Tag: Saudi arab

  • سعودی عرب میں پاکستانیوں کو مشکلات، بھارتیوں کے لیے آسانی

    سعودی عرب میں پاکستانیوں کو مشکلات، بھارتیوں کے لیے آسانی

    اسلام آباد: سینیٹ میں سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے مسائل پر بحث ہوئی اور بتایا گیا کہ وہاں پاکستانی باشندوں سے امتیازی سلوک ہوتا ہے اور بھارتی باشندوں کے لیے نرمی برتی جاتی ہے،لاکھوں پاکستانی کفیل کے ہاتھوں غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں اور کئی ہزار پھنسے ہوئے ہیں۔

    کہیں جانے اورموٹر سائیکل خریدنے کیلئے بھی کفیل درکار ہے

    سینیٹ کے رکن میر کیبر شاہی نے بتایا کہ سعودی عرب میں کہیں نکلنے یا موٹر سائیکل خریدنے کے لیے بھی کفیل کی ضرورت ہوتی ہے، لاکھوں پاکستانی سعودی عرب میں غلاموں کی زندگی گزار رہے ہیں اور کفیلوں نے اس معاملے کو کاروبار بنا رکھا ہے۔

    اڑھائی ماہ سے ہمارے دو افراد ویزا ختم ہو نے پر قید ہیں،کبیر شاہی

    انہوں نے بتایا کہ اڑھائی ماہ سے ہمارے علاقے کے دو افراد ویزا ختم ہو نے پر وہاں قید میں جنہیں رہا نہیں کیا جا رہا پارلیمان نوٹس لے۔

    بھارتیوں سے سلوک بہتر ہم سے خراب ہے، موسیٰ خیل

    رکن اعظم خان موسی خیل نے کہا کہ سعودی عرب میں 8 ہزار سے زائد متاثرین پھنسے ہوے ہیں،پاکستان کی نسبت بھارتیوں سے سعودی عرب کا سلوک مختلف اور بہتر ہے ،وہاں مشکلات کا شکار پاکستانیوں میں زیادہ تعداد پشتونوں کی ہیں۔

    دس ہزار پاکستانیوں کومشکلات ہیں، ریاض پیرزادہ

    رکن ریاض پیرزادہ نے کہا کہ سعودی عرب میں 10 ہزار سے زاید پاکستانی مشکلات کا شکار ہیں،وزیر سمندر پار پاکستانی نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور سعودی حکام سے پاکستانی مزدوروں کو درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھایاان کے دورے کے بعد سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے امدادکی۔


    یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں پھنسے مزید سیکڑوں پاکستانی مشکلات کا شکار


    انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ نے مشکلات کا شکار پاکستانیوں کے لیے مالی امداد اورطبی سہولتوں کی فراہمی کا آغاز کیا،سعودی کمپنیوں کی مشکلات تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث ہوئیں، سعودی عرب جانے سے قبل پاکستانی مزدوروں کو تفصیلی بریفنگ دی جاتی ہے،سعودی عرب چھوڑنے کے خواہش مند افراد میں اکثر کے اقاموں کی مدت ختم ہو چکی ہے،پاکستانی مزدوروں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


    سعودی عرب کی جیلوں میں پاکستانی خواتین بھی قید، رہائی کی منتظر


    بعدازاں سینیٹ کا اجلاس کل تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

  • پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے تاحال دفتر خارجہ کا منتظر

    پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے تاحال دفتر خارجہ کا منتظر

    کراچی: سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانی باشندوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے کے طیارے تیار ہوگئے لیکن دفتر خارجہ نے چپ سادھ لی جس کے باعث پاکستانیوں کی مشکلات برقرار ہیں اور ان کی وطن واپسی کا معاملہ مزید تاخیر کا شکار ہوتا نظر آرہا ہے۔


