Tag: saniha model Town

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن : عدالت نے جوڈیشل کمیشن کاریکارڈ طلب کرلیا

    سانحہ ماڈل ٹاؤن : عدالت نے جوڈیشل کمیشن کاریکارڈ طلب کرلیا

    لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظرعام پرلانےکی درخواست وفاق کی جانب سےبنائےگئےجوڈیشل کمیشن کاریکارڈ طلب، آئندہ سماعت پرریکارڈپیش نہ کیاگیاتوذمہ دارافسران کوطلب کرینگے، عدالت۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے جوڈیشل کمیشن کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

    درخواست پرسماعت میں ہائی کورٹ نےوفاق کی جانب سےبنائےگئے جوڈیشل کمیشن کاریکارڈطلب کرلیا۔ تاہم وفاق کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کاریکارڈپیش کرنے کے لئے مہلت کی استدعاکی گئی جس پرعدالت نے اظہارِبرہمی کرتے ہوئے کہاکہ لگتاہے حکومت کے پاس کسی بھی جوڈیشل کمیشن کاکوئی ریکارڈنہیں۔

    عدالت نے تنبیہ کرتے ہوئےکہاکہ آئندہ سماعت پرریکارڈپیش نہ کیاگیاتوذمہ دارافسران کوعدالت طلب کرینگے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو اب تک قائم ہونے والے عدالتی ٹربیونلز اور کمیشنز کے نوٹیفیکشن کی کاپیاں عدالت میں پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت سے نوٹیفیکشن تو ڈھونڈے نہیں جا رہے، اٹھارہ کروڑ کی آبادی والے ملک کو کیسے چلایا جا رہا ہے، کسی کو کچھ پتہ نہیں۔

    درخواست گزاروں کے وکلاء نے کہا کہ حکومت واقعہ کے اصل ملزمان کو بچانے کے لئے سانحہ ماڈل ٹاؤن عدالتی ٹربیونل کی رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لا رہی۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے ٹربیونلز اور کمیشنز کے نوٹیفیکیشن کی کاپیاں عدالت میں پیش کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر مطلوبہ دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر دستاویزات پیش نہ کی گئیں تو ذمہ دار افسران کا طلب کیا جائے گا۔ جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 10 اپریل تک ملتوی کر دی۔

  • عمران خان نے دھرنے کے نام پر ملک کیخلاف سازش کی ہے، رانا ثناءاللہ

    عمران خان نے دھرنے کے نام پر ملک کیخلاف سازش کی ہے، رانا ثناءاللہ

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہناہے کہ عمران خان نے دھرنے کے نام پر ملک کےخلاف سازش کی ہے۔

    لاہورمیں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد واقعہ کی فوٹیج تمام چینلزپرموجود ہے فائرنگ کا ملزم بھی گرفتار ہوچکا ہے‘ اب کس بات کا شورہے؟ ملزم کو ن لیگی کارکن ثابت کرنے کی ناکام کوشش پر پی ٹی آئی معافی مانگے۔

     انہوں نے کہا کہ عمران خان شاید اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں اس لئے من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نےرانا ثنااللہ کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو سے لگتا ہے کہ وہ فیصل آباد سانحے میں ملوث تھے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے باعث ان کی وزارت بھی واپس لی گئی۔

     شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف رانا ثناءاللہ کو ان کےمنطقی انجام تک پہنچائے گی اوروہ جلد ہی خود کو سلاخوں کے پیچھے پائیں گے۔

  • جسے جے آئی ٹی پر اعتراض ہے وہ عدالت جائے، رانا ثناءاللہ

    جسے جے آئی ٹی پر اعتراض ہے وہ عدالت جائے، رانا ثناءاللہ

    لاہور: سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ طاہر القادری کے بیان پر بھڑک اٹھے ان کا کہنا تھا جسے جے آئی ٹی پر اعتراض ہے وہ عدالت جائے۔

    لاہور میں طاہر القادری کی جے آئی ٹی پرکڑی تنقید نےحکومتی حلقوں میں ہل چل مچادی، سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ بھی میدان میں آگئے اور واضح الفاظ میں کہہ ڈالا کہ اگر جے آئی ٹی پر طاہرالقادری کو اعتراض ہے تو وہ عدالت جائیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن سازش نہیں تھا،وزیراعظم سمیت جس کو بھی جے آئی ٹی بلائی گی وہ پیش ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا عدالت چاہے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ عام کر دے،عمران خان کی باتیں بدنیتی پر مبنی ہیں، جے آئی ٹی جلد حقائق تلاش کر کے قوم کےسامنے لائے۔

