Tag: Sarfaraz bugti

  • شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کلمت میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور کہا کہ مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کی بنیاد پر قتل کرنا بزدلانہ کارروائی ہے، دہشتگردوں نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر وحشیانہ فعل انجام دیا۔

    وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے، دہشتگردی کیخلاف عزم کو ایسی کارروائیوں سے کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

    گوادر : کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے 6 مسافروں کو قتل کردیا

    ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جنگ جاری رہے گی، دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کی روایات، مہمان نوازی اور امن پسندی کو پامال کردیا، سیاسی مقاصد کیلئے دھرنوں کی کال دینے والے سفاکانہ حملے پر کیوں خاموش ہیں؟۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بےگناہ مزدوروں کے قتل پر خاموشی رکھنے والے کس کی حمایت کررہے ہیں؟ خاموشی کو رضا مندی سمجھا جاتا ہے، یہ ثابت ہورہا ہے کہ کون کس کا سہولت کار ہے۔

  • آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے: سرفراز بگٹی

    آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے: سرفراز بگٹی

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں  گرلزکالج میں پنک اسکوٹی تقسیم کرنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا وژن ہے ہر لڑکی کو پنک اسکوٹی ملے، تقریری مقابلوں، کھیلوں میں حصہ لینے والوں کو بھی اسکوٹی ملے گی۔

    بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیخلاف میرا ساتھ دیں، آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے، نوجوانوں کو استعمال کرکے پاکستان کے خلاف سازش کی جارہی ہے، بیرون ملک بیٹھے سیل آپ کا دماغ پڑھ رہے ہیں، آپ کو ریاست اور پاکستان سے دور کررہے ہیں۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کیلئے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، بلوچستان میں اساتذہ، نوجوانوں اور معصوم لوگوں کو خون میں نہلایا گیا، ہزارہ قوم اور دیگر لوگوں کا کیا  قصور تھا جنہیں مارا گیا؟

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جب تک بلوچستان کے لوگ آگے نہیں آئیں گے حالات نہیں بدلیں گے، پشین میں میرٹ پر تقرری کی ہیں، بچے بھی والدین کو بتائیں کے رشوت کسی کو نہ دیں، آپ کے پاس موبائل کیمرہ ہے جو پیسے مانگے ویڈیو بنائیں میں الٹا لٹکا دوں گا۔

  • ہمارے جوان دہشت گردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہے ہیں: سرفراز بگٹی

    ہمارے جوان دہشت گردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہے ہیں: سرفراز بگٹی

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہمارے جوان دہشت گردی کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہے ہیں، اپنی جانوں پر کھیل کر بلوچستان کے لوگوں کو آنچ نہیں آنے دیں گے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، کوئٹہ میں ہونے والے حملے سے متعلق سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ 5 دہشت گردوں نے ایف سی مدد گار سینٹر پر حملہ کیا، پہلے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی سینٹر کے گیٹ سے ٹکرائی، دہشتگرد دستی بم کے حملے اور فائرنگ کر کے اندر داخل ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے اور ایک سیکیورٹی اہلکار کی حالت نازک ہے تاہم آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے لیکن سرچنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔


    کوئٹہ میں ایف سی سینٹر پر حملہ، جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک


    وزیر داخلہ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ حملہ کس دہشت گرد تنظیم نے کیا یہ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم ایف سی نے بہادری کے ساتھ برقت کارروائی کی اور ایک بڑے نقصان سے بچا لیا، دہشت گردوں نے جو گاڑی ایف سی مددگار سینٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی وہ مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے، فرانزک لیب حکام تحقیقات کررہے ہیں۔


    بلوچستان میں کارروائی: دو خودکش بمبار سمیت 3دہشت گرد ہلاک، ایک کرنل شہید


    خیال رہے کہ آج بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کوئلہ پھاٹک کے قریب پانچ خود کش حملہ آوروں نے ایف سی سینٹر پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تاہم فورسز کی جوابی فائرنگ سے پانچ دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ 4 جوان مقابلے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ہم پرجمہوریت کوسبوتاژکرنےکےالزامات لگانےوالوں کوکچھ نہ ملا‘ سرفرازبگٹی

    ہم پرجمہوریت کوسبوتاژکرنےکےالزامات لگانےوالوں کوکچھ نہ ملا‘ سرفرازبگٹی

    کوئٹہ : وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت کی تبدیلی جمہوری عمل تھا، اسمبلیاں اپنی معیاد پوری کررہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات کےعادی افراد کی بحالی کی تقریب سے وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ غیرسرکاری تنظیموں کواس کام میں آگے آنا چاہیے، انسداد منشیات کے لیے کام کرنے والوں کو تحفظ دیا جائے گا۔

    وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ بحال افراد کو میرٹ پرملازمت دے کر حوصلہ افزائی کریں گے۔

