Tag: sar e aam Team

  • کیا آپ جانتے ہیں، آپ کی گاڑی میں چار بم موجود ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں، آپ کی گاڑی میں چار بم موجود ہیں؟

    گاڑی چلانے والے یا اس میں سفر کرنے والوں میں سے شاید چند ہی لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ گاڑی کا ناقص ٹائر آپ کی قیمتی زندگی بھی لے سکتا ہے؟

    گاڑی کے چار پہیے بظاہر تو چمڑے کے ٹائر ہی نظر آتے ہیں لیکن ذرا سی بے احتیاطی اور لاعلمی ہمیں زندگی جیسی نعمت سے بھی محروم کرسکتی ہے۔

    ہم صبح شام جن چھوٹی بڑی گاڑیوں پر سفر کرتے ہیں ان میں سے اکثر کے ٹائر اصل میں ٹائر نہیں بلکہ دھماکہ خیز مواد ہوتے ہیں جو کسی بھی وقت زور دار دھماکے سے پھٹ سکتے ہیں۔

    پاکستان میں ری فرنشڈ اور ری کنڈیشنڈ ٹائروں کے نام پر موت کا ایسا بھیانک کھیل کھیلا جارہا ہے جس کی حقیقت جان پر دیکھنے والے بھی خوفزدہ ہوجائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے پرانے ٹائروں کو نیا بنا کر بیچنے والی مافیا کو بے نقاب کردیا، جو ملک بھر میں ہونے والے زیادہ تر ٹریفک حادثات اور اس سے ہونے والی تباہی اور بربادی کی ذمہ دار ہے۔

    پرانے ٹائروں کو نیا بنانے کے کاریگر اس مہارت سے پرانے ٹائر کی گُڈی نکالتے ہیں کہ کوئی اصلی نئے اور پرانے ٹائر میں فرق محسوس نہیں کرسکتا، حتیٰ کہ ان کی مینو فیکچرنگ کی تاریخ بھی تبدیل کردی جاتی ہے۔

    یہ کاروبار کرنے والے خریداروں کو یہ کہہ کر پرانے ٹائر فروخت کرتے ہیں کہ یہ ٹائر جاپان اور امریکا وغیرہ سے آتے ہیں جہاں لوگ میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی ٹائروں کو تبدیل کردیتے ہیں جنہیں پاکستان بھجوا دیا جاتا ہے۔

    حقیقت حال یہ ہے کہ افغانستان کے راستے اسمگل ہونے والے یہ ٹائر مکمل طور پر ناکارہ اور ناقابل استعمال ہوتے ہیں جنہیں کباڑ کے طور پر پاکستان بھیجا جاتا ہے، اور پاکستانیوں کی اکثریت نسبتاً کم قیمت ہونے کی بنیاد پر اس موت کو خرید لیتی ہے۔

  • ’’گندم کے مسئلے نے کسانوں کو ذلیل و رسوا کردیا‘‘

    ’’گندم کے مسئلے نے کسانوں کو ذلیل و رسوا کردیا‘‘

    پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باجود کسان پریشان حال ہے اور اس کی فصل خریدنے والا کوئی نہیں، حکومت نے ان محنت کشوں کو ذلیل و رسوا کردیا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرعام‘ میں مجبور اور حالات کے ستائے ہوئے کسانوں نے اپنی مشکلات اور معاشی بربادی سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا اور حکومت کی پالیسی پر شدید تنقید کی۔

    پتوکی سے ایک کسان اتحاد کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہاں کی زیادہ تر آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے لیکن شوگر ملز مالکان نے کسانوں کو گنے کی فصل کا معقول معاوضہ نہ دیا تو انہوں نے گندم اگانے کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ گندم کی شاندار فصل ہونے کے بعد 3900 روپے فی من کا ریٹ مقرر کیا گیا حالانکہ کھاد اور دیگر ادویات بہت مہنگی ملیں تھیں، اس کے باوجود اب اس کو خریدا نہیں جارہا، کسان احتجاج کرے تو پولیس گھروں پر چھاپے مارتی ہے۔

    ایک اور کسان رہنما نے کہا کہ گندم کی بہترین فصل بھی کسان کیلئے وبال جان بن گئی حکومت کی نااہلی نے اس رحمت کو زحمت بنادیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ نعرہ بالکل غلط اور کھوکھلاہے کہ خوشحال کسان تو خوشحال پاکستان۔

