Tag: Sanitizer

  • ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے 7 افراد ہلاک، 2 کوما میں

    ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے 7 افراد ہلاک، 2 کوما میں

    روس میں ایک پارٹی میں موجود 9 افراد نے الکوحل ختم ہونے پر ہینڈ سینی ٹائزر پی لیا جس سے 7 افراد کی موت واقع ہوگئی جبکہ بقیہ 2 کوما میں چلے گئے۔

    یہ واقعہ روس کے علاقے یاکٹویا میں پیش آیا جہاں 9 افراد ایک گھر میں جمع ہو کر پارٹی کر رہے تھے، مذکورہ افراد نے الکوحل ختم ہونے پر اس کی جگہ روس میں تیار کردہ اینٹی سیپٹک سینی ٹائزر پی لیا۔

    سینی ٹائزر پینے کے بعد تمام افراد کی حالت غیر ہوگئی، 7 افراد جلد دم توڑ گئے جبکہ بقیہ دو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں کوما میں ہیں۔

    فیڈرل پبلک ہیلتھ واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ ہینڈ سینی ٹائزر پوائزننگ کے 9 کیس رپورٹ کیے گئے جس میں سے 7 جان لیوا ثابت ہوئے۔

    مقامی پولیس کے مطابق مذکورہ افراد میں 41 سالہ خاتون سمیت 27 سے 70 سال کی عمر تک کے افراد شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق سینی ٹائزر میں 69 فیصد میتھانول شامل تھا اور یہ ہینڈ سینی ٹائزر کے معیار پر نہیں اترتا تھا۔ واقعے کی تفتیش کرمنل کیس کے تحت کی جارہی ہے۔

  • سینیٹائزر : سعودی وزارت صحت نے شہریوں کو خبردار کردیا

    سینیٹائزر : سعودی وزارت صحت نے شہریوں کو خبردار کردیا

    ریاض : سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سینیٹائزر کے استعمال سے جسمانی صحت کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے اطلاعات مبالغہ آرائی پر مبنی ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ سینیٹائزر کا استعمال مضر صحت ہے۔ اس سے انسانی جلد کو نقصان پہنچتا ہے اور یہ دل کے امراض کا باعث بن جاتا ہے۔

    وزارت کے ترجمان نے سینیٹائزر کے استعمال سے نقصانات کی بابت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کا جواب دیا ہے۔
    وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ہاتھوں کی صفائی کا بہترین وسیلہ پانی اور صابن ہیں جو لوگ جلدی امراض یا الرجی سے

    دوچار ہوں وہ سینیٹائزر کے حوالے سے معالجین سے رجوع کریں۔ معالج ہی بتائیں گے کہ جلدی الرجی سے دوچار افراد کے لیے کون سا سینیٹائزر زیادہ بہتر ہوگا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت صحت نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی تھی کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت یا کسی بھی چیز کو چھونے کے بعد گھر آکر سینیٹائزر کا استعمال کریں تاکہ کورونا وائرس سے بچا جاسکے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے مشورہ دیا ہے کہ سینیٹائزر کا استعمال توازن کے ساتھ کیا جائے۔ وائرس سے بچاؤ کے لیے سب سے بہتر ذریعہ پانی اور صابن سے ہاتھ دھوتے رہنے کا ہے، صابن اور پانی نہ ہونے کی صورت میں سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے۔

  • سعودی بھائیوں نے سینی ٹائزر روبوٹ تیار کرلیا

    سعودی بھائیوں نے سینی ٹائزر روبوٹ تیار کرلیا

    ریاض: سعودی عرب میں 2 جڑواں بھائیوں نے خود کار سینی ٹائزر روبوٹ تیار کرلیا، جیسے ہی کوئی شخص گھر میں داخل ہوتا ہے تو روبوٹ سرخ سگنل اور الارم بجا کر آنے والے کو متنبہ کرتا ہے کہ سینی ٹائزنگ ضروری ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں دو جڑواں بھائیوں نے خود کار سینی ٹائزر روبوٹ تیار کیا ہے، دونوں بھائی عماد اور معاذ العمودی کی عمر 14 برس ہے۔

    مذکورہ دونوں بھائی ملائیشیا میں ذہنی حساب کے بین الاقوامی مقابلے میں مسلسل دو مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔ اب کرونا وائرس کے دنوں میں قرنطینہ کے دوران ملنے والے وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے خود کار سینی ٹائزر روبوٹ تیار کیا ہے۔

    عماد اور معاذ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران 24 گھنٹے گھر میں گزار رہے تھے تو خیال آیا کہ کیوں نہ آن لائن مصنوعی ذہانت کے لیے روبوٹ پروگرامنگ کی تعلیم اور ڈیزائن سیکھی جائے۔ اس خیال کے آتے ہی اس پروجیکٹ پر کام شروع کردیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے طے کیا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خود کار سینی ٹائزر تیار کریں گے، کرفیو کے دوران خود کار سینی ٹائزر روبوٹ پر کئی تجربات کیے۔ حالات معمول پر آئے تو روبوٹ پر پروگرامنگ کی۔ اس میں کئی ترامیم کیں اب یہ روبوٹ عمدہ طریقے سے کام کرنے لگا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی کوئی شخص گھر میں داخل ہوتا ہے تو روبوٹ سرخ سگنل اور الارم بجا کر آنے والے کو متنبہ کرتا ہے کہ سینی ٹائزنگ ضروری ہے، سینی ٹائزنگ سے فارغ ہونے پر روبوٹ گرین سگنل دیتا ہے۔

    دونوں کا کہنا تھا کہ یہ کام کرونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ہمارا خواب تھا کہ وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں ہمارا بھی حصہ ہو۔

