Tag: Saudi arab

  • سعودی عرب کا یمن کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

    سعودی عرب کا یمن کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

    ریاض: یمن میں جاری ملکی بحران سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے یمن کو انسانی بنیادوں پر پچاس کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی ایشیا میں واقع ملک یمن کو اس وقت سیاسی بحران سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے سعودی عرب سمیت دیگر ملکوں کی جانب سے انسانی بنیادوں پر کروڑوں ڈالر عطیات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتو نیو گوتیریس نے جنیوا میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے یمن کے لیے 50 کروڑ ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات نے 43 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا ہے جو مجموعی طور پر 93 کروڑ ڈالر بنتے ہیں۔

    یمن میں عرب اتحادی فضائیہ کی بمباری،14افرادہلاک

    آنتو نیو گوتیریس کا کہنا تھا کہ یمن کو اس وقت شدید مالی ضروریات کا سامنا ہے جس کے لیے امداد کی مد میں مزید عطیات کی ضرورت ہے جبکہ اس حوالے سے کویت نے 25 کروڑ ڈالر اور پورپی یونین نے 10.7 کروڑ یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں یمن کو شدید بحران سے نکالنا ہے جس کے لیے یہ اہم موقع ہے، دیگر ممالک کو بھی اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی جانب سے یمن کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، جلد خصوصی ایلچی یمن بھیجے جائیں گے۔

    ایران کا سعودی عرب پریمن میں ایرانی سفارتخانے پر بمباری کا الزام

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے یمن میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور مالی امداد کی مد میں 3 ارب ڈالر کے عطیات کا مطالبہ کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک عرب پندرہ روزہ بحری مشق ’افعیٰ الساحل‘ اختتام پذیر

    پاک عرب پندرہ روزہ بحری مشق ’افعیٰ الساحل‘ اختتام پذیر

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ بحری فوجی مشق ’افعیٰ الساحل‘ اختتام پذیر ہوگئی، جس کا بنیادی مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ اور رائل سعودی نیول فورسز کی اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین ہونے والی پندرہ روزہ دو طرفہ بحری مشق افعی الساحل چہارم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، ’افعیٰ الساحل‘ دونوں افواج کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون کی اہم علامت ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ’افعیٰ الساحل‘ کے پہلے مرحلے میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا تعاقب کرنے اور اسے کامیاب نشانہ بنانے کی مشق کی جس کے بعد رات کی تاریکی میں دشمن کے خلاف کارروائی کرنے کی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

    آرمی چیف سے سعودی سفیر کی ملاقات، پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا

    ترجمان کے مطابق مشق کے دوسرے مرحلے کے دوران کھلے سمندر میں سمندری دہشت گردی، بحری قذاقی اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اسپیشل میری ٹائم آپریشنز کیے گئے ۔

    دوسری جانب سعودی بحریہ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مشقوں کا خیرمقدم کیا اور دوطرفہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سہراہا۔

    واضح رہے پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان باہمی تعاون کی ایک طویل تاریخ موجود ہے جو دونوں ممالک کی عوام کے درمیان گہرے برادرانہ روابط کی علامت ہے۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے اعزاز

    خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے سفیر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص علاقائی سیکیورٹی اور خطے کو درپیش دہشت گردی کے چیلینجز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    یاد رہے 34 اسلامی ملکوں پر اسلامی اتحاد فوج کے سربراہ پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف ہیں، اتحادی فوج سعودی عرب میں واقع مقامت مقدسہ کی حفاظت اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے تشکیل دی گئی ہے جس میں دیگر اسلامی ممالک کی افواج کے افسران اور جوان شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پی آئی اے کی سعودی عرب اورچین کے لئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ

    پی آئی اے کی سعودی عرب اورچین کے لئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ

    کراچی : پی آئی اے نئے مقامات کیلئے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ سعودی عرب اور چین کے لئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس بات کا فیصلہ پی آئی اے کے پروازوں کے نیٹ ورک کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے نے خسارے میں کمی لانے کے لئے ایک جامع بزنس پلان مرتب کیا ہے جس میں اخراجات میں کمی اور ریونیو میں اضافہ کر کے مسافروں کی سہولیات میں بہتری لائی جائے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ جلد ہی جدہ کے لئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 28 سے بڑھا کر31 کی جارہی ہے اسی طرح مدینہ کے لئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد9 سے 10 کی جارہی ہے۔

