Tag: Sardar Latif Khosa

  • پیپلز پارٹی نے سردار لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

    پیپلز پارٹی نے سردار لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے سردار لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سردار لطیف کھوسہ کو دوسری پارٹی کے سربراہ کے کیسز میں معاونت پر پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہو گیا ہے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لطیف کھوسہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر ہیں، اور وہ بغیر اطلاع دوسری جماعت کے سربراہ کے کیسز میں معاونت کر رہے ہیں۔

    شوکاز نوٹس کے مطابق دوسری جماعت کے سربراہ نے کرپشن کیسز میں سزا پائی ہے، لیکن لطیف کھوسہ نے ان کیسز میں معاونت کی، اور وکلا کنونشن سے خطاب میں سائفر کو لے کر ریاست پر بھی تنقید کی۔

    لطیف کھوسہ سے 7 روز میں شو کاز نوٹس کا جواب طلب کیا گیا ہے، جواب نہ دیے جانے پر ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔

    شوکاز نوٹس پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔

  • انتخابات کا التواء آئین کی تضحیک ہے، لطیف کھوسہ

    انتخابات کا التواء آئین کی تضحیک ہے، لطیف کھوسہ

    پیپلزپارٹی کے رہنما اور ممتاز قانون دان سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے  صوبہ پنجاب کے انتخابات کو ملتوی کرنے کے فیصلے کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے الیکشن ملتوی کرکے آئین کی تضحیک کی ہے، میری نظر میں اس سے زیادہ آئین کی تضحیک نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین سے ماورا کام کیا جو سیدھا آرٹیکل سکس کے زمرے میں آتا ہے، الیکشن کمیشن نے وہی کام کردیا جو پی ڈی ایم چاہتی تھی، سپریم کورٹ کا بڑا واضح فیصلہ ہے جس کی دھجیاں اڑادی گئی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئین کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے فیصلہ دیا تھا، معلوم نہیں الیکشن کمیشن نے کس اختیار کو استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ نگراں حکومت90دن کی ہے اور90دن کے بعد کوئی نگراں حکومت نہیں ہوگی، حکومت پی ڈی ایم کی ہے اور پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے، اتحاد ہونا الگ بات ہے۔

    لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کا بنیادی فیصلہ الیکشن کمیشن کا کام ہے لیکن اس کو انتخابات ملتوی کرانے کا کوئی اختیار نہیں ہے، حکومت نے انتخابات ملتوی کرائے ہیں تو پی پی ساتھ نہیں دے سکتی، سی ای سی کا اجلاس ہوا تو مؤقف ہوگا کہ حکومت سے الگ ہوجانا چاہیے۔

  • جو کچھ اعظم سواتی سے ہورہا ہے کل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، لطیف کھوسہ

    جو کچھ اعظم سواتی سے ہورہا ہے کل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، لطیف کھوسہ

    کراچی : پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آج اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ کل کسی اور ممبر کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے مین گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کیخلاف ملک بھر میں ایف آئی آرز کا اندراج انتہائی غلط اقدام ہے، لوگوں کو دھمکیاں دینا اور بلاوجہ گرفتاریاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ واضح حکم دے چکی ہے کہ ایک واقعے کی ایک ہی ایف آئی آر درج ہوگی، جس کے بعد ملک بھر میں ایف آئی آرز درج ہونا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری پر بلوچستان ہائی کورٹ نے واضح حکم دیا تھا کہ ان کیخلاف بلوچستان میں تمام کیسز ختم کیے جائیں، بلوچستان میں رہائی کے بعد سندھ پولیس کا اعظم سواتی کو لے جانا غلط ہے، یہاں تو پولیس والوں کو گاڑی نہیں ملتی, اعظم سواتی کیلئے ان کو پورا جہاز مل گیا۔

    لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایوان بالا مضبوط ہے لیکن میں حیران ہوں کہ اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر چیئرمین سینیٹ نے جاری کیوں نہیں کیے، اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے بھی گرفتار کیا ہے تو غلط کیا ہے، آج اعظم سواتی کے ساتھ ہوا ہے کل کسی اور ممبرپارلیمان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ امید ہے بلوچستان ہائیکورٹ کی طرح سندھ ہائیکورٹ بھی سینیٹر اعظم سواتی کو ریلیف ضرور دے گی، عدالتیں آزاد ہیں، درجن بھر مقدمات کے معاملے کا نوٹس لیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف شہید نےصدر اور چیف جسٹس کو جان کے خطرے سے متعلق خطوط لکھے تھے، ان کےخطوط پرتوجہ ہی نہیں دی گئی اور وہ جان سے چلے گئے، ان کا کیس منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔

  • نواز شریف کو بچانے سعودی جہاز اور شہزادہ نہیں آئے گا، لطیف کھوسہ

    نواز شریف کو بچانے سعودی جہاز اور شہزادہ نہیں آئے گا، لطیف کھوسہ

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کچھ بھی کرلیں اڈیالہ توجائیں گے، نواز شریف کو بچانے سعودی جہاز اور شہزادہ نہیں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے اےآروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کچھ بھی کرلیں اڈیالہ توجائیں گے، نوازشریف کے جیل جاتے ہی ن لیگ ٹکڑوں میں بٹ جائیگی۔

    لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی وجہ سےنوازلیگ بحران کاشکارہے، نواز شریف کو بچانے سعودی جہاز اور شہزادہ نہیں آئےگا، بیرونی قوتوں نے نوازشریف سے منہ موڑلیا ہے۔

    سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کا انجام ایس ای سی پی چیئرمین جیسا ہو گا ، نوازشریف من پسندافسران کوماورائےقانون تعینات کررہا ہے۔

    نیب پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ نیب نے دہرامعیار اختیار کررکھا ہے، نیب اہلکاروفاق کے نہیں آئین کی پاسداری کے ملازم ہیں۔


    مزید پڑھیں :  نواز شریف نے قومی دولت کو لوٹا، جمہوریت کو نقصان پہنچایا، لطیف کھوسہ


    یاد رہے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ  نواز شریف نے قومی دولت کو لوٹا، جمہوریت کو نقصان پہنچایا، پیپلز پارٹی آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، سیاست میں کوئی حتمی چیز نہیں ہوتی۔

    سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے حکم پر ماڈل ٹاؤن میں لوگوں پر فائرنگ کی گئی، 14 لوگوں کو قتل کرنے کے بعد کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پولیس اہلکار وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیار ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