Tag: Sardar Mehtab Abbasi

  • عمران خان کی حکومت گرانا درست فیصلہ نہیں تھا : رہنما ن لیگ

    عمران خان کی حکومت گرانا درست فیصلہ نہیں تھا : رہنما ن لیگ

    کراچی : مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ ختم ہوتی جارہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت گرانا غلط فیصلہ تھا۔

    عمران حکومت گرانا درست فیصلہ نہیں تھا

    مہتاب عباسی نے کہا کہ عمران حکومت گرانے سے پہلے مشورہ کرلیا جاتا تو ہم نہ گرانے کا مشورہ دیتے، عمران خان کی حکومت ساکھ کھوچکی تھی، ان کی حکومت نہیں گرانا چاہیے تھی، ہم خود اقتدار میں آگئے اور آج سارا بوجھ ہمارے گلے پڑرہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ عمران حکومت گرانا درست فیصلہ نہیں تھا، موجودہ حالات میں الیکشن ہوئے تو کوئی بہتری کا راستہ نظر نہیں آرہا، ن لیگ کو اس وقت نوازشریف کی ضرورت ہے کہ وہ یہاں واپس آئیں۔

    کے پی میں ان لیگ کی قیادت کو ہٹایا جائے

    سردارمہتاب عباسی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت بنانا غلطی قرار دیا تاہم پارٹی چھوڑنے کی بھی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ن لیگ کے خلاف سازش ہوئی، صوبائی قیادت کو ہٹایا جائے، ورنہ پارٹی تباہ ہوجائے گی

    سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ ن لیگ چند لوگوں تک محدود کردی گئی، مریم نواز کے دورے سے متعلق ہمیں کسی نے پوچھا تک نہیں ن لیگ اب وہ پارٹی نہیں، پہلے پارٹی فیصلے کرتی تھی اب چند لوگ کرتے ہیں۔

    مریم نوازجماعت کے قائد کی بیٹی ہے

    ان کا کہنا تھا کہ پارٹی مرکزی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر فیصلے کیے جاتے تو اچھا ہوتا، مریم نوازجماعت کے قائد کی بیٹی ہے، عہدہ دینا الگ بات ہے، جماعت کو ساتھ لے کر فیصلے کریں گے تو پارٹی کیلئے بھی اچھا ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت جلسے کرنے جارہی ہوتی ہےتو صوبائی قیادت کو بلاتی ہے، موجودہ صوبائی قیادت خیبرپختونخوا میں پارٹی کو ختم کرنے جارہی ہے، جس پارٹی میں شخصیات کی بنیاد پرمعاملات چلائیں گے وہ ملک کیسے چلائے گی؟

    ن لیگ میں بھی نمائشی عہدے ہیں

    ن لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سیاسی جماعتوں میں کوئی جمہوری طریقہ کار ہے ہی نہیں، ن لیگ میں بھی نمائشی عہدے ہیں بات صرف اہم شخصیات کی چلتی ہے، نوازشریف ملک واپس آکر جماعت کو آگے لے کر چلتے تو اچھا ہوتا۔

    سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ نوازشریف کے ہٹنے سے ن لیگ کو بہت نقصان ہوا، موجودہ حکومت میں شامل ہونے سے ن لیگ کو بہت زیادہ نقصان ہوا، ملک کو ڈبونے میں سب پارٹیوں کا کردار ہے۔

    مہنگائی سے ہر آدمی چیخ پڑا ہے

    ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ پالیسیوں کے باعث ہونے والی مہنگائی سے غریب تو دور سفید پوش آدمی تک چیخ پڑا ہے، غریب عوام آج اپنے مستقبل کیلئے پریشان ہے، عوام کیا ووٹ دینگے، ہماری عوام تو کھمبوں کو بھی ووٹ دیتی رہی ہے۔

  • ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کا رشتہ داروں سمیت الیکشن سے دست برداری کا اعلان

    ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کا رشتہ داروں سمیت الیکشن سے دست برداری کا اعلان

    ایبٹ آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراضی کے بعد انتخابات 2018 سے دست برداری کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی این اے 15 کے لیے ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت سے شدید ناراض ہوگئے تھے۔

    خیال کیا جا رہا تھا کہ ناراض رہنما سابق مشیر ہوابازی اپنے حلقے سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے لیکن انھوں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    الیکشن سے دست برداری کے اعلان میں ناراض رہنما کے قریبی رشتہ بھی شامل ہیں، عباسی کے بیٹے شمعون یار خان قومی اسمبلی کے حلقے 16 اور کزن و داماد سردار فرید صوبائی اسمبلی کے حلقے 36 سے الیکشن نہیں لڑیں گے۔