    مستقبل میں سی پیک کی وجہ سے ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیجنگ کے لئے اسلام آباد اور کراچی سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد دو سے بڑھا کر چار کی جارہی ہے۔اسی طرح اندرون ملک پروازوں کے دائرہ کار میں بھی وسعت کی جارہی ہے۔

    چین کے مقام گوانگزو، سعودی عرب میں القصیم اور زائرین کی سہولت کے لئے ایران کے شہر مشہد کے لئے بھی پروازیں شروع کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں کی از سر نو تزئین و آرائش کی گئی ہے اور جدید ترین دوران پرواز انٹرٹینمنٹ سسٹم کو فعال کیا جارہا ہے۔

    کیبن کریو کی نئی یونیفارم بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کو عوام کی جانب سے پسند کیا گیا ہے اسی طرح گراؤنڈ ہینڈلنگ سٹاف کی یونیفارم بھی تبدیل کی جارہی ہے اور ان کو کسٹمرز کیئر کی ٹریننگ بھی دی جارہی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ پروازوں کے شیڈول کا مکمل طور پر جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے نئے روٹس کے لئے پروازیں شروع کی جائیں ، منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور نقصان میں جانے والے روٹس پر پروازوں کو وقتی طور پر بند کر دیا جائے۔

    کویت اور سلالہ کے لئے پروازوں کو عارضی طور پر معطل کیا جارہا ہے ان پروازوں کے مسافروں کو متبادل انتظامات کے ذریعے ان کی منزل مقصود تک پہنچایا جائے گا تاہم ان پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ خالصتاً کاروباری مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ائر لائن انتظامیہ کی ان مجموعی کاوشوں سے ائر لائن کو دوبارہ سے منافع بخشی کی جانب میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

  • پارٹی ساکھ کی بحالی کیلئے نواز لیگ کا امریکا سے مدد لینے کا فیصلہ، ذرائع

    پارٹی ساکھ کی بحالی کیلئے نواز لیگ کا امریکا سے مدد لینے کا فیصلہ، ذرائع

    اسلام آباد : نواز لیگ نے پارٹی کی بحالی کیلئے امریکا کی مدد لینے کی کوششیں شروع کردیں، اس حوالے سے بذریعہ سعودی عرب امریکی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیگی رہنماؤں کا دورہ سعودیہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

    ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق نواز لیگ کی قیادت نے پارٹی ساکھ کی بحالی کیلئے امریکا کی مدد لینے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

    شریف برادران کی اچانک سعودی عرب روانگی محض دورہ نہیں ہے، دورے کا مقصد امریکا سے بحران سے نکلنےکے لئے مدد طلب کرنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی امریکا کے ساتھ آج کل دوستی عروج پر ہے، اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے لیگی قیادت نے بذریعہ سعودی عرب امریکی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا اور ن لیگ فی الوقت اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ براہ راست امریکا سے مدد حاصل کرسکے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس مقصد کیلئےشہباز شریف پہلے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، گرین سگنل ملنے کے بعد انہوں نے لیگی قیادت کو سعودی عرب آنے کامشورہ دیا۔

    ن لیگ کی قیادت سعودی شاہی خاندان اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گی، ملاقات میں پارٹی ساکھ کی بحالی، اسٹیبلشمنٹ سے معاملات بہتر کرانے کیلئے مدد لےگی۔


    مزید پڑھیں: شہبازشریف کے بعد خواجہ سعد رفیق بھی سعودی عرب روانہ


    ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی وزیراعظم کیلئے نامزدگی سے متعلق معاملات پر بھی غور ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب، مسجد نبوی میں نماز فجر کی ادائیگی

    شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب، مسجد نبوی میں نماز فجر کی ادائیگی

    مدینہ منورہ : آئندہ مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کے نامزد امیدوارمیاں شہبازشریف اہم دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے،جہاں انھوں نے نمازِ فجر مسجدِ نبوی ﷺ میں ادا کی میاں شہبازشریف سعودی عرب میں اہم شخصیات سےملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کے بھیجے گئے طیارے میں سوار وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مدینہ منورہ جا پہنچے، جہاں انھوں نے مسجد نبوی میں نماز فجر ادا کی اور نوافل بھی ادا کئے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، پاکستان کے استحکام اور امن و سلامتی کے لئے دعا کی۔

