Tag: Saudi Airlines

  • سعودی ایئر لائن کے حوالے سے حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے

    سعودی ایئر لائن کے حوالے سے حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے

    کراچی (11 اگست 2025): سعودی ایئر لائن نے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائن سے 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 17.5 ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.2 فی صد زائد ہے۔

    ہر سال پاکستان سے بڑی تعداد میں مسافر سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں، یوں پاکستان سعودیہ کے عالمی نیٹ ورک میں ایک اہم منزل ہے، سعودیہ کی قابل اعتماد سروس کی وجہ سے پاکستانی مسافر اس کا انتخاب کرتے ہیں کیوں کہ یہ پاکستانی مسافر کی حج، عمرہ اور غیر ملکی سفر کی مخصوص ضرورتیں بھی پوری کر رہی ہے۔

    مسافروں کی یہ ترجیح نہ صرف سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو مضبوط کرتی ہے بلکہ سعودیہ کی جاری عالمی توسیع کو آگے بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ایئر لائن کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری اس لیے بھی ممکن ہوئی ہے کیوں کہ اس کا فضائی آپریشن ایک لاکھ سے زائد پروازوں پر مشتمل ہے، اور اس کا نیٹ ورک چار براعظموں پر محیط ہے۔


    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا


    ایوی ایشن انڈسٹری سے متعلق مستند اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سیریم کی ایک رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر سعودیہ نے اس مدت کے دوران پرواز کے 293,500 سے زیادہ گھنٹے ریکارڈ کیے، جب کہ پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کی 89.6 فی صد کی غیر معمولی شرح کو بھی برقرار رکھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایئر لائن مارچ اور جون 2025 دونوں میں پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہی۔

    سعودیہ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں سالانہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ 9.6 ملین سے زیادہ بین الاقوامی مسافروں کو سفری خدمات فراہم کیں، یہ اضافہ 43,700 سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں پر مشتمل آپریشن کے باعث ممکن ہوا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فی صد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔ ڈومیسٹک سطح پر سعودیہ سے اس دوران 10 فی صد اضافے کے ساتھ 56,400 سے زائد پروازوں کے ذریعے 7.9 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم روٹ پر سعودیہ کے آپریشنز سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حجاج، تارکین وطن اور آرام دہ سفر کے خواہش مند مسافروں کے لیے مسلسل ترجیح اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اور سعودی ایئرلائن کا موجودہ 148 طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑہ ملکی اور بین الاقوامی دونوں نیٹ ورکس پر مضبوط آپریشنل کارکردگی کا باعث ہے۔

    سعودیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں اس فضائی بیڑے میں مزید 117 نئے طیارے بھی شامل کیے جائیں گے۔

  • سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

    ساتھ ہی گرمیوں، حج اور عمرہ کے سیزن میں سفر کی مانگ میں اضافہ بھی قیمتوں کے بڑھنے کا باعث بنا ہے جس نے ایئرلائنز کو آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔

    سعودی عرب میں ہوابازی کے ماہرین کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری رہے گا اور یہ رجحان سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ گرمیوں اور عمرہ کے سیزن کے بعد اس میں معمولی کمی ہوسکتی ہے۔

    جاپانی ایئر لائن کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور روانگی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے قبل بکنگ کروائیں تاکہ ممکنہ اضافے سے محفوظ رہ سکیں اور فائدہ اُٹھا سکیں۔

  • سعودی ایئر لائن نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

    سعودی ایئر لائن نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

    سعودی ایئر لائن نے ایک عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جس کے تحت پاکستانی مسافروں کو بھی عالمی سروس ملے گی۔

    سعودی عرب کی قومی فضائی کپنی سعودیہ ایئر نے جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں منعقدہ ’ورلڈ ٹریول کیٹرنگ اینڈ آن بورڈ سروسز ایکسپو 2025‘ میں ٹریول پلس ایئر لائن ایمینیٹی ایوارڈز اور آن بورڈ ہاسپٹیلٹی ایوارڈز میں متعدد اعزاز حاصل کر لیے ہیں۔

