Tag: Sartaj Aziz

  • نیپال میں لاپتہ پاکستانی کے لیے حکومت سرگرم عمل: سرتاج عزیز

    نیپال میں لاپتہ پاکستانی کے لیے حکومت سرگرم عمل: سرتاج عزیز

    اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ نیپال میں لاپتہ ہونے والے سابق پاکستانی فوجی افسر کی تلاش کے لیے حکومت سرگرم عمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینٹ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کی تحریک التوا پر سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ 6 اپریل کو نیپال سے لاپتہ ہونے والے سابق پاکستانی فوجی افسر کرنل ریٹائرڈ حبیب کا تاحال پتہ نہیں چلا۔

    انہوں نے بتایا کہ فوجی افسر کا نیپال میں بھارتی باڈر سے 5 کلو میٹر دور فون بند ہوگیا۔ حکومت پاکستان نے سفارتخانہ کے ذریعے نیپال میں گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا۔ پاکستان میں بھی گمشدگی کامقدمہ درج ہے۔ کرنل حبیب کی فیملی نے اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کی ہے۔

    مزید پڑھیں: ریٹائرڈ فوجی کی گمشدگی کے حوالے سے اہم انکشافات

    چیئرمین سینیٹ نے تحریک التوا آئندہ اجلاس میں بحث کے لیے منظور کرلی۔ ملک میں پولیو کی صورتحال پر اطمینان بخش جواب نہ آنے پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آوٹ بھی کیا۔

    سینیٹ میں کورم کی کمی پر گھنٹیاں بجائی گئیں اور کورم پورا کیا گیا۔

    سراج الحق کے سوال پر سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اعظم نے صدر اوباما کو آخری ایام میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے خط لکھا لیکن امریکہ نے ماننے سے انکار کر دیا۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے موجود ہیں۔

    عافیہ صدیقی کے معاملے پر سینیٹر طلحہ محمود کو فلور نہ دیے جانے پر انہوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ایوان میں توجہ دلائو نوٹس پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور او آئی سی کو خط لکھا۔

    ان کے مطابق جولائی سے اب تک بھارتی مظالم سے سینکڑوں کشمیری شہید جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے۔ 9 اپریل کو کشمیریوں نے جموں و کشمیر میں نام نہاد ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ بھارتی مظالم سے 9 کشمیری شہید جبکہ 200 زخمی ہوئے۔

    سرتاج عزیز نے بتایا کہ بھارتی فوج نے ایک کشمیری کو جیپ پر باندھ کر ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ پلوامہ گرلز کالج میں کئی طالبات کو شہید کیا گیا۔ بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے حق میں نہیں۔

    مزید پڑھیں: کشمیری کو ڈھال بنانے پر بھارتی فوج پر مقدمہ

    سینیٹ کا اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

  • کلبھوشن 90 روز میں رحم کی اپیل کرسکتا ہے، سرتاج عزیز

    کلبھوشن 90 روز میں رحم کی اپیل کرسکتا ہے، سرتاج عزیز

    اسلام آباد : مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو نے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچایا، اسے قانون کے مطابق سزا سنائی ہے، کلبھوشن نوے روز میں رحم کی اپیل کرسکتا ہے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، کلبھوشن بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے اسے پاکستانی قانون کے مطابق سزا سنائی ہے، کلبھوشن نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا، کلبھوشن ایران سے آنے والے زائرین پر حملوں اور کوئٹہ میں ہزارہ برادری پر حملوں میں ملوث ہے۔

    مشیر خارجہ نے مزید کہا کہ کلبھوشن یادیو 90 روز میں رحم کی اپیل کرسکتا ہے، 40 دن میں عدالت،60 دن میں آرمی چیف کواپیل کرسکتا ہے جبکہ صدر مملکت سے رحم کی اپیل کرسکتا ہے، کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیان کی ویڈیو موجود ہے، بھارت نے کئی پاکستانی قیدیوں کو قونصلر رسائی نہیں دی تھی، بھارت کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔


    مزید پڑھیں : بھارتی جاسوس کلبھوشن کے نیٹ ورک کو پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، سرتاج عزیز


