Tag: Saniha quetta

  • سانحہ کوئٹہ : تحقیقاتی کمیشن کا فرانزک ٹیم اور نیکٹا سے معاونت کا فیصلہ

    سانحہ کوئٹہ : تحقیقاتی کمیشن کا فرانزک ٹیم اور نیکٹا سے معاونت کا فیصلہ

    کوئٹہ : سانحہ کوئٹہ سے متعلق تشکیل دئیے گئے جوڈیشل تحقیقاتی کمیشن نے فرانزک ٹیم بلانے اور نیکٹا سے معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بعض چیزیں خفیہ ہیں جنہیں پبلک نہیں کرسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جستس فائز قاضی عیسیٰ پر مشتمل جوڈیشل تحقیقاتی کمیشن کی پہلی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ میں ہوئی، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چھٹہ، آئی جی پولیس بلوچستان، ایف سی اور دیگر سول و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

    پہلے دن کی کارروائی میں بلوچستان حکومت کی جانب سے کمیشن کے سوالنامہ کا جواب داخل کرادیاگیا، کمیشن میں حکومتی جوابات پر تفصیلی بحث ہوئی۔

    کمیشن نے بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ کے جائے وقوعہ کے قریب ایف سی ناکہ سے متعلق جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹیئر کورکے نمائندے کومکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    کمیشن نے ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ کے جائے وقوعہ سے ملنے والے گولیوں کو خولوںکے فرنگ پرنٹس نہ لینے ، سول ہسپتال بم دھماکے کی نوعیت اورجائے وقوعہ کا فرانزک ٹیم سے معائنہ نہ کرانے پر پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔

    کمیشن کی جانب سے استفسار کرنے پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے بعض چیزیں خفیہ ہیں جنہیں پبلک نہیں کرسکتے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جماعت الحرار اور داعش نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی، وزارت داخلہ کو اس حوالے سے خط لکھا دیا ہے۔

    کمیشن نے ذمہ داری قبول کرنے والوں کی فون کالز سے متعلق تحقیقات نہ کرنے پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا، سپریم کورٹ کے جج فائز قاضی عیسیٰ نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن میں فریقین نہیں ہوتے مقصد صرف سچ تک پہنچنا ہوتا ہے ، حکومت وکلاء سب معاونت کریں تاکہ کمیشن اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکے، تحقیقات کمیشن کی اگلی سماعت کل منگل کو ہوگی۔

     

  • ملک میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے، میرحاصل بزنجو

    ملک میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے، میرحاصل بزنجو

    چمن : نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں (را) اور ( خاد) کے ملوث ہونے کی باتیں فضول ہیں ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کیوں کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغر اچکزئی کے بھائی شہید عسکر خان اچکزئی ایڈوکیٹ کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    میر حاصل بزنجو نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ناقابل برداشت واقعہ ہے، یہ ہم سب کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دیگر ممالک کے لیے بھی بڑا مسئلہ ہے۔

    سانحہ کوئٹہ نے ہماری ریڑھ کی ہڈی توڑ کر رکھ دی۔ حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہم یکسو ہوکر فیصلہ نہیں کریں گے، ہمارا خون بہتا رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسی کوئی جگہ نہیں، جہاں دہشت گرد نہیں مگر کارروائی نہیں ہوتی۔

     

  • دشمن کی شکست فاش کے دن قریب ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

    دشمن کی شکست فاش کے دن قریب ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

    کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ دشمن یہ نہ سمجھے کہ وہ ہمارے حوصلے پست کردے گا، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتا رہتا ہے، دشمن کی شکست فاش کے دن قریب ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں گزشتہ روز کے سانحے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ دشمن ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کررہا ہے ،لیکن ہم تقسیم نہیں ہونگے، ان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتا ہے، ہم بھی اس وقت اسی حالت سے گزر رہے ہیں۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف اندرونی اور بیرونی دشمن قوتیں کارفرما ہیں، اندرونی دشمن بہکے اور بکے ہوئے ہیں، ہم سب کو تمام تفرقات کا خاتمہ کرکے اکٹھے ہونا ہوگا۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمنوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے، سی ایم ایچ کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔

     

  • مراد علی شاہ کی سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں‌ کی عیادت

    مراد علی شاہ کی سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں‌ کی عیادت

    کراچی : وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں زیر علاج سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کی، انہوں نے شہر میں زمینوں پرقبضے کے خلاف بھی ڈنڈا اٹھالیا اور ساتھ ہی سابق وزرا و مشیران کو دفاتر اور سرکاری گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے چاق و چوبند وزیراعلٰی آج بھی صبح نو بجے سے ہی کام پر نکل گئے۔ راستے میں ڈی جے کالج آیا تو گاڑی سے اترکر پرنسپل سے ملاقات کی۔

    بعد ازاں سید مراد علی شاہ وعدے کے مطابق کم پروٹوکول کے ساتھ آغا خان اسپتال پہنچے۔ پولیس اور پروٹوکول عملے کو باہر روک کر خود زخمیوں کی عیادت کی۔ یاد رہے کہ آغا خان اسپتال میں کوئٹہ سانحے کے زخمی زیرعلاج ہیں۔

    شہر میں چائنا کٹنگ ہونے کا اعتراف

    علاوہ ازیں وزیراعلٰی نے کراچی میں زمینوں پر قبضوں اور چائناہ کٹنگ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں ناجائز قبضہ ہوگا وہاں کا ایس ایچ او اس کا ذمہ دار ہوگا۔

    سابق وزرا و مشیران سے دفاتر و سرکاری گھر خالی کرانے کا حکم


    علاوہ ازیں وزیراعلٰی سندھ نے سابق وزیروں، مشیروں اورمعاون خصوصی سے دفاتر اورسرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے کی ہدایت بھی کردی, جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ حکومت نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ان عہدے داروں سے دفاتر اور رہائش گاہیں خالی کروائے گی اور انہیں دی گئی سرکاری گاڑیاں بھی واپس لے گی۔

    بوہری برادری کے وفد سے ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

    علاوہ ازیں نئے وزیراعلٰی سے کراچی کی بوہری برادری کے وفد نے بھی ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

  • کوئٹہ دھماکے پر چین اور فرانس کے رہنماؤں کا اظہار مذمت

    کوئٹہ دھماکے پر چین اور فرانس کے رہنماؤں کا اظہار مذمت

    پیرس / بیجنگ : کوئٹہ میں بم دھماکے اور 72 بے گناہ افراد کی شہادتوں پر دنیا بھر کے رہنماؤں، صدور اور وزرائے اعظم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی جانب سے تعزیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    چین اور فرانس نے بھی کوئٹہ دھماکے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    فرانس کے صدرفرانسو اولاندو نے سانحہ کوئٹہ پرشدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا ہے، فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی گئی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا۔

    سانحہ کوئٹہ: دو مزید زخمی دم توڑ گئے ، شہدا کی تعداد72 ہوگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں ایک وکیل کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد مقتول کی لاش اسپتال پہنچنے پر دہشت گردوں نے کوئٹہ کے سول اسپتال میں خود کش حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک کی اظلاعات کے مطابق 72 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، اور سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