Tag: sarfraz ahmed

  • آسٹریلوی ٹیم میں تجربہ کار اور پاکستانی ٹیم میں نئے کھلاڑی ہیں: سرفراز احمد

    آسٹریلوی ٹیم میں تجربہ کار اور پاکستانی ٹیم میں نئے کھلاڑی ہیں: سرفراز احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں جبکہ پاکستان کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ایشیا کپ ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں، پاکستان کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ مختلف فارمٹ ہے، محتاط ہو کر کھیلنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بولنگ اور بیٹنگ میں بہتری کے لیے حکمت عملی بنائی ہے، ایشیا کپ ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ ٹیم سلیکشن سب کی مشاورت سے کی جاتی ہے۔

    قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی 8 ٹیسٹ کھیلنے ہیں، تجربہ حاصل ہوگا۔ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اچھی ہے، امید ہے ہم ان کے خلاف بہتر کھیلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میچز میں کامیابی کے لیے بلے بازوں کو بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔ وقت کے ساتھ بہت کچھ سیکھا ہے۔ کوشش ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔

    سرفراز نے بتایا کہ یاسر شاہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے تھے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں یاسر شاہ کی کارکردگی اچھی رہی۔ یاسر شاہ ماضی کی طرح اب بھی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ محمدحفیظ کی کارکردگی اچھی ہے اسی لیے ٹیم میں شامل کیا، آسٹریلیا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز میں کامیاب ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے ابوظہبی میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 16 اکتوبر سے ہوگا۔

    ادھر قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

  • کپتان کی تبدیلی سے متعلق چیف سیلیکٹر کا اہم بیان سامنے آگیا

    کپتان کی تبدیلی سے متعلق چیف سیلیکٹر کا اہم بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد: ایشیا کپ 2018 میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد کپتان سرفراز احمد شدید تنقید کی زد میں ہیں اور انھیں برطرف کرنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ناقدین نے پاکستانی کی ناقص کارکردگی کا ملبہ کپتان پر ڈال دیا ، یہ مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

    البتہ پاکستانی پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیرمین انضمام الحق نے اس مطالبہ کو یکسر رد کر دیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کپتان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انضمام الحق نے کہا کہ کپتان کی تبدیلی اس مسئلے کا حل نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل ہے، ان کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: قومی ٹیم میں اعتماد کا فقدان ہے: مشتاق احمد

    انضمام الحق نے کہا کہ اسی ٹیم نے گذشتہ ڈیڑھ سال میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ایشیا کپ میں ٹیم پرفارم نہیں کرسکی، مگر انھیں اس ٹیم سے بہت امیدیں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بہ طور چیف سیلیکٹر انھیں کپتان پر  بھروسا ہے، وہ ان کی حمایت کریں گے، بورڈ کا کپتان تبدیل کرنے کا ارادہ نہیں۔

    سابق ٹیسٹ کپتان نے دورہ آسٹریلیا میں آؤٹ آف فارم فخرزمان کو شامل کرنے کے فیصلہ کا دفاع کیا۔

  • شعیب ملک نےسینئر ہونے کا حق ادا کر دیا ‘ سرفراز احمد

    شعیب ملک نےسینئر ہونے کا حق ادا کر دیا ‘ سرفراز احمد

    ابوظہبی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شعیب ملک نے سینئرہونے کا حق ادا کردیا، ان کی اننگز کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے سنسنی خیرمیچ میں افغانستان کو شکست دینے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام الحق اور بابراعظم نے بہترین بیٹنگ کی۔

    انہوں نے کہا کہ شعیب ملک نے سینئرہونے کا حق ادا کردیا، ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں فیلڈنگ خراب ہوئی اور کیچز بھی ڈراپ ہوئے، اگلے میچز میں فیلڈنگ کو بہترکرنا ہوگا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ افغانستان نے بہت اچھی بیٹنگ کی جبکہ میرے خیال میں افغانستان کے اسپنرزبہترین بولرزمیں شامل ہیں۔

    پاکستان نےافغانستان کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ایشیا کپ کے سپر4 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

    پاکستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے دس رنز درکار تھے۔ شعیب ملک نے آخری اوور میں ایک چھکا اور چوکا لگا کرپاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

