Tag: Sarfaraz Ahmed

  • سرفراز احمد کی شادی کی تاریخ 3 بار کیوں تبدیل ہوئی؟ شاہین آفریدی کو کیا مشورہ دیا؟

    سرفراز احمد کی شادی کی تاریخ 3 بار کیوں تبدیل ہوئی؟ شاہین آفریدی کو کیا مشورہ دیا؟

    کراچی: پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے باخبر سویرا کے عید پروگرام میں اپنی شادی کی تاریخ کی تبدیلی کے بارے میں انکشاف کیا ہے، انھوں نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ایک اہم مشورہ بھی دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان نے کہا ’’2015 میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئی تھی، میری شادی کی تاریخ 3 بار تبدیل ہوئی تھی، شادی کے ساتھ میچ کھیل کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو ویلکم کیا۔‘‘

    سرفراز احمد کو کراچی کے علاقے بفر زون سے لگاؤ ہے، اس لیے انھوں نے آج تک وہیں رہائش اختیار کر رکھی ہے، یہ بات بھی انھوں نے اپنی گفتگو میں بتائی۔ انھوں نے کہا کہ دوستو نے کہا کہ ڈیفنس میں منتقل ہو جاؤ لیکن میری بفر زون سے انسیت ہے، جان پہچان ہے، جس گلی میں میں کھیلتا تھا میرا بیٹا بھی وہیں کھیلتا ہے۔

    انھوں نے بتایا کرکٹ کھیلنے پر والد سے بہت ’کُٹ‘ کھائی ہے، ہمارے تو کُٹ کھانے کے مشہور مشہور قصے بھی ہیں، ابا گراؤنڈ سے مارتے ہوئے گھر لے کر آتے تھے، میں نے قرآن حفظ کیا ہے، امام صاحب کے بیٹے سے میری دوستی تھی، ان کے گھر میں ٹی وی تھا، تو میں اسکول کی بجائے اس کے گھر جا کر میچ دیکھتا تھا، تو ایک دن ابا امام صاحب کو ناشتا دینے آ گئے اور ہم وہاں بیٹھ کر میچ دیکھ رہے تھے، امام صاحب کو پتا نہیں تھا تو انھوں نے ابا کو میرے بارے میں بتایا، پھر وہ ہمیں مارتے ہوئے گھر لے کر گئے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئی آپ کے بارے میں بات کرتا ہے تو فرق ضرور پڑتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ باہر میچ کھیلنے گئے اور موبائل نہ دیکھیں، کوئی تنقید کرتا ہے تو دکھ ہوتا ہے، جب آپ اچھا کرتے ہیں لوگ ہیرو بناتے ہیں۔

    انھوں نے دیگر کھلاڑیوں کے حوالے سے کہا ’’بطور کپتان اور کھلاڑی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، شاہین آفریدی کو مشورہ دیتا ہوں غصہ کم کریں اور اپنی توانائی بچائیں، بابر اعظم کو ایک لمبے عرصے تک پاکستان کے لیے کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں، فخر زمان، صائم ایوب جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں ٹیم کو ضرورت ہے۔‘‘

  • کوئی بھی ٹیم ہارنے کے لیے نہیں کھیلتی: سرفراز احمد کا تنقید کرنے والوں کو جواب

    کوئی بھی ٹیم ہارنے کے لیے نہیں کھیلتی: سرفراز احمد کا تنقید کرنے والوں کو جواب

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کوئی بھی ٹیم ہارنے کے لیے نہیں کھیلتی جب بھی کھلاڑیوں پر تنقید کریں تو متوازن رکھ کر کریں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے نیا ناظم آباد میں فٹبال ٹورنامنٹ کے افتتاح پر گفتگو میں کہا کہ گراؤنڈ میں اترنے والی ہر ٹیم جیتنے کے لیے کھلتی ہے۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے اپنی پوری کوشش کی لیکن اگر اس کا فیصلہ ہمارے حق میں نہیں آیا تو کوئی بات نہیں امید ہے آنے والے وقت میں ٹیم اچھا کھیلے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ہماری ٹیم دورہ نیوزی لینڈ پر جارہی ہے، نوجوان لڑکے اس ٹیم کا حصہ ہے امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا کھیلے گی اور فیصلے ہمارے حق میں آئیں گے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کیلئے سب باتیں کرتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہیے، دورہ نیوزی لینڈ کے لیے وہ تمام نوجوان کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں جس کے بارے میں سابق کھلاری ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنا پی سی بی کا اچھا اقدام ہے، امید ہے نوجوان لڑکوں پر مشتمل ٹیم اچھا کھیلے گی۔

    سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ہمیشہ یہ بات کی جاتی ہے کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، تنقید کرنے والوں میں پرانے کھلاڑی بھی ہوتے ہیں، انہیں بھی پتہ ہے کہ کوئی بھی ہارنے والی ٹیم نہیں بناتے اس لیے کھلاڑیوں پر تنقید کریں تو متوازن رکھ کر کریں، جو ٹی وی پر بیٹھے ہیں وہ ان مراحل سےگزرے ہوئے ہیں۔

  • سرفراز احمد کی افغان کرکٹ ٹیم سے متعلق بڑی پیش گوئی

    سرفراز احمد کی افغان کرکٹ ٹیم سے متعلق بڑی پیش گوئی

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے افغان کرکٹ ٹیم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان ٹیم سیمی فائنل یا ٹاپ فور میں آسکتی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پُرجوش میں بحیثیت مہمان گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم تین چار سال میں کافی بہتر کرگئی ہے، میں سمجھتا ہوں افغان ٹیم سیمی فائنل یا ٹاپ فور میں آسکتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتے ہوئے 8سال ہوگئے ہیں، افتتاحی تقریب میں وائٹ کوٹ پہن کر اچھا لگا.

    سرفرازاحمد نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں وائٹ کوٹ پہنا تو لگا کیریئر میں کچھ اچیو کیا ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ وہ ہماری زندگی میں ایسا لمحہ لایا۔

    سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بطور کرکٹر تنقید پر دھیان نہیں دینا چاہیے، بڑے کرکٹر کو میچ سے قبل ایسی باتیں نہیں بولنی چاہئیں۔ میرے نام پیغام دینے پرمکی آرتھر کاشکریہ ادا کرتا ہوں۔

    اس موقع پر سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے مگر بڑی بڑی باتیں نہیں بولنی چاہئیں، کرکٹ ہے کبھی آپ جیت جاتے ہیں کبھی ہم، بابراعظم کو ون ڈے کرکٹ میں اوپنر بھیج کرضائع کیا جارہا ہے۔

    ہرلمحہ پرجوش میں پاکستان ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھرکا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انہوں نے سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلو کپتان سرفراز،2017کیسا وقت تھا ایک بار پھر مبارکباد دیتا ہوں۔

    مکی آرتھر نے کہا کہ آپ کیلئے، لڑکوں کیلئے ایک شاندار ٹورنامنٹ کیلئے آپ کی قیادت شاندار تھی، بطور کوچ ہمارا رشتہ بہترین تھا اور لڑکوں پراعتماد اور جیتنے کیلئے بھی اہم تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مبارک کو آپ کو دیکھ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، آپ نے پاکستان کرکٹ کیلئے جو کچھ کیا اس کیلئے آپ مکمل اسٹار ہیں۔

  • پاکستان ٹیم کا اچھا وقت جلد آئے گا: سرفراز احمد

    پاکستان ٹیم کا اچھا وقت جلد آئے گا: سرفراز احمد

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کا برا وقت چل رہاہے امید کرتے ہیں اچھا وقت جلد آئے گا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سرفراز احمد نے ایک بیان میں کہا کہ سب کی خواہش ہے پاکستان میں کرکٹ بہتر ہو، کوشش کریں گے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اچھے لڑکے مل سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو بہتر کرنے کیلئے سب کو کام کرنا ہوگا، ٹیم کا برا وقت چل رہاہے امید کرتے ہیں اچھا وقت جلد آئیگا، مشکل وقت کے بعد ہمیشہ پاکستان کرکٹ ٹیم کھڑی ہوتی ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر سے بہتر ہونی چاہیے، ملک بھر سے اچھے لڑکے سلیکٹ کر کے ان کو آگے لائیں گے، ساری ورکنگ کرنے کے بعد ہم نے پلیئرز کو سلیکٹ کیا۔

    قومی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ انڈر19 میں ہمارے پاس زبردست فاسٹ بالر ہیں، ڈومیسٹک سیزن اور انڈر19 پر مشتمل ٹیم بنائی ہے، ٹیم اچھی ہونے سے چیزیں آسان ہوجاتی ہیں، امید ہے اچھا کام کرکے رزلٹ دیں گے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مجھے لگتاہے میں کرکٹ کھیل سکتا ہوں تو کھیل رہا ہوں، جب لگے گا کرکٹ نہیں کھیل سکتا تو نہیں کھیلوں گا، نوجوان کھلاڑی پرفارم کریں گے تو ٹیم میں خودبخود جگہ بن جائیگی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو سینئر لڑکے ٹیم میں ہیں انہوں نے پرفارمنس دے کر جگہ بنائی، جب وقت آئے گا تو جونیئر خود سینئر کی جگہ لے لیں گے۔