    یوں اچانک خصوصی طیارے میں سعودیہ روانگی کی وجہ کیا ہوئی ؟سیاسی صورتحال میں ایک نئی بحث چھڑگئی ۔

    ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق شہباز شریف کی آج سعودی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

    پنجاب حکومت کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے شہباز شریف کی ایک تصویر بھی شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں سر پر ٹوپی اور ہاتھ میں قرآن پاک پکڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب کا شطرنج کے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار

    سعودی عرب کا شطرنج کے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار

     ریاض : سعودی عرب نے شطرنج کے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار کردیا، ویزا نہ دینے کی وجہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہ ہونا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ہونے والی کنگ سلمان ورلڈ ریپڈ اینڈ بلٹز چیس چیمپیئن شپ میں اسرائیلی کھلاڑی حصہ نہیں لے سکیں گے جس کی وجہ انہیں ویزے نہ ملنا ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کھلاڑیوں کو اس لیے ویزے نہیں دیے جا سکتے کیونکہ ان کے ملک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

    کنگ سلمان ورلڈ ریپڈ اینڈ بلٹز چیس چیمپیئن شپ کے اوپن ایونٹ کے لیے سات لاکھ 50 ہزار ڈالر اور خواتین کے ایونٹ کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر انعامی رقم رکھی گئی ہے

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ویزا نہ ملنے پر اسرائیل چیس فیڈریشن کے عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ سعودی حکومت کے اس اقدام پر مالی ہرجانے کا مطالبہ کریں گے۔

    اس کے علاوہ دو بار شطرنج کی عالمی چیمپیئن رہنے والی یوکرین کی27سالہ انا میزیچک نے کہا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کریں گی کیونکہ وہ عبایہ نہیں پہننا چاہتیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں عوامی مقامات پر خواتین کے لیے عبایہ پہننا لازمی شرط ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • خانہ کعبہ اورمسجد نبوی میں تصاویر اورویڈیو بنانے پرپابندی

    خانہ کعبہ اورمسجد نبوی میں تصاویر اورویڈیو بنانے پرپابندی

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے اندر اور باہر کسی بھی قسم کی تصویر یا ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی ہے، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے حجاج اور عمرہ زائرین کیلئے ایک حکم جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حرمین شریفین کی حدود میں موبائل فون کے ذریعے کسی بھی قسم کی ویڈیو یا تصویر لینا قطعاً منع ہے۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت خارجہ نے تمام سفارت خانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو اس حکم کا سختی سے پابند بنائیں۔

    سعودی وزیر خارجہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق مملکت میں  آنے والے معتمرین اور عازمین حج کو اس بات سے آگاہ کر دیا جائے کہ وہ حرمین میں اپنے موبائل یا کیمروں سے سیلفیاں اور تصاویر نہ بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین اور حجاج حرمین شریفین میں اپنا زیادہ وقت تصویر کشی میں ضائع کرتے ہیں جس سے ان کی اور دوسروں کی عبادت میں خلل پڑتا ہے۔

    لہٰذا اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم پر عمل درآمد کرائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے کیمرے اور موبائل فون بحق سرکار ضبط کرلیے جائیں۔

  • وزیر اعظم اور آرمی چیف سعودی عرب پہنچ گئے

    وزیر اعظم اور آرمی چیف سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ آرمی چیف ایک دن قبل سعودی عرب سے اپنا دورہ مختصر کر کے وطن واپس پہنچے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری کشیدگی کی صورتحال افہام و تفہیم سے حل کرنے کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

    وزیر خارجہ خواجہ آصف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار بھی وزیر اعظم اور آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔

    سعودی عرب پہنچنے کے بعد ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر السعود نے وزیر اعظم اور دیگر کا استقبال کیا۔

    دورےمیں سعودی اعلیٰ قیادت سےاہم ملاقاتیں ہوں گی جن میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال اور 41 ملکی اتحاد میں پاکستان کے کردار پر بھی بات چیت ہوگی۔

