Tag: sar e aam Team

  • سرعام کا اسٹنگ آپریشن، جان بچانے والی جعلی ادویات فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    سرعام کا اسٹنگ آپریشن، جان بچانے والی جعلی ادویات فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: اے آر وائی کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے انسانی جانوں سے کھیلنے اور جان بچانے والی جعلی ادویات فروخت کرنے والے افراد کا پردہ فاش کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ لاہور کے علاقے صدر میں ایک میڈیکل اسٹور پر جان بچانے والی جعلی ادویات اور انجیکشن فروخت کیے جارہے ہیں۔

    اقرار الحسن اور اُن کی ٹیم نے شاندار اسٹنگ آپریشن مکمل کرنے کے بعد جعلی ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹور کے مالک کو قانونی شکنجے میں لانے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے ہمراہ چھاپہ مارا۔

    ایف آئی اے کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی سربراہی میں کارروائی کی اور میڈیکل اسٹور  سے جعلی ادویات و انجیکشن برآمد ہونے کے بعد دکان کو فوری طور پر سیل کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرادیا۔ سرعام کے اینکر اور صحافی اقرار الحسن نے کارروائی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان جان بچانے والی جعلی ادویات مختلف اسپتالوں میں فراہم کررہے تھے جو انتہائی افسوسناک اور خطرناک بات ہے۔

    ویڈیو دیکھیں

    واضح رہے کہ اے آر وائی کے پروگرام سرعام کی ٹیم معاشرےمیں ہونے والی جعل سازیوں اور جرائم کو بے نقاب کرتی ہے اس دوران انہیں کئی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، گذشتہ برس سندھ اسمبلی کی صورتحال کے حوالے سے کیے جانے والے اسٹنگ آپریشن کے نتیجے میں اقرار الحسن کو گرفتار بھی کیا گیا۔

    علاوہ ازیں سرعام کے میزبان اور ٹیم نے ایسے ایسے کارنامے سرانجام دیے جنہیں دیکھنے والے بے حد پسند کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں سرعام کے جانبازوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹیم’’سرعام ‘‘ کے ہزاروں جوانوں نے وطن کوسنوارنے اورعالیشان بنانے کا حلف اٹھالیا

    ٹیم’’سرعام ‘‘ کے ہزاروں جوانوں نے وطن کوسنوارنے اورعالیشان بنانے کا حلف اٹھالیا

    لاہور : ٹیم سرِعام کے ہزاروں جانبازوں نے23مارچ کے دن مینارِ پاکستان کے سائے تلے قراردادِ پاکستان کی یاد میں وطن کو سنوارنے اور عالیشان بنانے کا حلف اٹھا لیا۔ مختصر مگر جامع قرار داد دو نکات پر مشتمل تھی۔

    تفصیلات کے مطابق78ویں یوم پاکستان کے موقع پر اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام ’’سر عام ‘‘کی ٹیم نے نئی تاریخ رقم کردی، اقرارالحسن کے ساتھ سرعام کے جانباز اور ہزاروں نوجوانوں نے مینار پاکستان کے سائے تلے پاکستان کو سنوارنے اور اسے عالی شان بنانے کا حلف اٹھالیا۔

    مینار پاکستان پر موجود ہزاروں افراد پاکستان کو سنوارنے کا عزم لئے اقرار الحسن کی قیادت میں پرجوش تھے، اقبال پارک پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔

    قرار داد کا پہلا متن یہ ہے کہ ہم سب اپنی ذات سے تبدیلی کا آغاز کریں گے اور دوسرا یہ کہ اسلام میں حقوق العباد کی شکل میں ایک جامع ترین نظامِ زندگی موجود ہے ہم اسے آج سے اپنا نصب العین بنائیں گے۔

    قرار داد میں کہا گیا کہ دین اسلام میں حقوق العباد کی تعلیمات اپنا لی جائیں تو ملک سے کرپشن، اقرباء پروری، ملاوٹ، جعلسازی، دھوکہ دہی، جھوٹ، بے ایمانی اور معاشرے میں موجود سبھی مسائل کا خاتمہ ممکن ہے۔

    مزید پڑھیں: 23مارچ ، سرعام کی ٹیم مینار پاکستان پر ملک سنوارنے کی قرارداد پیش کرے گی

    اس موقع پر سرِعام کے ہزاروں جانبازوں کے فلک شگاف نعروں سے گریٹر اقبال پارک گونجتا رہا، قرارداد کی منظوری کے بعد اقرارالحسن نے جانبازوں سے حلف بھی لیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • 23مارچ : سرعام کی ٹیم مینار پاکستان پر ملک سنوارنے کی قرارداد پیش کرے گی