    یہ اعزاز سعودیہ کی عالمی معیار کی خدمات اور سہولیات کے حوالے سے غیر معمولی آن بورڈ مہمان نوازی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، اور بالخصوص طور پر پاکستان آنے جانے والے مسافروں کے سفری تجربے کو بڑھاتی ہے۔

    سعودیہ کی خصوصی ELIE SAAB سہولت کٹس نے ٹریول پلس ایوارڈز میں علاقائی اور عالمی سطح پر فرسٹ اور بزنس کلاس کے لیے گولڈ ایوارڈ حاصل کیا، پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں پر پیش کی جانے والی یہ اسٹائلش کٹس پاکستانی مسافروں کے لیے ایک نئی سطح کی لگژری فراہم کریں گی۔

    سعودیہ کے ’سعودی کافی کپ‘ اقدام کو ٹریول پلس ایئر لائن ایمینٹی ایوارڈز میں فرسٹ کلاس گلاس ویئر کے لیے گولڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مملکت کی وزارت ثقافت کے تحت کلنری آرٹس کمیشن کے ساتھ شراکت میں شروع کیے گئے اس اقدام میں سعودی عرب کے متنوع علاقوں کی نمائندگی کرنے والے دستکاری کے کپ پیش کیے گئے۔ یہ عالمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ثقافتی عناصر کو اپنی خدمات میں شامل کرنے کے لیے سعودیہ کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔

    مسافروں کو آرام دہ سفر کی فراہمی کے حوالے سے سعودیہ کو ٹریول پلس پسنجر امینٹی فائیو اسٹار ریٹنگ 2025 سے بھی نوازا گیا، اس برس اس باوقار اعزاز کا حق دار دنیا کی پانچ بڑی فضائی کمپنیوں کو ٹھہرایا گیا، جس میں سعودیہ بھی شامل ہے۔

    آن بورڈ مہمان نوازی ایوارڈز کی کٹیگری میں سعودیہ کو بہترین سروس ایکوئپمنٹ اور کیبن کریو نیفارم کے لیے کریو کٹیگری میں اعزاز سے نوازا گیا۔ سعودیہ ایئر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ان شان دار ایوارڈز کے ساتھ سعودیہ پاکستانی مسافروں کی بہترین خدمت کرتی رہے گی، اور پاکستان آنے اور جانے والے ہر سفر میں عالمی معیار کی مہمان نوازی، لگژری اور ثقافتی رنگ کی فراہمی کو یقینی بناتی رہے گی۔

  • سعودی عرب: حجاج کرام کے لئے ٹھنڈے احرام تیار

    سعودی عرب: حجاج کرام کے لئے ٹھنڈے احرام تیار

    سعودی عرب میں سعودی ایئر لائن (السعودیہ) کی جانب سے رواں سال حجاج کرام کے لیے ’ٹھنڈے احرام‘ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خواتین اور مرد حجاج کے لیے تیار کیے جانے والے احرام گرمی کو ایک سے 2 ڈگری تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    سعودی ایئرلائن کے مطابق ٹھنڈے احرام کو مخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد مل سکے۔

    امریکی کمپنی کا تعاون بھی احرام کی تیاری میں حاصل رہا، احرام کو دبئی کی عربین ٹریول مارکیٹ ’اے ٹی ایم 2025‘ میں پیش کیا جائے گا۔

    کپڑے کی تیاری میں جس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے اس کی خاصیت یہ ہے کہ انسانی جلد کو گرمی کی تپش سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

    سعودی ایئرلائن کی جانب مہمانوں کے لیے ٹھنڈے احرام جون 2025 کے آغاز سے فراہم کئے جائیں گے، تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات جلد پیش کی جائیں گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون یا بیرون مملکت سے حج ویزے کے علاوہ کسی اور ویزے پر آنے والوں کے لیے یکم ذی القعدہ بمطابق 29 اپریل 2025 سے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے۔