    سرتاج عزیز نے کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘کے جاسوسی کرتا تھا، قانون کے مطابق کلبھوشن یادیو کو لیگل ٹیم  دی گئی،  کلبھوشن جاسوسی اور دہشت گردی کے الزام میں پکڑا، کلبھوشن یادیو کو گواہوں سے سوالات کا بھی موقع دیا گیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل(ر) حبیب ظاہر کے معاملے پر دفترخارجہ بات کرچکا ہے، کلبھوشن یادیو پسنی میں ریڈار پرحملہ کرانے میں بھی ملوث ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ‘ 8کشمیری نوجوان شہید‘ پاکستان کی شدید مذمت

    مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ‘ 8کشمیری نوجوان شہید‘ پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد : مشیرخارجہ سرتاج عزیز نےمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں آٹھ کشمیری نوجوانوں کےقتل کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق مشیرخارجہ سرتاج عزیز نےمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں آٹھ کشمیری نوجوانوں کےقتل کی شدید مذمت کرتے ہوئےعالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بےگناہ کشمیریوں کا قتلِ عام فوری طورپربند کرائے۔

    سرتاج عزیز نے اپنے بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق شفاف ، آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کرانے کےلیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

    مشیر خارجہ کا کہناہےکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زندگی کی پرواہ کیے بغیر ان کے بنیادی انسانی حقوق دینے سے مسلسل انکار کرتارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے وادی میں جاری جارحیت اوروحشیانہ مظالم انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں۔

    سرتاج عزیزنے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کے پختہ عزم نے بھارت کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے حصول تک اپنے موقف پر ثابت قدم رہیں گے۔


    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ‘وادی میں ہڑتال


    واضح رہےکہ مقبوضہ کشمیر میں ضلع بڈگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں آٹھ نوجوانوں کے قتل عام کےخلاف آج ہڑتال کی جارہی ہے۔

  • بھارتی فوج کی فائرنگ سے چارکشمیری شہید، درجنوں زخمی

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے چارکشمیری شہید، درجنوں زخمی

    سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مظاہرین پرگولی چلادی۔ سری نگرمیں قابض فوج کی فائرنگ سے چار کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ نوجوان گھر گھرچھاپوں کےخلاف احتجاج کررہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سری نگر میں بھارتی فوج نے ضلع بڈگام میں نہتے مظاہرین پر فائرنگ کر دی، قابض فوج کی فائرنگ سے 4 کشمیری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    شہید کشمیری نوجوان زاہد رشید اور ثاقب احمد علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک گھر کو تباہ کرنے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ دوسری جانب پلوامہ میں بھی دو روز قبل 2 نوجوان بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر حریت رہنماؤں نے ہڑتال کی کال دی ہے۔

    بھارتی فوج کے مظالم پر پاکستان کا شدید رد عمل

    علاوہ ازیں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کی شہادت پر پاکستان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کے لیے بدترین ریاستی دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان نہتے کشمیریوں کی شہادت کے معاملے میں خاموشی اختیار نہیں کر سکتا۔ بھارت کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کے لیے بدترین ریاستی دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔

    ڈائیلاگ کا مشورہ دینے والی عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی بند کروائیں۔

  • پاکستانیوں کے ویزے پر پابندی کا کوئی امکان نہیں، امریکی سفارتخانہ

    پاکستانیوں کے ویزے پر پابندی کا کوئی امکان نہیں، امریکی سفارتخانہ

    اسلام آباد: امریکا نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کی پابندی کے حوالے سے اطلاعات کو بے بنیاد قرار دے دیا اور کہا ہے کہ ویزے معمول کے مطابق جاری کررہے ہیں دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ مسلم ممالک سے متعلق نئی امریکی ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہےہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد میتلا کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کو امریکی ویزا دینے پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہیں ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر ویزے جاری کیے جارہے ہیں جس میں  کسی قسم کے تعطل کا کوئی امکان نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی باشندوں کے امریکا میں داخلے پر بھی کوئی پابندی کا امکان نہیں،پاکستان شہری امریکن ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں طے شدہ پروسیجر اور شیڈول کے مطابق ویزے پہلے بھی دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

    دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 مسلم ممالک سے متعلق نئی امریکی ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں، ہرملک کو اپنی ویزا پالیسی سے متعلق مکمل اختیارحاصل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اوپن پالیسی وقت کا تقاضا ہے، ویزا ایشو کی مزید تفصیلات آنے تک کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا،بین الاقوامی طور پر تمام ممالک سے تعلقات رکھنا ضروری ہیں۔

  • پاکستان میں بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے

    پاکستان میں بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے

    اسلام آباد : پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کردیئے گئے، ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل یو این کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب میلحہ لودھی نے پاکستان میں بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ نے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کے حوالے کردیئے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی ان کے حوالے کیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے اکتوبر 2015ء میں بھی بھارتی مداخلت کے 3 ڈوزیئر اقوام متحدہ کو دئیے تھے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیزنے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کو لکھے گئے خط میں انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکبادی دی اور ساتھ ہی مسئلہ کشمیر حل کرانے کی یاد دہانی بھی کرائی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے اپنے خط میں بتایا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کا انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں میں اہم حصہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

    مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے خط میں کلبھوشن یادیو کے بیان کا حوالہ بھی دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے امن کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ملکی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔

    سرتاج عزیز نے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ یو این بھارت کو پاکستان میں عدم استحکام سے روکے، فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں معاملات کا جائزہ لیا جائے، بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ بیانات عکاس ہیں، بھارتی سرگرمیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارتی مداخلت کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کو دینے کی تیاری مکمل

    انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے تنازعات کا پر امن حل ضروری ہے، اقتصادی ترقی اورخوشحالی علاقائی تعاون سے ہی ممکن ہے، پاکستان اپنی علاقائی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، مشیر خارجہ نے نئے سیکریٹری جنرل کو مسئلہ کشمیرکے حل کی یاد دہانی بھی کرائی۔

  • بھارتی حکام نے سرتاج عزیز کو پریس کانفرنس سے روک دیا

    بھارتی حکام نے سرتاج عزیز کو پریس کانفرنس سے روک دیا

    امرتسر: بھارت نے اپنی روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر پریس کانفرنس سے روک دیا، ہائی کمشنر عبدالباسط کو بھی روکا گیا جس پر انہوں نے سیکیورٹی افسر کر جھاڑ پلادی۔

    تفصیلات کے مطابق جو دشمنی میں سفارتی آداب ہی بھلادے اسے بھارت کہتےہیں، سرتاج عزیز کو ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس کرنی تھی لیکن بھارتی حکام نے سیکیورٹی ایشو بنا کر انہیں میڈیا کے سامنے آنے سے روک دیا اور انہیں اپنے ہوٹل کے کمرے تک ہی محدود کردیا گیا۔

    پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے بھی منفی رویہ اختیار کیا گیا میڈیا سے بات کرنے آئے تو سیکیورٹی افسر آڑے آگیا ۔ جس پر انہوں نے اسے جھاڑ پلادی۔ کہا کوئی انہیں پاکستانی صحافیوں سے بات کرنے سے روک نہیں سکتا۔

    اس کے علاوہ بھارتی حکام نے پاکستانی وفد کے ساتھ انتہائی منفی رویہ اختیار کرتے ہوئے پاکستانی وفد کو گولڈن ٹیمپل بھی نہ جانے دیا۔ بھارتی حکام اس حد تک بد تمیزی کی کہ امرتسر میں امیگریشن حکام نے مشیر خارجہ کو آدھے گھنٹے روکے رکھا۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس منفی رویے کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کیا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز 2 روزہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت کے شہر امرتسر میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کانفرنس کے اختتام پر گولڈن ٹیمپل جانے کا ارادہ کیا تھا۔

    بھارت میں سفارتی آداب کی خلاف ورزی اور ناروا سلوک کے بعد سرتاج عزیز نے پاکستان میں ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرلی ہے۔