    23مارچ : سرعام کی ٹیم مینار پاکستان پر ملک سنوارنے کی قرارداد پیش کرے گی

    لاہور : اے آر وائی نیوز یوم پاکستان کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام پیش کر رہا ہے، جس میں وطن کی محبت سے سرشار پاکستانی اپنے ملک کو سنوارنے کی قرارداد پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام ’’ سرعام ‘‘ کے اینکر اور  سینئر صحافی اقرار الحسن یوم پاکستان کے موقع  پر ایک نئے  ولولے اور جوش و جذبے کے ساتھ مینار پاکستان لاہور میں خصوصی پروگرام کریں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ آج سے78قبل  ہمارے بزرگوں نے23مارچ 1923کو قرارداد پاکستان پیش کی تھی اور اس سال سر عام کی ٹیم پاکستان کو سنوارنے کی قرار داد پیش کرے گی۔

    انہوں نے تمام محب وطن پاکستانیو کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ملک کو سنوارنے کیلئے ہمارا ساتھ دیجئے، انہوں نے کہا کہ 23مارچ بروز جمعہ دوپہر تین بجے مینار پاکستان کے سائے تلے پاکستان اپنے ایک نئے عہد کی بنیاد رکھے گا۔

    ہم دنیا کو یہ دکھا دیں گے کہ ہم وہی قوم ہیں جس نے دنیا کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دیا تھا اور ہم آج بھی ایسا کر دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پروگرام سرعام کے اینکر اور سینئر صحافی اقرار الحسن اپنی ٹیم کے ہمراہ شام کی تباہ کاریوں کے حقائق عالمی دنیا تک پہنچانے اور مسلمانوں کی مدد کے لیے شام کے جنگ زدہ علاقے میں پہنچے تھے، وہاں انہوں نے شامی فوج کی وحشیانہ بمباری سے یتیم اور زخمی ہونے والے بچوں کی داد رسی کی۔

    اس کے علاوہ اقرار الحسن گزشتہ برس میانمار میں ہونے والے فوجی آپریشن کی حقیقت دنیا کو دکھانے اور مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے برما بھی پہنچے تھے اور انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں، تاہم برما کی حکومت نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو اصل حقائق کی کوریج کرنے پر ملک بدر کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سرعام کی ٹیم نے جعلی ماہرنجوم کی حقیقت بے نقاب کردی

    سرعام کی ٹیم نے جعلی ماہرنجوم کی حقیقت بے نقاب کردی

    کراچی : خواتین کے مسائل حل کرانے کے لیے تعویزوں کے نام پر ان کا جنسی استحصال کرنے والے نام نہاد نجومی علی تبسم کو اے آر وائی نے ایک بار پھر بے نقاب کردیا، ٹی وی پر پروگرام نشر نہ کرنے کیلئے سر عام کی ٹیم کو ڈھائی کروڑ روپے رشوت کی پیشکش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چار سال پہلے اے آر وائی نیوز پر بے نقاب ہونے والے جعلی ماہر نجوم علی تبسم نے اپنا مکروہ دھندا دوبارہ شروع کردیا تھا، سر عام کی ٹیم نے لاتعداد شکایتوں کے بعد ایک بار پھر اس کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    سرعام کی ٹیم کو سینکڑوں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ یہ شخص مسائل کے حل کیلئے آنے والی خواتین کی عملیات، تعویزات اور مختلف بہانوں سے آبرو ریزی کرتا ہے، جس پر ایکشن لیتے ہوئے سر عام ٹیم نے چار سال بعد دوبارہ اس کے دفترپر جاکر اس کے انتہائی مکروہ قسم کے بیانات اور تہلکہ خیز انکشافات خفیہ ریکارڈنگ کے ذریعے محفوظ کرلئے۔

    تمام ریکارڈنگ کے بعد جب سرعام کی ٹیم پولیس کے ہمراہ اس کے دفتر پر پہنچی تو اس نے پہلے تو ڈرامائی انداز میں مزاحمت کی اور جب بات نہ بنتے دیکھی تو انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ پروگرام ٹی وی پر نشر نہ کرنے کے عوض سرعام کی ٹیم کو ڈھائی کروڑ روپے رشوت کی پیکشکش کی جسے ٹیم کے خفیہ کیمروں نے ریکارڈ کرلیا۔

    جعلی نجومی مختلف چینلز پر لاکھوں روپے کے عوض پروگرام خرید کر اپنی پبلسٹی بھی کیا کرتا تھا، جس میں وہ لوگوں بالخصوص خواتین کو مختلف عملیات بتا کر اپنی جانب راغب کرتا تھا۔

    پروگرام دیکھ کرعام لوگ یہ سمجھتے تھے کہ اسے بحیثیت مہمان مدعو کیا گیا ہے۔ اس تمام تر کارروائی کے بعد سر عام کی ٹیم نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرواکر لاک اپ میں بند کرادیا۔

    بات یہیں ختم نہیں ہوئی اس شخص کے اثرو رسوخ کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ تمام تر ویڈیو ریکارڈنگ کے ثبوتوں کے باوجود لاک اپ میں ایک رات بھی قیام نہیں کرایا گیا۔