    ایک اور رہنما کا کہنا تھا کہ کسانوں کے پاس اتنے ذرائع یا گودام نہیں کہ اس گندم کو ذخیرہ کرلیں اور اگر کربھی لیں تو کتنے دن تک کرلیں گے؟ ہم نے اگلی فصل بھی تو اگانی ہے اس پر کام کیسے کریں گے؟

    کیا خریداری کا تعلق گندم میں نمی سے ہے؟

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شاہد اقبال نے بتایا کہ اس وقت گندم میں نمی ہے اس لیے خریداری کے لیے اس کے سُوکھنے کا انتظار کیا جارہا ہے اس موقع پر موجود ایک کسان رہنما نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان صاحب کی بات سراسر غلط ہے کیونکہ گندم کا دانہ الگ ہی اس وقت ہوتا ہے جب وہ سوکھا ہوا ہو۔

  • جیل کے باورچی خانوں میں کیسے کام ہوتا ہے؟ سرعام ٹیم کا چھاپہ

    جیل کے باورچی خانوں میں کیسے کام ہوتا ہے؟ سرعام ٹیم کا چھاپہ

    لاہور کی تاریخی سینٹرل جیل میں موجود قیدیوں کی کیا حالت ہے اور ان کی اصلاح اور سہولت کیلئے حکومتی سطح پر کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے جیل کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرکے ناظرین کے سامنے حقائق پیش کرنے کی کوشش کی۔

    پروگرام کے میزبان اقرار الحسن نے جیل کے نگراں افسر کے ہمراہ جیل کے باورچی خانے کا معائنہ کیا اس دوران وہاں کے انتظامات دیکھ کر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے جہاں کھانے پکانے کے دوران صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، اس کی مثال یہ ہے کہ باورچی خانے میں ڈھونڈنے سے بھی ایک بھی لال بیگ نہیں ملا۔

    اس حوالے سے پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے بتایا کہ اس وقت جیلوں میں 65 ہزار قیدی موجود ہیں، ان کی اصلاح کیلئے انہیں مختلف ہنر سکھاتے ہیں تاکہ باہر جاکر وہ ایک بہتر شہری بن سکیں۔

  • اغواء ہونے والی بیٹی 11 سال بعد اچانک ماں کو مل گئی، دلخراش داستان

    اغواء ہونے والی بیٹی 11 سال بعد اچانک ماں کو مل گئی، دلخراش داستان

    دنیا میں بہت کم مائیں اتنی خوش نصیب ہوتی ہیں کہ ان کے اغواء کیے جانے والے بچے انہیں مل جائیں، ایک ایسی ہی ماں بیٹی کو ملانے کیلیے ٹیم سرعام نے سر توڑ کوششیں کیں اور کامیاب بھی ہوئی۔

    صوبہ سندھ میں گیارہ سال قبل ہونے والی لڑکی اب تک کیسے اور کیوں زندہ رہی اور اسے کس مقصد کیلئے زندہ رکھا گیا، جب یہ انکشافات سامنے آئے تو سننے والے بھی دنگ رہ گئے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان میں پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ اس عید پر اس سے اچھا پروگرام شاید مرتب نہیں کیا جاسکتا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ شاید ہی کوئی ماں ایسی ہو جس نے اس کرب سے گزرتے ہوئے اور پل پل تڑپتے ہوئے وقت نہ گزارا ہو جو کچھ اس مغویہ کی ماں اور خود مغویہ نے برداشت کیا وہ بھی ایک علیحدہ داستان ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گیارہ سال کی جدائی کے بعد ماں نے اپنی بیٹی سے ملاقات کی۔ کئی برسوں کی کوششوں کے بعد وہ آج اپنی بیٹی سے ملنے اور اسے گلے لگانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

    آج سے گیارہ سال قبل پنجاب کے شہر جہلم کے علاقے کھیوڑہ سے ایک کم عمر لڑکی طاہرہ بتول کو اغوا کیا گیا اور اسے کچے کے دور دراز علاقے میں ڈاکوؤں کے حوالے کردیا گیا جہاں سرداروں نے اپنے کارندے سے اس کا جعلی نکاح کرکے شادی بھی کروادی اور وقتاً فوقتاً اس کی آبرو ریزی بھی کرتے رہے۔

    یہ علاقہ اتنا خطرناک تھا کہ یہاں سے فرار ہونا کسی بھی صورت ممکن نہیں تھا، گیارہ سال کے دوران اس کے ہاں تین بچوں کی پیدائش بھی ہوئی، ان دنوں شدید بیماری کے سبب علاج کیلئے اسے نواب شاہ کے اسپتال لایا گیا جہاں اس کی ملاقات ایک خدا ترس خاتون سے ہوئی جس نے اس کی ویڈٖیو ریکارڈ کرکے ٹیم سرعام تک پہنچائی۔

