Tag: saryab road

  • کوئٹہ : مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق

    کوئٹہ : مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان ایک بار پھر دہشت گردوں کی کارروائیوں کا مرکز بن گیا ، کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے نواحی علاقے میں سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی عزیز الرحمان کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    زخمی اہلکار کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ آخری اطلاعات تک اس واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے تاہم پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ : سریاب روڈ پر فائرنگ،پولیس اہلکار زخمی

     

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے سریاب روڈ پر پولیس اہلکار پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔

    ایک اورکارروائی میں کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی،جس میں چارجوان شہید ہوگئے جبکہ منگل کو ہزارگنجی اور سریاب روڈ پر چار پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

     

  • کوئٹہ میں دھماکہ، 11 افراد جاں بحق22 زخمی

    کوئٹہ میں دھماکہ، 11 افراد جاں بحق22 زخمی

    کوئٹہ: سریاب روڈ پردھماکے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز پیر سریاب روڈ کے علاقے دکانی بابا چوک پرایک بس میں دھماکہ ہوا ہے جس میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس، ایف سی اور ریسکیوٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اورمیتوں اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا جارہاہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق سول اسپتال کوئٹہ میں منتقل کئے گئے زخمیوں کی تعداد 17 ہے جبکہ جائے واقعہ کے نزدیک واقعہ تین نجی اسپتالوں میں بھی زخمیوں کو لے جایا گیا ہے۔

    دھماکے کے آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ نزدیکی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کا نشانہ بننے والی بس کراچی سے کوئٹہ آئی تھی اوراس میں چالیس سے زائد افراد سوار تھے۔

    بلوچستان کے وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ وہ اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے سبب کوئٹہ شہرمیں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اسی لئے دہشت گردوں نے پبلک بس کو اپنا نشانہ بنایا ہے۔

  • کوئٹہ: سریاب روڈ سے ملنے والا 5کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا

    کوئٹہ: سریاب روڈ سے ملنے والا 5کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا

    کوئٹہ: سریاب کے علاقے کیچی بیگ سے برآمد ہونے والے پانچ کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا گیا، پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے اہم دہشتگرد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

    کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، سریاب کے علاقے کیچی بیگ سے بم برآمد ہوا، جس کی اطلاع بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دی گئی، بی ڈی ایس کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا، بم ایک بیگ میں رکھا گیا تھا۔

    دوسری جانب پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں اسپیشل پولیس یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے اہم دہشتگرد کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار دہشت گرد کا تعلق خیبرایجنسی کی کالعدم تنظیم سے ہے۔

    دہشت گرد عمل گُل نے سال دو ہزار سات میں حملہ کرکے امن کمیٹی کے دو ممبران کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔

  • کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی کی کاروائی، 4 دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی کی کاروائی، 4 دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ : شہر کے مرکزی علاقے سریاب میں پولیس اورایف سی کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم کا ایک کمانڈرسمیت چاردہشتگردوں کو گرفتارکرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سریاب مل کے علاقے کلی سمالانی میں خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس اورایف سی نے رات گئے سرچ آپریشن شروع کیا جو صبح تک جاری رہا۔

    آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چاردہشتگردوں کو حراست میں لے لیا گیا گرفتارافراد میں سے ایک کالعدم تنظیم کا کمانڈربتایا جارہا ہے۔

    سانحہ پشاور کے بعد ملک کے طول و عرض میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے اوربڑے پیمانے پرگرفتاریاں عمل میں لائی جارہیں ہیں۔

  • کوئٹہ: نامعلوم ملزمان تین خواتین پر تیزاب پھینک کرفرار

    کوئٹہ: نامعلوم ملزمان تین خواتین پر تیزاب پھینک کرفرار

    کوئٹہ کے علاقے سریاب میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خواتین پر تیزاب پھینک دیا اے ایس پی سریاب کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقےسریاب روڈ پر شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار تین خواتین پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے ۔

    تیزاب سے تینوں خواتین کے ہاتھ اور پیر متاثر ہوئے جنہیں طبی امداد کےلئے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ نے خواتین پر تیزاب پھینکے جانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی سریاب عمران شیخ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی جو مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی،.

    متعلقہ پولیس انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرے۔ اس سے پہلے بلوچستان کے علاقے چمن ،دالبندین اور کوئٹہ میں خواتین پر تیزاب پھینکے جانے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس پر بلوچستان کے سیاسی سماجی اور قبائلی حلقوں نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کو اسلامی اقدار ،اور قبائلی روایات کے منافی قرار دیا ہے۔