Tag: sarim

  • صارم کو کس نے اغوا کے بعد قتل کیا؟   والدین کا بڑا الزام

    صارم کو کس نے اغوا کے بعد قتل کیا؟ والدین کا بڑا الزام

    کراچی : نارتھ کراچی سے اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے سات سالہ صارم کے کیس میں تاحال کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے سات سالہ صارم کو کس نے اغوا کے بعد قتل کیا؟ پولیس کے لیے یہ کیس تاحال معمہ بنا ہوا ہے۔

    صارم کے والدین نے الزام عائد کیا ہےکہ تفتیشی پولیس تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، جس کی وجہ سے کیس کمزور ہوتا جا رہا ہے، اس کیس پر سنجیدگی سے کام کیا جاتا تو واقعے میں ملوث ملزمان گرفتار کیے جا سکتے تھے۔

    یاد رہے سات سالہ صارم کو نارتھ کراچی کے فلیٹ سے نو جنوری کو اغوا کیا گیا تھا، جس کی لاش واقعے کے 11روزبعدلاش پانی کےٹینک سے ملی تھی،

    پولیس نے اس کیس میں کئی ملزمان کو گرفتار کیا لیکن قتل میں ملوث ملزمان اج بھی قانون کی گرفت میں نہ آسکے۔

    صارم کیس کی تمام خبریں

    صارم کی پوسٹ مارٹم کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے ماہر ڈاکٹرز اور پروفیسرز پر مشتمل 4 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا تھا تاہم کوئی نتیجہ نہ آسکا۔

  • صارم اغوا اور قتل کیس میں اہم پیشرفت، پولیس نے مزید شواہد اکٹھے کرلیے

    صارم اغوا اور قتل کیس میں اہم پیشرفت، پولیس نے مزید شواہد اکٹھے کرلیے

    کراچی میں 7 سالہ بچے صارم کے اغوا اور قتل کیس میں پیشرفت ہوئی ہے پولیس نے اہم شواہد اکٹھے کرلیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن مدرسے کے مہتمم اور چوکیدار کے کمروں میں کیا گیا جہاں سے کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فلیٹوں کی بھی سرچنگ کی گئی جس میں خواتین سرچرز کی مدد سے گھر والوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صارم کیس کے حوالے سے تفتیش کے دوران کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ ڈی این اے خراب ہونے کی وجہ سے میچنگ میں مشکلات کا سامناہے، اب تک قاتل کے پکڑے نہ جانے کی اہم وجہ بھی ڈی این اے کا میچ نہ ہونا ہے۔

    یاد رہے 7سالہ صارم قتل کیس میں واقعاتی شواہد اور ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بہت کم مماثلت سامنے آئی تھی اور ٹیم کو  ابتدائی پوسٹ مارٹم کے نکات غیر تسلی بخش ہونے کا شبہ ہے۔

    صارم کیس کی تمام خبریں -کراچی 2025

    تحقیقاتی ذرائع نے بتایا تھا  کہ میڈیکل لیگل آفیسر کو سوالا نامہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، سوالنامہ ڈی این اے،کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد بھیج دیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم کو ٹینک سے صارم کی مدرسہ کی ٹوپی اورگیند بھی مل گئی، ٹیم کو ملنے والے اہم شواہد کوصارم کے والدین نےبھی شناخت کرلیا۔

    ذرائع نے مزید کہا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم نے ڈاکٹروں کا خصوصی میڈیکل بورڈ بنانے کیلئے اعلیٰ حکام کو مشورہ دیا۔

  • کمسن صارم کا اغوا اور زیادتی کے بعد سفاکانہ قتل، ذمہ دار کون؟ آڈیو رپورٹ

    کمسن صارم کا اغوا اور زیادتی کے بعد سفاکانہ قتل، ذمہ دار کون؟ آڈیو رپورٹ

    کراچی میں ایک اور کمسن پھول کھلنے سے پہلے ہی مسل دیا گیا انسانیت کے لبادے میں وحشی درندے نے زیادتی کے بعد 7 سالہ صارم کو بے دردی سے قتل کیا۔

    حیوانی ہوس پر مشتمل اس دردناک کہانی کا آغاز ہوتا ہے 7 جنوری کو نارتھ کراچی کے علاقے میں واقعہ بیوت الانعم اپارٹمنٹ میں ہوا۔ منگل 7 جنوری کا سورج ننھے صارم کے گھر والوں کے لیے ایک اذیت ناک دن لے کر طلوع ہوا۔ اس دن صارم گھر سے مدرسے کے لیے بھائی کے ہمراہ نکلا ضرور لیکن پھر کبھی واپس نہ آ سکا۔

    صارم کے والدین اور اہلخانہ کی بچے کے مل جانے کی امید اس کے لاپتہ ہونے کے 11 دن بعد اس وقت ٹوٹ گئی جب 18 جنوری کو عمارت کے زیر زمین پانی کے ٹینک سے ہی اس کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ لاش کے ساتھ اس کی مدرسہ کی ٹوپی اور گیند بھی ملی۔

    صارم کی گمشدگی کے دوران 11 روز تک والدین بچے کی بازیابی دہائیاں دیتے رہے، مگر پولیس نے ابتدا میں روایتی ٹال مٹول والی تحقیقات کیں اور جب لاش ملی تو بھاگ دوڑ شروع ہوئی، لیکن اب یہ بھاگ دوڑ کیا غمزدہ والدین کو ان کا صارم واپس دلا سکے گی۔

    معصوم صارم کے ساتھ اس کے اغوا کے دن سے لے کر قتل کیس میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے۔ اس بارے میں جانتے ہیں ریحان خان کے اس آڈیو پوڈ کاسٹ میں۔