    وزارت سیاحت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے غیرملکی جن کے پاس ’مکہ پرمٹ‘ ہے یا حج ویزے پر آنے والے عازمین کے علاوہ کسی کے لیے بھی مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کی بکنگ نہ کی جائے بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    سعودی عرب: حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کیلیے خاص انتظامات

    خیال رہے سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی جانب سے حج سیزن کے حوالے سے جاری ضوابط میں کہا گیا تھا کہ رواں برس حج کے ایام قریب آنے کے بعد اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، پرمٹ رکھنے والے افراد کے علاوہ کسی شخص کو مکہ مکرمہ نہیں جانے دیا جائے گا۔

  • سعودی ایئر لائن نے پاکستانی حجاج کو خوش خبری سنا دی

    سعودی ایئر لائن نے پاکستانی حجاج کو خوش خبری سنا دی

    اسلام آباد: حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور سعودی ایئر لائن کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے، سعودی ایئرلائن نے پاکستانی حجاج کوبہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی ایئرلائن 35 ہزار پاکستانی سرکاری حجاج کرام کو سفری سہولیات فراہم کریگی۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی حجاج کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم میں 3 مرتبہ مدت بڑھانے کے باوجود کوٹہ مکمل نہ ہوسکا، 7 ہزار کم درخواستوں کی وصولی ہوئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے کوٹہ پورا کرنے کے لیے تیسری بار حج فارم جمع کرانے کی مدت بڑھائی تھی تاہم یہ حربہ بھی کام نہ آیا، حج درخواستوں کی تیسری مدت ختم ہونے تک 82 ہزار حج درخواست موصول ہوسکیں۔

    وزارت مذہبی امور نے تمام درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دے دیا ہے، وزارت مذہبی امور نے 7 ہزار رہ جانے والے کوٹے کو پُرکرنے کیلیے سر جوڑ لیے ہیں۔

    حج پر جانے کے خواہشمند پاکستانی کب تک درخواست جمع کرواسکتے ہیں؟ اہم خبر

    ذرائع نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج درخواستوں کی دوبارہ وصولی کھولنے یا پرائیویٹ حج آپریٹرزکو کوٹہ دینے پرغور کیا جارہا ہے۔

  • سعودی ایئرلائن  نے اہم اعزاز حاصل کرلیا

    سعودی ایئرلائن نے اہم اعزاز حاصل کرلیا

    سعودی ایئرلائن نے ایک اور اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے وقت کارکردگی کے لئے عالمی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    ترجمان ایئرلائن کا کہنا ہے کہ سعودی ایئرلائن نے مسلسل دوسری بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے جو آپریشنل کارکردگی میں عمدگی کیلئے ایئر لائن کے عزم کی عالمی سطح پر پذیرائی ہے۔

    ہوا بازی کی صنعت سے متعلق عالمی ویب سائٹ 2024ء کی رپورٹ میں ایئرلائن کی پہلی پوزیشن رہی۔

    ایئرلائن کی مستقل بر وقت روانگی پاکستانی مسافروں کیلئے خاص طور پر سودمند ہے، جو ہموار سفری تجربے کیلئے پروازوں کی وقت پر روانگی کو ترجیح دیتے ہیں۔

    پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے یہ اعتبار انتہائی اہمیت رکھتا ہے، سعودی ایئرلائن نے بروقت پروازوں کی روانگی پر اعتماد برقرار رکھا ہے۔

    ترجمان کے مطابق سعودی ایئرلائن کے مسافروں کو کنیکٹنگ پروازوں میں بھی سہولت میسر ہے جبکہ سعودی ایئرلائن نے چار براعظموں میں 100 سے زائد روٹس پر 16503 پروازوں کی بروقت آمد کی 88.12فیصد رہی۔

