Tag: Saudi arab

  • سعودی حکام نے سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر متعارف کروا دی

    سعودی حکام نے سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر متعارف کروا دی

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے ریاست کے سرکاری نشریاتی پر پہلی مرتبہ خاتون نیوز کاسٹر کو خبرنامہ پڑھنے کے لیے متعارف کروادیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت گذشتہ برس خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے بعد خواتین کی میراتھن ریس سمیت مملکت کے دیگر شعبوں میں بھی خواتین کو شامل کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری نشریاتی ادارے پر خاتون نیوز کاسٹر کو متعارف کروایا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی خبرنامہ پڑھنے والی پر ویم الدخیل نامی خاتون کو ریاست کی پہلی نیوز کاسٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ویم الدخیم سعودیہ ٹی وی پر مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کا خبرنامہ مرد نیوز کاسٹر کے ہمراہ نشر کریں گی۔

    عرب خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شہریوں نے جب سرکاری نشریاتی ادارے پر مرد اینکر کے ساتھ خاتون کو خبر نشر کرتے دیکھا تو حیران ہوئے اور حکام کے مذکورہ اقدام کا خیر مقدم کیا۔

    سعودی عرب کے بعض شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر کی تعیناتی کو خواتین کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل شہزادی ریما بنت بندر السعود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ایک بین الااقوامی معاشرے کا حصہ ہے ، سعودی عرب میں بات اب صرف عورتوں کے حقوق کی نہیں بلکہ صنفی غیر جانبداری کی ہے، اسی لئے سعودی عرب اس وقت مثبت تبدیلی سے گزر رہا ہے۔

    حال ہی میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنے کی اجازت ملی جبکہ سعودی عرب کے سینما گھروں میں بھی فلموں کی نمائش کی گئی ۔

    سال 2016 کے وسط میں سعودی حکومت نے وژن 2030 کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جبکہ حکومت نے روشن خیالی کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔

  • دنیا ایرانی دہشت گردی کے خلاف سعودیہ کا ساتھ دے، سعودی کابینہ

    دنیا ایرانی دہشت گردی کے خلاف سعودیہ کا ساتھ دے، سعودی کابینہ

    ریاض : سعودی عرب کی کابینہ نے اجلاس کے دوران عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی و انتہا پسندی اور خطے میں جاری ایران کی قبیح سرگرمیوں کے خلاف سعودی حکومت کا ساتھ دے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں جاری اجلاس میں کابینہ نے سعودی عرب کی ثالثی میں برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ایتھوپیا اور اریٹریا کے مابین امن معاہدے کی تعریف کی اور سلمان بن عبد العزیز نے امن معاہدے کے لیے ولی عہد کی کوششوں کو سراہا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں عالمی برادری کے خطے میں جاری ایرانی دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانی رجیم عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں کئی عرصے سے مداخلت کررہی ہے اور خطے میں سرگرام دہشت گرد تنظیموں کی معاونت بھی کررہی ہے۔

    سعودی کابینہ کا جاری بیان میں کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایران کی سپاہ پاسداران کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا، دنیا کو سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ریاست کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

    سعودی عرب کے وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر صالح العواد کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ جاری مسائل اور عالمی برادری کی مشکلات پر غور کیا گیا۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل سعودی عرب کی وفاقی کابینہ کا اجلاس نیوم سٹی میں حاکم وقت شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدرات منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کی سعودی عرب کے تیل بردار جہازوں پر حملے اور خطے میں بڑھتی ہوئی ایرانی مداخلت پر گفتگو کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سعودی عرب کی وفاقی کابینہ نے سرحد پار سے جاری ایران نواز حوثیوں کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور دیگر عالمی مسائل پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم عمران خان

    اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم عمران خان

    جدہ : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا، اوورسیز پاکستانی ہماری ضرورت ہیں‌۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا اوورسیزپاکستانی ہماری ضرورت ہیں، ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر فوری شروع کررہے ہیں، گھروں کی تعمیر کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے مدعو کریں گے۔

    عمران خان نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئےخصوصی ڈیسک بنائیں گے، کرپشن اورگڈگورننس نہ ہونےکےباعث ادارےتباہ ہوگئے، تباہ اداروں کی اصلاح ترجیحات میں شامل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ مافیااورقبضہ گروپ کےخلاف ایکشن لیاجارہاہے، صرف قبضہ گروپ سے300ارب کی زمینیں واپس لی ہییں، قوموں کی ترقی اداروں کےاستحکام سے وابستہ ہے۔

    عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک سعودی تعلقات کی اہمیت سے انکار نہیں کرسکتے، خیبرپختونخو اور ہزارہ میں بڑی یونیورسٹی تعمیر کی جائے گی، قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں پنہا ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سےبھی انکار نہیں کیا جاسکتا، ہم اوورسیز منسٹری کو قابل عمل بنارہے ہیں، ہماری حکومت کی گڈ گورننس پرتوجہ ہے، سیاحت کے شعبے کو متحرک کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں مدینہ منورہ ائیرپورٹ پرگورنرشہزادہ فیصل بن لمنان نے استقبال کیا تھا، وفاقی وزراٗ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، مشیر عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، عمران خان ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوئے۔

    بعد ازاں وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔

  • عرب اتحاد نے حوثیوں کا داغا گیا میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا

    عرب اتحاد نے حوثیوں کا داغا گیا میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا

    ریاض : سعودی عرب کی اتحادی فورسز نے جازان کی شہری آبادی پر فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سرحدوں پر مامور عرب اتحادی فورسز نے گذشتہ روز یمنی حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا ہے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن کی آئینی حکومت کے خلاف برسر پیکار حوثی جنگجوؤں نے شام کے اوقات میں یمن کے صوبے صعدہ سے ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا جسے سعودی عرب فضائی دفاعی افواج نے فضا میں ہی مار گرایا تھا۔

    ترجمان ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب سرحدی شہر جازان پر میزائل داغا گیا تھا۔

    عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز فائر کیا جانے والا میزائل دانستہ طور پر آبادی والے علاقے میں داغا گیا تھا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    سعودی حکومت نے جازان پر داغے گئے میزائل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانستہ طور پر شہری آبادیوں پر میزائل داغنا اقوام متحدہ کی قرارداد 2231 ور 2216 کی خلاف ورزی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے اب تک سعودی عرب پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی تعداد 195 ہو چکی ہے۔ ان کارروائیوں کے سبب مملکت میں 112 شہری اور مقیم افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

    ترجمان عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ ایران نواز حوثی ملیشیا اوراُن کی پُشت پناہی کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

  • شہد کی مکھیوں میں لپٹے سعودی شہری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    شہد کی مکھیوں میں لپٹے سعودی شہری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    ریاض : 63.7 کلوگرام وزنی شہد کی چادر اوڑھ کر لاکھوں شہد کی مکھیوں کو اپنے جسم پر بٹھانے والے سعودی شہری کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تاہم شہری گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام لکھوانے میں ناکام رہا۔

    63.7 کلو گرام وزنی شہد کی چادر اوڑھ کر لاکھوں مکھیوں کو اپنے جسم پر بٹھانے والا سعودی شہری گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروانے کے لیے پُرعزم ہے۔

    دنیا میں بڑی تعداد میں ایسے افراد پائے جاتے ہیں جو اپنی حیران کن صلاحتیوں کے ذریعے عالم انسانیت کو حیران زدہ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بھی بنالیتے ہیں، ایسا ہی ایک شخص سعودی عرب میں بھی مقیم ہے جس کے جسم پر شہد کی مکھیاں ایسے چپکتی ہیں جیسے سعودی شہری مکھیوں میں ڈوب گیا ہو۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی شہری زھیر بن فطانی شہر مکہ کی شہد آرگنائزیشن کے بورڈ آف ڈائریٹر کا رکن ہیں، زھیر بن فطانی کی شہد کی مکھیوں کے ہمراہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر نے لوگوں کو حیران و پریشان کردیا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروانے میں ناکام رہا تھا تاہم ایک مرتبہ پھر زھیر بن فطانی نے ورلڈ ریکارڈ بنانے کے نئے اپنے جسم پر 100 کلوگرام شہد کی چادر چڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے مکھیوں کو اپنے جسم پر بٹھانے کےلیے 63.7 کلوگرام شہد کی چادر اوڑھی تھی لیکن اس مرتبہ 100 کلو گرام وزنی شہد کی چادر اوڑھنے کا ارادہ کیا ہے۔