    ایبٹ آباد کے امیدواروں کی طرف سے ٹکٹ کی واپسی نے  ن لیگ کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے، اس سے قبل پی کے 37 سے سردار اورنگزیب ، پی کے 38 سے ارشد اعوان اور پی کے 39 سےعنایت خان نے ٹکٹ واپس کیے تھے۔

    نون لیگ میں ایک اور بڑی بغاوت، پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پرسردارمہتاب ناراض


    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن سے پہلے انتشار کا شکار ہوگئی ہے، چوہدری نثار، زعیم قادری اور چوہدری عبدالغفور کے بعد دیرینہ ساتھی سردار مہتاب نےعلم بغاوت بلند کرکے نون لیگ کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امیرمقام کے کہنے پر سردار مہتاب کو ٹکٹ نہیں دیا گیا، جس پر وہ پارٹی سے ناراض ہوگئے تھے، ان کی جگہ مرتضیٰ عباسی کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کے انجینئرزباصلاحیت ہیں، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کے انجینئرزباصلاحیت ہیں، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے بوئنگ 777 طیاروں کے پاور یونٹ کی اوورہالنگ اپنی انجینئرنگ صلاحیتیوں اور وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مکمل کرلی جو کہ اس شعبے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے انجینئرنگ کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے پی آئی اے کو لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی جو کہ اس پہلے ان پاور یونٹس کو بیرون ملک بجھوا کر ان کی مرمت پر خرچ کئے جاتے تھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اس کی تنظیم نو اور بحالی ایک حقیقت کا روپ دھار رہی ہے، انہوں نے خاص طور پر پی آئی اے انجینئرنگ کی سہولیات میں بتدریج اضافے پر اپنے اطمینان کا ا ظہار کیا۔

    سردار مہتاب نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ میں پی آئی اے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس کا سہرا ائرلائن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان اور ان کی ٹیم کے سرجاتا ہے۔

    سردار مہتاب نے پی آئی اے انجینئر نگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لینڈنگ گیئر اووہال کی سہولت کے بعد یہ دوسری سہولت ہے جو کہ پی آئی اے کے اپنے ماہرین اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔

    یہ سہولت پی آئی اے کے اپنے طیاروں کے علاوہ دوسری ایئر لائنوں کے لئے بھی ہے جس سے خاطر خواہ ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    اس سے قبل انہوں نے تقریب میں مذکورہ پروجیکٹ سے منسلک انجینئرز اور ٹیکنیشنز میں اعلیٰ کارکردگی کے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

    اس موقع پرپی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ انجینئرنگ کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی موجودہ مشکل صورتحال کے باوجود پُرامید ہیں کہ ہم ان حالات سے بہت جلد باہر نکل آئیں گے، تقریب سے چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی اور چیف انجینئر انجن اوورہال اسحاق رضوی نے بھی خطاب کیا۔

  • پی آئی اے کے ریونیو میں اضافے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، مہتاب عباسی

    پی آئی اے کے ریونیو میں اضافے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، مہتاب عباسی

    کراچی : وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے شعبہ گراؤنڈ ہینڈلنگ میں بہتری کے لئے جوائنٹ ونچر کے لئے مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہیں، ایئرلائن ریوینیو میں اضافے کے لئے کراچی کو فضائی حب بنایا جارہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں پچیس کیڈٹ پائلٹس کو آفر لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سردار مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی جرمنی میں موجود طیارے کی مبینہ فروخت میں ملوث کسی بھی شعبے کے افراد کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔

    مہتاب عباسی نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے ریوینیو میں اضافے کے لئے گراؤنڈ ہینڈلنگ شعبے کو جوائنٹ ونچر پر مبنی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ سروسز کی بہتری کے لئے پانچ سو ملین کی ابتدائی رقم سے آلات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،

    پی آئی اے کے فنانشل لاسز سال دو ہزار سولہ میں چالیس ارب پر پہنچ گئے تھے، پی آئی اے فنانشل لاسز پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے

    انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ پائلٹس پی آئی اے اکیڈمی میں تکنیکی اورغیرتکنیکی تربیت کی تکمیل پر اےٹی آر طیارے اڑانے کے قابل ہو جائیں گے۔