    ترجمان نے بتایا کہ ایئر لائن نے پروازوں کی بر وقت روانگی کی 88.15 فیصد کی متاثر کن شرح حاصل کی ہے۔

    مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    بیان میں کہا گیا کہ سعودی ایئرلائن آئندہ چند برسوں میں اپنے فضائی بیڑے میں مزید 103جدید نئے طیارے شامل کرے گا، سعودی وژن 2030 کے مطابق اس اقدام سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفر اور دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔

  • ’’السعودیہ‘‘ ایئرلائنز نے بڑی تندیلی کا اعلان کردیا

    ’’السعودیہ‘‘ ایئرلائنز نے بڑی تندیلی کا اعلان کردیا

    جدہ :سعودی عرب کی قومی ایئرلائن ’’السعودیہ‘‘ ایئرلائنز  نے اپنی نئی شناختی علامت کی نقاب کشائی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے اپنی نئے لوگو کی جدہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران رونمائی کی۔

    السعودیہ کے 1980 کی دہائی کے برانڈ ڈیزائن کو معمولی اپ ڈیٹس کے ساتھ واپس لایا گیا ہے، سعودی ایئر لائنز کا نیا لوگو 1980 کی دہائی میں اس کی شناخت سے متاثر ہے۔

    لوگو میں صارفین کے لیے مزید بہتر پیکجز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سروسز میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سعودیہ ایئرلائن کی جانب سے نئے لوگو کے اجراء کے ساتھ ہی ڈیجیٹل تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جس میں ورچوئل اسسٹنٹ ’السعودیہ‘ کا اضافہ قابل ذکر ہے جس کے تحت ایئر لائن اپنے صارفین کو بکنگ و دیگر امور کی انجام دہی کے لیے تحریری اور صوتی چیٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں ڈیجیٹل والٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت سرکاری اور عوامی سیکٹر کو ٹکٹ کے اجرا کے حوالے سے بہتر خدمت فراہم کی گئی ہے۔

    اس کے ساتھ ہی الفرسان پروگرام کے تمام آپریشنز اور فیچرز کو بھی ڈیجیٹل طور پر فعال کیا گیا ہے۔
    ایئر لائن نے اپنے فضائی میزبانوں اورعملے کے یونیفارمز میں بھی تبدیلی کی ہے جس سے مملکت کی شناخت بھی نمایاں ہوتی ہے۔

    مسافروں کا استقبال اعلٰی معیار کی کھجو ر اورعربی قہوے سے کیا جاتا ہے۔ ایئرلائن کے کچن میں سعودی عرب کا مینو شامل کر دیا گیا تاکہ ارض وطن کی درست معنوں میں عکاسی ہو سکے۔

    السعودیہ کی نئی کلر اسکیم میں تین رنگوں کا امتزاج رکھا گیا ہے جس میں سبز رنگ مملکت کے پرچم کی عکاسی کرتا ہے جبکہ کھجور کا درخت جو مملکت کی مہمان نوازی اورثقافت کا آئنہ دار اورنیلا رنگ مملکت کے سمندر اور آسمانی سے عبارت ہے۔

    السعودیہ گروپ کے ڈائریکٹرجنرل انجینئرابراہیم العمر نے بتایا ’ایئرلائن نئے دور کے تقاضوں کومد نظررکھتے ہوئے بہتری کے سفر پر تیزی سے گامزن ہے۔‘

    ایئرلائن نے اپنے سفر کا آغاز ایک جہاز سے کیا تھا اور اب اس کے بیٹرے میں 140 جہاز ہیں جو چار براعظموں کے ایک سو سے زائد اسٹیشنز پرخدمات انجام دیتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا ایئرلائن کا نام ’السعودیہ‘ اوراس کا لوگو مملکت میں ایئرلائن کی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے۔

