Tag: sardar yosuf

  • سانحہ منی، 99 پاکستانی حجاج کرام شہید ہوئے، حکومت کی تصدیق

    سانحہ منی، 99 پاکستانی حجاج کرام شہید ہوئے، حکومت کی تصدیق

    اسلام آباد: حکومت نے سانحہ منی میں ننانوے پاکستانی حجاج کرام کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

    سینیٹ میں سانحہ منی سے متعلق پالیس بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ ستر حاجیوں کی شہادت کی تصدیق کے بعد سعودی عرب میں انکی تدفین ہوچکی ہے، انتیس حجاج کے بارے میں انکے لواحقین نے تصدیق کی ہے کہ وہ شہید ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ حادثے میں سینتالیس پاکستانی حجاج زخمی ہوئے، پینتالیس زخمی حجاج کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ دو پاکستانی زخمی حاجی اب تک زیرعلاج ہیں۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ سانحہ منیٰ کےاٹھارہ پاکستانی تاحال گمشدہ ہیں جنکی تلاش کےلیے پاکستانی حکام سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، اس پر اپوزیشن کے ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ پاکستانی حجاج کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں اور پاکستانی حکومت سعودی حکام کے آگے بے بس ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت اور ایران کو ان کے حجا ج کے بارے میں مکمل اطلاع دی گئی لیکن پاکستان کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں، چیئرمین نے معاملہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے سپرد کردیا ہے.

    یاد رہے کہ منیٰ میں حادثہ 24 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ مچنے سے پیش آیا تھا، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کا عمل تاحال جاری ہے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے 769 حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی.

    حکومت نے 1200 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی.

  • سانحہ مںیٰ ،شہید حجاج کی تعداد 93ہوگئی، 40لاپتہ حجاج کی تلاش جاری

    سانحہ مںیٰ ،شہید حجاج کی تعداد 93ہوگئی، 40لاپتہ حجاج کی تلاش جاری

    اسلام آباد: سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد ترانوے ہوگئی ہے، 40لاپتہ حجاج کی تلاش جاری ہے،سانحہ منی میں پشاور بخشی پل کے رہائشی حاجی ثلاوت خان کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے.

    سعودی عرب میں حج کے دوران منیٰ کےمقام پربھگدڑ کے واقعے کو دوہفتے مکمل ہوچکے ہیں، اب تک درجنوں پاکستانی حاجی لاپتہ ہیں، جنکے لواحقین انتہائی کرب اورتکلیف کی کیفیت میں مبتلا ہیں، بیشتر پاکستانی خاندانوں کو معلوم نہیں کہ ان کے عزیزرشتہ دار زندہ بھی ہیں کہ نہیں.

    وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ سانحہ منی میں کل نواسی پاکستانی حجاج شہید ہوئے۔ اکتالیس حجاج کے شہید ہونے کی تصدیق ان کے عزیزواقارب نے کی جبکہ اڑتالیس حجاج کے شہید ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی گئی۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کل تینتالیس افراد لاپتہ ہیں، سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج میں سے پانچ جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج میں سے بارہ لاپتہ ہیں، سعودی عرب میں اقامہ رکھنے والے دس حجاج بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سانحہ کے بعد پاکستانی مشن کی کوششوں سے تین سو انیس لاپتہ حجاج بازیاب کیے گئے، وفاقی وزیر کے مطابق اس وقت باسٹھ پاکستانی سعودی عرب کے اسپتالوں میں ہیں، دیگر زخمیوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔

    سردار محمد یوسف نے کہا کہ سعودی عرب سے یوسف رضا گیلانی کے عزیز سمیت تین حجاج کی لاشیں پاکستان لائی گئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کیا کہ سانحہ کے بعد سعودی سیکورٹی فورسز نے پاکستانی امدادی ٹیموں کو اپنے کام سے روک دیا تھا۔ لاپتہ پاکستانیوں کے حوالے سے بتایا کہ وہ سعودی حکام کے رحم و کرم پر ہیں۔ سعودی حکومت نے سانحہ پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے تاہم پاکستان کا اس کمیٹی میں کوئی کردار نہیں ۔ سردار یوسف نے بتایا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی بھی درخواست کی ہے.