    سرفرازبگٹی نے کہا کہ سینیٹ کے لیے ٹکٹوں پرماہرین ہی رائے دے سکتے ہیں، خواہش ہےسینیٹ انتخابات وقت پر ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی تبدیلی جمہوری عمل تھا، اسمبلیاں اپنی معیاد پوری کررہی ہیں۔

    اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ ہم پرجمہوریت کوسبوتاژکرنے کے الزامات لگانے والوں کو کچھ نہ ملا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، سرفرازبگٹی

    چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، سرفرازبگٹی

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے سے باہر کسی قسم کی اسمگلنگ نہیں ہونے دینگے، اور نہ ہی چیک پوسٹ پر کسی قسم کی بھتہ خوری کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بلوچستان کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان کابینہ نے آج کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے ہیں، صوبائی کابینہ نے میر چاکر خان یونیورسٹی سبی کا بل بھی منظورکر لیا ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحبت پور ضلع بحال اور لہڑی کو ضلع سبی میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور معذور افراد کے لیے خصوصی کارڈ بنائے جائیں گے جن پر انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

    سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ صوبے سے باہر کسی قسم کی اسمگلنگ نہ ہو، سرحدی علاقوں میں دونوں طرف تجارت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس، لیویزاور سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے، ہم شہداء کو کبھی نہیں بھولے ان ہی کی قربانیاں ہیں کہ آج ہم امن سے رہتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسٹم کے اختیارات سے پولیس اور لیویز کو نکالا جا رہا ہے، ایف سی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کریں گے، سول ڈیفنس کو ضلعی سطح پر فعال کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • وزیرداخلہ بلوچستان اورچیف سیکریٹری کے اختلافات، دفتری امورٹھپ

    وزیرداخلہ بلوچستان اورچیف سیکریٹری کے اختلافات، دفتری امورٹھپ

    کوئٹہ : وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی اور چیف سیکریٹری کے اختلافات سے دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ چیف سیکریٹری سے اختلافات پر وزیر داخلہ بلوچستان نے اپنے دفتر پر تالے ڈال دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری کے بات نہ ماننے پر وزیر داخلہ بلوچستان نے اپنے دفتر کو تالا لگادیا۔ چیف سیکریٹری سے اختلافات پر وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی ناراض ہوگئے احتجاجاً کام کرنے سے بھی انکار کردیا۔

    انہوں نے عملے کو بھی ہدایت کردی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی وطن واپسی تک کوئی کام نہ کیاجائے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا مؤقف ہے کہ چیف سیکریٹری کارویہ وزرا  کےساتھ مناسب نہیں، وہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے آنے تک دفتری امور نہیں نبھائیں گے،بیورو کریسی بجٹ میں بھی وزرا  کو نظر انداز کررہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری نے تبادلوں اور بھرتیوں پر وزیرداخلہ کا دباؤ ماننے سے انکار کردیا تھا۔

    سرفراز بگٹی نے شکایات  کا جواب نہ ملنے پر دفتر پر تالے ڈال دیئے، وہ ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ہٹانے کے خواہش مند تھے۔ ذرائع کے مطابق دیگر صوبائی وزرا بھی مذکورہ چیف سیکریٹری کے رویے سے نالاں ہیں۔

  • قلات آپریشن میں عبدالنبی بنگلزئی سمیت چونتیس شرپسند ہلاک

    قلات آپریشن میں عبدالنبی بنگلزئی سمیت چونتیس شرپسند ہلاک

    کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ سرفرازبگٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ قلات آپریشن میں کالعدم یو بی اے کے مرکزی کمانڈر عبدالنبی بنگلزئی سمیت چونتیس شرپسند مارے گئے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ترجمان بلوچستان حکومت کے ہمراہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کی۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ قلات کے علاقے جوہان میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا گیا، تین دن جاری رہنے والی اس کارروائی میں کالعدم تنظیم کے محفوظ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔

    آپریشن میں کالعدم تنظیم کا کیمپ کمانڈر بھی مارا گیا جوسابق جج جسٹس نواز مری کے علاوہ گزشتہ برس مئی میں رونما ہونے والے سانحہ کھڈ کوچہ میں مسافرو ں کے قتل میں ملوث تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اللہ نذر مارا جاچکا ہے تاہم اگر وہ زندہ ہے تو اس کی موجود ہ تاریخ کے ساتھ ویڈیو منظر عام پر آنی چاہئے۔

    پریس کانفرنس کے بعد جوہان آپریشن میں پکڑا جانے والا اسلحہ بھی میڈیا کے نمائندوں کو دکھایا گیا جن میں ایل ایم جی ‘ایس ایم جیز‘آ ر پی جی سیون سمیت 77سے زائد چھوٹے بڑے ہتھیار4بم 25کلو بارودی مواد ‘بڑی تعداد میں گولیاں دیگر تخریبی سامان، سونا اور ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

     

  • مستونگ آپریشن میں بی ایل ایف کمانڈر4 ساتھیوں سمیت ماراگیا، سرفرازبگٹی

    مستونگ آپریشن میں بی ایل ایف کمانڈر4 ساتھیوں سمیت ماراگیا، سرفرازبگٹی

    مستونگ : بلوچستان کےشہر مستونگ میں کالعدم بی ایل ایف کے کمانڈر ڈاکٹرعبدالمنان سمیت نو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