  • ٹکٹ خریدیں ساتھ میں ویزا بالکل مفت : سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    جدہ : سعودی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایئر لائن کا ٹکٹ خریدنے والوں کو سیاحتی ویزا مفت فراہم کرے گی، ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ سروس بہت جلد شروع کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ایئر لائنز کے ترجمان عبداللہ الشہرانی نے کہا ہے کہ رواں سال 2023 کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ اور اندرون ملک پروازوں کے لیے نصف ملین نشستوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 2023 کے دوران ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے10 نئے طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے اور ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوگا، انہوں نے بتایا کہ 10میں سے 7 طیارے ایئربس 321نیو اور تین بوئنگ طیارے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے تناسب کو 40 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ ہے، اس کے علاوہ اندرون ملک پروازوں کے لیے نشستوں کی تعداد میں نصف ملین تک اضافہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں سعودی ایئرلائن بہت جلد ایک نئی سروس شروع کرنے جارہی ہے جس میں ٹکٹ خریدنے پر اس کے ساتھ بغیر فیس کے سیاحتی ویزا جاری کیا جائے گا۔

    عبداللہ الشہرانی نے کہا کہ یہ ویزا آپ کو سعودی عرب میں 96 گھنٹے (چار دن) گزارنے کی اجازت دیتا ہے۔ مسافر اس دوران ملک کے مختلف شہروں کا سفر کرسکتے ہیں اور عمرہ کرسکتے ہیں۔

    سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے مسافروں کو سعودی وژن 2030 کے مطابق سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد کو راغب کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنے پر سیاحتی ویزا جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ ویزے کے اجراء سے سعودی عرب آنے والوں کو گھومنے پھرنے، تقریبات، میٹنگ اور پارٹیوں میں شرکت اور عمرہ کرنے کی سہولت فراہم ہوگی۔

    اس سلسلے میں سعودی ائیرلائن نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ کے مہمانوں کی خدمت کے پروگرام جیسے کئی شعبوں کے ساتھ کام کیا ہے۔

     

  • سعودی ایئرلائنز کا عازمین حج کیلئے بڑا اعلان

    سعودی ایئرلائنز کا عازمین حج کیلئے بڑا اعلان

    کراچی : سعودی ایئرلائنز نے حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردیا اور عازمین حج کے قافلوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایئرلائنز (السعودیہ) نے امسال کے لیے حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

    اس حوالے سے السعودیہ ایئ رکا کہنا ہے کہ ’حج پروازیں دنیا بھر کے ملکوں سے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گی،‘پروازوں کی تعداد اور ان پر اضافی نشستوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ حج پروازوں کے حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    السعودیہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ابراہیم العمر نے توجہ دلائی ہے کہ عازمین حج کے قافلوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ضروری انتظامات کرلیے ہیں۔

    سعودی ائیر ڈائریکٹرجنرل نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ اور گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے بھی حج پروازوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی تھیں ان سب کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

    ابراہیم العمر کا کہنا تھا کہ وزارت حج و عمرہ کے ساتھ تعاون کیا جارہا ہے جبکہ ضیوف الرحمن پروگرام بھی حج پروازوں کے شیڈول میں اپنا کردارادا کررہا ہے۔

    السعودیہ نے حج پروازوں کے لیے 14 طیارے مختص کیے ہیں، 268 حج پروازیں 15 بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے عازمین کو سعودی عرب کا سفر کرائیں گی جبکہ مملکت کے 6 ہوائی اڈوں سے 32 حج پروازیں جدہ اور مدینہ کے لیے چلائی جائیں گی۔

    ڈائریکٹرجنرل کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 7 ہزار سے زیادہ نشستیں بین الاقوامی مسافروں کے لیے مہیا ہوں گی اور اندرون مملکت سے 12.8 ہزار نشستیں عازمین حج کے لیے مختص ہیں۔ علاوہ ازیں 100 کے قریب ملکی و بین الاقوامی پروازیں معمول کے شیڈول کی ہوں گی۔