  • رانا ثناءاللہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست

    رانا ثناءاللہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست

    لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری ٹریبونل کے جج کے خلاف بیان بازی رانا ثناءاللہ کومہنگی پڑگئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثناءاللہ کے خلاف کارروائی کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو درخواست دے دی گئی۔

    ٹریبونل کے معاون عبداللہ ملک کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی درخواست پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی سے کرائی گئی تاہم اب اس ٹریبونل کی رپورٹ کو حکومت تسلیم نہیں کررہی ۔

    پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثنااللہ میڈیا پر فاضل جج کے خلاف بیان بازی کرکے انہیں متنازعہ بنانا چاہتے ہیں تاکہ رپورٹ پر عوام کے اعتماد کو متزلزل کرسکیں۔

    رانا ثناءاللہ کی جسٹس علی باقر نجفی کے خلاف بیان بازی توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے لہٰذا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ معاملے کا ازخود نوٹس لیں اوررانا ثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔

  • سانحہِ ماڈل ٹاؤن: نوپولیس اہلکاروں اورگلوبٹ کیخلاف عبوری چالان پیش

    سانحہِ ماڈل ٹاؤن: نوپولیس اہلکاروں اورگلوبٹ کیخلاف عبوری چالان پیش

    لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن میں گرفتار نو پولیس اہلکاروں اور گلو بٹ کے خلاف عبوری چالان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے سانحہِ ماڈل ٹاؤن کا عبوری چالان عدالت میں پیش کیا گیاہےجس میں نو پولیس اہلکاروں اور گلو بٹ کو سانحہ میں ملوث قراردیا گیاہے۔

    پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے عبوری چالان کے مطابق ادارہ منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر گلو بٹ نے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اوراس کے اس عمل کے باعث معاشرے میں دہشت پھیلی جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر پولیس اہلکار بھی اس واقعہ میں ملوث ہیں۔

    پولیس کی جانب سے گلو بٹ کو لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد امن و امان کے خدشے کے پیش نظر نظر بند رکھا گیا ہے، جبکہ نو پولیس اہلکاروں میں سے پانچ اہلکار گرفتارہیں اور چار اہلکاروں کے مفرور ہونے کی بناء پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد نو پولیس اہلکاروں اور گلو بٹ کے خلاف دو مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن :ایف آئی آرآئی جی پنجاب کے گھرپرلکھی گئی

    سانحہ ماڈل ٹاؤن :ایف آئی آرآئی جی پنجاب کے گھرپرلکھی گئی

    لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعہ اس لیے شامل نہیں کی گئی کہ اس صورت میں مقدمے کا چالا ن پندرہ روز میں پیش کرنا پڑتا اور دفعہ نہ ہونے کی صورت میں تفتیش کو طول دیا جاسکتا ہے۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ تہتر دن بعد ذمہ داران کیخلاف درج تو ہوگیا لیکن مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئیں۔ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ سات نہ لگانے کی وجہ سامنے آگئی۔

    ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ لگتی تو چالا ن پندرہ دن کے اندر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنا پڑتا۔ انسداد دہشت گردی کی دفعہ نہ ہونے کی وجہ کیس کو کی تفتیش کو غیرمعینہ مدت کیلئے طول دیا جاسکتاہے۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے گھر پر سی آئی اے کے ایک تجربہ کار افسر رانا صدیق نے لکھی۔ جس وقت ایف آئی آر لکھی جا رہی تھی اس وقت ن لیگ کے وکلا بھی آئی جی کے گھر پر موجود تھے۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن:جے آئی ٹی رپورٹ کی کاپی اے آروائی نیوزکوموصول

    سانحہ ماڈل ٹاؤن:جے آئی ٹی رپورٹ کی کاپی اے آروائی نیوزکوموصول

    لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کی کاپی اے آروائی نیو زکو موصول ہوگئی ہے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور ڈاکٹر توقیر شاہ پر بھی مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی اے آر وائی کو ملنے والی رپورٹ کی کاپی میں حساس اداروں کے نمائندوں کا واضح اختلافی نوٹ موجود ہے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر توقیر شاہ پر بھی مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی ہے۔