    ٹیم سرعام کی کوششوں سے مغویہ کی والدہ کا پتہ چل گیا تاہم انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی گمشدہ بیٹی مل چکی ہے، بعد ازاں طاہرہ کی بازیابی کیلئے کارروائی کرتے ہوئے کچے کے علاقے میں چھاپہ مار کر مغویہ کو بچوں سمیت بازیاب اور اس کے شوہر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    بالآخر گیارہ سال کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان میں ماں کے سامنے اچانک اس کی گمشدہ بیٹی کو سامنے لایا گیا تو فرط جذبات سے مغلوب ہوکر دونوں ماں بیٹی ایک دوسرے سے لپٹ کر زارو قطار رو پڑیں لیکن ان کے یہ آنسو غم کے نہیں بلکہ خوشی کے تھے۔

  • ٹیم سرعام نے خستہ حال اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کی مہم کا  آغاز کردیا

    ٹیم سرعام نے خستہ حال اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کی مہم کا آغاز کردیا

    بہاولپور : اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن اور اُن کی ٹیم نے تعلیم کے فروغ کے لیے ملک گیر تحریک کا آغاز بہاولپور سے کردیا، مہم کے تحت خستہ حال سرکاری اسکولوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خستہ حال سرکاری اسکولوں کی حالت بدلنے کے مشن کے تحت اے آر وائی نیوز کی ٹیم سرعام نے یوم پاکستان کے موقع پر بہاولپور میں کنونشن کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں جانبازوں نے شرکت کی۔

    اقرارالحسن نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ملک کے خستہ حال سرکاری اسکولوں کی حالت بدلیں گے، پسماندہ علاقوں کے سرکاری اسکولوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کریں گے۔

    ان کامزید کہنا تھا کہ اسکولوں کے ٹیچنگ اسٹاف کی اعلیٰ معیار کی تربیت پرتوجہ دی جائے گی، اس کے علاوہ ٹیم سرعام تعلیم پاکستان تحریک کے لیے کسی سے عطیہ نہیں لے گی۔

    یاد رہے کہ معاشرے کی برائیوں کو بے نقاب کرنے اور عوام تک حقیقت پہنچانے والے اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے اینکر اقرار الحسن گزشتہ دو برس سے یومِ قائد میں وال چاکنگ ختم کرنے کی کامیاب مہم بھی چلا چکے ہیں۔

  • سوشل میڈیا پر لڑکی کو بلیک میل کرنے والا ملزم سرعام ٹیم نے پکڑوادیا

    سوشل میڈیا پر لڑکی کو بلیک میل کرنے والا ملزم سرعام ٹیم نے پکڑوادیا

    لاہور : لڑکی کو محبت کا جھانسہ دے کر اس سے ذیادتی اور بلیک میلنگ کرنے والا ملزم سرعام کی ٹیم نے بے نقاب کردیا، ملزم نے لڑکی کے بھائی اور باپ کو بھی ویڈیوز بھیجیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاشرے کی برائیوں ان میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کیلئے ٹیم سرعام کی کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے، پروگرام کے میزبان اقرار الحسن کی سربراہی میں سرعام کی ٹیم نے لاہور میں ظلم کی شکار متاثرہ لڑکی کی شکایت پر خفیہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے اسے بلیک میل کرنے والے ملزم کو پکڑوادیا۔

    ملزم نے سوشل میڈیا پر ایک لڑکی سے محبت کی پینگیں بڑھائیں اسے بتایا کہ وہ پاک فوج میں افسر ہے، حالانکہ وہ ایک نجی ادارے میں چند ہزار روپے پر ملازم تھا۔

    چند ملاقاتوں کے بعد لڑکا اسے بہلا پھسلا کر ایک ہوٹل میں لے گیا اور اس کی ویڈیو بنالی، بعد ازاں اس ویڈیو کو بنیاد بنا کر اس نے لڑکی کو باقاعدہ بلیک میل کرنا شروع کیا اور اس سے رقم کا مطالبہ کرتا رہا، اور دھمکی دی کہ اگر پیسے نہ دیئے تو وہ تمام ویڈیوز انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کردوں گا اور تمہارے گھر والوں کو بھی دکھا دوں گا۔