    ابراہیم العمر نے بتایا کہ حج پر آنے والوں کو سفر کے دوران متعدد سپیشل سہولتیں فراہم کی جائیں گی، پابندی سے ’تلبیہ‘ (لبیک اللھم لبیک) سن سکیں گے اور میقات پر پہنچنے سے آدھا گھنٹہ قبل ہوائی جہاز میں حج کرنے والوں کے لیے میقات سے گزرتے وقت حج کی نیت اور احرام کے بارے میں اعلان ہوگا۔

    ایئرلائن کی جانب سے عازمین کو حج کے بارے میں سمعی وبصری معلومات پرمبنی پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے تاکہ وہ فریضہ حج کے ارکان سے واقف ہوسکیں۔

  • سعودیہ ایئر لائنز کا سفر کرنے والوں کے لیے اہم اعلان

    سعودیہ ایئر لائنز کا سفر کرنے والوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودیہ ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی، یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودیہ ایئر لائنز نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ایاٹا کے تیار کردہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی۔

    ہیلتھ پاس کی آزمائش 19 اپریل سے کوالالمپور تا جدہ روٹ پر شروع ہوگی۔

    ڈیجیٹل ٹریول پاس ایک موبائل ایپ ہے جو مسافروں کو آسان اور محفوظ طریقے سے سفری معلومات اور دستاویزات کا اہتمام کرنے میں مدد کرتی ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی بھی سرکاری احتیاطی تقاضوں کو پورا کرتی ہے۔

    یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اس میں ٹیسٹنگ لیبارٹری یا ایئر لائنز کے ساتھ مطلوبہ معلومات کو محفوظ طریقے سے شیئر کرنے کا آپشن شامل ہے۔

    ایاٹا کے مطابق صارفین کو اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ خفیہ ہے اور فون پر یہ خفیہ شکل میں ہی محفوظ کیا جاتا ہے۔ اگر ایپ کو ڈیلیٹ کردیا جائے تو صارف کا وہ سب ڈیٹا ہے جو اس میں محفوظ ہے، وہ بھی ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

    اس ایپ کا مقصد مسافروں کے لیے محفوظ اور منظم سفری تجربے کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے، یہ بین الاقوامی سفر پر محفوظ واپسی کو بھی یقینی بنانے کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو شہری ہوا بازی کے شعبے کی عالمی وبا کے اثرات سے بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

    جانچ اور آزمائش کے اس عمل کے دوران ایاٹا اس ایپ کو ایئر لائن نیٹ ورک کے لیے تیارکرنے کا کام کرے گی۔

    ریاض سے تعلق رکھنے والے عبداللہ المحسن نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئند ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس ایپ کی باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی اور تمام بین الاقوامی پروازوں پر اس کا اطلاق ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی مدد سے میرے لیے یہ ثبوت فراہم کرنا ممکن ہو جائے گا کہ میں نے کووڈ 19 ویکسین لگوا رکھی ہے، یوں مجھے اپنا استثنیٰ ثابت کرنے میں آسانی ہوگی۔

    ڈیجیٹل پاس کی آزمائش کا سلسلہ 17 مئی تک جاری رہے گا، ایپ استعمال کرنے والے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم اسے ضرورت قرار نہیں دیا گیا۔

    آزمائشی مدت کے دوران مسافروں کے لیے سفر کے دوران ایسی روایتی دستاویزات، مطبوعہ یا ڈیجیٹل شکل میں ساتھ رکھنا ضروری ہے جس میں کسی مجاز کلینک کے ذریعہ پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ موجود ہو کیونکہ امیگریشن اور صحت کے حکام اس کا تقاضہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹریول پاس سعودی عرب کے لیے موجودہ سفری یا داخلے کی ضروریات کی جگہ نہیں لیتا جو اگر قابل اطلاق ہو تو کارآمد پاسپورٹ اور ویزا رکھنے پر مشتمل ہے۔