    زھیر بن فطانی نے عرب میڈیا کو بتایا کہ شہد کی 63 کلو وزنی چادر اوڑھنے کے بعد میرا سانس لینا بھی دشوار ہوگیا تھا اور مسلسل ڈیڑھ گھنٹے تک شہد کی چادر اوڑھے رہنے سے میرے پٹھے جواب دے گئے تھے۔

    سعودی شہری کا کہنا تھا کہ قدرتی طور پر میرے جسم پر شہد کی مکھیوں کے ڈنک کا اثر نہیں ہوتا جب لاکھوں مکھیاں میرے جسم پر بیٹھی تو ہزاروں مرتبہ مکھیوں نے مجھے ڈنک مارے لیکن میری صحت متاثر نہیں ہوئی۔

    زھیر بن فطانی نے کہا کہ پچھلی مرتبہ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے میں ناکام ہوگیا تھا تاہم مستقبل میں پھر اسی کوشش کروں گا اور اس مرتبہ ضرور گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروانے میں کامیابی حاصل کرلوں گا۔

  • سعودی وزیراطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح  پاکستان پہنچ گئے

    سعودی وزیراطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح پاکستان پہنچ گئے

    اسلام : سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹرعوادبن صالح پاکستان پہنچ گئے، ڈاکٹرعواد بن صالح وزیراعظم عمران خان کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا خصوصی پیغام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹرعوادبن صالح سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے اپنے ہم منصب کا استقبال کیا۔

    دورے میں سعودی وزیر اطلاعات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور شاہ سلمان کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو دیں گے۔

    وفد میں سعودی عرب کے سفیرنواف المالکی،سعودی وزیراطلاعات کے مشیر بھی شامل ہیں، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔

    سعودی وزیر کو وفاقی وزیراطلات فواد چوہدری نے دورے کی دعوت دی تھی۔

    خیال رہے وزیر جارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر چینی وزیر خارجہ بھی آج 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، دورے میں وہ شاہ محمود قریشی ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد کا عمران خان کو فون، پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار

    یاد رہے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات مستحکم کرنا چاہتے ہیں،پاکستان میں معاشی، کاروباری امکانات وسیع اور روشن ہیں۔

    اس سے قبل سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عمران خان سے رابطہ کرکے سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کرلی تھی۔

    سعودی فرماں روا نے نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی نظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔

  • اخوان المسلمون نے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا، ان کے خلاف شواہد موجود ہیں: سعودی عرب

    اخوان المسلمون نے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا، ان کے خلاف شواہد موجود ہیں: سعودی عرب

    ریاض: سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر شیخ عبد الطیف نے کہا ہے کہ اخوان المسلمون نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچایا، دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر شیخ عبد الطیف کا کہنا تھا کہ اخوان المسلمون نے سعودی عرب میں بھی بغاوت کے بیج بونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

    انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف ثبوت موجود ہے کہ یہ کس طرح دوسرے ممالک میں تخریبی کارروائیاں کرتے تھے، سعودی عرب کو اللہ پاک نے محفوظ رکھا۔


    القاعدہ کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری اخوان المسلمون کے حق میں سامنے آگئے


    سعودی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ہمارے علماء اور دانشور قیادت شہریوں کے ساتھ یکجا اور متحد رہے جس کی بدولت ہم استحکام اور اتحاد کی جانب آگے بڑھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اخوان المسلمون نے قرآن وسنت کے منافی انتہا پسندانہ نظریات کی تبلیغ کی اور سخت گیر نقطہ نظر کی تشہیر کی، اور لوگوں کو انتہا پسندی پر اکسایا اور انھیں نقصان پہنچایا۔

    دوسری جانب گذشتہ ماہ ایک مصری عدالت نے کم از کم 75 افراد کو موت کی سزا سنائی تھی جن میں اخوان المسلمون کے اعلیٰ سطح قیات کے متعدد رکن بھی شامل ہیں، ان افراد کو پانچ سال قبل ایک دھرنے میں شریک ہونے کے بعد پرتشدد حالات پیدا کرنے کے الزامات کا سامنا تھا۔

  • سعودی کینیڈا تنازعے کے باوجود عرب کا تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