    اس کو ساری رات بڑے احترام کے ساتھ پولیس افسر کے کمرے میں کرسی پر بٹھایا گیا اور صبح عدالت میں پہلی پیشی پر ہی اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

  • میری بچی کی قاتل مقامی پولیس ہے، والد زینب

    میری بچی کی قاتل مقامی پولیس ہے، والد زینب

    قصور : چار روز قبل قتل ہونے والی قصور کی زینب کے والد کا کہنا ہے کہ میری بچی کی قاتل مقامی پولیس ہے، اس کی نیت ٹھیک ہوتی تو زینب زندہ مل جاتی۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے زیر اہتمام قصور میں گزشتہ دنوں لاپتہ ہونے والی بچیوں کے والدین سے ملاقات اور پروگرام’’ سرعام‘‘ میں میزبان اقرار الحسن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    اس موقع پر مقتولہ لائبہ کی والدہ، ایمان فاطمہ کی نانی، عائشہ کے والد ، نور فاطمہ کے والد تہمینہ کے والد اور چوہدری منظور، زینب کے اسکول کی پرنسپل اور علاقہ مکین بھی موجود تھے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زینب کے والد نے کہا کہ پولیس کی مجرمانہ غفلت کےباعث میری بچی چلی گئی، علاقے کو سیل کرکے سادہ لباس اہلکار تعینات کیے جانے چاہیے تھے۔

    میری بچی کی قاتل مقامی پولیس ہے، اس کےخلاف سخت اقدامات کیےجائیں، زینب کے والد نے بتایا کہ آج شام جے آئی ٹی کےارکان نے مجھ سےملاقات کی ہے، مجھے کہا گیا ہے کہ اطمینان رکھیں جلد معاملہ حل ہو جائے گا، میں نے اپنے تحفظات سے جےآئی ٹی کو آگاہ کردیا ہے۔

    اس موقع پر گزشتہ سال قصورمیں قتل کی گئی بچی نور فاطمہ کے والد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی دودھ لینے گئی تھی پھر واپس نہیں آئی، ڈھونڈنے پر حاجی پارک کے علاقے سے بچی کی لاش ملی۔

    میں نے قاتل کی گرفتاری تک بچی کی تدفین سے انکارکیا تو پولیس نے48گھنٹے میں قاتل کو گرفتار کرنے کا یقین دلایا تھا،ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی یقین دہانی پر میں نے بچی کی تدفین کی، دفنانے کے بعد سے آج تک نہ تو قاتل گرفتار ہوا اورنہ ہی پولیس نے مجھ سے رابطہ کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

     

  • سانحہ اے پی ایس: شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سرعام ٹیم کا مشن

    سانحہ اے پی ایس: شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سرعام ٹیم کا مشن

    کراچی : ’’سرعام‘‘ کی ٹیم نے سانحہ پشاور کے شہید بچوں سے عہد کیا ہے کہ وہ ضرورت مندوں بچوں کو تعلیم سے آراستہ کریں گے، اس کے لیے ٹیم کا مشن ہے کہ جتنے بچے شہید ہوئے ان کے نام اتنے ہی بچوں کو تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’سرعام‘‘ کے میزبان اقرارالحسن کی سربراہی میں اس مشن کے لئے پاکستان کی مشہورشخصیات اور دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانیوں نے ان کا ساتھ دیا ہے۔

    اداکارفہد مصطفی، گلوکارعلی ظفر، گلوکارعارف لوہار، امن کی سفیر ملالہ یوسفزئی اور کرکٹر کامران اکمل ’’سرعام‘‘ کی ٹیم کے ہم قدم ہوگئے۔

    ’’سرعام‘‘ کی ٹیم کا عزم ہے کہ سانحہ میں جتنے بچے شہید ہوئے ان کے نام پر اب اتنے بچے اسکول جائیں گے اور یہ بچے وہ ہوں گے جو اسکول جانے سے محروم ہیں اور انہیں اچھے اسکولوں میں تعلیم دلوائی جائے گی۔

    اقرار الحسن کا پیغام ہے کہ ٹیم ’’سرعام‘‘ کا مشن پورا کرنےمیں آپ بھی ہمارا ساتھ دیجئے اوربچوں کو اسکول بھیجنے کاعزم کیجئے۔

    اس حوالے سے کرکٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ سولہ دسمبر کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، انہوں نے کہا کہ ’’سرعام‘‘ کی ٹیم اور دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے تعاون سے کسی ایک بچے کی تعلیم کی ذمہ داری میں اٹھاتا ہوں۔

    اس کے علاوہ معروف اداکارہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ان شہید بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے میں ٹیم ’’سرعام‘‘ کے ساتھ ہوں اور ایک بچے کی تعلیم کی ذمہ داری میں لیتی ہوں اور میری آپ سب سے درخواست ہے کہ آپ بھی اس نیک کام میں ٹیم’’سرعام‘‘  کا ساتھ دیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