Tag: Sartaj Aziz

  • سرتاج عزیزکی ایشیا اوریورپ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات

    سرتاج عزیزکی ایشیا اوریورپ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات

    اسلام آباد: بارہویں ایشیا یورپ وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ذیلی ملاقاتوں کے سلسلے میں وزیراعظم کے مشیرِخصوصی برائے خارجہ امورسرتاج عزیزنے ایشیا اوریورپ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا اور یورپ کے وزرائے خارجہ کی اس ملاقات میں جاپان، ڈنمارک، جرمنی، نیدرلینڈ، گریس اورسنگاپورکے وزرائے خارجہ شریک تھے۔

    پاکستانی دفترِخارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شریک وزراء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے پیش کی جانی والی عظیم قربانیوں کو تسلیم کیا۔

    اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جانب سے کی گئی کاوشوں کوسراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ، تجارت اورسرمایہ کاری کے میدان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ایشیا اور یورپ کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قیام امن اورطالبان اورافغان حکومت کے درمیان مذاکرات کے لئے پاکستان کے کردار پرزوردیا، اورپاکستان میں زلزلے سے ہونے والی اموات پربھی اظہارِافسوس کیا۔

    عالمی وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے اس ملاقات میں سرتاج عزیز نے دیگر ممالک کے وزیروں سے دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں خصوصی توجہ افغانستان ، پاک بھارت تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر رہی۔

  • پاکستان اور ایران میں تاریخی اورثقافتی تعلقات ہیں،علی شام خانی

    پاکستان اور ایران میں تاریخی اورثقافتی تعلقات ہیں،علی شام خانی

    اسلام آباد: ایرانی سپریم سیکورٹی کو نسل کے سیکرٹری علی شامخانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے باہمی تعاون سے گوادر اور چہابہار پورٹس کو فعال کر نے پرکام جاری ہے، ایران مسئلہ کشمیر کی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کی حمایت کرتاہے۔

    اسلام آباد میں مشیر خارجہ سر تاج عزیز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیں گے، یمن کے مسئلے پر پاکستان کے موقف پر شکر گزار ہیں۔

    ایران داعش کے خلاف بننے والے کسی بھی اتحاد کا ساتھ دے گا اور شام کے سیاسی مسئلے کی حمایت کر ے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ اسلامی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بالخصوص پاکستان کے افغانستان میں قیام امن سے متعلق تعاون کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ زلزلے میں جانی نقصان پر دکھ ہے اور ایران نے حکومت کو ہر طرح کی مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا اسلام سے کو ئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان کے ساتھ صوبائی سطح پر، دفاع،مواصلات، معیشت اورسرحدی سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون یقینی بنایا جائے گا۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ نیو کلیئر ڈیل سے ایران معاشی طور پر مضبوط ہو گا اورخطے میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی شام میں مداخلت بہت اہم ہے ۔

  • پاک بھارت سیریز کا امکان نہیں، سرتاج عزیز

    پاک بھارت سیریز کا امکان نہیں، سرتاج عزیز

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سیریز کا امکان نظرنہیں آتا۔

    اےآر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاک بھارت سیریز کے امکانات نظر نہیں آتے۔

    مشیر خارجہ نے کہا کہ ان سے ایک شخص نے سوال کیا کہ کیا پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز ہو گی تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی اس کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے پاک، بھارت کرکٹ سیریز کے انعقاد کی یقین دہانی پر ہی بگ تھری معاہدے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا لیکن بھارت بگ تھری تشکیل دینے کے بعد ایک بار پھر اپنے وعدے سے مکر گیا ہے۔

    بھارت ہمیشہ کی طرح وعدے کر کے مکر جاتا ہے، پچھلے سال پاکستان نے بگ تھری کے معاہدے پر اسی لئے دست خط کئے تھے کہ اسے بھارت سے آٹھ سال میں چھ سیریز کا وعدہ کیا گیا تھا۔

    بھارتی بورڈ حکومتی اجازت نہ ملنے کے بہانے پر سیریز کھیلنے سے انکاری ہے، اب مشیر خارجہ کے بیان کے بعد پاک بھارت سیریز کے امکانات دم توڑ گئے ہیں۔

  • پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کر دیئے

    پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کر دیئے

    نیویارک :‌پاکستان نےبھارتی دہشت گردی کےثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کر دیئے، اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ ملیحہ لودھی نے تین ڈوزیئر سیکریٹری جنرل بان کی مون کو دیئے.

    بھارت پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، پاکستان نے ثبوت اقوام متحدہ کو فراہم کردہیے گئے، نیویارک میں مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو ڈوزیئر دیے ہیں، جن میں بھارت کے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں دہشتگرد ی میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں.

    مشیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی سے دنیا کے پندرہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے۔

    سرتاج عزیز نے کہا کہ اوفا میں طے پایا تھا کہ دونوں ملک تمام مسائل پر مذاکرات کرینگے تاہم بھارت مختلف بہانوں سے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔

    افغانستان میں قندوز پر طالبان حملے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر سرتاج عزیز نے تشویش کا اظہار کیا، پاکستانی مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی بحالی کے لیے پُر عزم میں ہے۔

  • مودی حکومت میں سرحدی خلاف ورزیاں بڑھ گئیں،سرتاج عزیز

    مودی حکومت میں سرحدی خلاف ورزیاں بڑھ گئیں،سرتاج عزیز

    کراچی : مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب پچانوے فیصد مکمل ہوچکا ہے۔مودی حکومت میں سرحدی خلاف ورزیاں بڑھ گئیں۔

    دنیابھر کے ممالک کی خارجہ پالیسی سرد جنگ کے بعد تبدیل ہونا شروع ہوئی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں آئی بی اے یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں گزشتہ 10 سال میں کافی اتارچڑھاوٴآیا ہے،مشرقی وسطیٰ کا بحران خطرناک ہے،جس نے لوگوں کو تقسیم کردیا ہے۔متوازن خارجہ پالیسی کیلئے ضروری ہے کہ ملک معاشی اورسیاسی سطح پرمستحکم ہو۔

    بعد ازاں مشیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے چائنا سے تجارتی تعلقات کو مضبوط کیا جس کے نتیجے میں پاک چائنا تجارتی راہداری عمل میں لائی گئی ہے، پاکستان میں سو ملین سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

    سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت78ہزار غیر قانونی مدرسوں کا خاتمہ کیا گیا،آرمی اور رینجرز دو سال سے آپریشن میں حصہ لیکر اندرونی دہشت گردی سے نمٹ رہے ہیں جس میں کسی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

    اس وقت ایران اور افغانستان کے چائنا سے تعلقات زیادہ اچھے ہیں، جبکہ رشیاء سے تعلقات بہتر کرنے اور تجارتی تعلقات بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    تقریب میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور خورشید قصوری نے بھی خطاب کیا ،حنا ربانی کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی وہ صحیح ہوتی ہے جس میں ملک کے اندرونی معاملات کی مثبت اندازمیں عکاسی کی جائے۔

    پاکستان جس خطے میں ہے وہاں دوست ملک بھی ہے اوردشمن ملک بھی، پاکستان کی خارجہ پالیسی میں سافٹ امیج کو نمایاں کرنااولین ضرورت تھی۔

  • بھارت نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائیگا، سرتاج عزیز

    بھارت نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائیگا، سرتاج عزیز

    اسلام آباد: مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے،حملہ کیا تو بھرپورجواب دیا جائے گا۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ مودی سرکار پاکستان مخالف نعرے پربنائی گئی، افغان حکام سے پاکستان مخالف مہم بند کرنے اور سفارتی عملے کو تحفظ فراہم کرنے پربات ہوئی۔

    عزیز نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی پالیسی پہلے دن سے پاکستان مخالف ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان بھارت سے کشمیر سمیت تمام امور پر مذاکرات کے زریعے حل چاہتے ہیں، بھارت حملہ کرنے کی خوش فہمی میں نہ رہے، انہوں نے کارروائی کی تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

    سرتاج عزیز نے داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

    قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورسز  کے درمیان کل ہونے والی ملاقات بہت اہمیت کی حامل ہیں، جس کا مقصد لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی کم کرنا ہے، تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ دونوں جانب گائید لائن کا کوئی نظام قائم کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سرتاج عزیز اور ان کے بھارتی ہم منصب کے درمیان 24-23 اگست کو ہونے والی ملاقات عین وقت پر بھارت کی جانب سے منسوخ کردی گئی تھی کیونکہ پاکستان نے حریت رہنماؤں کو دعوت دی تھی۔

    دورہ افغانستان پر بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ دورۂ افغانستان میں پاکستان مخالف بیانات بند کیے جانے پر اتفاق ہوا اور افغان صدر نے یقین دلایا کہ بداعتمادی کی فضا کو ختم کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ اکنامک کمیشن پر بات کی جائےگی جب کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں افغان وزیر تجارت پاکستان کا دورہ کرینگے۔

  • سرتاج عزیز کی زیرصدارت دفترخارجہ میں بین الوزارتی اجلاس

    سرتاج عزیز کی زیرصدارت دفترخارجہ میں بین الوزارتی اجلاس

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور سرتاج عزیز کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا۔

    جس میں اقوام متحدہ کے سال 2015 کے بعد کے ترقیاتی اہداف کے ایجنڈے کے حوالے سے  پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے غور خوص کیا گیا۔

    اس موقع پر منصوبہ بندی، ترقی کے وفاقی وزیر اور اصلاحات احسن اقبال، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سینئر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ  پاکستان کی ترقی ،ضروریات اور ترجیحات کے حوالے سے میلینئم ڈیولپمنٹ کے اہداف کے حصول کی تکمیل کیلئے مربوط نظام وضع کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ترقیاتی اہداف کے ایجنڈے کے مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کی کارکردگی ناکافی رہی ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے اجلاس میں مذکورہ ترقیاتی ایجنڈا اختیار کیا جائے گا۔

    پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم میاں ںواز شریف کریں گے، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے جانے والے ایجنڈے میں اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے 17 مقاصد اور 169 اہداف پر مشتمل پائیدار ترقی کے  طول و عرض کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    ایجنڈے میں غربت اور بھوک کا خاتمہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حصول، جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی اور مکمل اور پیداواری روزگار کو فروغ دینے، تعلیم، صحت، پانی اور صفائی ستھرائی کے لئے توانائی تک رسائی کو یقینی بنانے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار تحفظ کو یقینی بنانے اور اس کے قدرتی وسائل کی اہم ترجیحات شامل ہیں۔

  • طاقت کااستعمال دونوں ممالک کے لئے نقصان دہ ہے: سرتاج عزیز

    طاقت کااستعمال دونوں ممالک کے لئے نقصان دہ ہے: سرتاج عزیز

    کابل: مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے کابل میں افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی سےملاقات کی اورپاکستان کی جانب سے مطالبات پیش کئے۔

    مشیرخارجہ سرتاج عزیزکا کہنا تھا طاقت کا استعمال دونوں ملکوں کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ افغان وزیرخارجہ صلاح الدین سے ملاقات میں سرتاج عزیز نے کابل میں پاکستان کے سفارت خانے اورسفارتی عملے کوتحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔

    انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان کے خلاف وال چاکنگ بند کی جائے۔

    اس موقع پرپاکستانی دفترِخارجہ نے سرتاج عزیز کی کابل میں سرگرمیوں کے بارے میں ایک میڈیا بریفنگ کا بھی اہتمام کیا۔

    سرتاج عزیزایک روزہ دورے پرکابل پہنچنے ہیں اوروہ افغان قیادت سے ملاقاتوں میں مختلف امورپرپاکستانی موقف سے آگاہ کریں گے۔ سرتاج عزیز اس دورے میں افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دوسری جانب دفترِخارجہ نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرتاج عزیز افغانستان میں امن وسلامتی کا پیغام لے کر گئے ہیں اور وہ افغان صدر اور وزیرِ خارجہ سے ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کریں گے۔

  • مشیرخارجہ سرتاج عزیز آج افغانستان جائیں گے

    مشیرخارجہ سرتاج عزیز آج افغانستان جائیں گے

    اسلام آباد: افغان پروپیگنڈے کیخلاف پاکستانی حکومت میدان میں آگئی ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز آج کابل میں افغان صدر سے دونکاتی ایجنڈے پر بات کرینگے۔

    پاک افغان تعلقات اہم موڑ میں داخل ہوگیا، افغان پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے پاکستانی حکومت سرگرم ہوگئی، جس کے لئے مشیرخارجہ سرتاج عزیز آج کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغانی ہم منصب سےدو نکاتی ایجنڈے پر بات کریں گے۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد سرکاری سطح پر یہ پہلی ملاقات ہو گی۔

    مشیرخارجہ سرتاج عزیز افغان صدر سے ملاقات میں وزیراعظم کا اہم پیغام بھی پہنچائیں گے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کیلئے مخالفانہ بیانات کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے ۔

    واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے گذشتہ ماہ پاکستان پر طالبان کو پناہ دینے کا الزام لگایا تھا، جس پر پاکستانی حکام نے وزارتِ خارجہ کی سطح پر احتجاج کیا تھا۔

  • سرتاج عزیز افغان صدر سے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ روکنے کا مطالبہ کریں گے: دفترِخارجہ

    سرتاج عزیز افغان صدر سے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ روکنے کا مطالبہ کریں گے: دفترِخارجہ

    اسلام آباد: پاکستانی دفترخارجہ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی دورہ افغانستان میں پاکستان کے خلاف افغان حکومت کے پروپیگنڈے کی روک تھام اور طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کو بحال کرنے پر زور دیں گے۔

    دفترِ خارجہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز جمعے کو ایک روزہ دورے پر کابل جا رہے ہیں جہاں وہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد سرکاری سطح پر یہ پہلی ملاقات ہو گی۔

    پاکستانی دفترِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق خارجہ امور اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز افغانستان سے متعلق اقتصادی امور کے چھٹے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ اجلاس کے علاوہ وہ افغان قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسی کے امور پربات چیت کریں گے۔

    پاکستانی دفترِ خارجہ کے سینیئر اہلکاروں نے صحافیوں کو بتایا کہ ان ملاقاتوں میں سرتاج عزیز پاکستان کی جانب سے اہم پیغامات لے کر جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے باعث کابل میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے عملے کو خطرات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے درخواست کی جائے گی کہ افغان حکومت پاکستان مخالف بیانات روکے تاکہ دونوں ممالک کے درمان اعتماد بحال ہو۔

    اہلکاروں کے مطابق سرتاج عزیز قیامِ امن کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کو بحال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیں گے کیونکہ پاکستان کا موقف ہے کہ مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے۔

    واضح رہے کہ طالبان کے سربراہ ملا محمد عمر کی ہلاکت کے بارے میں خبریں افشا ہونے سے یہ عمل ملتوی ہو گیا تھا۔