  • سعودی حکام کی مضر سینی ٹائزر کی فروخت پر کارروائی

    سعودی حکام کی مضر سینی ٹائزر کی فروخت پر کارروائی

    ریاض: سعودی حکام نے ممنوعہ سینی ٹائزرز فروخت کرنے پر ایک کمرشل اسٹور کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے، مذکورہ سینی ٹائزر کا استعمال انسانی صحت کے لیے مضر ہو سکتا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے ریاض کے ایک کمرشل اسٹور میں ممنوعہ برانڈ کے سینی ٹائزر فروخت کرنے پر مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیمیں مارکیٹوں کے سروے کے موقع پر جب ایک سپر اسٹور میں پہنچی تو وہاں ممنوعہ برانڈ کے سینی ٹائزر فروخت کے لیے رکھے گئے تھے جن کی فروخت پر اتھارٹی کی جانب سے پابندی عائد کرتے ہوئے اس کے بارے میں تجارتی اداروں کو بھی مطلع کیا جا چکا تھا۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ادارے کی ٹیمیں وقتاً فوقتاً مارکیٹوں اور تجارتی اداروں کا دورہ کر کے اس امر کویقینی بناتی ہیں کہ وہاں مقررہ قواعد پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں، ایسے ادارے یا اسٹورز جہاں قوانین کی خلاف ورزی کی جاتی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے گذشتہ دنوں متعدد اقسام کے سینی ٹائزرز پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کا استعمال انسانی صحت کے لیے مضر ہوسکتا تھا۔

    اتھارٹی کی جانب سے ذرائع ابلاغ میں بھی ممنوعہ سینی ٹائزرز کے بارے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جن افراد نے انہیں خرید رکھا ہے وہ فوری طور پر انہیں واپس کر کے اپنی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔

  • کورونا وائرس : بھارت میں نوجوان کو زبردستی سینیٹائزر پلا کرمار دیا گیا

    کورونا وائرس : بھارت میں نوجوان کو زبردستی سینیٹائزر پلا کرمار دیا گیا

    رام پور : بھارت میں مشتعل افراد نے نوجوان لڑکے کو سینیٹائزر پلا کر قتل کردیا، مقتول کا جرم صرف اتنا تھا کہ اس کے ہاتھ سے سینیٹائزر کی چھینٹیں قاتل کے پاؤں پر پڑ گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک نوجوان لڑکے کو چار افراد نے زبردستی سینیٹائزر پلا کر موت کے منہ میں دھکیل دیا، بھارتی ریاست اترپردیش کے رام پور ضلع کے بھوٹ تھانہ علاقے میں گلیوں اور محلوں کو سینیٹائز کرنے والا 21 سالہ نوجوان کنور پال اسپرے کررہا تھا۔

    اس دوران اسپرے گن سے سینیٹائزر کی چھینٹیں پاس سے گزرنے والے ایک شخص کے پاؤں پر پڑگئیں، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

    بعد ازاں معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ دوسرے شخص نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے کنور پال کو زبردستی سینیٹائزر پلا دیا، جسے انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دوران علاج ہلاک ہوگیا۔

    اس حوالے سے کنور پال کے اہل خانہ نے گاؤں کے سربراہ پر اس کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ’ پردھان اور چار نامعلوم افراد نے مل کر کنور پال کا قتل کیا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ کنور پال جب سینیٹائز کر رہا تھا تب ہی نزدیک سے گزر رہے ایک شخص کے پیر پر سینیٹائزر اسپرے چلا گیا۔

    اس سے دونوں کے درمیان جھگڑا ہونے لگا قاتل نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سینیٹائزر کا اسپرے کنور پال کے منہ میں ڈال دیا، جس سے اس کی حالت بگڑنے لگی۔

    موقع پر موجود لوگوں نے  اسپتال پہنچایا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے ہائر سینٹر ریفر کردیا اور علاج کے دوران ہی اس کی موت واقع ہو گئی، بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے پردھان سمیت چار دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • غیر معیاری سینی ٹائزرز کی شکایات پر فواد چوہدری کا ایکشن

    غیر معیاری سینی ٹائزرز کی شکایات پر فواد چوہدری کا ایکشن

    اسلام آباد: ملک بھر میں مختلف دکانوں پر بکنے والے غیر معیاری سینی ٹائزرز کی شکایت پر وفاقی وزیر فواد چوہدری ایکشن میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ مختلف اسٹورز پر سینی ٹائزر چیک کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات ملی تھیں کہ کم کوالٹی کے سینی ٹائزر مختلف دکانوں پر فرخت کیے جا رہے ہیں، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ان شکایات پر فوری کارروائی کرے گی۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

    سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔

  • کراچی : سینیٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

    کراچی : سینیٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

    کراچی : پولیس نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہاتھ صاف کرنے کیلئے استعمال ہونے والے سینیٹائزر کو مہنگے داموں فروخت کرنے والے دکاندار کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن پولیس نے کارروائی کرکےدفعہ 144کی خلاف ورزی پر دکاندار کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دکاندار اصل قیمت سے زائد پر سینیٹائزر (ہاتھ صاف کرنے والا محلول) فروخت کر رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق 160 روپے میں ملنے  والا سینیٹائزر500 میں فروخت کیا جارہا تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے پر ڈریپ کا میڈیکل اسٹورز، ہول سیلرز کو انتباہ

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد فیس ماسک فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا تھا، ماسک کی اضافی قیمت اور مارکیٹ میں عدم دستیابی کی وجہ سے شہری بہت زیادہ پریشانی کا شکار بھی تھے۔