Tag: Satish Kaushik

  • میرے شوہر نے اداکار کو قتل کیا ہے: بزنس مین کی بیوی کا پولیس کو خط

    میرے شوہر نے اداکار کو قتل کیا ہے: بزنس مین کی بیوی کا پولیس کو خط

    بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے، اور اب ایک بزنس مین کی بیوی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے اداکار کو قتل کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کے کمرے سے کچھ مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں جبکہ اداکار کو قتل کیے جانے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

    وکاس مالو نامی ایک بزنس مین کی دوسری بیوی سانوی مالو نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنے شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام لگایا ہے۔

    سانوی مالو نے اپنے خط میں پولیس کمشنر کو بتایا ہے کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کے لیے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔

    سانوی نے مزید بتایا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے انہیں شک ہےکہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر انہیں قتل کر دیا۔

    دوسری جانب پولیس نے بھی دہلی کے اس فارم ہاؤس سے کچھ مشکوک ادویات برآمد کی ہیں جہاں ستیش کوشک نے اپنی موت سے قبل ایک پارٹی میں شرکت کی اور پھر مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس نے ان ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا ہے اور اب اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جا سکے گا کہ ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔

  • ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی، پولیس کا انکشاف

    ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی، پولیس کا انکشاف

    نئی دہلی: بھارتی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینیئر اداکار ستیش کوشک کی موت کے معاملے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے فارم ہاؤس سے قابل اعتراض ادویات برآمد ہوئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار و ہدایت کار ستیش کوشک کا اچانک دل کے دورے سے موت واقع ہو گئی تھی، تاہم اب دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے۔

    دہلی پولیس کی ٹیم نے فارم ہاؤس جا کر جانچ کی تو کچھ ’قابل اعتراض ادویات‘ برآمد ہوئیں، جس کے بعد پولیس ستیش کوشک کے تفصیلی پوسٹ مارٹم اور وسرا رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی پوری تصویر واضح ہو سکے گی۔

    دوسری طرف پولیس نے ہولی پارٹی میں آنے والے مہمانوں کی فہرست بھی تیار کر لی ہے، جو اس وقت فارم ہاؤس میں موجود تھے، پولیس اس صنعت کار سے بھی پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے جو ستیش کوشک کی موت کے بعد سے فرار ہے۔

    ویڈیو: ستیش کوشک کی آخری رسومات، سلمان خان بھی آبدیدہ ہوگئے

    پولیس تحقیقات میں یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ فارم ہاؤس سے ملنے والی قابل اعتراض ادویات کے پیکٹ کس کے لیے اور کیوں آئے تھے؟

    واضح رہے کہ ستیش کوشک دہلی میں اپنے ایک دوست کے فارم ہاؤس پر ہولی پارٹی کے لیے آئے تھے، اس دوران ان کی طبیعت خراب ہو گئی، جس کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ دم توڑ گئے، ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

  • سینیئر بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کا انتقال

    سینیئر بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کا انتقال

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے سینیئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کا انتقال ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے بہترین اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں بدھ کو جہان فانی سے گزر گئے، دو دن قبل ہی انھوں نے ہولی کی خوشی منائی تھی۔

    ستیش کوشک کی اچانک موت کی خبر نے ہندی فلم انڈسٹری کو صدمے میں ڈال دیا ہے، بڑی تعداد میں لوگ ان کے انتقال پر تعزیت کر رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش دہلی میں تھے جب انھیں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا، ان کی میت جمعرات کو ممبئی لائی جائے گی۔ ستیش کوشک نے آخری ٹویٹ ہولی پارٹی کے حوالے سے کی تھی، جس میں انھوں نے جاوید اختر کے ساتھ اپنی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں۔

    ستیش کوشک کی موت کی خبر بالی وڈ اداکار اور ستیش کے قریبی دوست انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے دی۔ انھوں نے لکھا: ’’میں جانتا ہوں موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے، لیکن میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنی زندگی میں بہترین دوست ستیش کوشک کے بارے میں یہ بات لکھوں گا۔‘‘

    انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ 45 سال کی دوستی پر اچانک اس طرح کا فل سٹاپ لگ گیا، ’’آپ کے بغیر زندگی کبھی ویسی نہیں رہے گی ستیش!‘‘

    واضح رہے کہ ستیش کوشک نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا تھا اور پھر ہندی سنیما میں اداکاری کے جوہر دکھانے لگے، انھوں نے متعدد فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔

    جاوید اختر نے اداکار اور فلم ساز ستیش کی اچانک موت پر تعزیت کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی ہولی پارٹی کی تصاویر شیئر کیں۔ انھوں نے لکھا کہ ’’ستیش ایک گرم جوش، محبت اور مزاح سے بھرا آدمی تھا اور تقریباً چالیس سال سے میرے لیے بھائی جیسا تھا، وہ مجھ سے بارہ سال چھوٹا تھا۔ ستیش جی، یہ آپ کی باری نہیں تھی۔‘‘