Tag: Sardar Mehtab Khan

  • حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں، سردارمہتاب خان

    حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں، سردارمہتاب خان

    پشاور : وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں، پی آئی اے کو مستعد انتظامیہ کے ذریعے کامیاب ائرلائن میں ڈھالا جارہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ائرپورٹ کی توسیع کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سردارمہتاب احمد خان نے کہا کہ پشاور ائرپورٹ کی توسیع کے لئے 3 ارب روپے کی لاگت سے تعمیراتی منصوبے پرکام جاری ہے، معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایئر لائنز کالے بکروں کی قربانی سے نہیں بلکہ اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار سے چلا کرتی ہیں، پی آئی اے کو سدھارنے کے لئے کالے بکروں کی نہیں بلکہ اس کی کالی بھیڑوں کی قربانی دینا ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ کی توسیع کے منصوبہ کو رواں سال ستمبر میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 36ارب روپے رہا۔

    سردار مہتاب خان نے کہا کہ احتساب، میرٹ اور ٹرانسپرنسی پی آئی اے میں انتظامی اصلاحات کا اہم حصہ ہیں۔ نئے جہازوں کے حصول اور انجنئیرنگ ڈپارٹمنٹ کی بہتری کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

  • پی آئی اے کے انجینئرز کی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کے انجینئرز کی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا شعبہ انجینئرنگ نہایت اہمیت کا حامل ہے اوراس کے موجودہ وسائل کو استعمال کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں اس سے بہتر نتائج کے حصول کیلئے تمام تر کوشش بروئے کار لا ئی جائیں ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجینئرنگ اور لائن مینٹینس ڈیپارٹمنٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے قائم مقام چیئرمین محمد عرفان الہٰی ان کے ساتھ تھے۔

    پی آئی اے کے چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی نے انہیں شعبہ انجینئرنگ میں کام کی نوعیت اور درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر سردارمہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائے تا کہ یہاں سے نہ صرف پی آئی اے کے اپنے طیاروں کو مکمل تکنیکی سہولیات کی فراہمی ہو بلکہ دوسری ایئر لائنوں کو بھی فنی سہولیات فراہم کر کے ریونیو حاصل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے مینٹینس کے معیارکوانجن بنانے والی کمپنیوں کی ہدایات اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی اورغیرملکی طیاروں کے حفاظتی معیارکا معائنہ کرنے والی ایجنسی کے مطابق طیاروں کی ضروری دیکھ بھال کی جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ ہوائی سفر میں شعبہ انجینئرنگ کا کلیدی کردار ہے اوراس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    سردار مہتاب احمد خان نے اس بات پر زوردیا کہ پی آئی اے اپنے شعبہ انجینئرنگ کی افرادی قوت کو بہترٹریننگ فراہم کر کے اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لائے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ پی آئی اے یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کا سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرے ۔اسی طرح غیر ملکی ایئر پورٹس پر پی آئی اے کے طیاروں کے سیفٹی ایجنسی کی جانب سے معائنوں میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔

    انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ہینگر اور اس کے ملحقہ علاقوں سے فالتو اور غیر ضروری سامان ہٹایا جائے کیونکہ ان کی وجہ سے انتہائی قیمتی جگہ کا غیر ضروری استعمال ہو رہا ہے۔