Tag: Sarfaraz Ahmed

  • کیا میں اتنا برا ہوں؟ سرفراز جذباتی ہوگئے

    کیا میں اتنا برا ہوں؟ سرفراز جذباتی ہوگئے

    مانچسٹر: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے پر جذباتی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد پر سوشل میڈیا پربے جا تنقید کی گئی جس کے بعد وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، سرفراز نے سوال کیا کہ کیا میں‌ اتنا برا ہوں؟

    سرفراز احمد نے  شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ اتنا چبھنے لگا ہوں‌سب کو چھرا تو نہیں‌ ہوں، جانی جتنا بتاتے ہو میرے بارے میں‌ اتنا برا تو نہیں‌ ہوں.

    واضح‌ رہے کہ تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں‌ سرفراز احمد کو شامل کیا گیا تھا اور وکٹ کیپنگ کے دوران ان سے معین علی کا اسٹمپ مس ہوگیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین ان پر تنقید کرنے لگے.

    کرکٹ میں‌ مس فیلڈنگ اور کیچ کا چھوٹ جانا گیم کا حصہ ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین بلا کچھ سوچے سمجھے چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے فاتح‌کپتان پر تنقید کے نشتر چلاتے رہے.

    یاد رہے کہ سرفراز احمد پر اس سے قبل بھی ایئرپورٹ پر ایک شخص‌ نے ورلڈ‌ کپ کے دوران تنقید کرتے ہوئے مغلظات بکیں‌ تھیں‌ لیکن بیٹے کو گود میں‌ اٹھائے سرفراز خاموشی سے چلے گئے تھے.

    بعدازاں‌ سوشل میڈیا پر ہی اس شخص‌ پر تنقید ہوئی تو اسے ویڈیو کے ذریعے ان سے معافی مانگنا پڑی تھی.

  • ’’کھلاڑی ایک میچ میں پرفارم نہ کرے تو ہیرو سے زیرو‘‘

    ’’کھلاڑی ایک میچ میں پرفارم نہ کرے تو ہیرو سے زیرو‘‘

    کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوینٹی ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اسپورٹس روم‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ایک میچ میں پرفارم نہیں کرتا تو اس کو ہیرو سے زیرو بنادیا جاتا ہے۔

    باسط علی نے سرفراز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کا سرفراز پر اعتماد اچھی بات ہے، دورہ انگلینڈ میں انہیں موقع ضرور دینا چاہئے۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا اور ٹیسٹ کی کپتانی اظہر علی اور ون ڈے، ٹی ٹوینٹی کی قیادت بابر اعظم کے سپرد کی گئی تھی۔

    سابق کھلاڑیوں کی جانب سے سرفراز کے حق میں آوازیں اٹھائی گئی تھی اور مداحوں نے بھی پریس کلب پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا لیکن پی سی بی کے سر پر جوں تک نہ رینگی۔

    اب سرفراز احمد کو دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا اور ان دنوں وہ پریکٹس میچ میں ڈومیسٹک ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے کھیلا جائے گا، اس ٹیسٹ میں سرفراز منتخب ہوتے ہیں یا محمد رضوان یہ کہنا قبل ازوقت ہے۔

  • سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کی یادداشت کا امتحان لے لیا

    سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کی یادداشت کا امتحان لے لیا

    کراچی: قوم کو 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کا تحفہ دینے والے چیمپئن کپتان سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کی یادداشت کا امتحان لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل معرکے میں بھارتی سورماؤں کو شکست دے کر قومی ٹیم نے سب کا سر فخر سے بلند کردیا تھا، چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کا امتحان لینے کا فیصلہ کیا۔

    سرفراز نے چیمپئنز ٹرافی کی فتح کی تیسری سالگرہ منائی اور عبداللہ سے پوچھا کہ بیٹا آج کے دن ہم کیا جیتے تھے؟ جس پر عبداللہ نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی، سرفراز نے دوسرا سوال کیا کہ ہم نے کس کو ہرایا تھا، بیٹے نے یہ بھی ٹھیک بتایا بھارت کو ہرایا تھا۔

    سابق کپتان نے بیٹے سے پوچھا کہ اچھا یہ بتائیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں سنچری کس نے بنائی تھی، جس پر عبداللہ نے بتایا کہ فخر زمان چاچو نے اور نصف سنچری حفیظ چاچو، عماد وسیم چاچو اور اظہر چاچو اور بابر چاچو نے بنائی تھی۔