  • آسٹریلیا سیریز میں بابر بمقابلہ اسمتھ توجہ کا مرکز ہوگا: سرفراز احمد

    آسٹریلیا سیریز میں بابر بمقابلہ اسمتھ توجہ کا مرکز ہوگا: سرفراز احمد

    قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیا سیریز میں دو جوڑیاں فینز کی توجہ کا مرکز ہوں گی، ایک بابر بمقابلہ اسمتھ اور دوسری اسٹارک بمقابلہ شاہین۔

    سرفراز احمد نے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر بمقابلہ اسمتھ اور اسٹارک بمقابلہ شاہین اس سیریز میں مداحوں کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

    انھوں نے کہا بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ دونوں ہی عالمی معیار کے بلے باز ہیں، بینو قادر ٹرافی میں ان دونوں کھلاڑیوں کو لائیو ایکشن میں دیکھنا نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین موقع ہوگا۔

    سرفراز احمد نے کہا شاہین آفریدی اور مچل اسٹارک بہترین باؤلرز ہیں جو کسی بھی وقت مخالف ٹیم کو پریشان کر سکتے ہیں، شاہین آفریدی نے گزشتہ سیریز میں ڈیوڈ وارنر کے خلاف شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا، اس مرتبہ بھی فینز شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کا ٹاکرا دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔

    پاک آسٹریلیا ٹیسٹ: پرتھ میں ڈراپ ان پچز لگانے کا کام مکمل

    وکٹ کیپر بیٹر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں، میں نے دو مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے، یہاں سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستان کرکٹ فینز ہمیشہ پاکستان ٹیم کی حمایت کرتے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی فینز بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

  • سرفراز احمد کی گنگنانے کی ویڈیو وائرل

    سرفراز احمد کی گنگنانے کی ویڈیو وائرل

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی گنگنانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر‘ میں قومی کھلاڑی سرفراز احمد نے اپنی آواز کا جادو جگایا جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    ویڈیو میں سرفراز احمد کو بھارتی فلم کا مشہور گانا ’مبارک ہو تم کو یہ شادی تمہاری سدا خوش رہو یہ دعا ہے ہماری‘ گنگنا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سرفراز احمد نے یہی گانا قومی کرکٹر شان مسعود کے ولیمے میں تقریب میں گنگنایا تھا، شان مسعود نے بھی سرفراز احمد کو گلے لگا کر داد دی تھی۔

    سرفراز احمد نے پروگرام میں گانا گانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا اور شان کا پلان تھا جو ہم نے دورہ انگلینڈ میں بنایا تھا۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ ہم دونوں فائنل الیون کا حصہ نہیں تھے، ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر اس گانے کی پریکٹس بھی کی تھی۔

    یاد رہے کہ سرفراز احمد کی اس سے قبل بھی بیٹے عبداللہ اور قومی کرکٹر اعظم خان کے ساتھ گنگنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔

  • ’سرفراز دھوکا نہیں دیتا اب دھوکا کھائے گا بھی نہیں‘ فاروق ستار

    ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ’سرفراز احمد دھوکا نہیں دیتا اور اب وہ دھوکا کھائے گا بھی نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے ’سرفراز احمد دھوکا نہیں دیتا، سرفراز کی بحالی سے کرکٹ اور عزت نفس کی بحالی ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف 2022 میں ٹیسٹ میچز کھیلے ہار گئے اور 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں میچ برابر کردیے۔

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ اس ڈرا کے ساتھ کرکٹ کی ساکھ کی بحالی کا مظاہرہ بھی ہے اور کرکٹ کی ساکھ کی بحالی کیسے ہوئی سرفراز کی بحالی ہوئی ہے۔

     

    واضح رہے کہ سرفراز احمد کی چار سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی، قومی بیٹر نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    سابق کپتان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کم بیک کرنا مشکل ہوتا ہے جب پہلی گیند کھیل رہا تھا تو ایسا لگ رہا تھا کہ دوبارہ ڈیبیو کررہا ہوں۔


    عبوری چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی سمیت موجودہ و سابق کرکٹرز نے بھی سرفراز کی شاندار اننگز کی تعریف کی تھی جبکہ شعیب ملک نے شاہد آفریدی کو مشورہ دیا تھا کہ سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کراچی میں کھیلی جارہی ہے، پہلے میچ میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی جگہ دوسرے میچ میں کیویز نے قومی ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا، تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائے گا۔

  • ’لگتا ہے سرفراز کا کیریئر ختم ہوگیا‘ رمیز راجہ تنقید کا نشانہ بن گئے

    کراچی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرکے میچ بچانے والے سرفراز احمد کی تعریف سرحد پار سے بھی ہورہی ہے، قومی کرکٹرز سمیت سوشل میڈیا صارفین بھی سابق کپتان کی کارکردگی کو سراہا رہے ہیں۔