    یہ بات صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس میں بتائی، انہوں نے بتایا کہ فورسز نے گزشتہ رات مستونگ کے قریب سرچ آپریشن کیا ۔

    فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ کا اہم کمانڈر ڈاکٹر عبدالمنان بلوچ چار ساتھیوں سمیت مارا گیاہے ،سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں لیکن عوام ان کے ارادوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور تمام ادارے بھی امن و امان کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث چار دہشت گرد بھی مستونگ میں ہی مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

  • بلوچ علیحدگی پسندوں نے باغی لیڈر’اللہ نظر‘ کی ویڈیوجاری کردی

    بلوچ علیحدگی پسندوں نے باغی لیڈر’اللہ نظر‘ کی ویڈیوجاری کردی

    اسلام آباد: بلوچ علیحدگی پسند باغیوں نے ایک ویڈیو ریلیز کی ہے جس کے ذریعے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا لیڈراللہ نظرزندہ ہے جس کے بارے میں پاکستانی حکومت کا موقف تھا کہ وہ اگست میں ہونے والے ایک حملے میں مارا جاچکا ہے۔

    ویڈیو شوٹ ہونے کی تاریخ کی تاحال مصدقہ ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی ہے تاہم بی ایل ایف کے ترجمان میران بلوچ نے کہا ہے کہ یہ ویڈیوماہ نومبرمیں بلوچستان میں فلمائی گئی ہے۔

    ویڈیو میں بلوچ باغی لیڈر اللہ نظر نے کہا ہے کہ ’’کچھ عرصے سے حکومت میری موت کا پروپیگنڈہ کررہی ہے جو کہ جھوٹ ہے‘‘۔

    ویڈیو میں اللہ نظرنے گولیوں کی بیلٹ پہن رکھی ہے اوران کے برابرمیں ایک آٹومیٹک رائفل رکھی ہوئی تھی۔

    بلوچستان کے صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ’’ابھی انہوں نے یہ ویڈیو نہین دیکھی لہذا وہ اس پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے قاصرہیں‘‘۔

    واضح رہے کہ ماہ ستمبر میں سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’اللہ نظر ماہ اگست میں بلوچستان کے ڈسٹرکٹ آواران میں ہونےوالے ایک حملے میں مارا جاچکا ہے‘‘۔

    باغی گروہ کی جانب سے آئے دن اغوا برائےتاوان اورحکومتی اور سیکیورٹی اداروں پر حملے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

    اللہ نظرکا تعلق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے ہے اوروہ ایک ڈاکٹرتھے ، بلوچ علیحدگی پسند لیڈروں میں ان کی شہرت بے پناہ ہے اور وہ ابھی بھی حکومت کے خلاف برسرِ پیکارہیں جبکہ زیادہ تر علیحدگی پسند لیڈر بیرونِ ملک فرار ہوچکے ہیں جن میں براہمداخ بگٹی بھی شامل ہیں جنہوں نے ماہ اگست میں حکومت کے ساتھ مذکرات پررضامندی ظاہرکی تھی۔

  • القاعدہ برصغیر کا اہم کمانڈر ہلاک، بیوی گرفتار، بھائی فرار ہونے میں کامیاب

    القاعدہ برصغیر کا اہم کمانڈر ہلاک، بیوی گرفتار، بھائی فرار ہونے میں کامیاب

    کوئٹہ : پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات ملوث القاعدہ برصغیر کا اہم کمانڈر عمر لطیف عرف لقمان بلوچستان کے سرحدی علاقے چاغی میں حساس ادارے کی کامیابی کارروائی کے دوران مارا گیا، بیوی کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا بھائی افغانستان کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ القاعدہ نے بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں اپنی کارروائیوں اور تربیتی مراکز کو موثر بنانے کیلئے عمر لطیف کو القاعدہ کانیٹ ورک قائم کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

    اس سلسلے میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ 8سے 10ماہ قبل افغانستان سے بلوچستان کے علاقے چاغی منتقل ہوا اور یہاں سے کارروائیوں کو سپروائز کرنے لگا،سیکورٹی فورسز نے اس کا سراغ لگا کر یکم اگست کو اس کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا جہاں وہ مارا گیا۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق کارروائی کے دوران عمر لطیف کا چھوٹا بھائی بلال لطیف فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم اس کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ عمر لطیف اور اس کا بھائی لاہور گجرانوالہ اور گجرات میں پولیس اسٹیشنز اور حساس مقامات پر حملوں کے علاوہ لاہور میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملوں اور اعلیٰ شخصیات کے اغواء برائے تاوان میں ملوث ہیں۔

    پنجاب حکومت نے عمر لطیف کے سر کی قیمت20لاکھ بلال لطیف کی 10جبکہ طیبہ عرف فریحہ باجی کے سرکی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر کی ہے۔