    سعودی عرب کے حراستی مرکز میں ہزاروں پاکستانی محصور


    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق پاکستانی باشندوں کو واپس لانے کے معاملے پر پی آئی اے نے انہیں واپس لانے کے لیے اپنے طیارے تیار کرلیے ہیں تاہم پی آئی اے انتظامیہ وزارت خارجہ کے حکم کے بغیر وہاں طیارے نہیں بھیج سکتی۔

    قبل ازیں دفتر خارجہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی باشندوں کے مسائل حل کریں گے تاہم یہ صرف بیان ہی رہا اور اب تک کوئی عملی کارروائی نظر نہیں آرہی۔

     


    سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، دفتر خارجہ


    نمائندے کے مطابق چیئرمین پی آئی اے نے طیاروں کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ہے اور کہا ہے کہ پی آئی اے نے ہمیشہ اپنی خدمات پیش کی ہیں چاہے کوئی بھی معاملہ ہو اس بار بھی ہم تیار ہیں تاہم سعودی عرب سے پاکستانیوں کوواپس لانے کے معاملے پر دفتر خارجہ اجازت دے تو طیارے روانہ کردیں گے اب تک ان کی جانب سے احکامات کے منتظر ہیں۔

    سی ای اواے آروائی سلمان اقبال کا سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لیےاہم اعلان

     

  • وزیراعظم نوازشریف اورجنرل راحیل شریف کا جدہ ائیر پورٹ پر پُرتپاک استقبال

    وزیراعظم نوازشریف اورجنرل راحیل شریف کا جدہ ائیر پورٹ پر پُرتپاک استقبال

    جدہ : وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف تین روزہ دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے۔ سعودی حکام سے ملاقات سمیت فوجی مشقوں کا بھی معائنہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سعودی عرب پہنچے تو جدہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے دونوں سربراہان کا پُر تپاک استقبال کیا۔

    وزیر اعظم، آرمی چیف اور پاکستانی وفد کو ایئرپورٹ پر قہوہ پلا کر سفر کی تھکان اتاری گئی۔ جس کے بعد دونوں سربراہان الگ الگ گاڑیوں میں روانہ ہوئے۔

    دونوں سربراہ سعودی فرمانروا شاہ سلیمان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں، اس کے علاوہ دونوں رہنما سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے خصوصی ملاقات کریں گے جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اس دورے میں ان کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔ تین روزہ دورے میں سعودی حکام سے ملاقات سمیت’’رعد الشمال‘‘ فوجی مشقوں کا معائنہ بھی کریں گے، جس میں پاکستان سمیت چوبیس ملکوں کی فوج حصہ لے رہی ہے۔ پاکستانی فوجی دستے میں اسپیشل سروسز گروپ کے افسران بھی شامل ہیں۔

    دس مارچ تک جاری رہنے والی مشقوں کو خطے کی سب سے بڑی فوجی مشق قرار دیا گیا ہے۔ جس میں غیر منظم فوج اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف کاروائی کی تربیت دی جارہی ہے۔

     

    PM Nawaz Sharif and COAS General Raheel Sharif arrived in Riyadh

    PM #NawazSharif and COAS General #RaheelSharif arrive in RiyadhVideo source: Prime Minister's OfficeRead more: http://arynews.tv/en/pm-army-chief-leave-for-riyadh/

    Posted by ARY News on Wednesday, March 9, 2016

  • جنر ل راحیل شریف نو مارچ کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    جنر ل راحیل شریف نو مارچ کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    راولپنڈی : آرمی چیف جنر ل راحیل شریف نو مارچ کو دو روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ فیلڈ میں جاری فوجی مشقیں دیکھیں گے۔

    آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سعودی عرب میں جاری فوجی مشقوں میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

    سعودی عرب میں جاری فوجی مشقوں میں پاک فوج سمیت اکیس سے زائد ممالک کے فوجی دستے حصہ لے رہے ہیں۔

