر کسی بھی طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • مائیک پومپیو کی اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات، سخت جملوں کا تبادلہ

    مائیک پومپیو کی اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات، سخت جملوں کا تبادلہ

    بیجنگ: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی اس دوران سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان شدید  تجارتی جنگ جاری ہے، دونوں ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے کی مصنوعات پر اضافی محصولات بھی عائد کردیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے اپنے چینی ہم منصب سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی، اس دوران باہمی تنازعات کے پیش نظر سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مذاکرات چاہتے ہیں، تاکہ عالی تجارتی جنگ کے بجائے باہمی قربتیں پیدا ہوں۔

    تجارتی جنگ ، چین کا امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان

    ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے تجارتی جنگ کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن حکومت نے ’تجارتی جنگ‘ شروع کرتے ہوئے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچایا۔

    بعد ازاں پائیک پومپیو اور وانگ ژی کے درمیان سخت جملے کہے گئے، تاہم امریکی وزیر خارجہ نے موقف اختیار کیا کہ امریکی حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ چین نے امریکا سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چینی وفد کا دورہ امریکا بھی منسوخ کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکا نے چین کی پانچ ہزار منصوعات پر دوسوارب ڈالر کے زائد ٹیکس لگائے تھے، تو چین نے بھی جواباً امریکا سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیے تھے۔

  • ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہے گی، ٹرمپ

    ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہے گی، ٹرمپ

    نیویارک : ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ایران خطے کے امن کو تباہ کررہا ہے، عالمی برادری ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی برادری ایران کو تنہا کردے، ایرانی عوام کی جانب سے غم و غصے کا اظہار جائز ہے کیوں کہ ان کے حکمران عوامی وسائل کا استعمال ذات کے لیے کر رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے اجلاس کے دوران ایران پر الزام عائد کیا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں افراتفری پھیلانے میں لگا ہوا ہے، اس لیے عالمی برادری سے گزارش ہے کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کریں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ معاملات بات چیت سے ہی حل کیا جاسکتا ہے، کیوں بات چیت کے ذریعے شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کو کم کرکے امریکی مغویوں کو بھی رہا کردیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کی بہادری بے مثال ہے لیکن ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہیں گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے حوالے سے بتایا کہ ’امریکا کسی بھی ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ امریکی معیشت سے فائدہ اٹھائے‘۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے مقبوضہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں جس کے لیے امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کیا گیا تھا۔

  • امریکا کی یکطرفہ پابندیاں دہشت گردی ہے: ایرانی صدر

    امریکا کی یکطرفہ پابندیاں دہشت گردی ہے: ایرانی صدر

    نیویارک: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی یکطرفہ پابندیاں دہشت گردی ہے، اب بھی کہتے ہیں مذاکرات سے بہتر کوئی راہ نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ایران سے متعلق پالیسی شروع سے ہی غلط رہی، کسی ملک کو طاقت کے زور پر مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جاسکتا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام ممالک ایران کو اس کے جارحانہ رویے پر تنہا کریں، ایران پڑوسی ممالک کی خود مختاری کا احترام نہیں کرتا ہے۔

    تمام ممالک ایران کو اس کے جارحانہ رویے پر تنہا کریں، امریکی صدر ٹرمپ

    ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری صدارت کے بعد امریکا مضبوط اور محفوظ ہوا ہے، ہم نے امریکیوں کے لیے ملازمتوں میں اضافہ کیا ہے، ہم امریکا کو سب سے مضبوط اور محفوظ ملک بنانا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں، جس کے باعث ایرانی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نّکی ہیلی نے واشنگٹن اور خلیجی ریاستوں پر عائد کردہ ایرانی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران اپنے اندورنی امن و امان کی خراب صورتحال کی وجوہات پر توجہ دے۔

  • ایران کے ساتھ کام کرنے کا الزام، امریکا نے تھائی کمپنی پر پابندی عائد کردی

    ایران کے ساتھ کام کرنے کا الزام، امریکا نے تھائی کمپنی پر پابندی عائد کردی

    واشنگٹن: ایرانی فضائی کمپنی کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں امریکا نے تھائی ایوی ایشن کمپنی پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد جہاں امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کررہا ہے وہیں اس کے ساتھ کام کرنے والی کمپنی پر بھی پابندی عائد کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے جس فضائی کمپنی پر پابندی عائد کی ہے اس پر یہ الزام ہے کہ وہ ایرانی حکام اور ایرانی فضائی کمپنی مہان ایئر کے لیے کام کرتی تھی۔

    امریکا کی جانب سے مہان ایئر پر بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ شامی صدر کی حمایت میں لڑنے والے فوجی دستوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور رسد کا کام انجام دیتی ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مہان ایئر پر پہلے سے ہی پابندیاں عائد ہیں جبکہ لاکھوں شامی شہریوں کو بشارالاسد اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے خطرہ ہے۔

    ایران پر امریکی پابندیاں، عالمی طیارہ ساز کمپنی نے جہاز کی فروخت روک دی

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد رواں سال جون میں عالمی طیارہ ساز کمپنی نے بھی ایران کو جہاز کی فروخت روک دی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر سخت پابندیاں لگائیں گے، ایران سے جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔

  • امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کا تیل کی فروخت جاری رکھنے کا عزم

    امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کا تیل کی فروخت جاری رکھنے کا عزم

    تہران: امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیاں اور دباؤ کے باوجود ایران نے تیل کی فروخت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد ایران پر معاشی پابندیاں عائد کردی ہیں تاہم ایرانی حکام نے خام تیل کی فروخت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے تیل کی صنعت سے وابستہ ماہرین سے ملاقات کی اور امریکی پابندیوں کے بعد جنم لینے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    اس موقع پر ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی تیل کی برآمد کو ہدف بنا کر اُن کے ملک پر پابندیوں کا نفاذ چاہتا ہے، ایسی امریکی کوششوں کے باوجود ایرانی خام تیل کی پروڈکشن اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت جاری رکھی جائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کی محاذ آرائی اور مزاحمت میں تیل کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے، ہر مشکل حالات کا سامنے کریں گے۔

    امریکی اقتصادی پابندیاں، ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی

    خیال رہے کہ ایران کی معاشی صورت حال ان دنوں شدید بحران کا شکار ہے، گذشتہ روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب جوہری معاہدے سے علیحدگی اور اگست سے نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بعد ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب ایرانی حکام نے ہر صورت حال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