  • بھارت کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے: سرفراز احمد

    بھارت کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے: سرفراز احمد

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ماضی گزر گیا، حالیہ میچ پر فوکس ہے۔ کھلاڑی کے طور پر ہماری کوشش ہوتی ہے ہر میچ جیتیں، بھارت کے خلاف بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام پلیئرز کلیئر ہیں، بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی گزر گیا، حالیہ میچ پر فوکس ہے۔ کوشش کریں گے اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔ کھلاڑی کے طور پر ہماری کوشش ہوتی ہے ہر میچ جیتیں، بھارت کے خلاف بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ دنیا کو پاکستان اور بھارت کے میچ میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، کنڈیشن مختلف نہیں، ہوم گراؤنڈ جیسا کھیل پیش کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اسٹار کرکٹر رہے ان کے بہت فین ہیں، ’وزیر اعظم میچ دیکھنے آئے تو ان کے بھی بہت فین آئیں گے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے میچ میں ویسے بھی فین بہت ہوتے ہیں، پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں کی ایک دوسرے کے خلاف تیاری مکمل ہے۔

    سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ضروری نہیں ہر بار وکٹ لینے والا ہی اچھا بولر کہلائے۔ بعض اوقات بولر وکٹ نہیں لیتا اور اسکور بھی نہیں دیتا۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ 2018 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل آپس میں مدمقابل آئیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان بھی میچ دیکھیں گے۔

  • بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی، سرفراز احمد

    بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی، سرفراز احمد

    دبئی: پاکستان کے ایشیا کپ 2018 میں فاتحانہ آغاز کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کو بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان نے فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف سو فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایونٹ میں شروعات اچھی رہی، ہانگ کانگ کے خلاف کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ساتھ جب بھی میچ ہوتا ہے اہم ہوتا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اس کے ساتھ پہلے میچ میں مومنٹم حاصل کریں، انڈیا کے خلاف پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔

    خیال رہے کہ میچ سے قبل کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے، کسی بھی ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے 5 سے 6 میچ ضرور جیتنے ہوں گے، تمام ٹیمیں ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی


    واضح رہے کہ آج دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 116 رنز بنائے تھے، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور ہی میں ہدف حاصل کرلیا۔

    بابر اعظم 45 اننگز میں دو ہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے، اس سے قبل 45 اننگز میں دوہزار رنز کا اعزاز صرف ایشین بریڈ مین ظہیرعباس کے پاس تھا۔

  • عمران خان کے وزیراعظم بننے سے کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں‌ بہتری آئے گی: سرفراز احمد

    عمران خان کے وزیراعظم بننے سے کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں‌ بہتری آئے گی: سرفراز احمد

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کےوزیراعظم بننے سے کرکٹ سمیت تمام کھیل بہترہوں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کلب کرکٹ بحال ہورہی ہے، جوخوش آیند ہے.

    سرفراز احمد نے کہا کہ پی سی بی نے کلب کرکٹ کی بحالی میں اہم کردارادا کیا، عمران خان سےدرخواست ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو بند نہ کریں.

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم اس وقت اچھا کھیل رہی ہے، ایشیا کپ میں ساری ٹیمیں بہت اچھی ہیں اوراچھا مقابلہ ہوگا.

    انھوں نے واضح کیا کہ ایشیا کپ میں کوئی ٹیم آسان نہیں، بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے فٹنس پر کام کرنا ہوگا، پاکستان کرکٹ کے لئے آئندہ چار سے پانچ ماہ بہت اہم ہیں.


    سرفراز کی قیادت میں‌ کھلاڑیوں‌ کی بنی گالہ آمد، مبارکباد

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشنزمیں تمام ایشین ٹیموں کومشکل ہوتی ہے، البتہ ہماری کارکردگی اطمینان بخش رہی.

    واضح رہے کہ چیمپیئنزٹرافی کے بعد ایشیا کپ میں‌ پاک بھارت ٹیم مدمقابل ہوں گی، شائقین بھرپور مقابلے کی توقع کر رہے ہیں.

    سرفراز احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستای ٹیم ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی.

  • ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے‘ سرفراز احمد

    ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے‘ سرفراز احمد

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپیئنزٹرافی کے بعد پہلی باربھارت سے مقابلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف بھرپور تیاری سے میدان میں اتریں گے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپیئنزٹرافی کے بعد پہلی باربھارت سے مقابلہ ہوگا، ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پوری قوم جشن آزادی جوش وجذبے سے منانے کی تیاری کررہی ہے، اہلیان وطن کو یوم آزادی مبارک ہو۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا گزشتہ سال جشن آزادی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ منایا تھا، کوشش ہوگی اگلے برس جشن آزادی ورلڈکپ کے ساتھ منائیں۔

    نئے اور پرانے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہم سرفہرست ہیں، سرفراز احمد

