Tag: Saudi arab Visit

  • وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر کہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں مشرق وسطی کے تنازعات کو سیاسی اورسفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا گیا، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کی ترقی میں تعاون کی پیشکش کی ہے، سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنےمیں کردار ادا کرتا رہے گا، اس کے علاوہ پاکستان خطے اور دنیا کےامن کیلئے کوششوں میں مدد بھی فراہم کرتا رہے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان جب سعودی عرب پہنچے تو مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ان کااستقبال کیا، وزیرا عظم نے روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ تعلقات کا تسلسل ہے، سعودی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر بھی مشاورت  کی جائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تبادلوں کا تسلسل ہے۔

    دورے میں باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر مشاورت ہوگی، وزیر اعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل15اکتوبر کو وزیر اعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ دورہ سعودی عرب کے بعد وزیر اعظم 17 اور 18 دسمبر کو مہاجرین پر کانفرنس کے لیے جنیوا جائیں گے، یو این ایچ سی آر اور سوئس حکومت مشترکہ میزبانی کریں گے۔