     

  • اے ایس ایف دہشتگردی کیخلاف ایئرپورٹ کی فرنٹ لائن فورس ہے، مہتاب عباسی

    اے ایس ایف دہشتگردی کیخلاف ایئرپورٹ کی فرنٹ لائن فورس ہے، مہتاب عباسی

    کراچی : وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی مہتاب خان عباسی نے کہا ہے کہ اے ایس ایف دہشتگردی کے خلاف ایئرپورٹ پر فرنٹ لائن فورس ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ایس ایف کی پیشہ وارانہ مہارت پر مبنی عملی مظاہروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ائر پورٹ سیکورٹی فورس کی جانب سے پیشہ وارانہ مہارت پر مبنی عملی مظاہروں کی تقریب اے ایس ایف اکیڈمی میں منعقد ہوئی، اے ایس ایف کے خصوصی تربیت یافتہ اسکائی مارشلز نے جدید ترین پیشہ وارانہ مہارت پر مبنی عملی مظاہرہ کیا۔

    تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی مہتاب خان عباسی نے اے ایس ایف کو دہشتگردی کے خلاف ایئرپورٹ پر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔

    اےایس ایف کی انسداد دہشت گردی یونٹ کی مشقوں پر مبنی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی مہتاب احمد عباسی نے کہا کہ اے ایس ایف سیکورٹی فورس نے یہ ثابت کیا ہے کہ جو ملک کو چیلنجز ہے اس وہ مقابلہ کر سکتے ہیں۔

    پاکستان پندرہ سال نائن الیون سے گزرا ہے وہ پیدا کردہ نہیں بلکہ مسلط کیے گئے، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں مگر افسوس کی بات ہے کہ ہماری قربانیوں کوتسلیم نہیں کیا جا رہا۔

    سردارمہتاب عباسی نے مزید کہا کہ قومی غیرت کا تقاضہ ہے کہ ہم کسی بھی دہشت گرد کو اپنی سرزمین پر برداشت نہیں کریں، وطن کے جو دشمن ملک کے اندر ہیں یا باہر انہیں ختم کرنا ہوگا۔

    مہتاب عباسی نے کہا کہ اے ایس ایف کو فنڈز کی فراہمی اور جدید ہتھیاروں کو لیس کیے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا، تقریب میں ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل علی حیدر عباس سمت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ سی ای او

    پی آئی اے کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ سی ای او

    کراچی: قومی ایئر لائن کی دو روزہ مارکیٹنگ کانفرنس جاری ہے‘ کانفرنس میں دنیا بھر سے پی آئی اے کے کنٹری منیجرشرکت کررہے ہیں‘ سی ای او کا کہنا ہے کہ ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کانفرنس کی صدارت وزیراعظم کے ممشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی کررہے ہیں اور کانفرنس میں پی آئی اے کا منافع بڑھانے کے ممکنہ پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔

    کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے سردار مہتاب عبادی نے کہا کہ اوپن اسکائی پالیسی کو منصفانہ ہونا چاہئے‘ ماضی میں اوپن اسکائی پالیسی نے پی آئی اے کو نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی ملک کو فراخ دلانہ طور پر رائٹس نہیں دیئے جانے چاہئے‘ ہمیں اپنے ملک کا مفاد مقدم رکھنا ہوگا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں اضافے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں‘ ملازمین کو بھی ایئرلائن کے لئے اونر شپ لینا ہوگی۔

    اس موقع پر ایئر لائن کے سی ای او نیئر حیات کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ‘ہمیں ایئرلائن کی بحالی کیلئے نئے بزنس ماڈل اختیار کرنا ہوں گے۔

    انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے‘ سیٹ فیکٹر کے ساتھ ساتھ روینیو میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


    پی آئی اے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کی نادہندہ نکلی


     خیال رہے کہ پاکستان کی قومی ایئرلائن طویل عرصے سے خسارے میں چل رہی ہے‘ گزشتہ دنوں ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو پانچواں اور آخری خط ارسال کرکے واجب الادا چالیس لاکھ ریال ادا کرنے کی یاد دہانی کرائی تھی۔

    قومی ایئر لائن نے ریاض ایئرپورٹ کے لاکھوں ریال ادا نہیں کیے ہیں جس کے سبب ایئرپورٹ اتھارٹی نے آپریشن بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