    لڑکی اپنے گھر والوں کی عزت بچانے کیلئے اس کی مکروہ خواہشات اور رقم کے مطالبات پورے کرتی رہی، ملزم نے اس پر ہی بس نہ کیا اور لڑکی کے باپ اور بھائی کو حقیقت بیان کرکے انہیں بھی بلیک میل کرتا رہا۔

    بعد ازاں تھک ہار کر لڑکی کے اہل خانہ نے ٹیم سرعام سے رابطہ کیا، جس پر سرعام کی ٹیم نے ایف آئی اے کے ہمراہ اپنے خفیہ انداز سے کارروائی کی اور اور ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑوادیا۔

    مزید تفصیلات ویڈیو میں ملاحظہ کریں۔

  • سرعام ٹیم نے کرپشن میں ملوث اینٹی کرپشن کے افسر و اہلکار کو گرفتارکرادیا

    سرعام ٹیم نے کرپشن میں ملوث اینٹی کرپشن کے افسر و اہلکار کو گرفتارکرادیا

    کراچی : اے آر وائی نیوز کی ٹیم سرعام نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محکمہ اینٹی کرپشن کے رشوت خور اہلکاروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرادیا، ملزمان نے بھاری رشوت کے عوض سنگین جرم میں ملوث ملزم کو رہا کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن افسر اور اہلکار خود ہی کرپشن میں ملوث نکلے۔ جب قانون کے رکھوالے ہی قانون کی دھجیاں بکھیرنے لگ جائیں تو انجام گلستاں کیا ہوگا؟

    اے آر وائی نیوز کی ٹیم سرعام نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محکمہ کے رشوت خور اہلکاروں کو بےنقاب کرتے ہوئے لاکھوں روپے رشوت لینے والے افسر اور اہلکار رنگے ہاتھوں گرفتار کرادیئے۔

    راشی اہلکاروں نے رشوت لے کر سنگین جرم میں ملوث ملزم کو رہا کیا تھا، ٹیم سرعام نے اینٹی کرپشن اہلکاروں کے خلاف ثبوت ریکارڈ کیے تھے۔

    مزید پڑھیں: سرعام ٹیم کا اسٹنگ آپریشن، آئی جی جیل کا ایکشن، 5 افسران معطل، انکوائری شروع

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سر عام کی ٹیم نے اسٹنگ آپریشن کرتے ہوئے کراچی کینٹ اسٹیشن کے عملے کی کرپشن کو بے نقاب کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ کراچی سے لاہور بھجوایا تھا جس کی پاداش میں اس وقت کے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹیم کیخلاف مقدمہ بھی درج کروایا جسے عدالت نے جھوٹا قرار دیتے ہوئے سرعام ٹیم کو باعزت بری کردیا تھا۔

  • شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جعلی ثابت، سرعام ٹیم نے بھانڈا پھوڑ دیا

    شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جعلی ثابت، سرعام ٹیم نے بھانڈا پھوڑ دیا

    کراچی : شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شراب کی بوتلوں سے متعلق جھوٹی رپورٹ کا بھانڈا سرعام ٹیم نے پھوڑ دیا، سندھ لیبارٹری میں شہد یا زیتون کے تیل کا کوئی ٹیسٹ ہوا ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس کے ضیاءالدین اسپتال کے دورے کے موقع پر پی پی رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جھوٹی ثابت ہوگئی۔

    اس حوالے سے سر عام ٹیم سندھ لیبارٹری پہنچی اور عملے سے رپورٹ کی بابت سوالات کیے، جس پر عملے نے آئیں بائیں شائیں کی، ٹیم سرعام نے مشینیں دکھانے کا کہا توجھوٹ پکڑا گیا۔

    اس دوران انکشاف ہوا کہ لیبارٹری رپورٹ میں جن ٹیسٹوں کا ذکر کیا گیا ہے ان کیلئے مشینری لیبارٹری میں سرے سے موجود ہی نہیں ہے، ادارے کے پاس نہ تو کوئی ٹیسٹنگ مشین ہے اور نہ ہی اس حوالے سے مطلوبہ کیمیکل موجود ہے۔

    سندھ لیبارٹری میں شہد یا زیتون کے تیل کے ٹیسٹ سے متعلق لیبارٹری حکام کا موقف تھا کہ ایک دن پہلے مشینیں درست تھیں آج خراب ہیں۔ یہاں ایک بات اور سامنے آئی کہ یہ لیب قتل، زیادتی، منشیات، ملاوٹ سمیت ہر رپورٹس بھی جعلی بناتی ہے۔