    علاوہ ازیں عبداللہ نے فائنل کے وکٹ حاصل کرنے والے بولرز کے نام بھی بتائے اور کہا کہ فائنل میچ میں وکٹیں محمد عامر، شاداب خان اور حسن علی نے حاصل کی تھیں۔

    سرفراز نے بیٹے سے کہا کہ آخر میں ہم کیا بولیں گے تو عبداللہ نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا۔

    یاد رہے کہ آج ہی کے دن تین سال قبل پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی، فخر زمان نے سنچری جڑی تھی جبکہ محمد عامر نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا تھا۔

  • ’’سرفراز احمد کی ٹیم میں کپتان کی حیثیت سے واپسی ہوگی‘‘

    ’’سرفراز احمد کی ٹیم میں کپتان کی حیثیت سے واپسی ہوگی‘‘

    کراچی: معروف کرکٹ کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے کہا ہے کہ وہ سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے بہت بڑے پرستار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 66 سالہ ایلن ولکنز نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے اپنی کپتانی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کیا، میں ان کا بہت بڑا پرستار ہوں، سرفراز نے تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی بہترین کپتانی کی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اس کے کندھوں پر بہت زیادہ ذمہ داری تھی اور سرفراز احمد نے اسے بخوبی نبھایا ہے۔

    ایلن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں مضحکہ خیز چیزیں رونما ہوتی ہیں اور سرفراز پاکستان کے کپتان کی حیثیت سے واپس آسکتے ہیں، پاکستان کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے سرفراز شاید پاکستان ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے لوٹ سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سابق کپتان سرفراز احمد کوچ بن گئے

    سرفراز کی کپتانی میں بارے میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا اس نے اپنے ملک کی اس سبز ٹوپی کے لیے سب کچھ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز ایک لاجواب کرکٹر ہے، اسے سیکھنا پسند ہے۔

    احمد شہزاد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک لاجواب نوجوان کرکٹر ہے، اسے سیکھنا پسند ہے، وہ میدان میں سو فیصد دیتے ہیں۔واضح رہے کہ ایلن ولکنز پی ایس ایل کے آغاز سے ہی پاکستان سپر لیگ سے وابستہ ہیں اور کمنٹیٹر کے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

  • کرونا وائرس، سرفراز احمد کا عوام کے نام خصوصی پیغام

    کرونا وائرس، سرفراز احمد کا عوام کے نام خصوصی پیغام

    کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے عوام کے نام خصوصی پیغام جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کراچی کے شہریوں کو لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ صرف احتیاط ہی سے ممکن ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ شہری پولیس کی مدد کریں اور لاک ڈاؤن میں گھروں سے باہر نہ نکلیں، اسد شفیق نے بھی شہریوں سے حکومت اور پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد بھی لاک ڈاؤن کے سبب گھر پر موجود ہیں اور چند روز قبل ان کی بیٹے عبداللہ کے ساتھ گھر میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

    مزید پڑھیں: پوری قوم کو ڈاکٹرز اور نرسز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، وقار یونس

    یاد رہے کہ اس سے قبل بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ڈاکٹرز اور نرسز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، ڈاکٹر کو حوصلہ ملے گا تو وہ اس وبا کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    وقار یونس کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کرونا وائرس کے بارے میں آگاہی مہم میں جو لوگ بڑھ چڑھ کر آگے آرہے ہیں ہمیں ان سب کی قدر کرنی چاہئے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ’میں نے سب کے لیے ڈی ایم (ڈائریکٹ میسج) آپشن کھول دیا ہے، براہ کرم اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی شخص کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں۔

    کرونا وائرس کے پیش نظر فاسٹ بولر سہیل تنویر نے بھی ضرورت مند لوگوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا تھا۔

  • ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے، سرفراز احمد

    ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے، سرفراز احمد

    کراچی: پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایونٹ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں، ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹارگٹ پی ایس ایل میں پرفارمنس ہے، نسیم سے امیدیں ہیں وہ باصلاحیت بولر ہیں، ان کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ عوام پی ایس ایل کی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، گزشتہ 4 سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، کوشش ہے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے، پی ایس ایل میرے لیے اہم ہے، پوری توجہ پرفارمنس پر ہے۔

    مزید پڑھیں: شاداب خان سابق کپتان کی کمی محسوس کرنے لگے

    دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن محمد سمیع کو مس کر رہے ہیں، بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اس لیے کپتانی کا دباؤ نہیں ہے۔

