Tag: Satrang Gallery

  • آسٹریلوی فوٹوگرافر نے شمالی علاقہ جات کے جادوئی حسن کو تصاویر میں قید کر کے حیران کر دیا

    آسٹریلوی فوٹوگرافر نے شمالی علاقہ جات کے جادوئی حسن کو تصاویر میں قید کر کے حیران کر دیا

    اسلام آباد: آسٹریلوی خاتون فوٹوگرافر گینور شا نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے جادوئی حسن کو تصاویر میں قید کر کے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ہائی کمشنر نے آج اسلام آباد کی سَت رنگ گیلری میں آسٹریلوی آرٹسٹ گینور شا کی فوٹوگرافی کی نمائش ’میتھیکل لینڈ اسکیپس‘ کا افتتاح کیا، خیال رہے کہ گینور شا آسٹریلوی ہائی کمشنر جیفری شا کی اہلیہ ہیں۔

    ماہر آسٹریلوی فوٹوگرافر اور بلاگر گینور شا ایک عرصے سے پاکستان کے شمالی علاقوں کی فوٹوگرافی کر رہی ہیں، انھوں نے نمائش کے موقع پر کہا کہ اسلام آباد آنے کے بعد، میں جانتی تھی کہ مجھے پاکستان کے بارے میں ایک مختلف، اور زیادہ مثبت کہانی سنانے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے کہا میں نے یہ بلاگ ’پوسٹ کارڈز فرام پاکستان‘ شروع کیا، تاکہ نہ صرف تصاویر بلکہ پاکستان بھر سے اپنے سفر کی دل چسب کہانیاں شیئر کر سکوں۔

    گینور کی شمالی پاکستان سے دل چسپی کا آغاز ان کے پاکستان کے شمالی علاقوں کے سفر سے ہوا، وہ ان جادوئی مناظر کی خوب صورتی اور شان و شوکت سے مسحور ہو گئیں، جسے انھوں نے اپنی تصاویر میں خوب صورتی سے محفوظ کیا۔

    انھوں نے کہا میں مقامی لوگوں اور دوستوں کو گلگت بلتستان کی خوب صورتی اور ڈرامائی پہاڑی مناظر کے بارے میں بات کرتے سنا کرتی تھی، میں نے طے کیا تھا کہ مجھے ان علاقوں میں جانا ہے اور ان جادوئی مناظر کو خود دیکھنا ہے، اس طرح میرا سفر گلگت سے شروع ہوا، پھر ہنزہ، اسکردو، شگر اور کھپلو میں ختم ہوا۔

    گینور شا نے کہا مجھے شنگریلہ کے بارے میں کہانیوں، ان علاقوں کے بارے میں دیگر قصوں اور اساطیر، اور علی سدپارہ جیسے کوہ پیما ہیروز کے بارے میں پتا چلا، ان دل کش جگہوں کے بارے میں جو تفصیل میں پڑھتی ہوں وہ ان کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتیں، مجھے امید ہے کہ میری تصویری شاید یہ کام کر پائیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے کہا آج کی نمائش دنیا کے ایک شان دار حصے کی لازوال خوب صورتی کی تصویر کشی کرتی ہے، مجھے یقین ہے کہ اس سے ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی خطے کی رنگین، متحرک اور متنوع ثقافت کو فروغ ملے گا۔

    انھوں نے کہا فن اکثر ایسی باتیں کر سکتا ہے جو الفاظ نہیں کر سکتے، اس میں جذبات کو ابھارنے، افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور آسٹریلیا اور پاکستان کے لوگوں سمیت، ہم سب کو جوڑنے کی منفرد صلاحیت ہے۔

    ست رنگ گیلری کی بانی ڈائریکٹر، عاصمہ راشد خان نے کہا ست رنگ گیلری نے ہمیشہ مختلف ممالک کے فن اور فن کاروں کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آرٹ اور ثقافت لوگوں اور مقامات کے درمیان بہترین رابطہ بناتے ہیں، ہمیں گینور شا کے کاموں کی نمائش کرنے پر فخر ہے۔