    واضح رہے کہ شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی بوتلیں ٹیسٹ کیلئے سندھ لیبارٹری بھیجی گئی تھیں۔ دوسری جانب تحقیقاتی کمیٹی نے بھی شواہد ضائع کیے جانے کا شبہ ظاہر کر دیا، کیمٹی نے کیمیکل ایگزامینیشن کی رپورٹ کو مشکوک قرار دے کر دوبارہ کیمیکل جانچ کی سفارش کی ہے۔

  • اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان پودا لگا کر سرعام کی مہم کا حصہ بن گئے

    اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان پودا لگا کر سرعام کی مہم کا حصہ بن گئے

    کراچی : اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان بھی جشن آزادی کے حوالے سے سرعام ٹیم کی شجر کاری مہم کا حصہ بن گئے، انہوں نے اپنے حصے کا پودا لگادیا۔

    تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی منفر داندازمیں منانے کے لیے سرِعام ٹیم کی ملک بھر میں تاریخ ساز شجرکاری مہم جاری ہے، جشنِ آزادی اس کی اصل روح کے مطابق منانے کے لیے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کے جانباز اب تک کئی شہروں میں ہزاروں پودے لگا چکے ہیں۔

    سر عام کے میزبان اقرارالحسن کا کہنا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ یوم آزادی چودہ اگست تک چودہ لاکھ پودے لگادیں گے، اس سلسلے میں ٹیم سرعام کی شجر کاری مہم کے جوش وجذبے سے متاثر ہوکر اسکواش لیجنڈ جہانگیرخان بھی شجرکاری مہم کاحصہ بن گئے۔

    انہوں نے بھی اپنے حصے کا پودا لگا کر مہم میں بھرپور حصہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ اقرارالحسن اور ان کی ٹیم کو مکمل سپورٹ کرتا ہوں، جہانگیرخان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم کو کامیاب بنائیں اور اپنے حصہ کا پودا ضرور لگائیں۔

    مزید پڑھیں: ٹیم’’سرعام ‘‘ کے ہزاروں جوانوں نے وطن کوسنوارنے اورعالیشان بنانے کا حلف اٹھالیا

    یاد رہے کہ رواں سال یوم پاکستان پر اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام ’’ سرعام ‘‘ کے اینکر اور سینئر صحافی اقرار الحسن نے ایک نئے ولولے اور جوش و جذبے کے ساتھ مینار پاکستان لاہور میں خصوصی پروگرام کیا۔

    اس موقع پر ٹیم سرِعام کے ہزاروں جانبازوں نے23مارچ کے دن مینارِ پاکستان کے سائے تلے قراردادِ پاکستان کی یاد میں وطن کو سنوارنے اور عالیشان بنانے کا حلف اٹھایا۔ مختصر مگر جامع قرار داد دو نکات پر مشتمل تھی۔

  • الیکشن 2018: کراچی کے تاجر اس بار کسے ووٹ دیں گے اور کیوں؟

    الیکشن 2018: کراچی کے تاجر اس بار کسے ووٹ دیں گے اور کیوں؟

    کراچی : الیکشن2018کی آمد آمد ہے، اس حوالے سے دیگر شہروں کے علاوہ شہر کراچی کی اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کراچی کے تاجر اس بار کیا سوچ رہے ہیں ؟

    اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کے میزبان اقرار الحسن نے کراچی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے تعلق رکھنے والے افراد سے ان کے خیالات جاننے کی کوشش کی جسے ہم ویب سائٹ کے قارئین تک پہنچا رہے ہیں۔

    کراچی کا تاجر طبقہ الیکشن کے بارے میں کیا سوچ رکھتا ہے، بھتہ خوری اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجر کسے نجات دہندہ سمجھتے ہیں؟ یہ جاننے کیلئے اقرار الحسن نے کراچی کے مرکز صدر میں تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

    آل کراچی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر عتیق میر نے سرعام ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو انتخابات میں جو کراچی کی صورتحال رہی اس کو دیکھتے ہوئے ہم کبھی دوبارہ ایسی غلطی نہیں کریں گے کہ جس یہ شہر دوبارہ بھتہ خوروں یا دہشت گردوں کے ہاتھوں میں چلا جائے، ان کا کہنا تھا کہ اس بار ہم ان جماعتوں کو مینڈیٹ نہیں دیں گے۔

    اس موقع پر دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام ووٹ ضرور ڈالیں اور اس کا صحیح استعمال کریں، بعد ازاں سرعام ٹیم کی جانب سے مارکیٹ سروے میں دکانداروں نے ووٹ دینے سے متعلق ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