  • ہارٹ ایشیاء کانفرنس، افغان صدرکی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی

    ہارٹ ایشیاء کانفرنس، افغان صدرکی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی

    امرتسر : افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے افغانستان کی تعمیر نو کیلئے پاکستان کی پچاس کروڑ ڈالر امداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس رقم کا استعمال پاکستان کے اندر انتہا پسندی پر قابو پانے پر صرف کرے، انہوں نے کہا کہ ہمیں سرحد پار دہشت گردی کا تعین کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کو سیکیورٹی کے شدید خطرات درپیش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر امرتسر میں منعقدہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوسرے روز افغان صدر اشرف غنی پاکستان کیخلاف زہر اگلنا نہ بھولے۔ افغان صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں سرحد پار دہشت گردی کا تعین کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی تعمیر نو کیلئے پاکستان کی پچاس کروڑ ڈالر امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان کو چاہیئے کہ وہ یہ رقم پاکستان کے اندر انتہا پسندی پر قابو پانے پر خرچ کرے کیونکہ دہشت گردی کے خاتمہ کے بغیر پاکستان کی امداد کا کوئی فائدہ نہیں۔ افغانستان میں دیرپا امن واستحکام پرتوجہ دے رہےہیں۔ افغانستان کو سیکیورٹی کے شدید خطرات درپیش ہیں۔

    افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ امریکی صدر براک اوباما، ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤ ں کی جانب سے افغان مسئلے پر توجہ کا شکرگزارہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان جنگ کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں لیکن عام شہریوں کی ہلاکتیں ناقابل قبول ہیں۔

    افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام کیلئےافغانستان میں امن ضروری ہے۔

    اس موقع پر مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان میں پائیدار امن ترقی اوراستحکام پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں مشیرخارجہ سرتاج عزیزکانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کررہےہیں۔

  • فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے کی تجویز پر سب متفق ہیں، سرتاج عزیز

    فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے کی تجویز پر سب متفق ہیں، سرتاج عزیز

    اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے کی تجاویز پر سب کا اتفاق ہے لیکن ابھی وہاں آباد کاری کے کام ہونے ہیں

    قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام فاٹا میں یکساں قانون کی ضرورت ہے، فاٹا کے عوام چاہتے ہیں کہ اپنے رواج کے مطابق کام کریں اس کے لیے ہم نے رواج ایکٹ بنایا ہے۔

    مشیر خارجہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ دو ہفتے میں کابینہ میں اس ضمن میں سفارشات پیش کردی جائیں تاکہ کام شروع ہوجائے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ فاٹا میں مزید 20 ہزار لیوی اہلکاروں کی ضرورت ہے تاکہ پولیس کا نظام مکمل ہو، لوکل باڈی کے قیام کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں اگر 2018 میں انہیں نمائندگی کا حق نہ ملا تو 2023ء میں بہت دیر ہو جائے گی۔

    دریں اثنا قومی اسمبلی کا اجلاس کل ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

  • بھارتی جارحیت خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، سرتاج عزیز

    بھارتی جارحیت خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، سرتاج عزیز

    اسلام آباد : مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دے رہی ہے، سلامتی کونسل بھارت کو سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے روکے, بھارتی اقدامات خطے میں امن کے لیے بڑاخطرہ ہیں۔

    یہ بات انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر حالیہ بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں 7 پاکستانی فوجی جوانوں کی شہادت پر اپنے رد عمل میں کہی۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن کے لیے بڑاخطرہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزیاں اسٹریٹجک غلط فہمی ثابت ہوسکتی ہیں، مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے اس سال خواتین اوربچوں سمیت 26 شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے ہیں۔

    علاوہ ازیں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے بھارتی فائرنگ سے بھمبر سیکٹر میں سات جوانوں کی شہادت کی تصدیق کی۔

    مزید پڑھیں : ملکی سلامتی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے، سرتاج عزیز

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت سرحدوں پر مسلسل بلااشتعال فائرنگ کرکے کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلااشتعال فائرنگ اور سات جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