    شاداب خان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کوعلم ہے کرکٹ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے،غیر ملکی پلیئرز پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے قرار ہیں۔

    کوئٹہ اور اسلام آباد کے کپتان ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایونٹ کا پہلا میچ کل کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

  • سابق کپتان سرفراز احمد کوچ بن گئے

    سابق کپتان سرفراز احمد کوچ بن گئے

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اپنے بیٹے کے کوچ بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد اپنے بیٹے کے کوچ بن گئے، سرفراز احمد کے بیٹے کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں سرفراز احمد کی بولنگ پر عبداللہ نے دلکش انداز میں شارٹ مارتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد کے صاحبزادے عبداللہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کررہے ہیں اور دلکش شاٹ کھیل رہے ہیں جس سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں سرفراز احمد کی بیٹے عبداللہ کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں سرفراز اپنے بیٹے کے ساتھ گھر میں کرکٹ کھیل رہے تھے۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

    ٹویٹر پر مداحوں کی جانب سے ویڈیو کو سراہا جارہا ہے، مداحوں کے سرفراز کے بیٹے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال فروری میں بھی دورہ جنوبی افریقا کے دوران سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سرفراز نیلسن منڈیلا اسکوائر پر بیٹے عبداللہ اور مقامی بچوں کے ہمراہ ریس لگاتے ہوئے نظر آرہے تھے۔

  • قومی کرکٹر سرفراز احمد کے ہاں ننھی پری کی آمد

    قومی کرکٹر سرفراز احمد کے ہاں ننھی پری کی آمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، سرفراز احمد نے بیٹی کی پیدائش کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دی۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد کے بیٹے اپنی بہن کو گود میں اٹھائے خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے بیٹی کی پیدائش پر اللہ کا شکر ادا کیا اور کیپشن میں الحمد للہ اور ماشا اللہ لکھا۔

    سرفراز احمد کو بیٹی کی پیدائش پر مداحوں کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹرز کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

    ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے لکھا کہ ’واہ واہ بہت مبارک ہو بھائی۔‘

    ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم، فیصل اقبال، عتیق الزمان صدیقی، محمد حفیظ نے بھی مبارک باد پیش کی۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد کے یہاں یہ دوسرے بچے کی پیدائش ہے اس سے قبل ان کا ایک بیٹا عبداللہ ہے جس کے ساتھ ان کی کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوچکی ہیں۔

  • رینجرز کی شکریہ جناح ریلی میں شہری بھرپور شرکت کریں، سرفراز احمد

    رینجرز کی شکریہ جناح ریلی میں شہری بھرپور شرکت کریں، سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ رینجرز کی شکریہ جناح ریلی میں شہری بھرپور شرکت کریں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے بہت کام کیے جارہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ جامعہ کراچی میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔

    سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی یوم پیدائش 25 دسمبر ہم سب کے لیے اہم دن ہے، رینجرز کی جانب سے شکریہ جناح ریلی میں شہری بھرپور شرکت کریں۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد نے چند روز قبل قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں پانچ سال بعد سنچری اسکور کی تھی۔

    یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں 3-0 سے شکست کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹادیا تھا، بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی اور اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی تھی۔

  • قائد اعظم ٹرافی، سرفراز احمد نے دوبارہ سندھ کی قیادت سنبھال لی

    قائد اعظم ٹرافی، سرفراز احمد نے دوبارہ سندھ کی قیادت سنبھال لی

    فیصل آباد: قومی ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے دوبارہ سندھ کی ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جہاں ایک بار پھر سرفراز احمد بطور کپتان اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے اب ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹر پر مرکوز کردی ہے، وہ سندھ کی ٹیم کی کپتانی کرنے کے ساتھ اچھا پرفارم کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں، سندھ کی ٹیم کے نائب کپتان اسد شفیق ہیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں سرفراز احمد نے کپتانی چھوڑ دی تھی اور بطور وکٹ کیپر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، سرفراز کی جگہ سندھ کی ٹیم کی قیادت اسد شفیق نے کی تھی۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو کپتانی سے کیوں ہٹایا گیا ؟ مصباح الحق نے بتا دیا

    یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں شکست کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی اور اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان منتخب کیا تھا، سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا سے بھی ڈراپ کرکے وکٹ کیپر محمد رضوان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    سرفراز احمد ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں، انہوں نے 37 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 میچ جیتے اور صرف 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم اس وقت ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔

    خیال رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوینٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