    جے آئی ٹی نے رپورٹ میں سوال کیا ہے کہ پتھراؤ کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے جواب میں فائرنگ کیوں کی تھی۔ جے آئی ٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اعلیٰ پولیس افسران کو بھی ایف آئی آر میں شامل کرنے اور سانحہ کی نئی ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کی ہے۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن:جے آئی ٹی رپورٹ سے حکومت کی مشکلات میں اضافہ

    سانحہ ماڈل ٹاؤن:جے آئی ٹی رپورٹ سے حکومت کی مشکلات میں اضافہ

    اسلام آباد: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ سے حکومتی حلقوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، رپورٹ سے حکومت کو بچانے کے اقدامات شروع کر دئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی سنسنی خیز رپورٹ نے حکومتی حلقوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

    بتیس صفحات اور ایک اختلافی نوٹ پر مشتمل رپورٹ میں ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف ہونے والے مقدمے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے مقدمے کو ختم کرنے کا کہا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مقدمے میں بنائے گئے مدعی نے اپنے ہی بیان کی نفی کردی ۔ایف آئی آر میں مدعی بنائے گئے ایس ایچ او موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کے کہ پولیس نے ریکارڈ میں ردوبدل کرکے نامکمل تفتیش ٹیم کے سامنے پیش کی انکوائری کےسامنےپیش ہونےوالےافسران کےبیانات ایک دوسرےسےمتضادتھے، رپورٹ میں واقعہ سے قبل حکومتی میٹنگ کو وقوعہ کا ذمہ دار قرار دینے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے،

    واقعے کے ذمہ دار تمام متعلقہ افراد ہیں جن کو بار بار بلایا گیا مگر وہ نہ آئے،عوامی تحریک بھی پولیس کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی پر پہلے ہی عدم اطمینان کا اظہار کر چکی ہے، حکومتی حلقوں نےآئینی ماہرین کی مشاورت سے اس رپورٹ سے حکومت کو بچانے کے اقدامات شروع کردئیے ہیں، آئینی ماہرین نے بھی اس رپورٹ کو حکومت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دے دیا۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن:حکومت کی جانب سے بھاری معاوضے کی پیشکش مسترد

    سانحہ ماڈل ٹاؤن:حکومت کی جانب سے بھاری معاوضے کی پیشکش مسترد

    پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثا کودیت کی شکل میں بھاری معاوضہ دینے کی پیشکش کر دی ،جسے ورثا نے قبول کرنے سے انکار کردیا حکومت پنجاب کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثا سے ایک بار پھر رابطہ ۔دیت کی شکل میں ورثا کو بھاری معاوضہ دینے کی پیشکش کر دی گئی۔

    سترہ جون دوہزار چودہ کو لاہور ماڈل ٹاون میں منہاج القران چودہ کارکنان پولیس تشدد کے سبب جان سے گئے۔اور متعدد زخمی ہوئے۔عدالتی نوٹس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی تو حکومت کی جانب سے مقتول کے ورثاء سے رابطے کئے گئے اور دیت کی پیشکش کی گئی جسے ورثاء نے مسترد کردی۔

    اس سے پہلے بھی حکومت کی جانب سے ورثاء کو تیس لاکھ روپے اور گھر فی خاندان دینے کی پیشکش کی گئی تھی جسے مقتول کے اہل خانہ نے قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس فائرنگ سے  جاں بحق ہونے والے چودہ افراد  کے قتل کا مقمہ لاہور کی سیشن عدالت نے اکیس افراد کیخلا ف درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • نواز شریف سیاست آصف زرداری سے سیکھیں، لطیف کھوسہ

    نواز شریف سیاست آصف زرداری سے سیکھیں، لطیف کھوسہ

     لاہور: پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ہم آئینی طریقے سے وزیراعظم کے استعفے کی حمایت کرتے ہیں،انہوں نےنواز شریف کو آصف زرداری سے سیاست سیکھنے کا مشورہ دیا۔

    پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ کہتے ہیں کہ ریاست اور ریاستی اداروں کو حکومت کے تابع نہیں ہونا چاہیئے۔ وزیرِاعظم نواز شریف ذوالفقار علی بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ہیں کہ اُن کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نےسانحہ ماڈل ٹاؤن کےاکیس نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دھرنوں کی سیاست کا حصہ نہیں بنے گی لیکن آئینی طریقے سے وزیراعظم کے استعفے کی حمایت کرتے ہیں۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سیاست آصف زرداری سے سیکھنی چاہیئے۔