    واضح رہے کہ 30 جون کو ہرارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جب ٹیم کی قیادت سنبھالی تو رینکنگ ساتویں نمبر پر تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ نئے اور پرانے کھلاڑیوں نے گزشتہ دو سالوں میں اچھی پرفارمنس پیش کی اسی وجہ سے آج ہم سرفہرست ہیں۔

  • پاکستان اور زمبابوے پہلے ون ڈے میچ میں آج مدمقابل، سرفراز نے ٹاس کو اہم قرار دے دیا

    پاکستان اور زمبابوے پہلے ون ڈے میچ میں آج مدمقابل، سرفراز نے ٹاس کو اہم قرار دے دیا

    بلاوایو: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز آج سے بلاوایو میں ہوگا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کو اہم قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم اب میزبان زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی جس کا آغاز آج سے ہورہا ہے، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈںگ میں خامیاں دور کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس کی۔

    ایک روزہ میچز کے لیے انجری کا شکار بابر اعظم نے صحت یاب ہوکر ٹیم کو جوائن کرلیا ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز میں پاکستان ٹیم فیوریٹ قرار دی جارہی ہے۔

    کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں ہوگی، مثبت کھیل پیش کرکے ہی کامیابی حاصل کرنا ہوگی، یہاں سردیوں کا موسم ہے اس لیے ٹاس کی بہت اہمیت ہے، ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکل میں گھر سکتی ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ شاداب خان کی موجودگی میں ایک اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرکے ہم انہیں ورلڈ کپ کے لیے آزمانا چاہتے ہیں، یاسر شاہ کو پانچ میں سے کم از کم دو میچ کھلائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ابتدائی تین میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے تاکہ ایشیا کپ سے قبل ہمیں پتہ چل سکے کہ ہمیں کن کھلاڑیوں کو لے کر آگے جانا ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 16 جولائی، تیسرا 18 جولائی، چوتھا 20 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 22 جولائی کو کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سوا بارہ بجے شروع ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ نہ ملانے پر وضاحت پیش کردی

    میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ نہ ملانے پر وضاحت پیش کردی

    ہرارے: آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ہاتھ نہ ملانے پر وضاحت پیش کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میچ میں کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی، جب میچ ختم ہوا تو گلین میکسویل سرفراز احمد سے ہاتھ ملائے بغیر روانہ ہوگئے تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

    سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد اب گلین میکسویل نے سوشل میڈیا پر ہی پاکستان ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی اور کہا کہ فخر زمان اور شعیب ملک نے گزشتہ روز شاندار اننگز کھیلی اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    گلین میکسویل نے کہا کہ جان بوجھ کر سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانے کی بات درست نہیں ہے میں سرفراز احمد کو دیکھ ہی نہیں سکا تھا، اب میں ہوٹل میں انتظار کررہا ہوں تاکہ سرفراز احمد سے ہاتھ ملاؤں اور ان کی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دوں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فائنل میچ میں ہدف کے تعاقب میں جب قومی ٹیم بیٹنگ کرنے میدان میں اتری تھی تو میکسویل نے پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کو پویلین کی راہ دکھادی تھی۔

    پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیا کی جیت یقینی نظر آرہی تھی لیکن فخر زمان اور شعیب ملک کی شاندار اننگز نے جیت آسٹریلیا سے چھین لی اور سیریز اپنے نام کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • کوشش کرتا ہوں اپنی پرفارمنس سے میچ جتواؤں‘ سرفرازاحمد

    کوشش کرتا ہوں اپنی پرفارمنس سے میچ جتواؤں‘ سرفرازاحمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جب بھی موقع ملتا ہے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ اپنی پرفارمنس سے میچ جتوا سکوں۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفزاد احمد نے کہا کہ بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سہ فریقی سیریز میں دباؤ ضرور ہوگا لیکن اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے لڑکوں سے کہا ہے کہ کسی دباؤ کے بغیرنیچرل گیم کھیلنے کی کوشش کریں۔

    آل راؤنڈر محمد حفیظ سے متعلق سوال پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کو ٹیم میں لانے کا مقصد ان کی باؤلنگ سے فائدہ لینا تھا اور ان کے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ سے بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

    کامران اکمل سے متعلق سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کررہے ہیں، جو بھی کرکٹ کھیل رہا ہے اس کی واپسی کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔

    یاسر شاہ سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ ان کا کم بیک ٹیم کے لیے اچھا ہوگا، وہ ون ڈے میں فائدے مند ہوں گے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ایک دوسرے کی پرفارمنس کے لیے دعا کرتے ہیں، تمام کھلاڑی محنت کرتے ہیں گراؤنڈ میں نظر آتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