    اس سے قبل دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف بھی سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جائیں گے جہاں وہ سعودی فرمانروا کے ساتھ ملاقات کے علاوہ فوجی مشقوں کا مشاہدہ کریں گے۔

     

  • سعودی عرب کی حفاظت ہمارا مذہبی فریضہ ہے، افتخارمحمد چوہدری

    سعودی عرب کی حفاظت ہمارا مذہبی فریضہ ہے، افتخارمحمد چوہدری

    اٹک : سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے سندھ میں رینجرکو ملنے والے اختیارات کو درست قراردیا ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حفاظت ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجر کو جو اختیارات دئیے گئے ہیں وہ درست ہیں۔

    سندھ حکومت بھی اس معاملے پر قائل ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملے پر اسلام آباد میں ہونے والی اے پی سی میں اٹھائے گئے مسائل درست ہیں جسے حکومتی نمائندے نے بھی تسلیم کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ دہشت گردی واقعہ پر ابھی بات نہیں کرنی چاہئیے۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔

    سابق چیف جسٹس نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی لاہور آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے عدالتی فیصلوں کی روشنی میں فوجی عدالتوں کو درست قرار دیا۔

    افتخار چوہدری نے سعودی عرب کی حفاظت کو مذہبی فریضہ قرار دیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ ایران سعودی کشیدگی میں ثالثی کرادر ادا کرے۔

  • سعودی عرب خطےمیں کشیدگی پیدا کررہا ہے، ایرانی دفترخارجہ

    سعودی عرب خطےمیں کشیدگی پیدا کررہا ہے، ایرانی دفترخارجہ

    تہران : ایران نے کہا ہے کہ سعودی عرب خطےمیں کشیدگی پیدا کررہا ہے۔ سفارت خانےجیسا واقعہ دنیامیں پہلی بار نہیں ہوا.

    تفصیلات کے مطابق ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان حسین جبیری انصاری نےکہا کہ ایران بین الاقوامی کنونشنز کے تحت سفارتی سکیورٹی فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔ لیکن سعودی عرب تہران میں سفارت خانے میں آتشزدگی کے واقعے کو جواز بنا کر کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے.

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران دیگر ممالک سے اپنے بہتر تعلقات کا خواہشمند ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کر ر ہا ہے تاہم سعودی عرب ایمبیسی پر حملے کے واقعے سے اپنے وسیع مفاد اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہاہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارت خانے کے حوالے سے جو کچھ بھی ہوا ہے وہ دنیا میں پہلی بار نہیں ہوا۔ لیکن سفارتی تعلقات ختم کرکے سعودی عرب نے خطے میں کشیدگی اور تصادم کی پالیسی جاری رکھے ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں شیعہ عالم دین نمر النعمرکو سزائے موت کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں.

  • سعودی عرب اورایران میں کشیدگی باعث تشویش ہے، دفترخارجہ

    سعودی عرب اورایران میں کشیدگی باعث تشویش ہے، دفترخارجہ

    اسلام آباد : دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے پرتشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے شیعہ اسکالر نمر النمر کی سزائے موت کے بعد سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالات کشیدہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیاہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران میں سعودی سفارت خانےپرحملہ انتہائی قابل مذمت ہے، سفارتی عملےاورمشن کی حفاظت کی ذمہ داری ریاست پرعائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسائل کاپرامن حل چاہتا ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی پنجاب کے علاقے پٹھان کوٹ میں کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ پاکستان واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس افسوسناک واقعہ پر بھارتی حکومت،عوام اور حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے جب کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

  • سعودی عرب :شدید بارشیں، مختلف حادثات میں بچوں سمیت12 افراد ہلاک

    سعودی عرب :شدید بارشیں، مختلف حادثات میں بچوں سمیت12 افراد ہلاک

    جدہ : سعودی عرب میں شدید بارشوں سے مختلف حادثات و واقعات میں بچوں سمیت بارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے.

    مختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی، کئی افراد سیلابی پانی میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد کرنٹ لگنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 6بچے صوبہ یانگو میں اور جدہ کے مضافات میں ژالہ باری سے ہلاک ہوئے،خیبر، طائف، مکہ اور جدہ میں درجہ حرارت میں دس سینٹی گریڈ تک کمی ہوئی.

    مکہ اور جدہ میں اسکول اور کالجز بند ہیں، کئی شاہراہوں پر جگہ جگہ بل بورڈ گرنے اور پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام برہم برہم ہوکر رہ گیا ہے، شہر میں شدید بارشوں کے باعث اندرون و بیرون ملک چلنے والی تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا ہے.

    سعودی عرب کے کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر نے مغربی ساحلی شہر میں شدید بارشوں کے پیش نظر تمام اہالیان جدہ اور مکہ سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے.

  • سعودی عرب: مسجد میں خودکش حملہ، 1 جاں بحق متعدد زخمی

    سعودی عرب: مسجد میں خودکش حملہ، 1 جاں بحق متعدد زخمی

    ریاض: یمن کی سرحد سے ملحقہ سعودی صوبے نجران میں ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے ہیں۔

    سعودی نشریاتی ادارے الخبارایہ کے مطابق بم دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث شخص زخمی ہے جبکہ ایک شخص جاں بحق اور 12 زخمی ہیں۔

    سعودی عرب کی وزارت ِ داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہوکرخود کو دھماکے سے اڑادیا۔

    واضح رہے کہ نجران کی آدھی آبادی اسماعیلی شیعہ کمیونٹی پر مشتمل ہے تاہم تاحال حکومت کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ آیا یہ دھماکہ کسی شیعہ مسجد میں ہواہے یا اس کا تعلق اکثریتی سنی مسلک سے ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں مقیم شیعہ مسلمانوں کو داعش کی جانب سے بم دھماکوں اور فائرنگ کے ذریعے قتل و غارت کا نشانہ بنایا جارہاہے۔

    سعودی عرب میں اس حملے سے قبل آخری حملہ 16 اکتوبر کو قطیف میں ہوا جہاں عاشورہ محرم سے متعلق ایک مجلس میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کردی تھی جبکہ اس سے قبل بھی کئی مساجد میں دھماکے ہوچکے ہیں۔

  • سعودی عرب : مسجد پردہشت گردوں کی فائرنگ خاتون سمیت 5 شہری شہید

    سعودی عرب : مسجد پردہشت گردوں کی فائرنگ خاتون سمیت 5 شہری شہید

    ریاض : سعودی عرب میں مسجد کےباہر فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افرادجاں بحق ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ ہلاک اور دو کو گرفتار کرلیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے ایک بار پھر سعودی عرب کو اپنی ناپاک اور مذموم سرگرمیوں کا ہدف بنا یا ہے۔

    سعودی عرب کے مشرقی شہر سیہات میں دہشت گردوں کی مسجد پر فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی۔ مسجد کےباہر فائرنگ سے زخمی پانچ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، پولیس نے ایک حملہ آور کو ہلاک کر کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیاہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مسلح شخص نے مسجد کے ہال میں پہنچنے کی کوشش کی لیکن مسجد سے کچھ فاصلے پر بنے چیکنگ پوائنٹ پر جب اسے روکا گیا تو اس نے فائرنگ شروع کردی۔جس میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔

    زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیاگیا۔ زخمیوں میں سے پانچ افراد نے دوران علاج دم توڑ دیا، بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    دہشت گردی کا یہ واقعہ سعودی عرب کے مشرق صوبے قطیف میں پیش آیا۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کے مغربی شہر القدیح میں مئی کے مہینے میں خود کش حملہ آور نے جمعے کی نماز کے وقت دھماکہ کر کے 21افراد کو شہید اور 81کو زخمی کیا تھا ۔اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی ۔