    سعودی کینیڈا تنازعے کے باوجود عرب کا تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان سخت سفارتی تنازعہ پایا جاتا ہے تاہم اس کے باوجود عرب نے کینیڈا کو تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پر کینیڈا نے تشویش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات انتہائی خراب ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالِح نے کہا ہے کہ ریاض اور اوٹاوا حکومتوں کے درمیان سفارتی تنازعے کے باوجود کینیڈا کے لیے سعودی خام تیل کی فراہمی جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بھی برقرار رہے گی، سفارتی تنازعے کے باوجود عرب نے مذکورہ فیصلہ کیا ہے، تیل کی سپلائی سیاسی کشیدگی سے متاثر نہیں ہوگی۔


    کینیڈا کا سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار


    خیال رہے کہ سعودی عرب نے کینیڈا سے درآمد کیے جانے والے اجناس پر پابندی عائد کر رکھی ہے، یہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تجارت کا سالانہ حجم چار ارب ڈالر کے مساوی ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مونٹریال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سعودب عرب سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

    واضح رہے کہ کینیڈین وزیراعظم نے تسلیم کیا ہے کہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کے معاملے پر کافی کام کیا ہے تاہم انہوں نے سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔

  • کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے: سعودی عرب

    کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے: سعودی عرب

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے، ان سے مذاکرات کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خیال رہے کہ کینیڈا اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ پیدا شدہ تنازعے کے حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے کچھ بھی دستیاب نہیں ہے۔

    عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ کینیڈا اپنا احتساب خود کرے، سعودی حکومت کینیڈا پر اضافی پابندیاں عائد کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، جلد اس سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔


    کینیڈا سعودیہ تنازعہ، جسٹن ٹروڈو نے معاملہ حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی


    ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک کینیڈیا کے خلاف جبکہ ہمارے حق میں کھڑے ہیں، کینیڈا کو کوئی حق نہیں کہ وہ ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔

    دوسری جانب کینیڈا نے سعودی عرب کے ساتھ سفارت تنازعے کو ختم کرنے کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ رابطے شروع کر دیئے ہیں، تاہم سعودی عرب نےکینیڈا کے ساتھ اسکالر شپ پرواگرامز سمیت تمام معاہدوں کو منسوخ کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تعلقات میں تنازعے کے حل کے لیے متحدہ عرب امارت اور برطانوی حکومت سے رابطہ بھی کیا ہے تاکہ وہ سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تنازعہ کو دوستی میں بدلنے کے لیے کردار ادا کرے۔

  • سعودی حکومت کی ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی شرمناک ہے، کینیڈا

    سعودی حکومت کی ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی شرمناک ہے، کینیڈا

    ٹورنٹو : کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے سعودی حکومت کی جانب سے ایجوکیشنل ایکسچینج پروگرام کی معطلی کو شرمناک قرار دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا اورسعودی عرب میں سفارتی تناؤ شدت اختیار کرگیا، سعودی حکام کی جانب سے کینیڈا کے لئے پروازیں بند کرنے کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں تمام اسکالر شپس، تربیتی اور فیلو شپ پروگرام معطل کیے جا رہے ہیں جو کسی اور ملک منتقل کیے جائیں گے۔

    کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے اسکالرشپس بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے سخت اقدامات کے باوجود کینیڈا اپنے موقف پرقائم رہے گا۔

    میڈیا سے گفتگو میں سعودی طلبا کی امریکہ و برطانیہ منتقلی پر اپنے ردعمل میں کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں زیرتعلیم سعودی طلباء کو اپنی تعلیم مکمل کرنے سے روکنا شرمناک ہے۔

    کرسٹیا فری نے کہا کہ کینیڈا انسانی حقوق کے معاملے پر آواز اٹھاتا رہے گا۔


    مزید پڑھیں :  سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں


    یاد رہے کہ سعودی عرب نے کینیڈا سے سفیر واپس بلانے کے بعد ٹورنٹو کیلئے سعودی ائیر لائین کی پروازیں معطل کر دیں۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ کینیڈا کے ساتھ نئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے بھی روک رہا ہے، وہ اپنے داخلی معاملات میں مداخلت پسند نہیں کرتا۔

    واضح رہے کہ کینیڈا نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش ظاہرکی تھی، جسے سعودی عرب نے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔

    جس کے بعد سعودی عرب نے کینیڈین سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے کے ساتھ ساتھ کینیڈا سے سعودی سفیر کو بھی واپس بلالیا تھا۔