    سابق کپتان سرفراز احمد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تین نصف سنچریاں اور ایک شاندار سنچری اسکور کی اور اپنی بیٹنگ سے شائقین کرکٹ کے بھی دل جیت لیے۔

    تاہم گزشتہ کچھ عرصہ قبل سابق چیئرمین رمیز راجا کی جانب سے دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی صورت میں ایک نیا وکٹ کیپر موجود ہے۔

    انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ ’لگتا ہے کہ اب سرفراز احمد کا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔‘

    سوشل میڈیا صارفین رمیز راجا کے اس بیان کو لے کر دلچسپ میمز بنا رہے ہیں ان کے بیان پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔

    ایک مداح نے سرفراز کی مسکراتے ہوئے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اور بتاؤ رمیز راجا یوٹیوب چینل کیسا چل رہا ہے۔‘

    راؤ نامی صارف نے لکھا کہ ’ایک دفعہ کسی نے کہا کہ سرفراز احمد کا کیریئر تقریباً ختم ہوگیا ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنا پلان دکھا دیا۔‘

    کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی نصف سنچریوں اور آخری ٹیسٹ میں سنچری کی بدولت ٹیم شکست سے بچ بھی گئی اور سرفراز نے ناقدین کو اپنے بلے سے جواب بھی دے دیا ہے۔

  • ’رضوان کپتان بننے آئے میچ ریفری نے روک دیا‘

    کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جواب میں نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 440 رنز بنالیے ہیں۔

    ٹیسٹ کے تیسرے روز اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب کپتان بابر اعظم کے بیمار ہونے پر سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی قیادت کی تو محمد رضوان کپتان بن گئے۔

    ویڈیو میں محمد رضوان کو واضح طور پر کھلاڑیوں کو ہدایت دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ایک جگہ پر ریویو کے لیے سرفراز مشورہ کررہے ہیں تو محمد رضوان پہلے ہی ریویو کا اشارہ کرنے لگ جاتے ہیں لیکن سرفراز نے ریویو لیا جو کامیاب بھی ثابت ہوا۔

    آئی سی سی قوانین سے انتظامیہ بھی لاعلم رہی یہی نہیں کپتان بابر اعظم بھی کھانے کے وقفے کے بعد صحت یاب ہوکر میدان میں آگئے تھے۔

    بعدازاں محمد رضوان کو میچ ریفری کی جانب سے کپتانی سے روک دیا گیا پھر قائمقام کپتان سرفراز احمد نے ہی ٹیم کی کمان سنبھالی، سرفراز نے پہلی اننگز میں 86 رنز بنائے تاہم انہوں نے سنچری میکر کین ولیم سن کا اسٹمپ چھوڑ دیا جبکہ امام الحق سے بھی ایک کیچ ڈراپ ہوا۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین ہیں کہ متبادل کھلاڑی ٹیم کی قیادت نہیں کرسکتا، پلیئنگ الیون میں منتخب کھلاڑی یا پھر نائب کپتان ہی کپتان کی عدم موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دے سکتا ہے۔۔

  • سرفراز احمد نے معین خان اور راشد لطیف کو پیچھے چھوڑ دیا

    قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد  ٹیسٹ کرکٹ میں سابق کپتان معین خان اور کامران اکمل نے آگے نکل گئے۔

    سرفراز احمد کی ٹیسٹ کرکٹ میں چار سال بعد واپسی ہوئی، وکٹ کیپر بیٹر نے کیوی ٹیم کے خلاف 153 گیندوں پر 86 رنز کی شاندار اننگ کھیلی ان کی اننگ میں 9 چوکے شامل تھے۔

    سابق کپتان کی بیٹنگ کی تعریف ناصرف کرکٹرز بلکہ شائقین کرکٹ اور ان کی اہلیہ نے بھی کی۔

    پہلے ٹیسٹ میں واپسی کے ساتھ ہی سرفراز احمد کے ٹیسٹ کرکٹ میں 50 میچز مکمل ہوگئے اور انہوں نے 37.06 کی اوسط سے 2743 رنز بنا کر سابق کپتان معین خان اور کامران اکمل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    سابق کپتان معین خان نے 66 ٹیسٹ میں 28.67 کی ایوریج سے 2581 رنز بنائے تھے جبکہ سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے 37 میچز میں 28.77 کی اوسط سے 1381 رنز بنائے جبکہ  کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ کھیل کر 30.79 کی اوسط سے 2648 رنز بنا رکھے ہیں۔

    وکٹ کیپر بیٹر امتیاز احمد نے 38 میچز میں 30.45 کی ایوریج سے 2010 رنز بنائے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرفراز احمد نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