    پاکستان اور دنیا بھر سے آڈیو خبریں اور پوڈکاسٹ

     

  • صارم قتل کیس، پولیس نے میڈیکولیگل افسر سے دوبارہ رائے حاصل کر لی

    صارم قتل کیس، پولیس نے میڈیکولیگل افسر سے دوبارہ رائے حاصل کر لی

    کراچی: صارم قتل کیس میں قاتل کی تلاش کے سلسلے میں پولیس نے میڈیکولیگل افسر سے دوبارہ رائے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صارم قتل کیس میں خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم اب تک 30 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کر چکی ہے، دوران تفتیش مشتبہ بات سامنے آئی تو ان افراد کے بھی ڈی این اے کے نمونے لیے جائیں گے۔

    ٹیم نے صارم کے بڑے بھائی اور اس کے دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کی، گزشتہ روز 7 مشکوک افراد کے ڈی این اے نمونے جامعہ کراچی کی لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔

    خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم نے میڈیکو لیگل افسر سے بھی ان کی دوبارہ رائے حاصل کی ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق لاش جب ٹینک سے نکالی گئی تو 8 سے 10 گھنٹے ہو گئے تھے، انویسٹی گیشن ٹیم کو لگتا ہے کہ لاش کو انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک میں 10 سے کئی گھنٹے زیادہ ہو چکے تھے۔

    اب تک زبانی شواہد ہی سامنے آ سکے ہیں، کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے، گزشتہ روز زیر زمین پانی کے ٹینک سے کچھ فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں، رہائشی پروجیکٹ کے بند فلیٹس کو بھی چیک کیا گیا۔

    حتمی نتائج کے لیے کیمیکل رپورٹ اور ڈی این اے کی رپورٹس کو دیکھا جائے گا، ٹیم کے ہمراہ کرائم سین یونٹ اور سی پی ایل سی کی ٹیم بھی تفتیش کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ صارم قتل کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے مزید 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے زیر حراست افراد کی تعداد 9 ہو گئی ہے، گزشتہ روز 7 افراد کے ڈی این اے لیے گئے تھے، لیبارٹری کی ڈیمانڈ پر صارم کے والد اور بیٹے کا سیمپل بھی لے لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق تفتیشی ٹیم کے ساتھ ٹیکنیکل آئی ٹی ایکسپرٹ کو بھی شامل کیا جائے گا، ڈی این اے اور فرانزک رپورٹ سے تفتیش آگے بڑھے گی۔

  • صارم کے والدین نے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر دھرنا دے دیا

    صارم کے والدین نے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر دھرنا دے دیا

    کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے رہائشی 7 سالہ بچے مقتول صارم کے والدین نے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر دھرنا دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نارتھ کراچی سے لاپتا ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کی لاش گزشتہ دنوں پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوئی جبکہ بچے کے جسم پر زخم کے نشانات بھی موجود تھے۔

    اب مقتول صارم کے والدین نے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔

    والدین نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، صارم قتل کیس میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، کل پتا چلا ہمارا کیس بلال کالونی پولیس کو واپس ٹرانسفر کردیا گیا۔

    صارم کے والدین کا کہنا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملے گا ہم دھرنا جاری رکھیں گے، تفتیش میں سراغ رساں کتوں کی مدد کے لیے ہم سے پیسے مانگے گئے۔

    بعدازاں پولیس کی یقین دہانی پر دھرنا مؤخر کردیا گیا، والد نے کہا کہ پولیس کی یقین دہانی پر دھرنا مؤخر کررہے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری ٹیم باریک بینی سے تحقیقات کررہی ہے اگر کسی افسر یا اہلکار کی کوتاہی پائی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔

  • نارتھ کراچی سے لاپتہ ہونیوالے صارم کی لاش مل گئی

    نارتھ کراچی سے لاپتہ ہونیوالے صارم کی لاش مل گئی

    کراچی: پولیس کا کہنا ہے کہ 11 روز قبل نارتھ کراچی سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے بچے صارم کی لاش مل گئی۔

    پولیس کے مطابق صارم کی لاش گھر کے قریب زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی ہے، پانی کے ٹینک پر  ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا  رکھا ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ حادثاتی طور پر ٹینک میں گرا یا کسی نے گرایا ہے اس اس کی تحقیقات کررہے ہیں، 7 سالہ صارم 11روز  قبل پراسرار طور پر مدرسے سے واپسی پر لاپتہ ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد حتمی طور پر بتاسکیں گے وجہ موت کیا ہے۔

    ’صارم کو جو لے گیا اسے دروازے پر چھوڑ دے کچھ نہیں بولیں گے‘

    صارم کی لاش کیسے ملی؟ اہم انکشاف سامنے آگیا

    یاد رہے 7 جنوری کو بچہ اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا، جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد بڑا بھائی گھر آگیا لیکن صارم نہیں آیا تھا۔

    صارم کی گمشدگی کے وقت علاقے میں بجلی نہیں تھی جس کی وجہ سے پولیس کو سی سی ٹی وی ویڈیو نہیں ملی تھی، اس واقعے کے بعد بچے کے والدین سے آن لائن پیسے بھیجنے کا تقاضہ بھی کیا گیا تھا۔

    جس کے بعد پولیس حکام نے بچے کی بازیابی کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی تھی اور کہا تھا کہ مختلف زاویوں سے کیس پر کام کررہے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ کسی جاننے والے کا ہی کام ہے۔

    ننھے صارم کی موت حادثہ یا قتل ؟ پوسٹ مارٹم میں بڑا انکشاف سامنے آگیا