    ریاض میں سعودی ولی عہد پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

    مزید پڑھیں: اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس

    یاد رہے کہ ریاض میں دہشت گردی کے خلاف تشکیل دیے جانے والے اسلامی فوجی اتحاد کا پہلا اجلاس جاری ہے۔ مذکورہ فوجی اتحاد کے سربراہ سابق آرمی چیف پاکستان راحیل شریف ہیں۔

    گزشتہ روز افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پرعزم ہے، ہم امن و امان بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

    اس موقع پر فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ، ’اسلامی اتحاد کسی فرقے یا ملک کے خلاف نہیں، اس کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات کرنا ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک انفرادی طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں، اسلامی اتحاد کو مربوط، منظم کوششوں اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔

    اجلاس میں شریک آرمی چیف پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ ملکی حالات کے پیش کر نظر اپنا دورہ مختصر کر کے وطن واپس آئے تھے تاہم اب وہ وزیر اعظم کے ساتھ دوبارہ سعودی عرب چلے گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعد الحریری کا معاملہ: سعودیہ کے جرمنی سے تعلقات کشیدہ، سفیر واپس بلالیا

    سعد الحریری کا معاملہ: سعودیہ کے جرمنی سے تعلقات کشیدہ، سفیر واپس بلالیا

    ریاض : سعودی عرب اورجرمنی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے، متنازع بیان پر سعودی عرب نے احتجاج کے طور پراپنا سفیرواپس بلالیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے جرمن وزیر خارجہ کے لبنان سے متعلق متنازع بیان پر احتجاجاً جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تعینات سفیر کو واپس بلایا ہے۔

    جرمن وزیر خارجہ سگمار گیبرئیل نے لبنانی ہم منصب سے ایک ملاقات کے دوران کہا تھا کہ سعودی عرب نے لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد الحریری کو ان کی مرضی کے خلاف ریاض میں روک رکھا ہے۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایسے بے بنیاد الزامات سے خطے میں استحکام کو نقصان پہنچے گا سعودی حکومت نے جرمنی کو اس متنازع اور بے بنیاد الزام پر احتجاجی مراسلہ بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


    مزید پڑھیں: لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری مستعفی ہوگئے


     واضح رہے کہ لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری سعودی عرب سے فرانس پہنچ گئے ہیں جہاں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ان کا استقبال کیا۔

    قبل ازیں لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد الحریری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’میرے متعلق یہ دعویٰ غلط ہے کہ میں سعودی عرب میں نظر بند ہوں، میں فرانس جانے کے لیے اس وقت ایئرپورٹ کی طرف روانہ ہو رہا ہوں‘۔

  • ریاض: پاکستانی سفارتخانے میں تقریب،راحیل شریف کی شرکت

    ریاض: پاکستانی سفارتخانے میں تقریب،راحیل شریف کی شرکت

    ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب میں جنرل(ر) راحیل شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم پاکستان کے سفارتخانے میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ہوئی، جس میں جنرل(ر) راحیل شریف اور مسلم ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر خان حشام بن صدیق نے کہا کہ دنیا پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کی معترف ہے ، پاک فوج نے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشن کرکے دہشت گردوں کی کمر توڑ د ی ہے ، انھوں نےاس بات کا یقین دلایا کہ پاکستان درپیش مشکلات کے باوجود انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ  کھڑا رہے گا۔

    حشام بن صدیق نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے نہ صرف ضرورت پڑنے پر بلکہ ہمیشہ ساتھ دیا ہے، جس کے لئے وہ سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

    یوم دفاع کی اہمیت کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ وہ دن ہے، جب پاکستان کی بہادر افواج وطن عزیز پر ہونے والے بیرونی حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا اور  اپنی سرزمین کا دفاع کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جہاں چین سمیت کئی ممالک سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

    تقریب میں جنرل راحیل شریف کی آمد پر غیر ملکی سفیروں اور دفاعی اتاشیوں نے خیر مقدم کیا، تقریب میں سعودی ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل احمد الشہری نے خصوصی شرکت کی۔

    اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں پر ایک ویڈیو فلم بھی دکھائی گئی جبکہ یوم دفاع کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

    واضح رہے سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) راحیل شریف سعودی عرب میں 40سے زائد ممالک پرمشتمل اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ مقرر کئے گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